ریاض الصالحین — حدیث نمبر 967
باب: سفر میں چلنے، پڑاؤ ڈالنے، رات گزارنے اور سونے کے آداب، رات کو سفر کرنے کا استحباب، جانوروں کے ساتھ نرمی اور ان کی مصلحت کا خیال رکھنا، جو ان کے حق میں کوتاہی کرے اسے ان کا حق ادا کرنے کا حکم دینا، اور جانور پر (کسی کو) پیچھے بٹھانے کا جواز جب وہ اس کی طاقت رکھتا ہو
باب آداب السير والنزول والمبيت والنوم في السفر واستحباب السُّرَى والرفق بالدواب ومراعاة مصلحتها وأمر من قصّر في حقها بالقيام بحقها وجواز الإرداف عَلَى الدابة إِذَا كانت تطيق ذلك
وعن أَبي جعفر عبد الله بن جعفر رضي الله عنهم، قَالَ: أردفني رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - ذَاتَ يَوْمٍ خَلْفَهُ، وَأسَرَّ إليَّ حَدِيثًا لا أُحَدِّثُ بِهِ أحَدًا مِنَ النَّاسِ، وَكَانَ أحَبَّ مَا اسْتَتَرَ بِهِ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - لِحاجَتِهِ هَدَفٌ أَوْ حَائِشُ نَخْلٍ. يَعنِي: حَائِطَ نَخْلٍ. رواه مسلم هكَذَا مُختصرًا. وزادَ فِيهِ البَرْقاني بإسناد مسلم - بعد قَوْله: حَائِشُ نَخْلٍ - فَدَخَلَ حَائِطًا لِرَجُلٍ مِنَ الأنْصَارِ، فَإذا فِيهِ جَمَلٌ، فَلَمَّا رَأى رَسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - جَرْجَرَ وذَرَفَتْ عَيْنَاهُ، فَأتَاهُ النَّبيُّ - صلى الله عليه وسلم - فَمَسَحَ سَرَاتَهُ - أيْ: سِنَامَهُ - وَذِفْرَاهُ فَسَكَنَ، فَقَالَ: «مَنْ رَبُّ هَذَا الجَمَلِ؟ لِمَنْ هَذَا الجَمَلُ؟» فَجَاءَ فَتَىً مِنَ الأنْصَارِ، فَقَالَ: هَذَا لِي يَا رسولَ الله. قَالَ: «أفَلاَ تَتَّقِي اللهَ في هذِهِ البَهِيمَةِ الَّتي مَلَّكَكَ اللهُ إيَّاهَا؟ فَإنَّهُ يَشْكُو إلَيَّ أنَّكَ تُجِيعُهُ وتُدْئِبُهُ». رواه أَبُو داود كرواية البرقاني.
قَوْله «ذِفْرَاهُ»: هُوَ بكسر الذال المعجمة وإسكان الفاءِ، وَهُوَ لفظ مفرد مؤنث. قَالَ أهل اللغة: الذِّفْرى: الموضع الَّذِي يَعْرَقُ مِن البَعِيرِ خَلف الأُذُنِ، وَقوله: «تُدْئِبهُ» أيْ: تتعِبه.سیدنا ابوجعفر عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ایک دن رسول اللہ ﷺ نے مجھے اپنے پیچھے (سواری پر) بٹھایا اور مجھ سے راز کی ایک بات کہی جو میں لوگوں میں سے کسی کو نہیں بتاؤں گا۔ اور رسول اللہ ﷺ قضائے حاجت کے لیے جس چیز کی اوٹ لینا سب سے زیادہ پسند فرماتے تھے وہ کوئی اونچی جگہ (ٹیلا) یا کھجوروں کا جھنڈ تھا — یعنی کھجوروں کا باغ۔
(اسے مسلم نے اسی طرح مختصر روایت کیا ہے)
اور برقانی نے مسلم ہی کی سند سے اس میں — «حَائِشُ نَخْلٍ» کے الفاظ کے بعد — یہ اضافہ کیا ہے: پھر آپ ﷺ ایک انصاری آدمی کے باغ میں داخل ہوئے تو وہاں ایک اونٹ تھا، جب اس نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا تو بلبلایا اور اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، تو نبی کریم ﷺ اس کے پاس آئے اور اس کی پشت — یعنی کوہان — اور اس کے کانوں کے پیچھے والے حصے پر ہاتھ پھیرا تو وہ پرسکون ہو گیا۔ پھر آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس اونٹ کا مالک کون ہے؟ یہ اونٹ کس کا ہے؟“ تو انصار میں سے ایک نوجوان آیا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! یہ میرا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا تم اس جانور کے بارے میں اللہ سے نہیں ڈرتے جس کا اللہ نے تمہیں مالک بنایا ہے؟ یہ مجھ سے شکایت کر رہا ہے کہ تم اسے بھوکا رکھتے ہو اور (کام لے لے کر) تھکاتے ہو۔“
(اسے ابوداود نے برقانی کی روایت کی طرح روایت کیا ہے)
«ذِفْرَاهُ»: ذال معجمہ کے کسرہ اور فاء کے سکون کے ساتھ ہے، اور یہ مفرد مؤنث لفظ ہے۔ اہل لغت نے کہا ہے: «الذِّفْرَى» اونٹ کے کان کے پیچھے وہ جگہ ہے جہاں سے اسے پسینہ آتا ہے۔
