اللہ تعالیٰ کی صفات کو مخلوق کی صفات کی طرح ماننے والے کا حکم

فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

47- اللہ تعالیٰ کی صفات کو مخلوق کی صفات کے مانند ماننے والے کا کیا حکم ہے؟

جس انسان کا یہ عقیدہ ہو کہ اللہ تعالیٰ کی صفات انسان کی صفات کی طرح ہیں تو ایسا انسان گمراہ ہے، کیونکہ قرآن مجید میں یہ صراحت موجود ہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفات مخلوق کے مشابہ نہیں ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
یہ ایک طے شدہ اصول ہے کہ ظاہراً کسی نام کے کسی صفت کے ساتھ مشابہت ہونے سے حقیقی طور پر دونوں کا ایک طرح ہونا لازم نہیں آتا۔ دیکھیے انسان کا بھی چہرہ ہے اور اونٹ کا بھی۔ نام تو دونوں کا ایک ہی ہے لیکن حقیقت دونوں کی الگ الگ ہے۔ اونٹ کے بھی ہاتھ ہیں اور چیونٹی کے بھی ہاتھ ہیں۔ کیا دونوں کی آپس میں کوئی مماثلت ہے؟
جب اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا ہرگز نہیں تو پھر آپ ایسا کیوں نہیں کہتے کہ اللہ تعالیٰ کا چہرہ تو ہے لیکن مخلوق کے مشابہ نہیں؟ اللہ تعالیٰ کا ہاتھ تو ہے لیکن مخلوق کے مشابہ نہیں؟ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَمَا قَدَرُوا اللَّهَ حَقَّ قَدْرِهِ وَالْأَرْضُ جَمِيعًا قَبْضَتُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَالسَّمَاوَاتُ مَطْوِيَّاتٌ بِيَمِينِهِ [الزمر: 67]
”اور انھوں نے اللہ کی قدر نہیں کی جو اس کی قدر کا حق ہے، حالانکہ زمین ساری قیامت کے دن اس کی مٹھی میں ہوگی اور آسمان اس کے دائیں ہاتھ میں لپیٹے ہوئے ہوں گے۔“
اور فرمایا:
يَوْمَ نَطْوِي السَّمَاءَ كَطَيِّ السِّجِلِّ لِلْكُتُبِ [الأنبياء: 104]
”جس دن ہم آسمان کو کاتب کے کتابوں کو لپیٹنے کی طرح لپیٹ دیں گے۔“
کیا کسی مخلوق کا ہاتھ اس طرح ہو سکتا ہے؟ ہرگز نہیں۔ اس سے یہ بات سمجھ آتی ہے کہ خالق کی مخلوق کے ساتھ کوئی مشابہت ذات میں ہے اور نہ صفات میں جیسا کہ فرمان ربانی ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
لہٰذا کسی صورت میں بھی یہ کہنا جائز نہیں کہ خالق کی صفات مخلوق کی صفات کے مانند ہیں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 88)