ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1317

باب: جہاد کی فرضیت اور (اللہ کی راہ میں) صبح و شام نکلنے کی فضیلت

باب وجوب الجهاد وفضل الغدوة والروحة

حدیث نمبر: 1317
وعنه، قَالَ: غَابَ عَمِّي أنسُ بنُ النَّضْرِ - رضي الله عنه - عن قِتَالِ بَدْرٍ، فَقَالَ: يَا رسولَ اللهِ، غِبْتُ عَنْ أوَّلِ قِتَالٍ قَاتَلْتَ المُشْرِكِينَ، لَئِنِ اللهُ أشْهَدَنِي قِتَالَ المُشْرِكِينَ لَيَرَيَنَّ اللهُ مَا أصْنَعُ. فَلَمَّا كَانَ يَومُ أُحُدٍ انْكَشَفَ المُسْلِمُونَ فَقَالَ: اللَّهُمَّ إنِّي اعْتَذِرُ إلَيْكَ مِمَّا صَنَعَ هؤُلاءُ - يعني: أصْحَابَهُ - وَأبْرَأُ إلَيْكَ مِمَّا صَنَعَ هؤُلاءِ - يَعنِي: المُشْرِكِينَ - ثُمَّ تَقَدَّمَ فَاسْتَقْبَلَهُ سَعْدُ بنُ مُعَاذٍ فَقَالَ: يَا سَعَدَ بنَ مُعَاذٍ، الجَنَّةَ وَرَبِّ النَّضْرِ، إنِّي أجِدُ ريحَهَا مِنْ دُونِ أُحُدٍ! فَقَالَ سَعْدٌ: فَمَا اسْتَطَعْتُ يَا رسولَ اللهِ مَا صَنَعَ! قَالَ أنسٌ: فَوَجدْنَا بِهِ بِضعًا وَثَمَانِينَ ضَربَةً بِالسَّيْفِ، أَوْ طَعْنَةً برُمح أَوْ رَمْيةً بِسَهْمٍ، وَوَجَدْنَاهُ قَدْ قُتِلَ وَمَثَّلَ بِهِ المُشْرِكُونَ، فَمَا عَرَفَهُ أحَدٌ إِلاَّ أُخْتُهُ بِبَنَانِهِ. قَالَ أنسٌ: كُنَّا نَرَى - أَوْ نَظُنُّ - أنَّ هذِهِ الآية نَزَلتْ فِيهِ وَفي أشْبَاهِهِ: ﴿مِنَ المُؤمِنينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ﴾ [الأحزاب: ٢٣] إِلَى آخرها. متفقٌ عَلَيْهِ، وَقَدْ سبق في باب المجاهدة.
ترجمہ

انہی (سیدنا انس رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میرے چچا انس بن نضر رضی اللہ عنہ بدر کی لڑائی سے غیر حاضر رہے، تو انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں اس پہلی لڑائی سے غیر حاضر رہا جو آپ نے مشرکین سے لڑی، اگر اللہ نے مجھے مشرکین سے لڑائی میں حاضر ہونے کا موقع دیا تو اللہ ضرور دیکھ لے گا کہ میں کیا کرتا ہوں۔ پھر جب احد کا دن آیا اور مسلمان بکھر گئے تو انہوں نے کہا: اے اللہ! میں تیرے سامنے اس کی معذرت کرتا ہوں جو ان لوگوں نے کیا — یعنی ان کے ساتھیوں نے — اور تیرے سامنے اس سے بیزاری کا اظہار کرتا ہوں جو ان لوگوں نے کیا — یعنی مشرکین نے — پھر وہ آگے بڑھے تو سعد بن معاذ (رضی اللہ عنہ) ان کے سامنے آئے، انہوں نے کہا: اے سعد بن معاذ! جنت! نضر کے رب کی قسم! میں احد کے اِس طرف سے اس کی خوشبو پا رہا ہوں! سعد نے (بعد میں) کہا: اے اللہ کے رسول! جو انہوں نے کیا وہ میں نہ کر سکا! انس کہتے ہیں: ہم نے ان (کے جسم) پر اسّی سے کچھ زیادہ تلوار کی ضربیں، یا نیزے کے زخم یا تیر کے نشان پائے، اور ہم نے انہیں اس حال میں پایا کہ وہ شہید ہو چکے تھے اور مشرکین نے ان کا مثلہ کر دیا تھا، چنانچہ انہیں ان کی بہن کے سوا کوئی نہ پہچان سکا، (اور انہوں نے بھی) ان کی انگلیوں کے پوروں سے (پہچانا)۔ انس کہتے ہیں: ہم سمجھتے تھے — یا (کہا:) ہمارا گمان تھا — کہ یہ آیت ان کے اور ان جیسے لوگوں کے بارے میں نازل ہوئی: ”مومنوں میں کچھ ایسے مرد ہیں جنہوں نے اللہ سے کیے ہوئے عہد کو سچا کر دکھایا، پھر ان میں سے کچھ تو اپنی نذر پوری کر چکے“ (سورۃ الاحزاب: 23) آیت کے آخر تک۔
