شعب الایمان — حدیث نمبر 4044

باب: ایمان کی شاخوں میں سے بتیسویں شاخ: عقود (معاہدوں) کو پورا کرنے کا باب۔

الثاني والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في الإيفاء بالعقود

حدیث نمبر: 4044
أَخْبَرَنَا أَبُو الْحُسَيْنِ بْنُ بِشْرَانَ ، أَخْبَرَنَا أَبُو جَعْفَرٍ الرَّزَّازُ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ يَزِيدَ ، حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ - حَ
وَأَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرٍ مُحَمَّدُ بْنُ الْحَسَنِ بْنِ فُورَكٍ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا يُونُسُ بْنُ حَبِيبٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنِ الْأَعْمَشِ قَالَ سَمِعْتُ أَبَا وَائِلٍ يُحَدِّثُ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " لِكُلِّ غَادِرٍ لِوَاءٌ يَوْمَ الْقِيَامَةِ فَيُقَالُ هَذِهِ غَدْرَةُ فُلَانٍ "
وَفِي رِوَايَةِ وَهْبٍ عَنْ أَبِي وَائِلٍ وَالْبَاقِي سَوَاءٌ مُخَرَّجٌ فِي الصَّحِيحِ مِنْ حَدِيثِ شُعْبَةَ .
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”قیامت کے دن ہر عہد شکن کے لیے ایک جھنڈا ہوگا، اور کہا جائے گا: یہ فلاں کی عہد شکنی (کی نشانی) ہے۔“
وہب کی روایت میں «ابو وائل سے» کے الفاظ ہیں، باقی سب کچھ یکساں ہے۔ یہ حدیث شعبہ رحمہ اللہ کی روایت سے صحیح (بخاری و مسلم) میں مخرّج ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الثاني والثلاثون من شعب الايمان وهو باب في الايفاء بالعقود / حدیث: 4044
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 4353
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 2756) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح بخاري (6178) صحيح مسلم (طريق الآخر ح1735) (سنن أبي داود 2756) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 6/ 195) . »
«أخرجه البخاري فى (صحيحه) برقم: 3015، ومسلم فى (صحيحه) برقم: 3268، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 2872، وأحمد فى (مسنده) برقم: 3890، 3949، 4189، والدارمي فى (مسنده) برقم: 2542، والبزار فى (مسنده) برقم: 1680، والبيهقي فى (السنن الصغير) برقم: 3624»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7111 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7111. سیدنا نافع سے روایت ہے انہوں نے کہا: جب اہل مدینہ نے یزید بن معاویہ کی بیعت توڑ دی تو سیدنا عبداللہ بن عمر ؓ نے اپنے خادموں اور بیٹوں کو جمع کیا اور کہا: بے شک میں نے نبی ﷺ سے سنا ہے، آپ نے فرمایا: "قیامت کے دن ہر غدار کے لیے ایک جھنڈا نصب کیا جائےگا۔" ہم نے اس شخص کی بیعت اللہ اور اس کے رسول کے نام پر کی ہے۔ میرے نزدیک اس سے بڑھ کر کوئی غداری نہیں کہ ایک شخص سے اللہ اور اس کے رسول کے نام پر بیعت کی جائے، پھر اس کے خلاف لڑائی کھڑی کر دی جائے۔ دیکھو! تم میں سے جو کوئی اس کی بیعت توڑے گا اور کسی دوسرے کی بیعت کرے گا تو میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7111]
حدیث حاشیہ: ہوا یہ تھا کہ پہلے مدینہ والوں نے یزید کو اچھا سمجھا تو اس سے بیعت کرلی تھی پھر لوگوںکو اس کے دریافت حال کرنے کے بعد یزید کے نائب بن محمد ابن ابی سفیان کو مدینہ سے نکال دیا اور یزید کی بیعت توڑ دی۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7111 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7111 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7111. سیدنا نافع سے روایت ہے انہوں نے کہا: جب اہل مدینہ نے یزید بن معاویہ کی بیعت توڑ دی تو سیدنا عبداللہ بن عمر ؓ نے اپنے خادموں اور بیٹوں کو جمع کیا اور کہا: بے شک میں نے نبی ﷺ سے سنا ہے، آپ نے فرمایا: "قیامت کے دن ہر غدار کے لیے ایک جھنڈا نصب کیا جائےگا۔" ہم نے اس شخص کی بیعت اللہ اور اس کے رسول کے نام پر کی ہے۔ میرے نزدیک اس سے بڑھ کر کوئی غداری نہیں کہ ایک شخص سے اللہ اور اس کے رسول کے نام پر بیعت کی جائے، پھر اس کے خلاف لڑائی کھڑی کر دی جائے۔ دیکھو! تم میں سے جو کوئی اس کی بیعت توڑے گا اور کسی دوسرے کی بیعت کرے گا تو میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:7111]
حدیث حاشیہ:
1۔
واقعہ حرہ کا پس منظر بھی یہی بیان کیا جاتا ہے کہ اہل مدینہ نے یزید کی بیعت توڑ کر حکومت وقت سے بغاوت کر دی تھی، اس لیے ہم ضروری خیال کرتے ہیں کہ یزید بن معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شخصیت کے متعلق کچھ گزارشات پیش کریں: الف۔
حضرت ام حرام رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میری امت کا وہ لشکر جو قیصر کے دارالحکومت پر پہلے حملہ آور ہوگا وہ اللہ کے ہاں مغفرت یافتہ ہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، الجھاد والسیر۔
حدیث: 2924)
تاریخی طور پریہ بات ثابت ہے کہ 49 ہجری میں رومی پایہ سلطنت قسطنطنیہ پر پہلی مرتبہ چڑھائی کرنے والا مسلمانوں کا وہ لشکر تھا جس کا سربراہ یزید بن معاویہ تھا۔
(صحیح البخاري، التھجد، حدیث: 1186)
شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: قسطنطنیہ پر پہلی چڑھائی کرنے والے لشکر کے سپہ سالار یزید بن معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے۔
چونکہ معین تعداد کو لشکر کہا جاتا ہے، اس لیے اس فوج کا ہر ہرفرد بشارت مغفرت میں شریک ہے۔
‘‘ (منھاج السنة: 252/2)
