687/890 عن البراء بن عازب، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: " من منح منيحة(1) أو هدى زقاقاً(2)- أو قال: طريقاً – كان له عدل عتاق نسمة".
ترجمہ:مولانا عثمان منیب
سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جس نے کسی کو دودھ والا جانور عطیہ کے طور پر دیا، یا کسی کو گلی — یا فرمایا: راستہ — بتایا، تو اس کے لیے ایک جان (غلام) آزاد کرنے کے برابر (ثواب) ہے۔“
688/891- عن أبي ذر يرفعه (قال: ثم قال بعد ذلك: لا أعلمه إلا رفعه) قال: " إفراغك من دلوك في دلو أخيك صدقة، وأمرك بالمعروف ونهيك عن المنكر صدقة، وتبسمك في وجه أخيك صدقة، وإماطتك الحجر والشوك والعظم عن طريق الناس لك صدقة، وهدايتك الرجل في أرض الضالة صدقة".
ترجمہ:مولانا عثمان منیب
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے (راوی نے کہا: پھر اس کے بعد انہوں نے کہا: میں یہی جانتا ہوں کہ انہوں نے اسے مرفوعاً ہی بیان کیا ہے)، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہارا اپنے ڈول سے اپنے بھائی کے ڈول میں پانی ڈال دینا صدقہ ہے، تمہارا نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا صدقہ ہے، تمہارا اپنے بھائی کے سامنے مسکرانا صدقہ ہے، تمہارا لوگوں کے راستے سے پتھر، کانٹا اور ہڈی ہٹا دینا تمہارے لیے صدقہ ہے، اور بھٹکا دینے والی سرزمین میں کسی آدمی کو راستہ بتانا صدقہ ہے۔“