ریاض الصالحین — حدیث نمبر 962
باب: سفر میں چلنے، پڑاؤ ڈالنے، رات گزارنے اور سونے کے آداب، رات کو سفر کرنے کا استحباب، جانوروں کے ساتھ نرمی اور ان کی مصلحت کا خیال رکھنا، جو ان کے حق میں کوتاہی کرے اسے ان کا حق ادا کرنے کا حکم دینا، اور جانور پر (کسی کو) پیچھے بٹھانے کا جواز جب وہ اس کی طاقت رکھتا ہو
باب آداب السير والنزول والمبيت والنوم في السفر واستحباب السُّرَى والرفق بالدواب ومراعاة مصلحتها وأمر من قصّر في حقها بالقيام بحقها وجواز الإرداف عَلَى الدابة إِذَا كانت تطيق ذلك
عن أَبي هُريرةَ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «إِذَا سَافَرْتُمْ فِي الخِصْبِ، فَأعْطُوا الإبلَ حَظَّهَا مِنَ الأَرْضِ، وَإِذَا سَافَرْتُمْ في الجدْبِ، فَأسْرِعُوا عَلَيْهَا السَّيْرَ، وَبَادِرُوا بِهَا نِقْيَهَا، وَإِذَا عَرَّسْتُمْ، فَاجْتَنِبُوا الطَّرِيقَ؛ فَإنَّهَا طُرُقُ الدَّوَابِّ، وَمَأوَى الهَوَامِّ بِاللَّيْلِ». رواه مسلم.
مَعنَى «أعْطُوا الإبِلَ حَظَّهَا مِنَ الأرْضِ» أيْ: ارْفُقُوا بِهَا في السَّيْرِ لِتَرْعَى في حَالِ سَيرِهَا، وَقوله: «نِقْيَهَا» هُوَ بكسر النون وإسكان القاف وبالياءِ المثناة من تَحْت وَهُوَ: المُخُّ، معناه: أسْرِعُوا بِهَا حَتَّى تَصِلُوا المَقصِدَ قَبْلَ أَنْ يَذْهَبَ مُخُّهَا مِنْ ضَنْك السَّيْرِ. وَ«التَّعْرِيسُ»: النُزولُ في اللَّيلِ.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم سرسبزی (کے زمانے) میں سفر کرو تو اونٹوں کو زمین سے ان کا حصہ دو، اور جب تم قحط سالی (خشکی) میں سفر کرو تو ان پر تیزی سے چلو، اور ان کا گودا (ختم ہونے) سے پہلے (منزل تک) پہنچ جاؤ، اور جب تم رات کو پڑاؤ ڈالو تو راستے سے بچو، کیونکہ وہ جانوروں کے راستے اور رات کو کیڑوں مکوڑوں کا ٹھکانا ہوتا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«أَعْطُوا الْإِبِلَ حَظَّهَا مِنَ الْأَرْضِ»: یعنی چلنے میں ان کے ساتھ نرمی کرو تاکہ وہ چلتے ہوئے چرتی رہیں۔
«نِقْيَهَا»: نون کے کسرہ، قاف کے سکون اور نیچے دو نقطوں والی یاء کے ساتھ ہے، اور اس سے مراد گودا (مغز) ہے۔ اس کا معنی یہ ہے کہ ان پر تیزی سے چلو یہاں تک کہ سفر کی مشقت سے ان کا گودا ختم ہونے سے پہلے منزل مقصود تک پہنچ جاؤ۔
«التَّعْرِيسُ»: رات کو پڑاؤ ڈالنا۔
تشریح، فوائد و مسائل
هوام، هامة کی جمع ہے، زہریلے کیڑے۔
فوائد ومسائل: اس حدیث نے ہمیں آداب سفر سکھائے ہیں، کہ جب جانور پر سفر کرو، تو ان کے کھانے پینے کا لحاظ رکھو، اگر سرسبز و شاداب علاقہ کا سفر ہو، تو جانور کو زیادہ دوڑانا نہیں چاہیے اور اس کو چرنے چگنے کا موقعہ دینا چاہیے، لیکن اگر قحط سالی کا موسم ہو، راستہ میں چارا نہ ہو، تو پھر سفر میں تیز رفتاری اختیار کر کے جلد اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کی کوشش کرنا چاہیے، تاکہ وہاں جا کر ان کو چارا مہیا کیا جا سکے، اس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جانوروں سے کام لینے کے آداب بتائے ہیں، آج اس کے امتی ڈرائیوروں کے کھانے پینے اور آرام و سہولت کا لحاظ نہیں رکھتے۔
نیز آپﷺ نے فرمایا، رات کو جب پڑاؤ کرنا، تو راستہ کے درمیان پڑاؤ نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ ممکن ہے، کچھ اور لوگ سفر کر رہے ہوں اور انہیں یہاں سے گزرنا پڑے اور انہیں راستہ کی تنگی سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا اور راستہ اگر خالی ہو تو رات کو حشرات الارض اپنی بلوں سے نکل کر راستہ میں آ جاتے ہیں، اس لیے راستہ میں پڑاؤ کرنے سے ان کے ڈسنے کا بھی احتمال ہوتا ہے، اس لیے رات کو راستہ سے ہٹ کر پڑاؤ کرنا چاہیے، اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے، راستہ میں گاڑیوں کا کھڑا کرنا درست نہیں ہے، کیونکہ اس سے گزرنے والوں کو تکلیف ہوتی ہے، اس لیے ٹریفک کے اصول کی پابندی ضروری ہے، تاکہ کسی کو تکلیف نہ ہو اور سڑکوں کو بلاک کرنا، اس طرح گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جو مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی، جائز نہیں ہے۔
طرق الدواب: جانوروں کے راستے، اس کا معنی یہ بھی ہوسکتا ہے، کہ رات کو درندے اور زہریلے کیڑے راستہ خالی دیکھ گری پڑی کوئی چیز اٹھانے کے لیے ان پر چلتے ہیں اور یہ بھی مراد لیا جا سکتا ہے، کہ کسی اور قافلہ والوں کو وہاں سے گزرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے، اس لیے راستہ پر قیام نہیں کرنا چاہیے۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب تم ہریالی اور شادابی کے زمانہ میں سفر کرو تو اونٹ کو زمین سے اس کا حق دو (یعنی جی بھر کر چر لینے دیا کرو) اور جب تم خزاں و خشکی اور قحط کے دنوں میں سفر کرو اس کی قوت سے فائدہ اٹھا لینے میں کرو تو جلدی ۱؎ اور جب تم رات میں قیام کے لیے پڑاؤ ڈالو تو عام راستے سے ہٹ کر قیام کرو، کیونکہ یہ (راستے) رات میں چوپایوں کے راستے اور کیڑوں مکوڑوں کے ٹھکانے ہیں۔" [سنن ترمذي/كتاب الأدب/حدیث: 2858]
وضاحت:
1؎:
یعنی کوشش کر کے جلد منزل پر پہنچ جاؤ، کیونکہ اگر منزل پر پہنچنے سے پہلے چارے کی کمی کے باعث اونٹ کمزور پڑ گیا تو تم پریشانیوں اور مصیبتوں میں مبتلا ہو جاؤ گے۔