اس لشکرمیں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، سیدنا حسین بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ، میزبان رسول حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ و دیگر اساطین صحابہ شریک تھے۔
2۔
جب ایک بدبخت عبدالرحمٰن بن ملجم کے ہاتھوں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہید کر دیے گئے تو 41 ہجری میں حضرت حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کتاب وسنت کی شرط پر حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے صلح کرلی۔
تاریخ میں یہ سال "عام الجماعة" کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔
چونکہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ساڑھے چار سالہ دورحکومت، اندرونی خلفشار اور باہمی کشت وخون کی نذر ہوا تھا اس دور میں نہ تو کفار سے جہاد ہوا اور نہ اسلامی فتوحات اور خدمات ہی میں اضافہ ہوا بلکہ دو مرتبہ ہلاکت خیز خانہ جنگی کی صورت میں خون مسلم کی ارزانی ہوئی، اس لیے پیش بندی کے طور پر 50 ہجری میں کوفے کے گورنر، تجربہ کار اور عمررسیدہ صحابی جلیل سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دمشق آ کر سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یہ تجویز دی کہ آپ اپنی زندگی میں ہی کسی شخص کو ولی عہد مقرر کر دیں تاکہ حصول اقتدار کی خاطر ممکنہ رسہ کشی کا سد باب ہوسکے اور انتشار پسند عناصر کو شرانگیزی کا بھی موقع نہ مل سکے۔
جانشین کے لیے انھوں نے آپ کے بیٹے یزید کا نام پیش کیا۔
لیکن حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کی رائے سے فوری طور پر اتفاق نہ کیا بلکہ انھوں نے تمام صوبوں کے نمائندہ اجلاس پر موقوف رکھا چنانچہ اسی سال دمشق میں اجلاس ہوا جس میں اسلامی مملکت کے تمام معززین نمائندگان نے شرکت کی، اس میں یزید کی ولی عہدی پرغور ہوا، بالآخر اس تحریک کو اکثریت کی حمایت حاصل رہی لیکن کسی طرح آپ کو معلوم ہوا کہ مدینہ طیبہ کے کچھ لوگ یزید کی ولی عہدی سے خوش نہیں ہیں، اس لیے آپ نے گورنر مدینہ مروان بن حکم کو خط لکھا کہ وہ اکابرمدینہ کو جمع کریں اور ان کی رائے معلوم کر کے ہمیں مطلع کریں، چنانچہ مروان بن حکم نے مدینہ طیبہ میں ایک اجلاس کیا جس میں اکابر صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین وتابعین رحمۃ اللہ علیہ نے شرکت کی بلکہ اس اجلاس میں اس اہم قومی معاملے میں مشاورت کے لیے امہات المومنین رضوان اللہ عنھن اجمعین بھی تشریف فرما تھیں۔
اس اجلاس میں حضرت عبدالرحمان بن ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے علاوہ کسی بھی قابل ذکر شخصیت نے یزید کی ولی عہدی کے متعلق کوئی اختلاف نہیں کیا۔
اس کی تفصیل صحیح البخاری حدیث 4827 میں دیکھی جا سکتی ہے۔
بہرحال یزید بن معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولی عہدی کا فیصلہ ہوگیا اور تمام علاقہ کے لوگوں نے ان کی ولی عہدی کے متعلق بیعت کی۔
(البدایة والنھایة: 79/7)
ولی عہدی کی بیعت مکمل ہونے کے بعد حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان الفاظ میں اللہ تعالیٰ سے دعاکی: ’’اے اللہ! اگر میں نے یزید کو اس کے فضل وکمال کی وجہ سے اپنا ولی عہد بنایا ہے تو اسے بلند مقام پر پہنچا جس کی مجھے اس سے اُمید ہے اور اگر اس بات پر مجھے اس محبت نے آمادہ کیا جو ایک باپ کو اپنے بیٹے سے ہوتی ہے اور وہ اس منصب کا اہل نہیں ہے تو اسے منصب تک پہنچنے سے پہلے ہی موت دے دے۔
‘‘ (تاریخ الإسلام للذھبي: 267/2)
3۔
امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے بیٹے یزید کو ولی عہد بنانے کے دس سال بعد تک زندہ رہے، آخر 22 رجب 60 ہجری بروز جمعرات دمشق میں فوت ہوئے اور ان کی نماز جنازہ یزید نے پڑھائی۔
دس سالہ ولی عہدی کے دوران میں آپ تین سال متواتر امارت حج کے عہدے پر فائز رہے۔
ان کی زیر امارت حج کے دوران میں بے شمار صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین اور تابعین عظام رحمۃ اللہ علیہ نے حج کیا اور آپ کی امامت ہی میں نماز پنجگانہ ادا کیں۔
حافظ ابن کثیر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: یزید بن معاویہ نے 51۔
52۔
53۔
ہجری میں لوگوں کو حج کرایا۔
(البدایة والنھایة: 229/8)
امارت حج کے علاوہ اس دوران میں انھوں نے متعدد ملکی وملی خدمات سرانجام دیں۔
حضرت معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات کے بعد باضابطہ طورپر نئے سرے سے پوری اسلامی ریاست میں آپ کی بیعت امارت ہوئی جس کا آغاز وفاقی دارالحکومت شام کے مرکزی شہر دمشق میں ایک اجتماع عام سے ہوا، پھر ہر علاقے میں تعینات گورنروں کے ہاتھ ان کے لیے بیعت امارت کا انعقاد کیا گیا۔
تاریخ میں صرف سعد بن حسین بن علی اور عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام ملتے ہیں جنھوں نےاس بیعت امارت میں شمولیت نہیں کی۔
ان کے علاوہ کبار صحابہ نے بیعت امارت میں عملاً حصہ لیا، البتہ مسور بن مخرمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سیاست سے قطعاً کنارہ کش تھے حتی کہ جب عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے خلافت کا اعلان کیا تو ان سے بھی بیعت نہیں کی۔
ان کے علاوہ چھوٹے بڑے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین دوچار دس بیس نہیں بلکہ سینکڑوں کی تعداد میں تھے۔
۔
۔
رضوان اللہ عنھم أجمعین۔
۔
۔
4۔
یزید بن معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے آخری ایام میں واقعہ حرہ پیش آیا۔
اس کا پس منظر اس طرح بیان کیا جاتا ہے کہ کچھ لوگ دمشق میں یزید کے پاس گئے تاکہ انھیں ان کے کردار کا پتاچلے۔
وہاں ان کی خوب مہمان نوازی ہوئی، خاطر مدارات کی گئی۔
