ریاض الصالحین — حدیث نمبر 109
باب: مجاہدہ (نفس کے خلاف جدوجہد) کا بیان
باب في المجاهدة
الخامس عشر: عن أنس - رضي الله عنه - قَالَ: غَابَ عَمِّي أَنَسُ بْنُ النَّضْرِ - رضي الله عنه - عن قِتالِ بدرٍ، فَقَالَ: يَا رسولَ الله، غِبْتُ عَنْ أوّل قِتال قَاتَلْتَ المُشْرِكِينَ، لَئِن اللهُ أشْهَدَنِي قِتَالَ المُشركِينَ لَيُرِيَنَّ اللهُ مَا أصْنَعُ. فَلَمَّا كَانَ يَومُ أُحُدٍ انْكَشَفَ المُسْلِمونَ، فَقَالَ: اللَّهُمَّ أعْتَذِرُ إلَيْكَ مِمَّا صَنَعَ هؤُلاءِ - يعني: أصْحَابهُ - وأبْرَأُ إلَيْكَ مِمَّا صَنَعَ هؤُلاءِ - يَعني: المُشركِينَ - ثُمَّ تَقَدَّمَ فَاسْتَقْبَلهُ سَعدُ بْنُ مُعاذٍ، فَقَالَ: يَا سعدَ بنَ معاذٍ، الجَنَّةُ وربِّ الكعْبَةِ إنِّي أجِدُ ريحَهَا منْ دُونِ أُحُدٍ. قَالَ سعدٌ: فَمَا اسْتَطَعتُ يَا رسولَ الله مَا صَنَعَ! قَالَ أنسٌ: فَوَجَدْنَا بِهِ بِضْعًا وَثَمانينَ ضَربَةً بالسَّيفِ، أَوْ طَعْنةً بِرمْحٍ، أَوْ رَمْيَةً بسَهْمٍ، وَوَجَدْنَاهُ قَدْ قُتِلَ وَمَثَّلَ بِهِ المُشْرِكونَ فما عَرَفهُ أَحَدٌ إلاَّ أُخْتُهُ بِبَنَانِهِ. قَالَ أنس: كُنَّا نَرَى أَوْ نَظُنُّ أن هذِهِ الآية نزلت فِيهِ وفي أشباهه: ﴿مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللهَ عَلَيْهِ﴾ [الأحزاب: ٢٣] إِلَى آخِرها. مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
قوله: «لَيُرِيَنَّ اللهُ» روي بضم الياء وكسر الراء: أي لَيُظْهِرَنَّ اللهُ ذلِكَ للنَّاس، وَرُويَ بفتحهما ومعناه ظاهر، والله أعلم.سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میرے چچا انس بن نضر رضی اللہ عنہ جنگ بدر سے غیر حاضر رہے، تو انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں اس پہلی لڑائی سے غیر حاضر رہا جو آپ نے مشرکوں سے لڑی، اگر اللہ نے مجھے مشرکوں سے لڑائی میں حاضر کیا تو اللہ ضرور دکھا دے گا کہ میں کیا کرتا ہوں۔ پھر جب احد کا دن آیا اور مسلمان (میدان سے) ہٹ گئے، تو انہوں نے کہا: اے اللہ! میں تیرے سامنے اس (عمل) سے معذرت کرتا ہوں جو انہوں نے کیا — یعنی اپنے ساتھیوں نے — اور تیرے سامنے اس سے براءت کا اظہار کرتا ہوں جو انہوں نے کیا — یعنی مشرکوں نے۔ پھر وہ آگے بڑھے تو سیدنا سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ ان کے سامنے آئے، تو انہوں نے کہا: اے سعد بن معاذ! جنت! رب کعبہ کی قسم! میں احد کے اُس پار سے اس کی خوشبو پا رہا ہوں۔ سیدنا سعد رضی اللہ عنہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! جو انہوں نے کیا وہ میں نہ کر سکا۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے کہا: ہم نے ان (کے جسم) پر اسی سے کچھ زیادہ زخم پائے: تلوار کی ضربیں، یا نیزے کے وار، یا تیر کے زخم، اور ہم نے انہیں اس حال میں پایا کہ وہ شہید ہو چکے تھے اور مشرکوں نے ان کا مثلہ کر دیا تھا، تو انہیں کسی نے نہ پہچانا سوائے ان کی بہن کے، جنہوں نے انہیں ان کی انگلیوں کے پوروں سے پہچانا۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے کہا: ہم سمجھتے تھے، یا گمان کرتے تھے، کہ یہ آیت انہی کے بارے میں اور ان جیسے لوگوں کے بارے میں نازل ہوئی: ”مومنوں میں کچھ ایسے مرد ہیں جنہوں نے اللہ سے جو عہد کیا تھا اسے سچ کر دکھایا۔“ (سورۃ الاحزاب: 23) آیت کے آخر تک۔
(متفق علیہ)
ان کا قول «لَيُرِيَنَّ اللهُ»: یہ یاء کے ضمہ اور راء کے کسرہ کے ساتھ روایت کیا گیا ہے، یعنی اللہ ضرور اسے لوگوں کے سامنے ظاہر کر دے گا، اور ان دونوں کے فتحہ کے ساتھ (لَيَرَيَنَّ) بھی روایت کیا گیا ہے، اور اس کا معنی ظاہر ہے، واللہ اعلم۔
تشریح، فوائد و مسائل
مسلم کی روایت میں ہے کہ عمیر بن حمام ؓ نے جنگ احد کے دن کچھ کھجوریں نکالیں ان کو کھانے لگے پھر کہنے لگے ان کھجورں کے تمام کرنے تک اگر میں جیتا رہا تو یہ بڑی لمبی زندگی ہو گی چنانچہ جاکر لڑنے لگے اور مارے گئے۔
اسد الغابہ میں ہے کہ عمیر بدر کے دن مارے گئے اور یہ سب انصار میں پہلے شخص تھے جو اللہ کی راہ میں جنگ میں مارے گئے۔
ابن اسحاق نے روایت کی ہے کہ عمیر بن حمام ؓ جب کافروں سے جنگ بدر میں بھڑ گئے تو یہ کہنے لگے کہ اللہ کے پاس جاتا ہوں۔
توشہ ووشہ کچھ نہیں البتہ خدا کا ڈر اور آخرت میں کام آنے والا عمل اور جہاد پر صبر ہے۔
بے شک خدا کا ڈر نہایت مضبوط کرنے والا امر ہے۔
انس بن نضر انصاری ؓ کو عمر بن خطاب ؓ ملے جو گھبرائے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا بڑا غضب ہو گیا۔
آنحضرت ﷺ شہید ہو گئے۔
انس ؓ نے کہا کہ پھر اب ہم تم زندہ رہ کر کیا کریں گے۔
آنحضرت ﷺ کا خدا تو زندہ ہے۔
اس دین پر لڑ کر مرو جس پر پیغمبر لڑ ے یہ کہہ کر انس بن نضر ؓ کافروں کی صف میں گھس گئے اور لڑتے رہے یہاں تک کہ شہید ہوگئے۔
کہتے ہیں احد کی جنگ میں کافروں کا جھنڈا طلحہ بن ابی طلحہ نے سنبھالا اس کو حضرت علی ؓنے مارا۔
پھر عثمان بن ابی طلحہ نے اس کو امیر حمزہ نے مارا۔
پھر ابو سعید بن ابی طلحہ نے اس کو سعد بن ابی وقاص ؓ نے مارا۔
پھر نافع بن طلحہ بن ابی طلحہ نے اس کو عاصم بن ثابت انصاری ؓ نے مارا۔
پھر حارث بن طلحہ بن ابی طلحہ نے اس کو بھی عاصم نے مارا۔
پھر کلاب بن ابی طلحہ نے اس کو زبیر ؓ نے مارا۔
پھر جلاس بن طلحہ نے پھر ارطاۃ بن شرحبیل نے اس کو حضرت علی ؓ نے مارا۔
پھر شریح بن قارض نے وہ بھی مارا گیا۔
پھر صواب ایک غلام نے اس کو سعد بن ابی وقاص ؓ یا حضرت علی ؓ یا قزمان ؓ نے مارا۔
اس کے بعد کافر بھاگ نکلے (وحیدی)
اس حدیث کے ذیل میں حضرت مولانا وحید الزماں مرحوم کی ایک اور تقریر درج کی جاتی ہے جو توجہ سے پڑھنے کے لائق ہے۔
فرماتے ہیں۔
