ریاض الصالحین — حدیث نمبر 709
باب: خوش خبری دینے اور بھلائی پر مبارک باد دینے کے مستحب ہونے کا بیان
باب استحباب التبشير والتهنئة بالخير
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: كُنَّا قُعُودًا حَوْلَ رسولِ الله - صلى الله عليه وسلم - وَمَعَنَا أَبُو بَكرٍ وَعُمَرُ رضي الله عنهم في نَفَرٍ، فَقَامَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - مِنْ بَيْنِ أظْهُرِنَا فَأبْطَأ عَلَيْنَا، وَخَشِينَا أَنْ يُقْتَطَعَ دُونَنَا وَفَزِعْنَا فَقُمْنَا، فَكُنْتُ أَوَّلَ مَنْ فَزِعَ، فَخَرَجْتُ أبْتَغِي رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - حَتَّى أتَيْتُ حَائِطًا للأنصَارِ لِبَني النَّجَارِ، فَدُرْتُ بِهِ هَلْ أجِدُ لَهُ بَابًا؟ فَلَمْ أجِدْ! فَإذَا رَبيعٌ يَدْخُلُ في جَوْفِ حَائِطٍ مِنْ بِئْرٍ خَارِجَهُ - وَالرَّبِيعُ: الجَدْوَلُ الصَّغِيرُ - فَاحْتَفَرْتُ، فَدَخَلْتُ عَلَى رسول الله - صلى الله عليه وسلم - فَقَالَ: «أَبُو هُرَيْرَةَ؟» فقلتُ: نَعَمْ، يَا رسول اللهِ، قَالَ: «مَا شأنُكَ؟» قُلْتُ: كُنْتَ بَيْنَ أظْهُرِنَا فَقُمْتَ فَأبْطَأتَ عَلَيْنَا، فَخَشِينَا أَنْ تُقْتَطَعَ دُونَنَا، ففزعنا، فَكُنْتُ أوّلَ مَنْ فَزِعَ، فَأتَيْتُ هَذَا الحَائِطَ، فَاحْتَفَرْتُ كَمَا يَحْتَفِرُ الثَّعْلَبُ، وهؤلاء النَّاسُ وَرَائِي. فَقَالَ: «يَا أَبَا هُرَيرَةَ» وَأعْطَانِي نَعْلَيْهِ، فَقَالَ: «اذْهَبْ بِنَعْلَيَّ هَاتَيْنِ، فَمَنْ لَقِيتَ مِنْ وَرَاءِ هَذَا الحَائِطِ يَشْهَدُ أَنْ لا إله إِلاَّ الله مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ، فَبَشِّرْهُ بِالجَنَّةِ ...» وَذَكَرَ الحديثَ بطوله، رواه مسلم.
«الرَّبِيعُ»: النَّهْرُ الصَّغَيرُ، وَهُوَ الجَدْوَلُ - بفتح الجيمِ - كَمَا فَسَّرَهُ في الحديث. وَقَوْلُه: «احْتَفَرْتُ» روِي بالراء وبالزاي، ومعناه بالزاي: تَضَامَمْتُ وتَصَاغَرْتُ حَتَّى أمْكَنَنِي الدُّخُولُ.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے اردگرد بیٹھے ہوئے تھے اور ہمارے ساتھ کچھ لوگوں میں سیدنا ابوبکر اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہما بھی تھے، تو رسول اللہ ﷺ ہمارے درمیان سے اٹھ کر چلے گئے اور آپ نے ہمارے پاس آنے میں دیر کر دی، ہمیں ڈر ہوا کہ کہیں ہماری غیر موجودگی میں آپ کو کوئی نقصان نہ پہنچایا جائے، تو ہم گھبرا گئے اور اٹھ کھڑے ہوئے، اور سب سے پہلے گھبرانے والا میں تھا۔ چنانچہ میں رسول اللہ ﷺ کو تلاش کرتا ہوا نکلا یہاں تک کہ انصار کے قبیلہ بنو نجار کے ایک باغ کے پاس آیا، میں اس کے گرد گھوما کہ کیا اس کا کوئی دروازہ پاتا ہوں؟ مگر مجھے (دروازہ) نہ ملا! اچانک (دیکھا کہ) ایک ربیع باہر کے ایک کنویں سے باغ کے اندر جا رہی ہے — اور ربیع چھوٹی نالی کو کہتے ہیں — تو میں سمٹ کر (اس میں سے) اندر گھس گیا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس جا پہنچا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ابوہریرہ؟“ میں نے عرض کیا: جی ہاں، اے اللہ کے رسول! آپ ﷺ نے فرمایا: ”تمہیں کیا ہوا؟“ میں نے عرض کیا: آپ ہمارے درمیان تھے، پھر آپ اٹھ کر چلے آئے اور ہمارے پاس آنے میں دیر کر دی، تو ہمیں ڈر ہوا کہ کہیں ہماری غیر موجودگی میں آپ کو کوئی نقصان نہ پہنچایا جائے، تو ہم گھبرا گئے، اور سب سے پہلے گھبرانے والا میں تھا، تو میں اس باغ کے پاس آیا اور اس طرح سمٹ کر اندر گھس آیا جیسے لومڑی گھستی ہے، اور یہ لوگ میرے پیچھے (آ رہے) ہیں۔ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اے ابوہریرہ!“ اور مجھے اپنے دونوں جوتے عطا کیے اور فرمایا: ”میرے یہ دونوں جوتے لے جاؤ، اور اس باغ کے پیچھے جو بھی تمہیں ایسا ملے جو دل کے یقین کے ساتھ یہ گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، اسے جنت کی خوش خبری دے دو...“ اور (راوی نے) پوری حدیث ذکر کی۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«الرَّبِيعُ»: چھوٹی نہر، اور یہی جَدْوَل (نالی) ہے — جیم کے زبر کے ساتھ — جیسا کہ حدیث میں اس کی وضاحت کی گئی ہے۔
«احْتَفَرْتُ»: یہ راء اور زاء دونوں کے ساتھ روایت کیا گیا ہے، اور زاء کے ساتھ (احتفزت) اس کا معنی ہے: میں سمٹ گیا اور اپنے آپ کو چھوٹا کر لیا یہاں تک کہ میرے لیے اندر داخل ہونا ممکن ہو گیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
قُعُودًا حَوْلَه: ارد گرد بیٹھنا، چاروں اطراف گھیرے میں لیے ہوئے تھے۔
(2)
بَيْنِ أَظْهُرِنَا: درمیان میں یا وسط میں بیٹھنا، اظهركم، ظهرانيكم، ظهريكم سب کا یہی مفہوم ہے۔
(3)
خَشِينَا أَنْ يُقْتَطَعَ دُونَنَا: ہمیں خطرہ پیدا ہوا کہ آپ کو ہم سے الگ تھلگ، دشمن ایذا نہ پہنچائے۔
(4)
فَزِعْنَا: ہم گھبرائے، کسی چیز کی فکر کرتے ہوئے اٹھے، یا مدد و نصرت کے لیے کھڑے ہوئے۔
(5)
حَائِط: وہ باغ جس کی چار دیواری ہو، چھت نہ ہونے کی وجہ سے اسے حائط (دیوار)
کہتے ہیں۔
(6)
الْجَدْوَلُ: نالا، اس کو ربیع بھی کہتے ہیں۔
(7)
بِئْر خَارِجَةٍ: خارجہ کو اگر بئر کی صفت بنائیں تو معنی ہو گا، باہر والا کنواں اور اگر خارجہ کسی انسان کا نام ہو تو معنی ہو گا خارجہ کے کنویں سے۔
(8)
فَاحْتَفَزْتُ: میں سمٹا اور سکڑا، تاکہ اندر گھسنا آسان ہو جائے۔
(9)
ثَعْلبٌ: لومڑی۔
(10)
اسْتِي: اپنی سرین، دُبر کو کہتے ہیں، شرم و حیا کی خاطر، صریح لفظ استعمال نہیں کیا جاتا۔
(11)
أَجْهَشْتُ بُكَاءً: میں گھبرا کر آپ کی پناہ میں آیا، رنگ فق ہو گیا، اور صورت رونی تھی، رویا نہیں تھا۔
(12)
رَكِبَنِي عُمَرُ: عمر نے میرا پیچھا کیا، اور میرے پیچھے پیچھے چل دئیے۔
فوائد ومسائل: ۔
۔
۔
(1)
رسول اللہ ﷺ نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو ایک بشارت عظمی کے اعلان کے لیے بھیجا تھا، اس کی غیر معمول اہمیت کے پیش نظر، آپ کی کسی خاص نشانی کی ضرورت تھی، اس وقت میسر نشانی نعلین (دوجوتے)
مبارک ہی تھے، وہی عطا فرمائے۔
(2)
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا مقصود ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو گرانا یا ایذا پہنچانا نہ تھا، بلکہ اس کام سے باز رکھنا مقصود تھا، شاید عمر رضی اللہ عنہ نے پہلے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو واپس چلنے کو کہا ہو، لیکن چونکہ وہ اہل ایمان کے لیے ایک عظیم بشارت کا پروانہ لے کر آرہے تھے، اور انہیں اسی طرح ایک بڑی سعادت حاصل ہو رہی تھی، اس لیے انہوں نے واپس جانے سے انکار کیا ہوگا، اس لیے تنبیہ اور سرزنش کے طور پر انہوں نے سینہ پر ہاتھ مارا جو اچانک لگا، اس لیے حضرت ابوہریرہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ چونکہ اس بشارت عامہ میں ایک مضر اورنقصان دہ پہلو دیکھتے تھے، وہ وقت سعی وعمل اورجدوجہد کا تھا۔