واپس آکر انھوں نے بتایا کہ یزید شراب نوشی اورزناکاری میں مبتلا ہے اور مدینے کی اکثریت کو اپنے ساتھ ملائے بغیر علم بغاوت بلند کر دیا اور امیر مدینہ عثمان بن محمد بن ابی سفیان کو وہاں سے نکال دیا گیا۔
بیعت توڑنے والوں میں عبداللہ بن حنظلہ اور عبداللہ بن مطیع پیش پیش تھے، چنانچہ عبداللہ بن مطیع اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حضرت محمد بن علی بن ابی طالب جو ابن حنفیہ کے نام سے مشہور ہیں کے پاس گئے اور ان سے بیعت توڑ دینے کی درخواست کی لیکن انھوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔
ابن مطیع نے کہا: یزید شراب پیتا ہے، نماز نہیں پڑھتا اور کتاب اللہ کے احکام کی پروانہیں کرتا۔
محمد بن علی نے جواب دیا: میں یزید سے خود ملا ہوں، ان کے ساتھ رہا ہوں، میں نے کوئی ایسی بات نہیں دیکھی بلکہ میں نے انھیں ہمیشہ نماز کا پابند، خیر کا متلاشی، فقہ کا مسائل اور سنت کا متبع پایا ہے۔
(البدایة والنھایة: 233/8)
بہرحال بیعت توڑنے والوں نے مدینہ طیبہ کے تین طرف خندق کھودی اور چوتھی طرف انصار کے اسی محلے کو حصار سمجھ لیا جو ان کے ہمنوا نہیں تھا۔
جب یزید کو اس کی اطلاع ملی توانھوں نے مسلم بن عقبہ کی کمان سے ایک فوج بھیجی اور انھیں حکم دیا کہ پہلے ان لوگوں پر امان پیش کریں اگر نہ مانیں تو ان سے جنگ کریں، چنانچہ انھوں نے ان کی ہدایات کے مطابق عمل کیا۔
جب اہل مدینہ نے انکار کیا تو انصار کے بڑے گھرانے بنواشہل کے تعاون سے فوج شہر میں داخل ہوئی اور گنتی کے چند گھنٹوں میں شہر پر قبضہ ہوگیا۔
اس کے بعد مؤرخین نے دیومالائی انداز میں اس واقعے کی تفصیلات خود مرتب کی ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
5۔
بہرحال ہمارے رجحان کے مطابق ایک اسلامی سربراہ کی بیعت توڑنے کے جو شرعی تقاضے ہیں اہل مدینہ نے انھیں ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے جو عنوان قائم کیا ہے اس سے مراد شاید ان لوگوں کی طرف سے اشارہ ہے جو دمشق میں سربراہ حکومت کے پاس گئے اور وہاں سے واپس آکر خلاف واقعہ باتیں بیان کیں۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیعت توڑنے کے متعلق جس قسم کے رد عمل کا اظہار کیا ہے اس سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ ان حضرات نے بغاوت کے لیے جس چیز کو پیش کیا وہ شریعت کے مطابق نہ تھی، چنانچہ ایک روایت میں ہے کہ یزید بن معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانہ حکومت میں جب حرہ کا واقعہ پیش آیا تو حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ عبداللہ بن مطیع کے پاس گئے تو انھوں نے کہا: ابوعبدالرحمان کے لیے مسند لاؤ۔
آپ نے فرمایا: میں تمہارے پاس بیٹھنے کے لیے نہیں آیا بلکہ وہ حدیث بیان کرنے آیا ہوں جسے میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے اطاعت کا عہد کرنے کے بعد اسے توڑ دیا وہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے سامنے اس طرح حاضر ہوگا کہ اس کے پاس کوئی حجت اوردلیل نہیں ہوگی اور اگرایسی حالت میں وہ مرگیا کہ اس کی گردن میں کسی کی بیعت نہ ہو تو وہ جاہلیت کی موت مرا۔
‘‘ (صحیح مسلم، الإمارة، حدیث: 4793(1851)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جس امام کی حکمرانی پر امت کا اجماع ہو اس کی بیعت لازم اور اس کے خلاف خروج حرام ہے۔
اللہ تعالیٰ اس بغاوت میں حصہ لینے والوں کو معاف فرمائے اور قیامت کے دن ہم سب کو اپنے عرش کے سائے تلے جگہ عنایت فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7111 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3188 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3188. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’ہر غدار کے لیے ایک جھنڈا ہوگا جو اس کی دغا بازی کے سبب گاڑا جائے گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3188]
حدیث حاشیہ: حضرت امام بخاری ؒ کتاب الجہاد کو ختم کرتے ہوئے ان احادیث کو لا کر یہ بتلا رہے ہیں کہ اسلام میں ناحق قتل و غارت، فساد و دغا بازی ہرگز ہرگز جائز نہیں ہے۔
اگرکوئی مسلمان ان حرکتوں کا مرتکب ہوگا تو ان کا وہ خود ذمہ دار ہوگا۔
اسلام کو اس سے کوئی ضرر نہ پہنچ سکے گا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3188 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3188 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3188. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’ہر غدار کے لیے ایک جھنڈا ہوگا جو اس کی دغا بازی کے سبب گاڑا جائے گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3188]
حدیث حاشیہ:
1۔
زمانہ جاہلیت میں یہ طریقہ رائج تھا کہ جو شخص غداری کرتا تو حج کے ایام میں اس کے لیے جھنڈا بلند کیا جاتا تاکہ لوگ اسے پہچان کر اس کی مذمت کریں اور اس سے بچ جائیں ایک دوسری روایت میں ہے۔
’’یہ جھنڈا غدار کی مقعد پر لگایا جائے گا۔
‘‘ (صحیح مسلم، الجھاد، حدیث: 4537(1738)
تاکہ اہل محشر اس کی غداری سے مطلع ہوں اور اس پر نفرین و لعنت کریں۔
(فتح الباري: 341/8)
2۔
مقصد یہ ہے کہ غدار انسان کو قیامت کے دن بہت ذلیل کیا جائے گا اور اس کی بری صفت کی وجہ سے اس کی خوب شہرت کی جائے گی۔
3۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ غداری حرام ہے۔