(متفق علیہ)
(اور یہ حدیث باب المجاہدہ میں گزر چکی ہے)

وضاحت:
یہ حدیث نمبر 109 پر گزر چکی ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الجهاد / حدیث: 1317
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث انظر الحديث (109). أخرجه: البخاري 4/ 23 (2805)، ومسلم 6/ 45 (1903) (148).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2805 | صحيح البخاري: 4048 | صحيح مسلم: 1903 | سنن ترمذي: 3200 | سنن ترمذي: 3201 | رياض الصالحين: 109
انظر الحديث (١٠٩).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4048 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
4048. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ان کے چچا غزوہ بدر میں شریک نہ ہو سکے تھے تو انہوں نے کہا کہ میں نبی ﷺ کے ہمراہ پہلی ہی لڑائی میں غیر حاضر رہا، اگر اللہ تعالٰی نے کسی اور لڑائی میں مجھے نبی ﷺ کے ساتھ شرکت کا موقع دیا تو اللہ تعالٰی دیکھے گا کہ میں کتنی بے جگری سے لڑتا ہوں۔ پھر جب غزوہ اُحد کا موقع آیا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم میں افراتفری پھیل گئی تو انہوں نے کہا: اے اللہ! مسلمانوں نے آج جو کچھ کیا ہے میں تیرے حضور اس کے لیے معذرت خواہ ہوں اور جو مشرکین نے کردار ادا کیا ہے میں اس سے اظہار بے زاری کرتا ہوں۔ پھر وہ اپنی تلوار لے کر آگے بڑھے تو حضرت سعد بن معاذ ؓ سے ملاقات ہوئی۔ ان سے کہا: اے سعد! تم کہاں جا رہے ہو؟ میں اُحد کے دامن میں جنت کی خوشبو سونگھ رہا ہوں۔ پھر وہ جنگ میں کود پڑے اور شہید ہو گئے۔ ان کی لاش شناخت نہیں ہو رہی تھی۔ آخر ان کی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4048]
حدیث حاشیہ: ابن شکوال نے کہا اس شخص کا نام عمیر بن حمام ؓ تھا۔
مسلم کی روایت میں ہے کہ عمیر بن حمام ؓ نے جنگ احد کے دن کچھ کھجوریں نکالیں ان کو کھانے لگے پھر کہنے لگے ان کھجورں کے تمام کرنے تک اگر میں جیتا رہا تو یہ بڑی لمبی زندگی ہو گی چنانچہ جاکر لڑنے لگے اور مارے گئے۔
اسد الغابہ میں ہے کہ عمیر بدر کے دن مارے گئے اور یہ سب انصار میں پہلے شخص تھے جو اللہ کی راہ میں جنگ میں مارے گئے۔
ابن اسحاق نے روایت کی ہے کہ عمیر بن حمام ؓ جب کافروں سے جنگ بدر میں بھڑ گئے تو یہ کہنے لگے کہ اللہ کے پاس جاتا ہوں۔
توشہ ووشہ کچھ نہیں البتہ خدا کا ڈر اور آخرت میں کام آنے والا عمل اور جہاد پر صبر ہے۔
بے شک خدا کا ڈر نہایت مضبوط کرنے والا امر ہے۔