تمام احکام اسلامیہ کی پابندی کرنا، دین کی تبلیغ واشاعت کے لیے سعی وکوشش کرنا اور ترقی دین کےلیے جہاد میں حصہ لینا ضروری تھا، اس خوشخبری کے اعلان عام کے بعد احتمال تھا کہ بہت سے لوگ تن آسانی اختیار کرکے اس پر بھروسہ کرتے ہوئے عمل وکوش سے سستی اور تغافل برتیں گے، اس لیے حضرت عمر رضی اللہ عنہ اس کو خلاف مصلت سمجھتے تھے اس لیے وہ چاہتے تھے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کریں تاکہ ان کے درجات ومراتب میں رفعت اور ترقی ہو، اس لیے نبی اکرم ﷺ نے حضرت عمر کی بات کو تسلیم کر لیا اور آپ نے خود بھی حضرت معاذ کو اس کی اشاعت کی اجازت نہیں دی تھی اور وجہ وہی بتائی تھی جو عمر رضی اللہ عنہ نے بیان کی ہے۔
«. . . وَأَعْطَانِي نَعْلَيْه قَالَ اذْهَبْ بنعلي هَاتين فَمن لقِيت من وَرَاء هَذَا الْحَائِط يَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ فَبَشِّرْهُ بِالْجَنَّةِ . . .»
". . . آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی دونوں جوتیاں مجھے عطا فرما کر فرمایا تم میری یہ دونوں جوتیاں لے جاؤ اور جو شخص اس باغ کے باہر تم سے ملے اور وہ اس بات کی سچے دل اور سچی زبان یعنی یقین کے ساتھ اس بات کی گواہی دے کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود نہیں ہے تو اس کو جنت میں داخل ہونے کی خوشخبری سنا دو . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 39]
فقہ الحدیث:
➊ اصل نجات دل سے یقین والے ایمان پر ہے۔ ایمان کے بعد ہی اعمال صالحہ اللہ کے ہاں مقبول ہو سکتے ہیں۔
➋ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے صحابہ کرام بہت زیادہ محبت کرتے تھے۔ اسی وجہ سے آپ کی بظاہر گمشدگی پر وہ پریشان ہوئے اور آپ کی تلاش میں چاروں طرف والہانہ انداز میں نکل کھڑے ہوئے۔ رضی اللہ عنہم اجمعین
➌ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بہت جلیل القدر صحابی ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور آپ کی احادیث کا سماع و روایت آپ کی زندگی کا مقصد تھا۔
➍ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی تائید میں آسمان سے قرآن نازل ہوتا تھا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی آپ کے مشورے کو اہمیت دی۔ اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ جنتی ہیں۔ «والحمد الله»
➎ روایت کے ساتھ اگر قرائن بھی ہوں تو دلی اطمینان اور یقین کامل حاصل ہو جاتا ہے، اسی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے نعلین (جوتے) دے کر سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو بھیجا تھا۔
➏ اگر شاگر سبق یاد نہ کرے یا قابل تادیب حرکت کرے تو اسے عند الضرورت مارا پیٹا جا سکتا ہے تاکہ اس کی اصلاح ہو جائے۔
➐ صرف لا الہ الا اللہ اور محمد رسول اللہ کہہ لینے پر ہی اعتماد نہیں کرنا چاہئے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اس کلمہ طیبہ پر جسم و جان کے ساتھ پورا پورا عمل کرنا چاہئے۔ اس روایت میں مرجیہ کا رد ہے جو اعمال کو ایمان سے خارج قرار دیتے ہیں۔
➑ اگر کسی مکان کے مالک کی ناراضی کا خوف نہ ہو اور کوئی شرعی مانع نہ ہو تو اس مکان میں عند الضرورت اضطراری حالت میں بغیر اجازت کے داخل ہونا جائز ہے۔
➒ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ انتہائی طاقتور اور دلیر تھے۔ جس بات کو حق سمجھتے تھے علی الاعلان اس کا اظہار کرتے تھے۔
➓ عوام الناس کے فتنہ میں مبتلا ہونے کے ڈر کی وجہ سے بعض آیات و احادیث صحیحہ کا بیان نہ کرنا جائز ہے تاکہ ناسمجھ لوگ ان سے غلط مفہوم مراد نہ لے لیں۔