انصار صحابہؓ کے گستاخ انجینئر مرزا خود ہیں: ”لونڈے لپاڑے“ اور ”کیڑا نکالا“ جیسے الفاظ

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

انصار صحابہ کے گستاخ انجینئر صاحب خود ہیں:

جس غیر ثابت روایت سے مرزا صاحب یہ تاثر دیتے ہیں کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے جناب ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ کی گستاخی کی (نعوذ باللہ)، اس روایت اور جھوٹے الزام کی حقیقت تو آپ جان چکے۔ لیکن صحابہ پر کیچڑ اچھالنے اور گستاخی گستاخی کی رٹ لگانے والے اس بات کی طرف توجہ نہیں کرتے کہ ہم خود سر سے لے کر پیر تک گستاخیوں کے دلدل میں ڈوبے ہیں، اور ان کا وجود ہی گستاخی ہوتا ہے۔ یہ ہمارے حق گو مرزا انجینئر صاحب ہیں کہ اگر خود پر غور کریں، اپنے گریبان میں جھانکیں، اپنا محاسبہ کریں تو انہیں کوئی گستاخ گستاخ ہی نہ لگے، لیکن یہ تب ہوتا ہے جب انسان میں غیرت کا مادہ کچھ باقی ہو۔ بہر حال مرزا صاحب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر تو صرف ایک انصاری صحابی کی گستاخی کا جھوٹا الزام لگا رہے ہیں لیکن خود ان کی تہذیب، تمیز، اخلاقیات اور صحابہ کے ادب کا حال یہ ہے کہ ایک ہی سوال کے جواب میں ایک آدھ نہیں بلکہ انصار صحابہ کے ایک گروہ کی بار بار گستاخی کی، جن صحابہ میں سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر انصاری صحابی بھی موجود تھے۔ کیا فتح مکہ کے موقع پر بعض صحابہ موت کے ڈر کی وجہ سے ایمان لائے تھے؟ اس سوال کے جواب میں کہتے ہیں:

”جی جی قرآن میں آیا ہے جی، کہ ان کو بتاؤ چار مہینوں کا ٹائم ہے یا تو اسلام قبول کریں یا جزیرہ نما عرب چھوڑ کر چلے جائیں، ورنہ قتل کیے جائیں گے…………۔ تو کچھ چھوڑ کر چلے گئے اور کچھ نے اسلام قبول کر لیا، موت کے ڈر کی وجہ سے۔ لیکن وہ اسلام قابل قبول ہے، وہ آفر اللہ کی طرف سے تھی۔ اسی لیے تو ہم حضرت ابوسفیان کو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، حضرت معاویہ کو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، کیوں نہیں کہتے۔ لیکن ان کو باقیوں کے ساتھ کمپئر کرنا اور اتنا بڑھانا چڑھانا کہ مولا علی کے مقابلے پر لا کر کھڑا کر دینا یہ ظلم ہے۔ پھر ان کا سٹیٹس ہم لوگوں کو کلئر کرتے ہیں کہ یہ لوگ کون ہیں۔ بخاری ومسلم میں آتا ہے نبی علیہ السلام نے حضرت ابوسفیان کو 100 اونٹ گفٹ کر دیئے غزوہ حنین کے موقع پر، صفوان کو 100 اونٹ دے دیے، ٹھیک ہے۔ تو انصاری چند جو لونڈے لپاڑے تھے، نوجوان لڑکے………… لونڈے لپاڑے یہ عربی اردو ڈکشنری میں آپ دیکھیے گا، لونڈے لپاڑے وہ ہوتے ہیں جو کم عمر کے بچے ہیں جن کے ذہن ابھی اتنے پختہ نہیں ہوتے،………… یہاں پہ تو پنجابی میں ذرا کسی اور معنوی میں استعمال ہوتے ہیں، نوخیز لڑکے آپ کہہ لیں اردو میں، چھوکرے کہہ لیں۔ تو چند چھوکرے تھے انہوں نے کہا کہ اس شخص پہ اس کے قبیلے کی محبت غالب آ گئی ہے۔ رسول اللہ کے بارے میں کلماتِ کفر بک دیئے…………۔ اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعے نبی علیہ السلام کو بتا دیا کہ آپ کے چند نوجوان اصحاب نے یہ ورڈنگ دی ہے آپ کے بارے میں۔ نبی علیہ السلام نے ان کو بلایا، ساتھ کچھ سینئر بھی آ گئے سفارش لے کے، کہا: یا رسول اللہ! یہ بچے تھے ان کی زبان سے ایسی بات نکل گئی اللہ اور اس کا رسول عذر قبول کر لے۔ حضور نے کہا: ٹھیک ہے عذر قبول ہے، آپ کی عادت تھی درگزر کرنے کی ورنہ 295C لگتی سیدھی سیدھی اور اس زمانے میں جب اللہ کے نبی سامنے موجود ہیں۔ نبی علیہ السلام نے پھر ان کا یہ جو کیڑا تھا نا دماغ سے وہ نکالا، آپ نے فرمایا: کیا تم اس بات پہ راضی نہیں ہو کہ یہ لوگ دنیا کا مال لے جائیں اور تم اللہ کے رسول کو اپنے ساتھ لے جاؤ؟ اللہ کی قسم اگر پوری دنیا ایک گھاٹی میں چلے اور انصار دوسری گھاٹی میں تو میں انصار کے ساتھ ہوں گا، میرا جینا مرنا انصار کے ساتھ ہے…………۔“

Exclusive Podcast with Engineer Muhammad Ali Mirza Full Podcast Mian Imran Arshad – 1:05:13
ایمانِ ابوسفیان و معاویہ رضی اللہ عنہما ہمارا موضوع نہیں، لیکن اتنا ضرور عرض کرتے چلیں کہ مرزا صاحب نے تو اپنی دکان کے شٹر پر یہ لکھ رکھا ہے کہ ہم ہر بات مستند حوالوں اور دلائل کے ساتھ کرتے ہیں۔ تو اتنے سالوں سے یہ جھوٹ بولے جا رہے ہیں کہ- فتح مکہ پر اعلان کیا گیا کہ یا تو ایمان قبول کرو یا جزیرۂ عرب چھوڑ کر چلے جاؤ، تو حضرت معاویہ وابوسفیان وغیرہ نے اس ڈر سے اسلام قبول کر لیا- جناب علمی کتابی صاحب اس کی دلیل کیا ہے؟ مرزا صاحب نے بڑی جرأت کے ساتھ یہ تاثر پیش کیا ہے کہ جی قرآن میں موجود ہے…… حالانکہ یہ مرزا صاحب کی جہالت ہے! ان کا اشارہ سورت التوبہ کی ابتدائی آیات کی طرف ہے جن کا دور دور تک فتح مکہ کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔ فتح مکہ کا واقعہ آٹھ ہجری میں پیش آیا جبکہ سورت التوبہ تو نو ہجری میں نازل ہوئی ہے۔ پھر یہ بھی سو فیصد جھوٹ ہے کہ سیدنا معاویہ وجناب ابوسفیان رضی اللہ عنہما کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے حتی کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے مقابلے پر لا کر کھڑا کیا جاتا ہے، یہ کیڑا آپ ہی کے دماغ میں ہے۔
اب آتے ہیں مرزا صاحب کی بازاری زبان کی طرف، تو انجینئر صاحب انصار صحابہ کی جماعت کو کہہ رہے ہیں ”لونڈے لپاڑے“۔ سامنے بیٹھے بُت نما انسان نے بھی تعجب کا اظہار کیا تو جناب انجینئر صاحب لونڈے لپاڑے کی تفسیر یہ کرتے ہیں کہ کم عمر کے ایسے بچے جن کے ذہن اتنے پختہ نہیں ہوتے۔ حالانکہ جنہیں یہ بچے کہہ رہے ہیں وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ جنگیں لڑتے رہے ہیں اور یہ واقعہ بھی جہاد سے واپسی کا ہی ہے، جبکہ انجینئر صاحب خود کبھی اپنے حجرے (اکیڈمی) سے باہر نہیں نکلے۔ دوسرا یہ کہ مسند احمد کی حدیث میں موجود ہے کہ سیدنا سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ بھی ان انصار صحابہ کی تائید میں کھڑے تھے، جس کی صراحت حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی فتح الباری میں کی ہے (مسند احمد:11730، فتح الباری:50/8)۔ لہٰذا انجینئر صاحب نے ایک جلیل القدر انصاری صحابی اور ان قابل احترام ہستیوں کے متعلق ایسے الفاظ استعمال کر کے گستاخی کا ارتکاب کیا ہے۔
