63- اللہ تعالیٰ کی صفت معیت کا بیان
سوال:
وَهُوَ مَعَكُمْ أَيْنَ مَا كُنْتُمْ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان میں اللہ تعالیٰ کا ذات کے اعتبار سے ساتھ ہونا مراد ہے یا علم اور احاطہ مراد ہے؟
جواب:
یہ بات تو ہم سب کو معلوم ہے کہ اللہ تعالیٰ سب سے بلند اور عرش پر مستوی ہے۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ کا فرمان: وَهُوَ مَعَكُمْ أَيْنَ مَا كُنْتُمْ [الحدید: 4] ”اور وہ تمھارے ساتھ ہے، جہاں بھی تم ہو“ کو سن کر کوئی عقل مند آدمی اللہ تعالیٰ کو زمین پر تصور نہیں کر سکتا، پھر ایک مومن کیسے ایسا سوچ سکتا ہے؟
اللہ تعالیٰ ہمارے ساتھ ہونے کے باوجود عرش پر مستوی ہے۔ یہ کوئی تعجب والی بات بھی نہیں ہے، کیونکہ کئی ایسی چیزیں ہیں جو آسمانوں میں ہونے کے باوجود ہم کہتے ہیں یہ ہمارے ساتھ ہیں، جیسا کہ شیخ الاسلام کا قول ہے: ”عربوں کا مقولہ ہے کہ چاند ہمارے ساتھ چلتا رہا“ حالانکہ چاند تو آسمانوں ہی میں ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ آسمانوں میں ہونے کے باوجود اپنی مخلوق کے ساتھ ہوتا ہے اور جو جہمیہ کی طرح اللہ تعالیٰ کو زمین پر مانتا ہے، تو وہ کافر ہے، اسے توبہ کرنی چاہیے اور اپنے رب کی صحیح تعظیم و تکریم کرنی چاہیے۔ اسے علم ہونا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی کرسی آسمانوں سے وسیع ہے، تو زمین اللہ تعالیٰ کے رہنے کی جگہ کیسے ہو سکتی ہے؟
اور حدیث شریف میں یہ بات موجود ہے:
« مَا السَّمَاوَاتُ السَّبْعُ وَالْأَرْضُوْنَ السَّبْعُ فِيْ الْكُرْسِيِّ إِلَّا كَحَلْقَةٍ أُلْقِيَتْ فِيْ فَلَاةٍ مِّنَ الْأَرْضِ »
”کرسی کے سامنے سات زمینوں اور آسمانوں کی مثال ایسے ہی ہے جیسے ایک چھلا کھلے میدان میں پھینک دیا جائے۔“
عرش اور کرسی کے مقابلے میں ساتوں زمینوں اور آسمانوں کی حیثیت یہ ہے جبکہ عرش و کرسی دونوں مخلوق ہیں تو کیا خالق و مخلوق میں کوئی نسبت ہو سکتی ہے؟ یہ کہنا کیسے درست ہے کہ زمین اللہ تعالیٰ کو گھیرے ہوئے ہے یا اللہ تعالیٰ زمین پر موجود ہے؟ اللہ رب العلمین کے متعلق تو ایسی بات وہ ہی کہہ سکتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی عزت و تکریم سے واقف نہیں۔ اللہ تعالیٰ تو ہر چیز سے بلند اور عرش پر مستوی ہے اور وہ ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 61)