خاص طور پر اگر وقت کا حکمران ملک و ملت سے غداری کرتا ہے تو اس کی سنگینی مزید بڑھ جاتی ہےکیونکہ اس کے غدر کی وجہ سے ملک کا نقصان اور قوم کی اذیت بڑھ جاتی ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3188 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6178 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6178. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "عہد توڑنے والے کے لیے قیامت کے دن جھنڈا نصب کیا جائے گا اور اعلان کیا جائے گا کہ یہ فلاں کی دغا بازی کا نشان ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6178]
حدیث حاشیہ: یہ بہت ہی ذلت ورسوائی کا موجب ہوگا کہ اس طرح اس کی دغا بازی کو میدان محشر میں مشتہر کیا جائے گا اور جملہ نیک لوگ اس پر تھو تھو کریں گے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6178 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6178 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6178. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "عہد توڑنے والے کے لیے قیامت کے دن جھنڈا نصب کیا جائے گا اور اعلان کیا جائے گا کہ یہ فلاں کی دغا بازی کا نشان ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6178]
حدیث حاشیہ:
(1)
دور جاہلیت میں یہ رواج تھا کہ اگر کوئی عہد شکنی کرتا تو اسے ذلیل و خوار کرنے کے لیے بھرے مجمع میں اس کے پاس ایک جھنڈا گاڑا جاتا تھا تاکہ لوگوں کے ہاں اس کی پہچان ہو جائے اور وہ اس قسم کی غداری اور عہد شکنی سے احتراز کریں۔
(2)
بہرحال امام بخاری رحمہ اللہ نے لفظ ''فلاں بن فلاں'' سے ثابت کیا ہے کہ قیامت کے دن لوگوں کو ان کے باپ کے نام سے پکارا جائے گا، اس لیے اس سلسلے میں ایک واضح حدیث بھی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ''قیامت کے دن تمہیں تمہارے ناموں اور تمہارے باپ کے ناموں سے بلایا جائے گا، لہذا تم اچھے نام رکھا کرو۔
'' (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 4849)
چونکہ یہ حدیث امام بخاری رحمہ اللہ کی شرط کے مطابق نہ تھی، اس لیے انہوں نے اسے نظرانداز کر دیا ہے۔
(3)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں: آباء سے مراد وہ ہیں جن کی طرف وہ دنیا میں منسوب ہوتے تھے، حقیقی باپ مراد نہیں ہے۔
(فتح الباري: 10/691)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6178 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6966 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6966. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ہر دھوکہ دینے والے کے لیے ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعے سے وہ پہچانا جائے گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:6966]
حدیث حاشیہ: جس سے لوگ پہچان لیں گے کہ یہ دنیا میں دغا بازی کیا کرتا تھا (خود آگے فرماتے ہیں کہ میں تم میں کا ایک بشر ہوں تم میں کوئی زبان دراز ہوتا ہے میں اگر اس کے بیان پر اس کے بھائی کا حق اس کو دلا دوں تو دوزخ کا ایک ٹکڑا دلاتا ہوں۔
جب آپ کے فیصلے سے دوسرے کا مال حلال نہ ہو تو کسی قاضی کا فیصلہ موجب حلت کیوں کر ہو سکتا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6966 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6966 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6966. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ہر دھوکہ دینے والے کے لیے ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعے سے وہ پہچانا جائے گا۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:6966]
حدیث حاشیہ:
1۔
صورت مسئلہ اس طرح ہے کہ ایک شخص کے پاس خوبصورت لونڈی ہے جو کسی دوسرے شخص کو پسند آ گئی۔
وہ شخص مالک سے فروخت کرنے کا مطالبہ کرتا ہے لیکن مالک اس پر آمادہ نہ ہوا تو دوسرے شخص نے زبردستی چھین کر عدالت میں ثابت کر دیا کہ وہ مر گئی ہے۔
عدالت نے اس کی قیمت کا فیصلہ کر دیا اور مالک نے وہ قیمت وصول کر لی۔
اب اس لونڈی کے متعلق دو مؤقف ہیں: جمہور اہل علم کہتے ہیں کہ مذکورہ صورت غدر کی ایک قسم ہے کیونکہ غاصب کا یہ دعویٰ کہ وہ مر گئی، اپنے دوسرے مسلمان بھائی کے حق میں ایک طرح کی خیانت اور دغا بازی ہے، لہذا اگر وہ زندہ مل گئی تو اصل مالک وصول کی ہوئی قیمت واپس کر کے وہ لونڈی لینے کا مجاز ہوگا اور وصول کی ہوئی قیمت اس لونڈی کی ثمن اور عوض بیع نہیں بنے گی کیونکہ ان دونوں میں باقاعدہ عقد بیع جاری ہی نہیں ہوا بلکہ مالک نے لونڈی کی قیمت تو محض اس کی ہلاکت کے گمان پر لی تھی، جب یہ سبب زائل ہو گیا تو اصل کی طرف رجوع واجب ہو گیا کہ وہ لونڈی اصل مالک ہی کی ہے۔
دوسراموقف "بعض لوگوں" کا ہے کہ جب غاصب نے اس کی قیمت ادا کر دی اور مالک نے اسے وصول کر لیا تو وہ لونڈی غاصب کی ملکیت میں آجائے گی اور اس کے لیے اسے اپنے کام میں لانا جائز ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ فعل جائز نہیں تاہم اگر کسی نے حماقت میں آکر کر لیا ہے تو اسے نافذ کر دیا جائے گا۔
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس عنوان اور پیش کردہ حدیث میں ایسے لوگوں کا محاسبہ کیا ہے اور ان کی حیلہ سازی سے پردہ اٹھایا ہے، پھر ان کی تقسیم جواز حیلہ اور نفاذ حیلہ کے تار پود بکھیرے ہیں کہ یہ تقسیم باطل اور دھوکا دہی کی ایک قسم ہے، چنانچہ پیش کردہ حدیث ’’دوسروں کے مال تم پر حرام ہیں‘‘ جس طرح جواز حیلہ کی نفی کرتی ہے، نفاذحیلہ کی بھی نفی کرتی ہے۔
جب باطل طریقے سے کسی دوسرے کا مال کھانا حرام ہے تو اس کا نفاذ کیونکر صحیح ہو سکتا ہے۔
اسی طرح اس میں باہمی رضا مندی کی شرط بھی مفقود ہے کیونکہ مالک نے مشروط طور پر لونڈی کی قیمت وصول کی ہے لیکن جب وہ مری نہیں تورضا مندی کی شرط ہونے سے رضا مندی بھی ختم ہو گئی۔