اور یہ کہاں لکھا ہے کہ عربی یا اردو ڈکشنری میں جو بھی لفظ آ گیا وہ positive معنوں میں ہی استعمال ہوتا ہے negative معنوں میں نہیں، اور صحابہ کرام کے لیے اس کا استعمال درست ہے۔ ”رَاعِنَا“ کا لفظ عربی زبان میں مستعمل ہے اور اس کا بالکل مثبت معنی ہے کہ ”ہمارے ساتھ رعایت کیجیے“۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے یہ الفاظ استعمال کیا کرتے تھے، لیکن چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے یہودی اس لفظ کو کھینچ کر بولتے جس سے اس کے negative معنی بن جاتے تو اللہ نے قرآن نازل کر دیا کہ اب کوئی صحابی بھی یہ لفظ استعمال نہ کرے بلکہ اس کے متبادل الفاظ استعمال کیے جائیں (سورۃ البقرۃ:104، سورۃ النساء:46)۔ تو جب ایسے مثبت لفظ سے منع کر دیا گیا جب اس سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کا دروازہ کھلتا تھا، تو ان بازاری الفاظ کی کیا اوقات رہ جاتی ہے جن کا آپ دفاع کر رہے ہیں۔ بہر حال کسی گستاخ کے نزدیک گستاخی کا کوئی پیمانہ اور کرائٹیریا (Criteria) نہیں ہوتا، اور نہ ہی دنیا کا کوئی گستاخ یہ کہتا ہے کہ میں گستاخ ہوں، بلکہ وہ ہمیشہ خود کو سچا اور اپنی بکواسات کو درست ثابت کرنے کے لیے تاویلات کرتا ہے۔ لہٰذا ہمیں انجینئر صاحب کی وضاحتوں کی کوئی ضرورت نہیں، ہم ان الفاظ پر کوئی تفصیلی گفتگو کرنا بھی پسند نہیں کرتے، کیونکہ کسی سنجیدہ شخص کہ جو با ادب اور تہذیب یافتہ ہے اور جس کے دل میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت ہو گی اسے یہ سمجھانے کی ضرورت ہی نہیں، اور جو صحابہ کے گستاخ اور پرلے درجے کے بداخلاق لوگ ہیں انہیں یہ سب سمجھانے کا کوئی فائدہ ہی نہیں۔ لہٰذا ایسے جہلاء سے ہمارا صرف یہی سوال ہے کہ کیا تم لوگ یہ الفاظ سیدنا حسن وحسین رضی اللہ عنہما کے لیے استعمال کر سکتے ہو؟ بلکہ ان عظیم ہستیوں کو چھوڑ کر کیا اپنے باپ دادا کو لونڈے لپاڑے یا چھوکرے کہہ سکتے ہو؟ آخر وہ بھی تو کبھی جوان ہی تھے۔ قطعاً اس کی کوئی جرأت نہیں کرے گا، حالانکہ کہاں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اس امت کی افضل ترین ہستیاں اور کہاں تمہارے باپ دادا۔
صرف ایک گستاخی نہیں، بلکہ پہلے تو ان انصار صحابہ کی طرف ان الفاظ کہ ” رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اپنی قوم کی محبت غالب آ گئی“ کی نسبت کی، حالانکہ انہوں نے ایسے الفاظ کہے ہی نہیں، پھر ان صحابہ کے متعلق کہا جاتا ہے کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق کلمات کفر ”بک“ دیے، (بکنا مطلب بکواس کرنا)۔ بخاری ومسلم کی روایت میں تو ایسے کوئی الفاظ نہیں اور مسند احمد کی روایت میں بھی صرف اتنا ہے کہ: ”قَالَ قَائِلُهُمْ: لَقِيَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَوْمَهُ“ ان میں سے ”ایک شخص“ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قوم سے جا ملے۔ اور مقصود یہی تھا کہ آپ نے انہیں غنیمتوں سے نوازا ہے لیکن ہمیں کچھ نہیں ملا حالانکہ ہم بھی جہاد میں برابر شریک تھے۔ لیکن انجینئر صاحب اسے بکواس اور کلمہ کفر باور کرا رہے ہیں۔ ہمارا سوال ہے کہ سیدنا ابوبکر وعمر رضی اللہ عنہما نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں آپس میں اونچی آواز سے گفتگو کریں تو قرآن کا اتنا سخت فیصلہ نازل ہو جائے کہ ایسا کرنے سے تمہارے اعمال برباد ہو سکتے ہیں۔ (سورۃ الحجرات، صحیح بخاری: 4367)۔ لیکن اگر-نعوذ باللہ- یہ کلمات بکواس اور کفر تھے تو قرآن خاموش کیوں رہا؟ اور جب صحابہ کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس معاملے کی خبر پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تو انہیں برا بھلا بالکل نہ کہا، اور نہ ہی اسے گستاخی وکفر یا نعوذ باللہ بکواس شمار کیا۔ بلکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تو انصار کے فضائل بیان کیے، جس سے ان کی شان اور مقام و مرتبہ اور بڑھ گیا۔ لہٰذا صحابہ نہیں بلکہ ان کے نام پر مرزا صاحب بکواس کر رہے ہیں۔
یہیں پر بس نہیں، انجینئر صاحب نے تو اس مقام پر ہیٹ ٹرک پوری کی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو انصار صحابہ کا اشکال دور کیا اور ان کی اصلاح فرمائی تو جناب اس کا تذکرہ اپنی آبائی زبان میں یوں کرتے ہیں کہ: ”پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے دماغ سے کیڑا نکالا“۔ اب ہم معاملہ عوام کے سپرد کرتے ہیں کہ فیصلہ کریں انصار صحابہ کے گستاخ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ تھے یا مرزا انجینئر؟
اور اس مثال سے یہ اشکال بھی دور ہو جاتا ہے کہ مرزا صاحب صرف حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ ہی کے گستاخ ہیں، ہم مقدمۃ الکتاب میں وضاحت کر چکے ہیں کہ یہ بات جھوٹ ہے کہ انجینئر صاحب کو صرف حضرت معاویہ، عمرو بن عاص اور سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہم ہی سے مسئلہ ہے۔ بلکہ مرزا صاحب رافضیت کے سفر پر گامزن ہیں جس میں دن بدن صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا بغض انسان میں بڑھتا چلا جاتا ہے، بات چھوٹے صحابہ سے شروع ہوتی ہے اور پھر اس کورس کی تکمیل کبار صحابہ کرام پر جا کر ہوتی ہے۔
ان گستاخیوں کے بعد جو انجینئر صاحب نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ساری غنیمتیں طلقاء یعنی حضرت ابوسفیان رضی اللہ عنہ وغیرہ کو دے دیں، اور انصار سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے متعلق فرمایا کہ یہ لوگ دنیا لے جانے والے ہیں اور تم اللہ کے رسول کو۔ اس کی وضاحت یہاں مقصود نہیں کہ یہ ہمارا موضوع نہیں، صرف اتنا بتاتے چلیں کہ صحیح بخاری ہی کی حدیث میں موجود ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کے ساتھ ساتھ دیگر مہاجرین صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں بھی مال غنیمت تقسیم فرمایا تھا۔ (صحیح بخاری:4333) اب اس حدیث سے جو منفی تاثر آپ نے سیدنا ابوسفیان رضی اللہ عنہ کے متعلق دیا ہے کیا وہی کچھ مہاجرین صحابہ کے متعلق کہنے کے لیے تیار ہیں؟

❀❀❀