انس بن نضر انصاری ؓ کو عمر بن خطاب ؓ ملے جو گھبرائے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا بڑا غضب ہو گیا۔
آنحضرت ﷺ شہید ہو گئے۔
انس ؓ نے کہا کہ پھر اب ہم تم زندہ رہ کر کیا کریں گے۔
آنحضرت ﷺ کا خدا تو زندہ ہے۔
اس دین پر لڑ کر مرو جس پر پیغمبر لڑ ے یہ کہہ کر انس بن نضر ؓ کافروں کی صف میں گھس گئے اور لڑتے رہے یہاں تک کہ شہید ہوگئے۔
کہتے ہیں احد کی جنگ میں کافروں کا جھنڈا طلحہ بن ابی طلحہ نے سنبھالا اس کو حضرت علی ؓنے مارا۔
پھر عثمان بن ابی طلحہ نے اس کو امیر حمزہ نے مارا۔
پھر ابو سعید بن ابی طلحہ نے اس کو سعد بن ابی وقاص ؓ نے مارا۔
پھر نافع بن طلحہ بن ابی طلحہ نے اس کو عاصم بن ثابت انصاری ؓ نے مارا۔
پھر حارث بن طلحہ بن ابی طلحہ نے اس کو بھی عاصم نے مارا۔
پھر کلاب بن ابی طلحہ نے اس کو زبیر ؓ نے مارا۔
پھر جلاس بن طلحہ نے پھر ارطاۃ بن شرحبیل نے اس کو حضرت علی ؓ نے مارا۔
پھر شریح بن قارض نے وہ بھی مارا گیا۔
پھر صواب ایک غلام نے اس کو سعد بن ابی وقاص ؓ یا حضرت علی ؓ یا قزمان ؓ نے مارا۔
اس کے بعد کافر بھاگ نکلے (وحیدی)
اس حدیث کے ذیل میں حضرت مولانا وحید الزماں مرحوم کی ایک اور تقریر درج کی جاتی ہے جو توجہ سے پڑھنے کے لائق ہے۔
فرماتے ہیں۔
مسلمانو! ہمارے باپ دادا نے ایسی ایسی بہادریاں کرکے خون بہا کر اسلام کو دنیا میں پھیلایا تھا اور اتنا بڑا وسیع ملک حاصل کیا تھا جس کی حد مغرب میں تونس اور اندلس یعنی ہسپانیہ تک اور مشرق میں چین برہما تک اور شمال میں روس تک اور جنوب میں ولایات روم وایران و توران و ہندوستان وعرب وشام ومصر وافریقہ ان کے زیر نگیں تھیں۔
ہماری عیاشی اور بے دینی نے اب یہ نوبت پہنچائی ہے کہ خاص عرب کے سوا حل اور بلاد بھی کافروں کے قبضے میں آرہے ہیں اور ملک تو اب جا چکے ہیں اب جتنا رہ گیا ہے اس کو بنا لو خواب غفلت سے بیدار ہو تو قرآ ن وحدیث کو مضبوط تھا مو۔
وما علینا إلا البلاغ (وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4048 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4048 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4048. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ان کے چچا غزوہ بدر میں شریک نہ ہو سکے تھے تو انہوں نے کہا کہ میں نبی ﷺ کے ہمراہ پہلی ہی لڑائی میں غیر حاضر رہا، اگر اللہ تعالٰی نے کسی اور لڑائی میں مجھے نبی ﷺ کے ساتھ شرکت کا موقع دیا تو اللہ تعالٰی دیکھے گا کہ میں کتنی بے جگری سے لڑتا ہوں۔ پھر جب غزوہ اُحد کا موقع آیا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم میں افراتفری پھیل گئی تو انہوں نے کہا: اے اللہ! مسلمانوں نے آج جو کچھ کیا ہے میں تیرے حضور اس کے لیے معذرت خواہ ہوں اور جو مشرکین نے کردار ادا کیا ہے میں اس سے اظہار بے زاری کرتا ہوں۔ پھر وہ اپنی تلوار لے کر آگے بڑھے تو حضرت سعد بن معاذ ؓ سے ملاقات ہوئی۔ ان سے کہا: اے سعد! تم کہاں جا رہے ہو؟ میں اُحد کے دامن میں جنت کی خوشبو سونگھ رہا ہوں۔ پھر وہ جنگ میں کود پڑے اور شہید ہو گئے۔ ان کی لاش شناخت نہیں ہو رہی تھی۔ آخر ان کی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4048]