اس حیلے سے تو فساق وفجار کے لیے فسق وفجور میں مبتلا رہنے کا راستہ ہموار کرنا ہے۔
ایک مسلمان کی شان نہیں کہ وہ ایسے حرکات کرے جس سے عیاش لوگوں کو فائدہ ہوا اور انھیں کسی قسم کا خطرہ نہ ہو۔
واللہ المستعان۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6966 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1735 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
امام صاحب مختلف اساتذہ کی سندوں سے، حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما کی روایت بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کہ جب اللہ تعالیٰ قیامت کو پہلے، پچھلے تمام انسانوں کو جمع کرے گا تو ہر عہد شکن کے لیے ایک جھنڈا بلند کیا جائے گا اور کہا جائے گا، یہ فلاں بن فلاں کی عہد شکنی ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4529]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
غَادِر: عہد شکن، بے وفا۔
(2)
راية: بڑا جھنڈا، جو سپہ سالار کے پاس ہوتا ہے۔
فوائد ومسائل: عربوں کا یہ دستور تھا کہ وہ عہد شکنی کی تشہیر کے لیے، بازاروں میں سیاہ جھنڈے گاڑتے تھے تاکہ تمام لوگ اس کی مذمت اور برائی بیان کریں، اس لیے ان کی عادت و عرف کو ملحوظ رکھتے ہوئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "عہد شکن کے ساتھ قیامت کے دن بھی یہی سلوک ہو گا کہ تمام انسانوں میں اس کی عہد شکنی کی تشہیر کی جائے گی، خصوصا امیر لشکر یا امیر المؤمنین، حکمران کی عہد شکنی کی حرمت زیادہ شدید ہے، کیونکہ اس کی عہد شکنی کا نقصان، سب سے زیادہ ہوتا ہے اور اسے عہد شکنی کی ضرورت بھی نہیں ہوتی، بلکہ وہ ایفائے عہد پر زیادہ قادر ہوتا ہے، اس لیے اس کو اپنے عہدہ اور منصب یا ذمہ داری کو پوری دیانت و امانت کے ساتھ پورا کرنا چاہیے اور رعایا کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے، اس طرح عوام اور رعایا کو بھی، امیر کے ساتھ وفا کرنا چاہیے اور بلاوجہ اس کے خلاف شورش برپا کرنے اور بغاوت و سرکشی اختیار کرنے سے باز رہنا چاہیے، کیونکہ دونوں اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اپنی اپنی ذمہ داریوں کے پورا کرنے کے سلسلہ میں اللہ کے ہاں جواب دہ ہیں، اس لیے اس حدیث کے راوی حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے جب اہل مدینہ نے یزید کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تو انہوں نے اپنی اولاد اور خدم و حشم کو جمع کر کے فرمایا تھا کہ تم میں سے جو بھی ان لوگوں کے ساتھ تھا، اس کا میرے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، کیونکہ ہم یزید کی بیعت کر چکے ہیں اور اس سے بڑھ کر کوئی عہد شکنی نہیں ہے کہ جس کی بیعت کی ہے اس کے خلاف جنگ لڑی جائے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4529 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2756 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´عہد و پیمان کو نبھانے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " بدعہدی کرنے والے کے لیے قیامت کے دن ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا، اور کہا جائے گا: یہ فلاں بن فلاں کی بدعہدی ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2756]
فوائد ومسائل:
یعنی ایسے شخص کو رسوا کیا جائے گا۔
اوراعلان کیا جائے گا۔
کہ یہ اس دھوکے باز کا انجام ہے۔
عہد وپیمان دو افراد کے درمیان ہو۔
یا دو قوموں کے درمیان مسلمانوں کے ساتھ ہو یا کافروں کے ساتھ بد عہدی دنیا اور آخرت میں رسوائی کا باعث ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2756 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1738 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو سعید رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہر عہد شکن کے لیے قیامت کے دن اس کی سرین پر جھنڈا ہو گا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4537]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: عزت و شرف کی علامت و نشانی سامنے پیشانی پر ہوتی ہے، یہاں رسوائی اور ذلت کے لیے جھنڈا اس کی سرین کے پاس ہو گا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4537 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2191 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´قیامت تک واقع ہونے والی چیزوں کے بارے میں نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی پیش گوئی۔`
ابو سعید خدری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں عصر کچھ پہلے پڑھائی پھر خطبہ دینے کھڑے ہوئے، اور آپ نے قیامت تک ہونے والی تمام چیزوں کے بارے میں ہمیں خبر دی، یاد رکھنے والوں نے اسے یاد رکھا اور بھولنے والے بھول گئے، آپ نے جو باتیں بیان فرمائیں اس میں سے ایک بات یہ بھی تھی: " دنیا میٹھی اور سرسبز ہے، اللہ تعالیٰ تمہیں اس میں خلیفہ بنائے گا ۱؎، پھر دیکھے گا کہ تم کیسا عمل کرتے ہو؟ خبردار! دنیا سے اور عورتوں سے بچ کے رہو " ۲؎، آپ نے یہ بھی فرمایا: " خبردار! حق جان۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الفتن/حدیث: 2191]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی تم کو پچھلی قوموں کا وارث ونائب بنائے گا، یہ نہیں کہ انسان اللہ کا خلفیہ ونائب ہے یہ غلط بات ہے، بلکہ اللہ خود انسان کا خلیفہ ہے جیساکہ خضرکی دعامیں ہے (والخلیفةبعد)
2؎:
یعنی تمہارے دین کے کاموں کے لیے دنیا جس قدر مفید اور معاون ہو اسی قدر اس کی چاہت کرو، اور عورتوں کی مکاری اور ان کی چالبازی سے ہوشیار رہو۔

