ریاض الصالحین — حدیث نمبر 710
باب: خوش خبری دینے اور بھلائی پر مبارک باد دینے کے مستحب ہونے کا بیان
باب استحباب التبشير والتهنئة بالخير
وعن ابن شِمَاسَة، قَالَ: حَضَرْنَا عَمْرَو بنَ العَاصِ - رضي الله عنه - وَهُوَ في سِيَاقَةِ الْمَوْتِ، فَبَكَى طَوِيلًا، وَحَوَّلَ وَجْهَهُ إِلَى الجِدَارِ، فَجَعَلَ ابْنُهُ، يَقُولُ: يَا أبَتَاهُ، أمَا بَشَّرَكَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - بكَذَا؟ أمَا بَشَّرَكَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - بِكَذَا؟ فَأقْبَلَ بِوَجْهِهِ، فَقَالَ: إنَّ أفْضَلَ مَا نُعِدُّ شَهَادَةُ أَنْ لا إلهَ إِلاَّ الله، وَأنَّ مُحَمَّدًا رسول اللهِ، إنِّي قَدْ كُنْتُ عَلَى أطْبَاقٍ ثَلاَثٍ: لَقَدْ رَأيْتُنِي وَمَا أحَدٌ أشَدُّ بُغضًا لرسولِ الله - صلى الله عليه وسلم - مِنِّي، وَلاَ أحَبَّ إليَّ مِنْ أَنْ أكُونَ قدِ اسْتَمكنتُ مِنْهُ فَقَتَلْتُه، فَلَوْ مُتُّ عَلَى تلكَ الحَالِ لَكُنْتُ مِنْ أهْلِ النَّارِ، فَلَمَّا جَعَلَ اللهُ الإسلامَ في قَلْبِي أتَيْتُ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - فقُلْتُ: ابسُطْ يَمِينَكَ فَلأُبَايِعُك، فَبَسَطَ يَمِينَهُ فَقَبَضْتُ يَدِي، فَقَالَ: «مَا لَكَ يَا عَمْرُو؟» قلتُ: أردتُ أَنْ أشْتَرِطَ، قَالَ: «تَشْتَرِط مَاذا؟» قُلْتُ: أَنْ يُغْفَرَ لِي، قَالَ: «أمَا عَلِمْتَ أن الإسلامَ يَهْدِمُ مَا كَانَ قَبْلَهُ، وَأن الهِجْرَةَ تَهْدِمُ مَا كَانَ قَبلَهَا، وَأنَّ الحَجَّ يَهْدِمُ مَا كَانَ قَبْلَهُ؟» وَمَا كَانَ أحدٌ أحَبَّ إليَّ مِنْ رَسُولِ الله - صلى الله عليه وسلم - وَلاَ أجَلَّ في عَيني مِنْهُ وَمَا كُنْتُ أُطيقُ أن أملأ عَيني مِنْهُ؛ إجلالًا لَهُ، ولو سئلت أن أصفه مَا أطقت، لأني لَمْ أكن أملأ عيني مِنْهُ، ولو مُتُّ عَلَى تِلْكَ الحالِ لَرجَوْتُ أن أكُونَ مِنْ أهْلِ الجَنَّةِ، ثُمَّ وَلِينَا أشْيَاءَ مَا أدْرِي مَا حَالِي فِيهَا؟ فَإذَا أنَا مُتُّ فَلاَ تَصحَبَنِّي نَائِحَةٌ وَلاَ نَارٌ، فَإذا دَفَنْتُمُونِي، فَشُنُّوا عَليَّ التُّرابَ شَنًّا، ثُمَّ أقِيمُوا حَوْلَ قَبْرِي قَدْرَ مَا تُنْحَرُ جَزورٌ، وَيُقْسَمُ لَحْمُهَا، حَتَّى أَسْتَأنِسَ بِكُمْ، وَأنْظُرَ مَا أُرَاجعُ بِهِ رسُلَ رَبّي. رواه مسلم.