حدیث حاشیہ:
1۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت انس بن نضر ؓ غزوہ بدر کے وقت مدینہ طیبہ میں موجود تھے۔
شاید اپنے کسی کام کے لیے کہیں باہر گئے ہوں۔
اگرچہ غزوہ بدر سے پہلے بھی کفار کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں لیکن غزوہ بدر پہلی جنگ عظیم تھی جو کفر و اسلام کے درمیان برپا ہوئی۔
2۔
حضرت انس بن نضر ؓنے احد کے دامن میں جنت کی خوشبو کو سونگھار یہ خوشبو حقیقی تھی یا اسے مجازی معنی پر محمول کیا جائے؟ حافظ ابن حجر ؒ نے دونوں معنی بیان کیے ہیں لیکن ہمارے نزدیک اسے مجازی معنی پر محمول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ اسے ظاہری اور حقیقی معنی پر محمول کرنے میں عافیت ہے روایات میں ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت قریب آتا ہے تو وہ جنت کو دیکھتا اور اس کی مہک سے محفوظ ہوتا ہے خود اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اگر مرنے والا مقرب لوگوں میں سے ہے تو اس کے لیے خوشبو ئیں جنت کی نعمتیں اور آرام و سکون ہو گا۔
‘‘ (الواقعة: 88۔
89)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4048 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3200 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سورۃ الاحزاب سے بعض آیات کی تفسیر۔`
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میرے چچا انس بن نضر رضی الله عنہ جن کے نام پر میرا نام رکھا گیا تھا جنگ بدر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک نہیں ہوئے تھے، یہ بات انہیں بڑی شاق اور گراں گزر رہی تھی، کہتے تھے: جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بنفس نفیس حاضر و موجود تھے میں اس سے غیر حاضر رہا، (اس کا مجھے بےحد افسوس ہے) مگر سنو! قسم اللہ کی! اب اگر مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کسی غزوہ میں شریک ہونے کا موقع ملا تو یقیناً اللہ دیکھے گا کہ میں کیا کچھ کرتا ہوں، راوی کہتے ہیں: وہ اس کے سوا اور کچھ کہنے سے ڈرتے (اور بچتے) ر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3200]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ایمان والوں میں ایسے لوگ بھی ہیں کہ اللہ کے ساتھ جو انہوں نے وعدے کیے تھے ان میں وہ پورے اترے، ان میں سے کچھ تو انتقال کر گئے اور کچھ لوگ مرنے کے انتظار میں ہیں۔
انہوں نے اس میں یعنی (اللہ سے کیے ہوئے اپنے معاہدہ میں کسی قسم) کی تبدیلی نہیں کی (الأحزاب: 23)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3200 سے ماخوذ ہے۔