3؎:
اس حدیث سے بہت سارے فوائد حاصل ہوئے: (1)
کھڑے ہوکر وعظ و نصیحت کرنا مسنون ہے۔

(2)
انسان بھول چوک کا شکار ہوتاہے، یہاں تک کہ صحابہ کرام بھی اس سے محفوظ نہ رہے۔

(3)
اظہار حق کے لیے لوگوں کا ڈر و خوف مانع نہ ہو۔

(4) دنیا اورعورتوں سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

(5) عہد توڑنا قیامت کے دن رسوائی کا باعث ہوگی۔

(6) انسان پیدائش سے لے کر مرنے تک ایمان و کفر کی آزمائش سے گزر تاہے۔

(7) غصہ کے مختلف مراحل ہیں۔

(8) قرض کا لین دین، کس انداز سے ہو۔

(9) غصہ کی حالت میں انسان کیا کرے؟
(10) دنیا سے اس کا کس قدر حصہ باقی رہ گیا ہے۔

(سند میں (علی بن زید بن جدعان) ضعیف ہیں، اس لیے یہ حدیث اس سیاق سے ضعیف ہے، لیکن اس حدیث کے کئی ٹکڑوں کے صحیح شواہد موجود ہیں، دیکھیے: (الصحیحة: 486، و 911)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2191 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2872 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´بیعت پوری کرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " قیامت کے دن ہر دغا باز کے لیے ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا، پھر کہا جائے گا کہ یہ فلاں شخص کی دغا بازی ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الجهاد/حدیث: 2872]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل: (1)
شرعی حکمران اور خلیفہ کی بیعت کرنے کے بعد اسے توڑدینا بہت بڑا گناہ ہے۔

(2)
قیامت کے دن ایسے مجرم کی بہت زیادہ بدنامی اور رسوائی ہوگی۔

(3)
جھنڈ ا دور سے نظر آ جانے والی چیز ہے اس لیے شرعی خلیفہ کے باغی کی بہت زیادہ تشہیر ہوگی۔
دور سے دیکھ کر لوگ کہیں گے، یہ شخص غدار تھا۔
یہ جھنڈا اس کی غداری کا اعلان ہے۔

(4)
بعض گناہوں کی سزا جہنم میں جانے سے پہلے محشر کے میدان میں ہی مل جائے گی۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2872 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4007 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´امر بالمعروف اور نہی عن المنکر (یعنی بھلی باتوں کا حکم دینے اور بری باتوں سے روکنے) کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ دینے کے لیے کھڑے ہوئے تو جو باتیں کہیں، ان میں یہ بات بھی تھی: " آگاہ رہو! کسی شخص کو لوگوں کا خوف حق بات کہنے سے نہ روکے، جب وہ حق کو جانتا ہو "، یہ حدیث بیان کر کے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ رونے لگے اور فرمایا: اللہ کی قسم! ہم نے بہت سی باتیں (خلاف شرع) دیکھیں، لیکن ہم ڈر اور ہیبت کا شکار ہو گئے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الفتن/حدیث: 4007]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
 
(1)
جب معلوم ہو کہ فلاں کام ناجائز ہورہا ہے اور شریعت کا حکم یہ ہے تو حق بیان کرنا چاہیے شاید غلط کام کرنے والوں کو ہدایت نصیب ہوجائے یا کم از کم دوسرے لوگوں کو شرعی حکم معلوم ہوجائے اور وہ باطل کو حق نہ سمجھ لیں۔

(2)
جب جان چلے جانے کا یا سخت نقصان کا اندیشہ ہو تو خاموش رہنا جائز ہوتا ہے۔
تاہم ایسے موقع پر بھی افضل یہی ہے کہ عزیمت کا راستہ اختیار کرکے حق بیان کیا جائے اور اس راہ میں آنے والی مشکلات اور تکلیفوں کو برداشت کیا جائے۔
جیسے امام مالک، امام احمد بن حنبل اور امام ابن تیمیہ رحمہم اللہ وغیرہ نے کیا۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4007 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2742 کی شرح از الشیخ مبشر احمد ربانی ✍️
´کیا انسان اس دنیا میں اللہ کا خلیفہ اور نائب ہے`
«. . . عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: إِنَّ الدُّنْيَا حُلْوَةٌ خَضِرَةٌ، وَإِنَّ اللَّهَ مُسْتَخْلِفُكُمْ فِيهَا، فَيَنْظُرُ كَيْفَ تَعْمَلُونَ . . .»
". . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنیا (ظاہر میں) شیریں اور سبز ہے (جیسے تازہ میوہ) اللہ تعالیٰ تم کو حاکم کرنے والا ہے دنیا میں، پھر دیکھے گا تم کیسے عمل کرتے ہو . . ." [صحيح مسلم/كِتَاب الرِّقَاقِ: 6948]
فوائد و مسائل
سوال: کیا یہ کہا جا سکتا کہ انسان اس دنیا میں اللہ کا خلیفہ اور نائب ہے؟
جواب: خلیفہ عربی زبان کا لفظ ہے اور یہ «فعيلة» کے وزن پر ہے، جب ایک کے بعد دوسرا اس کے قائم قام ہو تو عرب کہتے ہیں «خلف فلان فلانا» فلاں شخص فلان کا خلیفہ و نائب ہوا۔

✿ اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں آدم علیہ السلام کے بارے میں فرمایا: «﴿وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً﴾»
’’ اور جب آپ کے رب نے فرشتوں سے کہا: ’’ میں بلاشبہ زمین میں ایک خلیفہ بنانے والا ہوں۔" [2-البقرة:30]
↰ اس سے مراد پوری ذریت آدم ہے یعنی ایسی قوم پیدا کرنے والا ہوں جو ایک دوسرے کے جانشین ہوں گے نہ کہ اللہ کے جانشین ہوں گے (معاذ اللہ)

◈ امام ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «اي قوما يخلف بعضهم بعض قرنا بعد قرن وجيلا بعد جيل»
’’ خلیفہ سے مراد یہ ہے کہ ان کے یکے بعد دیگرے بعض کے بعض جانشین ہوں گے اور ایک زمانے کے بعد دوسرے زمانے میں یونہی صدیوں تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔"