قَوْله: «شُنُّوا» رُوِي بالشّين المعجمة والمهملةِ، أيْ: صُبُّوه قَليلًا قَليلًا، والله سبحانه أعلم.ابن شماسہ رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ہم سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے پاس اس وقت حاضر ہوئے جب وہ موت کی حالت (نزع) میں تھے، تو وہ دیر تک روتے رہے اور اپنا چہرہ دیوار کی طرف پھیر لیا۔ ان کا بیٹا کہنے لگا: ابا جان! کیا رسول اللہ ﷺ نے آپ کو فلاں (چیز) کی خوش خبری نہیں دی تھی؟ کیا رسول اللہ ﷺ نے آپ کو فلاں (چیز) کی خوش خبری نہیں دی تھی؟ تو انہوں نے اپنا چہرہ (ہماری طرف) کیا اور فرمایا: سب سے افضل چیز جو ہم (آخرت کے لیے) تیار کرتے ہیں وہ اس بات کی گواہی ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور یہ کہ محمد (ﷺ) اللہ کے رسول ہیں۔ میں تین حالتوں سے گزرا ہوں: (پہلی حالت یہ تھی کہ) میں نے اپنے آپ کو اس حال میں دیکھا کہ رسول اللہ ﷺ سے مجھ سے زیادہ بغض رکھنے والا کوئی نہ تھا، اور مجھے اس سے زیادہ کوئی چیز پسند نہ تھی کہ مجھے آپ پر قابو مل جائے اور میں آپ کو قتل کر دوں، اگر میں اس حالت پر مر جاتا تو یقیناً جہنمیوں میں سے ہوتا۔ پھر جب اللہ نے میرے دل میں اسلام ڈال دیا تو میں نبی کریم ﷺ کے پاس آیا اور عرض کیا: اپنا دایاں ہاتھ بڑھائیے تاکہ میں آپ سے بیعت کروں، تو آپ نے اپنا دایاں ہاتھ بڑھایا، تو میں نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اے عمرو! تمہیں کیا ہوا؟“ میں نے عرض کیا: میں شرط لگانا چاہتا ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا شرط لگانا چاہتے ہو؟“ میں نے عرض کیا: یہ کہ مجھے بخش دیا جائے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا تم نہیں جانتے کہ اسلام اپنے سے پہلے کے (گناہوں) کو مٹا دیتا ہے، اور ہجرت اپنے سے پہلے کے (گناہوں) کو مٹا دیتی ہے، اور حج اپنے سے پہلے کے (گناہوں) کو مٹا دیتا ہے؟“ (پھر یہ حالت ہو گئی کہ) مجھے رسول اللہ ﷺ سے زیادہ کوئی محبوب نہ تھا اور نہ میری نگاہ میں آپ سے زیادہ کوئی باعظمت تھا، اور آپ کی تعظیم کی وجہ سے میں آپ کو آنکھ بھر کر دیکھنے کی طاقت نہیں رکھتا تھا، اور اگر مجھ سے آپ کا حلیہ بیان کرنے کو کہا جائے تو میں نہیں کر سکوں گا، کیونکہ میں آپ کو آنکھ بھر کر نہیں دیکھتا تھا۔ اگر میں اس حالت پر مر جاتا تو مجھے امید تھی کہ میں جنتیوں میں سے ہوتا۔ پھر ہم نے کچھ (حکومتی) ذمہ داریاں سنبھالیں، میں نہیں جانتا کہ ان میں میرا کیا حال ہے؟ لہٰذا جب میں مر جاؤں تو میرے (جنازے کے) ساتھ نہ کوئی نوحہ کرنے والی جائے اور نہ آگ، اور جب تم مجھے دفن کر دو تو مجھ پر آہستہ آہستہ مٹی ڈالنا، پھر میری قبر کے گرد اتنی دیر ٹھہرنا جتنی دیر میں ایک اونٹ ذبح کیا جائے اور اس کا گوشت تقسیم کیا جائے، تاکہ میں تم سے انس حاصل کروں اور دیکھ لوں کہ میں اپنے رب کے بھیجے ہوئے (فرشتوں) کو کیا جواب دیتا ہوں۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«شُنُّوا»: یہ شین معجمہ اور (سین) مہملہ دونوں کے ساتھ روایت کیا گیا ہے، یعنی اسے تھوڑا تھوڑا کر کے ڈالو۔ واللہ سبحانہ اعلم۔
