کتاب الرقاق
اللہ کے ڈر سے رونا
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يلج النار رجل بكى من خشية الله حتى يعود اللبن فى الضرع ، ولا يجتمع غبار فى سبيل الله ودخان جهنم
”جو شخص اللہ کے ڈر سے روتا ہے وہ جہنم میں نہیں جائے گا حتیٰ کہ دودھ تھن میں واپس لوٹ آئے (اور یہ محال ہے)، اور کسی بندے پر اللہ کی راہ میں پڑنے والا غبار اور جہنم کا دھواں اکٹھے نہیں ہوں گے۔“
ترمذی، کتاب الجهاد 1633، 2311، نسائی، کتاب الجهاد 6/ 12، امام نسائی رحمہ اللہ نے یہ اضافہ کیا ہے "کسی مسلمان کے تتھنوں میں”، ابن المبارک نے "الجہاد” 30 میں اسے روایت کیا ہے۔
② سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
عينان لا تمسهما النار : عين بكت من خشية الله ، وعين باتت تحرس فى سبيل الله
”دو آنکھیں ایسی ہیں جنہیں جہنم کی آگ نہیں چھوئے گی: ایک وہ آنکھ جو اللہ کے ڈر سے روتی ہے اور دوسری وہ آنکھ جو اللہ کی راہ میں رات کو پہرہ دیتی ہے۔“
ترمذی، کتاب الجهاد 1639، روایت حسن ہے۔
③ سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے عرض کی:
اے اللہ کے رسول! نجات کیسے ممکن ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أمسك عليك لسانك وليسعك بيتك وابك على خطيئتك
”اپنی زبان پر قابو رکھو، تمہارا گھر تمہیں کافی ہونا چاہیے اور اپنی خطاؤں پر رویا کرو۔“
الترمذی، کتاب الدعوات عن رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم ، باب ما جاء في حفظ اللسان 2406، یہ روایت صحیح ہے، ابن المبارک نے الزہد 143 میں نقل کیا ہے۔
مظالم سے بری الذمہ ہونا
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من كانت عنده مظلمة لأخيه من عرض أو شيء فليتحلله منه اليوم قبل أن لا يكون دينار ولا درهم ، إن كان له عمل صالح أخذ منه بقدر مظلمته وإن لم يكن له حسنات أخذ من سيئات صاحبه فحمل عليه
”اگر کسی شخص کے ذمے اس کے بھائی کی عزت یا کسی اور چیز کا کوئی حق ہو تو وہ آج ہی اس سے بری الذمہ ہو جائے، اس سے پہلے کہ جب کوئی درہم و دینار نہیں ہوگا۔ اگر اس کے پاس کوئی نیک عمل ہوا تو اس کے ظلم کے حساب سے اس کے نیک اعمال لے لیے جائیں گے اور اگر اس کے نیک عمل نہ ہوئے تو صاحب حق کے گناہ لے کر اس شخص کے کھاتے میں ڈال دیے جائیں گے۔“
بخاری، کتاب المظالم وغصب 2449، ترمذی، کتاب صفة القيامة والرقائق والورع عن رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم 2419، مسند احمد، باقی مسند المکثرین 2/ 506، 435۔
اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا شوق
① سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أحب لقاء الله أحب الله لقاءه ، ومن كره لقاء الله كره الله لقاءه
”جو اللہ سے ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے تو اللہ اس سے ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے، اور جو اللہ سے ملاقات کرنے کو ناپسند کرتا ہے تو اللہ اس سے ملاقات کرنے کو ناپسند کرتا ہے۔“
بخاری، کتاب الرقاق 6507، مسلم، کتاب الذکر والدعاء والتوبة 2683، ترمذی 1066۔
② سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أحب لقاء الله أحب الله لقاءه ، ومن كره لقاء الله كره الله لقاءه
”جو شخص اللہ سے ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے تو اللہ اس سے ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے، اور جو شخص اللہ سے ملاقات کرنے کو ناپسند کرتا ہے تو اللہ اس سے ملاقات کرنے کو ناپسند کرتا ہے۔“
میں نے عرض کی: اے اللہ کے نبی! کیا موت کی ناپسندیدگی مراد ہے؟ کیونکہ ہم سب موت کو ناپسند کرتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ليس كذلك ، ولكن المؤمن إذا بشر برحمة الله ورضوانه وجنته أحب لقاء الله فأحب الله لقاءه
”اس طرح نہیں، لیکن جب مومن کو اللہ کی رحمت، اس کی رضامندی اور اس کی جنت کی بشارت دی جاتی ہے تو وہ اللہ سے ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے اور پھر اللہ اس سے ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے۔“
بخاری نے تعلیقاً روایت کیا ہے 6507، اور مسلم، کتاب الذکر والدعاء والتوبة والاستغفار نے موصولاً 2684، ترمذی، کتاب الجنائز 1076۔
③ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
قال الله تعالى : إذا أحب عبدي لقائي أحببت لقاءه وإذا كره لقائي كرهت لقاءه
”اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: جب میرا بندہ میری ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہے تو میں اس کی ملاقات کرنے کو پسند کرتا ہوں، اور جب وہ میری ملاقات کرنے کو ناپسند کرتا ہے تو میں اس کی ملاقات کرنے کو ناپسند کرتا ہوں۔“
بخاری، کتاب التوحيد 7504، مسلم، کتاب الذکر والدعاء والتوبة والاستغفار 2685۔ مالک، کتاب الجنائز 1/ 240، نسائی، کتاب الجنائز 4/ 1079.
پیٹ اور شرم گاہ کی حفاظت
① سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من يضمن لي ما بين لحييه وما بين رجليه أضمن له الجنة
”جو شخص مجھے شرم گاہ اور زبان کی ضمانت دے دے میں اسے جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔“
بخاری، کتاب الرقاق 6807، 6474، ترمذی، کتاب الزهد 2408۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من وقاه الله شر ما بين لحييه وشر ما بين رجليه دخل الجنة
”اللہ نے جس شخص کو اس کی زبان اور اس کی شرم گاہ کے شر سے بچا لیا، وہ جنت میں داخل ہو گا۔“
ترمذی، کتاب الزهد عن رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم 2409، روایت صحیح ہے۔