کہنے لگے یہ دونوں محض جادوگر ہیں اور ان کا پختہ اراده ہے کہ اپنے جادو کے زور سے تمہیں تمہارے ملک سے نکال باہر کر دیں اور تمہارے بہترین مذہب کو برباد کر دیں
En
(آیت 63) ➊ { قَالُوْۤااِنْهٰذٰىنِلَسٰحِرٰنِ …:} یہ {”اِنْ“} اصل میں {”إِنَّ“} حرف تاکید ہے، جس کی علامت خبر {”لَسٰحِرٰنِ“} پر لام تاکید ہے۔ یہاں ایک مشہور سوال ہے کہ {”إِنَّ“} اپنے اسم کو نصب دیتا ہے، اس لیے {”هٰذٰىنِ“} کے بجائے {”هٰذَيْنِ“} ہونا چاہیے تھا۔ اس کا ایک جواب یہ ہے کہ {”إِنَّ“} کے نون کو جزم دینے کے بعد اس کا عمل ختم کر دیا گیا اور {”هٰذٰىنِ“} مبتدا ہونے کی وجہ سے مرفوع ہے، دوسرا یہ کہ {”اِنْ“} (نون ساکن کے ساتھ) {”إِنَّهُ“} یعنی {”إِنَّ“} اور ضمیر شان کی جگہ آیا ہے، چنانچہ {”اِنْ“} کا اسم ضمیرِ شان تھی اور {”هٰذٰىنِ“} اگلے جملے کا مبتدا ہے اور وہ جملہ {”اِنْ“} کی خبر بن رہا ہے۔ (ابن جزی) مزید جواب لمبی تفسیروں میں دیکھیں۔ {”الْمُثْلٰى“”أَمْثَلُ“} اسم تفضیل کا مؤنث ہے، بمعنی {”أَفْضَلُ“} سب سے اچھا۔ ➋ آخر باہمی مشورے کے بعد مال و دولت اور جاہ ومنصب کی حرص نے ان سب کو مقابلے پر متفق کر دیا اور فیصلہ یہ ٹھہرا کہ یہ دونوں یقینا جادوگر ہیں اور چاہتے ہیں کہ اقتدار حاصل کرکے تمھیں تمھارے وطن سے نکال دیں اور تمھارے دین و مذہب کو، جو سب سے اچھا ہے اور تمھاری عیش و عشرت والی بہترین زندگی کو حکومت پر قبضہ کرکے ختم کر دیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: [مَاذِئْبَانِجَائِعَانِأُرْسِلاَفِيْغَنَمٍبِأَفْسَدَلَهَامِنْحِرْصِالْمَرْءِعَلَیالْمَالِوَالشَّرَفِلِدِيْنِهٖ]”دو بھوکے بھیڑیے، جو بھیڑ بکریوں میں چھوڑ دیے جائیں، وہ انھیں اس قدر برباد کرنے والے نہیں جس قدر آدمی کی مال اور بلند مرتبہ (شہرت) کی حرص اس کے دین کو برباد کرنے والی ہے۔“[ترمذی، الزھد، باب حدیث ما ذئبان جائعان…: ۲۳۷۶۔ ابن حبان: ۳۲۲۸، عن کعب بن مالک رضی اللہ عنہ، صحیح]
تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف
63۔ 1 مثلیٰ، طریقۃ کی صفت ہے یہ امثل کی تانیث ہے افضل کے معنی میں مطلب یہ ہے کہ اگر یہ دونوں بھائی اپنے ' جادو ' کے زور سے غالب آگئے، تو سادات و اشراف اس کی طرف مائل ہوجائیں گے، جس سے ہمارا اقتدار خطرے میں اور ان کے اقتدار کا امکان بڑھ جائے گا۔ علاوہ ازیں ہمارا بہترین طریقہ یا مذہب، اسے بھی یہ ختم کردیں گے۔ یعنی اپنے مشرکانہ مذہب کو بھی انہوں نے " بہترین " قرار دیا جیسا کہ آج بھی ہر باطل مذہب اور فرقے کے پیروکار اسی زعم فاسد میں مبتلا ہیں سچ فرمایا اللہ نے (کل حزب بما لدیھم فرحون) ہر فرقہ جو اس کے پاس ہے اس پر ریچھ رہا ہے۔۔
تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی
63۔ آخر کچھ لوگوں نے کہا: ”یہ دونوں جادوگر ہیں اور چاہتے یہ ہیں کہ جادو کے زور سے تمہیں تمہارے ملک سے نکال دیں اور تمہارے مثالی طریق زندگی کو ختم کر دیں۔ [45]
[45] فرعونیوں کے خفیہ مشورے اور مقابلہ کے متحد دینے کی تلقین:۔
اس علیحدہ مجلس میں ان لوگوں نے، جو جادوگروں کو اکٹھا کرنے میں پیش پیش تھے، اس بات پر زور دیا کہ اب اختلاف کرنے کا موقع نہیں رہا۔ اب تو سب کو اس مقابلہ کے انعقاد پر متفق ہونا ہی بہتر ہے۔ مقابلہ نہ کرنا یا اسے ملتوی کرنا دونوں باتیں ہمارے لئے نقصان دہ اور ہماری شکست کے مترادف ہیں۔ کچھ دوسروں نے کہا کہ اگر تم نے مقابلہ نہ کیا یا تم ہار گئے تو سمجھ لو کہ تمہاری شامت آجائے گی۔ حکومت تم سے چھن جائے گی۔ بنی اسرائیل کے تم غلام بن جاؤ گے۔ پھر جو سلوک وہ چاہیں تم سے کریں تمہیں اس ملک میں رہنے بھی دیں یا نکال باہر کریں۔ تم انھیں کے رحم و کرم پر ہو گے۔ تمہاری یہ تہذیب اور تمدن، تمہاری یہ ثقافت اور عیش و طرب کی محفلیں ایسی سب چیزوں کا جنازہ نکل جائے گا۔ لہٰذا اب صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرو اور جادوگروں کی خوب حوصلہ افزائی کرو اور یہ سمجھ لو کہ آج کا دن شعبدہ بازی کے مقابلے کا دن نہیں بلکہ تمہاری ہار جیت کا دن ہے۔ جو ہار گیا سو مارا گیا اور جو جیت گیا بالآخر اسی کا بول بالا ہو گا۔
تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم
اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