✿ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں ایک اور مقام پر فرمایا: «﴿وَهُوَ الَّذِي جَعَلَكُمْ خَلَائِفَ الْأَرْضِ وَرَفَعَ بَعْضَكُمْ فَوْقَ بَعْضٍ دَرَجَاتٍ لِيَبْلُوَكُمْ فِي مَا آتَاكُمْ إِنَّ رَبَّكَ سَرِيعُ الْعِقَابِ وَإِنَّهُ لَغَفُورٌ رَحِيمٌ﴾»
’’ اللہ کی ہستی تو وہی ہے جس نے تمھیں زمین میں خلیفہ بنایا اور بعض کے بعض پر درجات بلند کیے تاکہ جو کچھ اس نے تمھیں دے رکھا ہے اس میں تمھیں آزمائش کرے۔ یقیناً آپ کا رب جلد سزا دینے والا ہے اور یقیناً وہ بخشنے والا مہربان بھی ہے۔" [6-الأنعام:165]

✿ ایک اور جگہ فرمایا: «﴿أَمَّنْ يُجِيبُ الْمُضْطَرَّ إِذَا دَعَاهُ وَيَكْشِفُ السُّوءَ وَيَجْعَلُكُمْ خُلَفَاءَ الْأَرْضِ أَإِلَـهٌ مَعَ اللَّـهِ قَلِيلًا مَا تَذَكَّرُونَ﴾»
’’ کون ہے وہ جو بے قرار شخص کی دعا کو قبول کرے جب وہ بےقرار اس سے فریاد کرے اور اس کی مصیبت کو ٹال دے اور کون ہے جو زمین میں تمہیں خلیفہ بناتا ہے؟ کیا اللہ کے ساتھ کوئی معبود بھی ہے؟ تم لوگ غور و فکر بہت کم کرتے ہو۔" [27-النمل:62]

✿ ایک مقام پر فرمایا: «﴿وَلَوْ نَشَاءُ لَجَعَلْنَا مِنْكُمْ مَلَائِكَةً فِي الْأَرْضِ يَخْلُفُونَ﴾»
’’ قریب ہے کہ تمہارا رب تمہارے دشمن کو ہلاک کرے اور تمہیں زمین میں جانشین بنا دے، پھر دیکھے کہ تم کیسے عمل کرتے ہو۔" [43-الزخرف:60]

❀ ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «إن الدنيا حلوة خضرة وإن الله مستخلفكم فيها فينظر كيف تعملون .»
’’ بےشک دنیا میٹھا سبزہ ہے اور بےشک اللہ تعالیٰ تمہیں اس دنیا میں خلیفہ بنانے والا ہے تاکہ وہ دیکھے تم کیسے عمل کر تے ہو۔" [صحيح مسلم، كتاب الرقاق: باب اكثر اهل الحنة الفقراء 6948، مسند احمد 3/ 22]
◈ اس حدیث کی شرح میں شیخ مسلم بن محمود السلفی فرماتے ہیں: «اي جاعلكم خلفاء من القرون الذين قبلكم فينظر هل تعلمون بطاعة ام بمعصية وشهواتكم .»
’’ یعنی وہ تمہیں پہلے لوگوں کے خلیفہ بنانے والا ہے تاکہ وہ دیکھے کہ تم اس کی اطاعت کرتے ہو یا اس کی نافرمانی اور اپنی خواہشات پر عمل کرتے ہے۔" [تعليق على صحيح مسلم 4/ 501]

↰ مذکورہ بالا آیات و احادیث سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ «إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً» میں خاص آ دم علیہ السلام مراد نہیں ہیں بلکہ ان کی تمام اولاد مراد ہے، جنہیں اللہ تعالیٰ یکے بعد دیگرے اس زمین پر حکومت و خلافت عطا کرتا ہے۔

◈ امام ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «والظاهر أنه لم يرد آدم عينا، إذ لو كان ذلك، لما حسن قول الملائكة: ﴿أَتَجْعَلُ فِيها مَنْ يُفْسِدُ فِيها وَيَسْفِكُ الدِّماءَ﴾ فإنهم أرادوا: أن من هذا الجنس من يفعل ذلك .»
’’ ظاہر بات ہے کہ صرف آدم علیہ السلام کی ذات یہاں مراد نہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو فرشتوں کا یہ قول بہتر نہیں تھا۔ ’’ تو زمین میں ایسے کو خلیفہ بنائے گا جو اس میں فساد اور خون ریزی کرے گا۔" فرشتوں نے اس بات کا ارادہ کیا تھا کہ جنس آ دم میں سے ایسے لوگ ہیں جو فساد اور خونریزی کر یں گے۔" [تفسير ابن كثير: ص 49]

◈ علامہ ابوحفص عمر بن علی المعروف ابن عادل الدمشقی فرماتے ہیں: ’’ مفسرین نے اس بات میں دو وجہوں پر اختلاف کیا ہے کہ آدم علیہ السلام کو خلیفہ کیوں کہا گیا۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت بیان کی گئی ہے کہ جب اللہ نے زمین سے جنوں کو نکالا اور آدم علیہ السلام کو آباد کیا تو آدم علیہ السلام ان جنوں کے خلیفہ ہو گئے جو پہلے ہو گزرے، اس لیے کہ آدم علیہ السلام ان کے بعد میں آئے۔"

◈ اور دوسری وجہ یہ کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں خلیفہ اس لیے قرار دیا: «لأنه يخلف الله في الحكم بين خلقه، وهو المروي عن ابن مسعود وابن عباس والسدي، وهذا الرأي متأكد بقوله: ﴿إنا جعلناك خليفة في الأرض فاحكم بين الناس بالحق﴾» [ص: 26]
’’ وہ اللہ کی مخلوق کے درمیان اللہ کا حکم نافذ کرے گا اور یہ بات عبداللہ بن مسعود، عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم اور مفسر سدی سے روایت کی گئی ہے اور یہ رائے اللہ تعالیٰ کے اس فرمان سے موکد ہوتی ہے: ’’ بے شک ہم نے آپ کو زمین میں خلیفہ بنایا ہے آپ لوگوں کے درمیان حق سے فیصلہ کریں گے۔" [اللباب فى علوم الكتاب 1/ 501، 500]

↰ مفسرین کی ان توجیہات سے معلوم ہو ا کہ انسان اللہ تعالیٰ کا نائب نہیں ہے۔ اسے خلیفہ یا تو اس لیے کہا گیا کہ یکے بعد دیگرے بعض افراد بعض کے جانشین ہیں اور ایک زمانے کے بعد دوسرے زمانے میں یہ سلسلہ جاری و ساری ہے یا پھر اس لیے کہ انسان اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون لوگوں کے درمیان نافذ کرتا ہے اور اسے عدل و انصاف کے ساتھ فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