تشریح، فوائد و مسائل
: (1)
سِيَاقُ الْمَوْتِ: موت کی آمد، موت کا قرب۔
(2)
أَطْبَاقٌ: طَبَقٌ کی جمع ہے، حالت۔
(3)
اسْتَمْكَنْتُ: مکنت و قدرت حاصل کر سکوں۔
(4)
مكنة (قوت)
سے ماخوذ ہے۔
(5)
ابْسُطْ يَمِينَكَ: اپنا داہنا ہاتھ بڑھائیے۔
(6)
يَهْدِمُ مَا قَبْلَهُ: پہلے اثرات مٹا دیتا ہے یا ختم کر دیتا ہے، یعنی اس سے پہلے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔
(7)
إِجْلَالٌ: جلالت سے ماخوذ ہے، عظمت و بڑائی۔
(8)
أَنْ أَصِفَهُ: آپ کا حلیہ و صورت بیان کروں۔
(9)
شُنُّوا عَلَيَّ التُّرَابَ: مجھ پر مٹی ڈالنا۔
(10)
نَائِحَةٌ: نوحہ اور ماتم کرنے والی۔
(11)
جَزُورٌ: اونٹنی جسے نحر کیا جاتا ہے۔
فوائد ومسائل:
(1)
حدیث سے اسلام، ہجرت اور حج کی عظمت اور مقام ومرتبہ ظاہر ہے، اگر یہ کام اخلاص اور حسنِ نیت سے کیے جائیں تو ان سے پہلے تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں اور گناہوں کی نحوست سے پاک ہو کر انسان نیکی کرنے کا جذبہ حاصل کر لیتا ہے، اسلام لاتے ہی مبغوض ترین شخصیت، محبوب ترین بن جاتی ہے۔
(2)
جاہلیت کے دور میں مرنے والے کے ساتھ، اس کی عظمت اور قدر ومنزلت کے اظہار کے لیے ماتم کرنے والی جاتی تھیں، اور اس کی جود وسخا کی طرف اشارہ کرنے کے لیے آگ بھی ساتھ لے جائی جاتی تھی، جاہلیت کے اس شعار کو اسلام نے ختم کر دیا۔
(3)
حاضرین کو قبر پر مٹی ڈالنا چاہیے، میت کو دفن کرنے کے بعد قبر کے پاس کچھ وقت کے لیے رک کر ثابت قدمی کی دعا کرنا مسنون ہے۔
لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ قبر کے پاس جو گفتگو کی جاتی ہے قبر والا اس کو سنتا ہے۔
«. . . وَعَن عَمْرو بن الْعَاصِ قَالَ: «أَتَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقلت ابْسُطْ يَمِينك فلأبايعك -[16]- فَبسط يَمِينه قَالَ فَقَبَضْتُ يَدِي فَقَالَ مَا لَكَ يَا عَمْرُو قلت أردْت أَن أشْتَرط قَالَ تَشْتَرِطُ مَاذَا قُلْتُ أَنْ يُغْفَرَ لِي قَالَ أما علمت أَنَّ الْإِسْلَامَ يَهْدِمُ مَا كَانَ قَبْلَهُ وَأَنَّ الْهِجْرَةَ تَهْدِمُ مَا كَانَ قَبْلَهَا وَأَنَّ الْحَجَّ يهدم مَا كَانَ قبله» ؟ وَالْحَدِيثَانِ الْمَرْوِيَّانِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: " قَالَ اللَّهُ تَعَالَى: «أَنَا أَغْنَى الشُّرَكَاءِ عَنِ الشِّرْكِ» . والاخر: «الْكِبْرِيَاء رِدَائي» سَنَذْكُرُهُمَا فِي بَابِ الرِّيَاءِ وَالْكِبْرِ إِنْ شَاءَ الله تَعَالَى . . .»
". . . سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوا عرض کیا: آپ داہنا ہاتھ پھیلائیے آپ کے دست مبارک پر بیعت کروں گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے داہنے ہاتھ کو آگے بڑھا دیا۔ میں نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "یہ کیا؟" میں نے عرض کیا کچھ شرط کرنا چاہتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "کیا شرط لگانا چاہتے ہو؟ وہ شرط لگا لو"، میں نے عرض کیا کہ اس شرط پر بیعت کرں گا کہ میرے سب گناہوں کی بخشش ہو جائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اے عمرو! کیا تمہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ اسلام ان تمام گناہوں کو گرا دیتا ہے۔ یعنی نیست و نابود کر دیتا ہے جو اسلام سے پہلے صادر ہو گئے تھے اور ہجرت ان تمام گناہوں کو ساقط کر دیتی ہے جو ہجرت سے پہلے ہوئے تھے۔ اور حج بھی ان تمام گناہوں کا خاتمہ کر دیتا ہے جو حج سے پہلے ہو گئے تھے۔" . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 28]
[صحیح مسلم 321]
فقہ الحدیث
➊ ثابت ہوا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں آپ کی اور آپ کی وفات کے بعد «اولوالامر» (امراء) کی بیعت دائیں ہاتھ سے کی جاتی تھی۔
سیدنا عبداللہ بن بسر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: «ترون كفي هذه، فأشهد أني وضعتها على كف محمد صلى الله عليه وسلم»
"تم میری یہ ہتھیلی دیکھتے ہو، میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے اسے (سیدنا) محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلی پر (بیعت کے لئے) رکھا تھا۔" [مسند أحمد 189/4 ح 17842 و سنده صحيح، وأخطأ من أعله، وأورده الضياء فى المختاره 59/9]
لہٰذا صرف دائیں ہاتھ سے مصافحہ جائز و مشروع بلکہ افضل ہے۔
دیوبندیوں کے ایک بڑے عالم محمود حسن گنگوہی صاحب ایک شخص کے استفسار پر مصافحہ کے بارے میں کہتے ہیں: "ایک ہاتھ سے بھی صحیح ہے اور دونوں ہاتھوں سے بھی، دونوں قول کوکب الدری ج 2 ص 141 میں ہیں۔" [ملفوظات فقيه الامت ج7 ص23]
صحیح بخاری میں ہے کہ: «وصافح حماد بن زيد ابن المبارك بيديه»
"اور حماد بن زید نے ابن المبارک سے دونوں ہاتھوں کے ساتھ مصافحہ کیا۔" [كتاب الاستئذان باب الاخذ باليدين قبل ح: 6265]
لہٰذا اگر کوئی شخص دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کرتا ہے تو یہ بھی جائز ہے، لیکن بہتر یہی ہے کہ عام مرفوع احادیث سے استنباط کرتے ہوۓ صرف ایک (دائیں) ہاتھ سے ہی مصافحہ کیا جائے۔ «والله اعلم»
فائدہ: ثابت البنانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «كنا إذا أتينا أنس بن مالك، فإذا رآنا دعا بدهن طيب، فيمسح به يديه ليصافح به أخوانه»
"ہم جب سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے پاس آتے، جب وہ ہمیں دیکھتے تو خوشبودار تیل منگواتے پھر اسے اپنے دونوں ہاتھوں پر ملتے تاکہ اس (خوشبودار تیل) کے ساتھ اپنے بھائیوں سے مصافحہ کریں۔" [كتاب الزهد لابي حاتم الرازي ص76 وسنده صحيح]
اسی روایت کی دوسری سند میں ثابت البنانی رحمہ اللہ سے آیا ہے کہ: «أن انسا كان أصبح دهن يده بدهن طيب لمصافحة إخوانه»
بےشک جب صبح ہوئی تو سیدنا انس رضی اللہ عنہ اپنے ہاتھ پر خوشبودار تیل لگاتے تاکہ اپنے بھائیوں سے مصافحہ کریں۔ [الادب المفرد و للبحاري: 1012 وسنده حسن]
اس مسئلے میں تشدد کرنا صحیح نہیں ہے۔ جس کی جو تحقیق ہے وہ اس پر عمل کر لے، ان شاء اللہ عنداللہ ماجور ہو گا۔ نیز دیکھئے: [الادب المفرد للبخاري: 973 و سنده حسن]
➋ اگر کوئی (دارالحرب والا) کافر سچے دل سے مسلمان ہو جائے تو اس کے پہلے (سابقہ) سارے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ حج اور ہجرت سے سارے صغیرہ گناہ بخش دیے جاتے ہیں۔ کبیرہ گناہوں کی معافی کے لئے توبہ اور حق دار تک اس کا حق لوٹانا ضروری ہے۔
➌ سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کی یہ درخواست کہ ان کی مغفرت ہو جائے، ان کی فضیلیت کی زبردست دلیل ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: «ابنا العاص مؤمنان عمرو و هشام»
"عاص کے دونوں بیٹے عمرو (بن العاص) اور ہشام (بن العاص رضی اللہ عنہما) مؤمن ہیں۔" [مسند أحمد 304/2 ح 8029 و سنده حسن]