مسلمانو! ہمارے باپ دادا نے ایسی ایسی بہادریاں کرکے خون بہا کر اسلام کو دنیا میں پھیلایا تھا اور اتنا بڑا وسیع ملک حاصل کیا تھا جس کی حد مغرب میں تونس اور اندلس یعنی ہسپانیہ تک اور مشرق میں چین برہما تک اور شمال میں روس تک اور جنوب میں ولایات روم وایران و توران و ہندوستان وعرب وشام ومصر وافریقہ ان کے زیر نگیں تھیں۔
ہماری عیاشی اور بے دینی نے اب یہ نوبت پہنچائی ہے کہ خاص عرب کے سوا حل اور بلاد بھی کافروں کے قبضے میں آرہے ہیں اور ملک تو اب جا چکے ہیں اب جتنا رہ گیا ہے اس کو بنا لو خواب غفلت سے بیدار ہو تو قرآ ن وحدیث کو مضبوط تھا مو۔
وما علینا إلا البلاغ (وحیدی)
1۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت انس بن نضر ؓ غزوہ بدر کے وقت مدینہ طیبہ میں موجود تھے۔
شاید اپنے کسی کام کے لیے کہیں باہر گئے ہوں۔
اگرچہ غزوہ بدر سے پہلے بھی کفار کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں لیکن غزوہ بدر پہلی جنگ عظیم تھی جو کفر و اسلام کے درمیان برپا ہوئی۔
2۔
حضرت انس بن نضر ؓنے احد کے دامن میں جنت کی خوشبو کو سونگھار یہ خوشبو حقیقی تھی یا اسے مجازی معنی پر محمول کیا جائے؟ حافظ ابن حجر ؒ نے دونوں معنی بیان کیے ہیں لیکن ہمارے نزدیک اسے مجازی معنی پر محمول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ اسے ظاہری اور حقیقی معنی پر محمول کرنے میں عافیت ہے روایات میں ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت قریب آتا ہے تو وہ جنت کو دیکھتا اور اس کی مہک سے محفوظ ہوتا ہے خود اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اگر مرنے والا مقرب لوگوں میں سے ہے تو اس کے لیے خوشبو ئیں جنت کی نعمتیں اور آرام و سکون ہو گا۔
‘‘ (الواقعة: 88۔
89)
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میرے چچا انس بن نضر رضی الله عنہ جن کے نام پر میرا نام رکھا گیا تھا جنگ بدر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک نہیں ہوئے تھے، یہ بات انہیں بڑی شاق اور گراں گزر رہی تھی، کہتے تھے: جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بنفس نفیس حاضر و موجود تھے میں اس سے غیر حاضر رہا، (اس کا مجھے بےحد افسوس ہے) مگر سنو! قسم اللہ کی! اب اگر مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کسی غزوہ میں شریک ہونے کا موقع ملا تو یقیناً اللہ دیکھے گا کہ میں کیا کچھ کرتا ہوں، راوی کہتے ہیں: وہ اس کے سوا اور کچھ کہنے سے ڈرتے (اور بچتے) ر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3200]
وضاحت:
1؎:
ایمان والوں میں ایسے لوگ بھی ہیں کہ اللہ کے ساتھ جو انہوں نے وعدے کیے تھے ان میں وہ پورے اترے، ان میں سے کچھ تو انتقال کر گئے اور کچھ لوگ مرنے کے انتظار میں ہیں۔
انہوں نے اس میں یعنی (اللہ سے کیے ہوئے اپنے معاہدہ میں کسی قسم) کی تبدیلی نہیں کی (الأحزاب: 23)