◈ حافظ صلاح الدین یوسف حفظ اللہ «إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً» کی تفسیر میں فرماتے ہیں: ’’ خلیفہ سے مراد ایسی قوم ہے جو ایک دوسرے کے بعد آئے گی اور یہ کہنا کہ انسان اس دنیا میں اللہ تعالیٰ کا خلیفہ ہے اور نائب ہے، غلط ہے۔" [تفسير احسن الكلام: ص 17]

↰ بعض علماء نے جو انسان کو اللہ کا نائب و خلیفہ قرار دیا ہے تو اس سے مراد اللہ کے احکامات کا نفاذ کرنے والا ہے۔

◈ مولانا عبدالرحمان کیلانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: ’’ یہاں علی الاطلاق خلیفہ (نائب، قائم مقام) کا لفظ استعمال ہو ا ہے، صراحتاً یہ معلوم نہیں ہو سکتا کہ آدم اللہ تعالیٰ کا خلیفہ ہے یا کسی دوسری مخلوق کا۔ بعض علماء کا یہ خیال ہے کہ خلیفہ چونکہ وہ شخص ہوتا ہے جو کسی کے مرنے یا عدم موجودگی کی صورت میں اس کے اختیارات سنبھالتا ہے اور اللہ تو «حي لا يموت» اور ہمہ وقت حاضر ہے۔ لہذٰا آدم اللہ کے خلیفہ نہیں تھے بلکہ جنوں کے خلیفہ تھے۔ پھر ایک ایسی روایت بھی ملتی ہے کہ انسان کی پیدائش سے پیشتر اس زمین پر جن آباد تھے جو فتنہ و فساد اور قتل و غارت کرتے رہتے تھے تو اللہ نے فرشتوں کا لشکر بھیج کر ان جنوں کو سمندروں کی طرف دھکیل دیا اور آدم علیہ السلام ان کے خلیفہ ہوئے اور بعض علماء کا یہ خیال ہے کہ خلافت یا نیابت کے لیے موت یا عدم موجوگی ضروری نہیں، بلکہ کوئی بااختیار ہستی اپنی موجوگی میں بھی کسی کو کچھ اختیارات تفویض کر کے اسے اپنا خلیفہ یا نائب بنا سکتی ہے کہ وہ اس کی منشا کے مطابق ان اختیارات کو استعمال کرے۔ ہمارے خیال میں دوسری رائے راجح ہے کیونکہ اس کی تائید ایک آیت سے بھی ہو جاتی ہے اور دنیا میں موجود سفارتی نظام سے بھی محولہ آیت کا ترجمہ یوں ہے: ’’ ہم نے امانت آسمانوں، زمین اور پہاڑوں پر پیش کی اور انہوں نے اسے اٹھانے سے انکار کر دیا اور اس بار عظیم کے اٹھانے سے ڈر گئے مگر انسان نے اسے اٹھا لیا کیونکہ انسان تو انہی جیسا ظالم واقع ہو ا ہے۔" [الاحزاب: 72] اور تمام مفسرین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ یہاں امانت سے مراد اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس کے فرائض و احکام کی تعمیل اور ان کے نفاذ کا بار ہے اور اس کا دوسرا نظام، نظام خلافت ہے۔" [تيسير القرآن: 1/ 389]

↰ مفسرین کی اس توضیح سے معلوم ہو ا کہ انسان کے خلیفہ ہونے کا یا تو یہ مفہوم ہے کہ یہ زمین پر اللہ تعالیٰ کے احکامات کی تعمیل، اطاعت و فرماں برداری اور شرعی قواعد و ضوابط کا نفاذ کرتا ہے یا پھر یہ ایک دوسرے کے بعد اس زمین پر وارد ہوتے ہیں اور صدیوں سے یہ سلسلہ جاری ہے اور تا قیام قیامت جاری رہے گا۔ جیسا کہ امام ابن کثیر کے حوالے سے اور کئی ایک آیات قرآنیہ کے حوالے سے اوپر گزر چکا ہے۔ البتہ اگر کوئی شخص انسان کو اللہ کا نائب یا خلیفہ اس معنوں میں لے کہ اللہ تعالیٰ کے کام انسان کرتا ہے اور اس کے افعال میں نائب ہے تو یہ معنی غلط ہے۔ اللہ تعالیٰ صحیح فہم نصیب فرمائے اور سلف صالحین کے منہج پر قائم و دائم رکھے۔ «آمين!»
درج بالا اقتباس احکام و مسائل، حدیث/صفحہ نمبر: 13 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2742 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں،آپ نے فرمایا:"دنیا شیریں اور سر سبز و شاداب ہے اور اللہ تعالیٰ تمھیں اس میں ایک دوسرے کا جانشین بنانے والا ہے تاکہ وہ جائزہ لے تم کیسے عمل کرتے ہو۔ چنانچہ دنیا سے بچو اور عورتوں سے بچ کر رہو۔ کیونکہ بنو اسرائیل کا پہلا امتحان عورتوں کے ذریعہ ہوا تھا:"ابن بشار کی حدیث میں ہے:"تاکہ وہ دیکھے تم کس طرح عمل کرتے ہو۔" یعنی "فَيَنظُر" کی جگہ "لِيَنظُرَ"ہے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:6948]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: دنیا میں اللہ تعالیٰ نے دو خصوصیتیں رکھی ہیں، وہ قلب و جگر کو شیریں ہو کر متاثر کرتی ہے اور سر سبزوشاداب ہو کر نظروں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے، اس طرح قلب و نظر دونوں اس سے متاثر ہوتے ہیں، حالانکہ اس کی مٹھاس اور سر سبزی جلد ہی فنا کا شکار ہوجاتی ہے اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کے دور میں دشمنوں نے للبعام کے مشورہ سے اسرائیلی لشکر میں حسین وجمیل نوجوان عورتیں بھیجی تھیں، جن سے بعض فوجیوں نے بد کاری کر لی تھی، جس کی بنا پر ان پر طاعون کا عذاب آیاتھا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6948 سے ماخوذ ہے۔