«تُدْئِبُهُ»: یعنی تم اسے تھکاتے ہو۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ایک دن اپنے پیچھے سوار کیا پھر مجھ سے چپکے سے ایک بات کہی جسے میں کسی سے بیان نہیں کروں گا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بشری ضرورت کے تحت چھپنے کے لیے دو جگہیں بہت ہی پسند تھیں، یا تو کوئی اونچا مقام، یا درختوں کا جھنڈ، ایک بار آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی انصاری کے باغ میں تشریف لے گئے تو سامنے ایک اونٹ نظر آیا جب اس نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تو رونے لگا اور اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس آئے، اس۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2549]
1۔
اونٹ کا نبی کریم ﷺ کو پہچان لینا اور آپ کے سامنے مالک کا اپنے انداز میں شکوہ کرنا نبی کریم ﷺ کا معجزہ ہے۔
2۔
جانور سے اسی قدر کام لینا چاہیے۔
جو اس کی طاقت وہمت کے مطابق ہو۔
زیادہ کام لینا اور پھر خدمت بھی نہ کرنا حرام ہے۔
اور خادم کا معاملہ بھی اسی طرح ہے۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری رسول نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بےشمار معجزے دے کر بھیجا مثلاًً: قرآن مجید
مستقبل کے بارے میں سچی پیشین گوئیاں مثلاًً حجاز سے ایک بڑی آگ کا نکلنا، سیدنا عمار بن یاسر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما کا شہید ہونا وغیرہ، تفصیل کے لئے دیکھئے امام بیہقی رحمہ اللہ کی مشہور کتاب: دلائل النبوۃ [6 / 312۔ 552]
چاند کے دو ٹکڑے ہو جانا۔
آپ کے ہاتھ کی انگلیوں سے پانی کا چشمہ جاری ہونا۔
آپ کی جدائی میں کھجور کے تنے کا رونا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ساری زندگی کا پاک و بےداغ ہونا جس کا اعتراف کفار بھی کرتے تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نبی اُمی (ان پڑھ) ہو کر ہر لحاظ سے مکمل اور جامع دینِ اسلام پیش کرنا۔
ہر دعا کی قبولیت کے ساتھ مستجاب الدعوات ہونا۔
قوت دلائل کے لحاظ سے تمام ا دیان پر دینِ اسلام کا ہمیشہ غالب ہونا۔
بےزبان جانوروں کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کلام کرنا مثلاًً
سیدنا عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک انصاری کے باغ میں داخل ہوئے تو وہاں ایک اونٹ تھا، جب اس نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تو رونی سی آواز نکالی اور اس کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس آئے، اس کے سر پر ہاتھ پھیرا تو وہ چُپ ہو گیا۔
پھر آپ نے پوچھا: اس اونٹ کا مالک کون ہے؟ یہ اونٹ کس کا ہے؟ ایک انصاری نوجوان نے آکر بتایا کہ یا رسول اللہ! یہ میرا اونٹ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «أفلا تتقي الله فى هٰذه البهيمة التى ملكك الله إياها؟ فإنه شكا إليّ أنك تجيعه و تدئبه .»
کیا تُو اس جانور کے بارے میں اللہ سے نہیں ڈرتا جس کا تجھے اللہ نے مالک بنایا ہے؟ اس (اونٹ) نے مجھ سے شکایت کی ہے کہ تو اُسے بھوکا رکھتا ہے اور ہمیشہ کام لیتا ہے۔
[سنن ابي داود: 2549 وسنده صحيح واصله فى صحيح مسلم: 342]
ان کے علاوہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اور بھی بہت سے معجزات ہیں مثلاًً آپ کے باعث کھانے میں برکت ہونا وغیرہ۔
یہ تحریر محدّث العَصر حَافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی تحقیق میں موطا إمام مالک کے ’’مقدمہ" صفحہ نمبر 44 سے لی گئی ہے۔
عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو قضائے حاجت کے وقت آڑ کے لیے ٹیلے یا کھجوروں کے جھنڈ سب سے زیادہ پسندیدہ تھے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطهارة وسننها/حدیث: 340]
درخت کی آڑ میں قضائے حاجت کرنا درست ہے جب کہ وہ درخت پھل والا نہ ہو۔
کھجور کا پھل ایک خاص موسم میں اتارا جاتا ہے، اس لیے دوسرے موسموں میں اس سے پھل حاصل کرنے کے لیے اس کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
سائے کے لیے بھی کھجور کے باغ سے تو فائدہ حاصل کیا جاتا ہے۔
الگ لگے ہوئے درختوں کو اس مقصد کے لیے اہمیت نہیں دی جاتی البتہ چھوٹے قد کے درخت جو پھل لگنے کی عمر کو نہیں پہنچے ہوتے اچھا پردہ فراہم کرتے ہیں۔
قضائے حاجت کے وقت درختوں یا اونچی جگہ کے پیچھے اس قدر چھپنا یا نشیبی زمین میں اتنا پردہ حاصل کرنا کہ لوگوں کی نظروں سے انسان کا تمام جسم غائب ہو جائے، مستحب عمل اور سنت موکدہ ہے۔
[نووي: 34/4]