مسند أبي يعلى الموصلي
مسند علي بن أبي طالب رضي الله عنه— علی بن ابی طالب کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ باب: علی بن ابی طالب کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو مُوسَى ، حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ ، أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ ، أَخْبَرَنِي ابْنُ شِهَابٍ ، عَنْ عَلِيِّ بْنِ حُسَيْنٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَلِيٍّ ، قَالَ : أَصَبْتُ شَارِفًا فِي مَغْنَمِ بَدْرٍ مَعَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَأَعْطَانِي رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ شَارِفًا ، فَأَنَخْتُهُمَا عِنْدَ بَابِ رَجُلٍ مِنَ الْأَنْصَارِ أُرِيدُ أَنْ أَحْمِلَ عَلَيْهِمَا إِذْخِرًا أَبِيعُهُ ، وَمَعِي رَجُلٌ صَائِغٌ مِنْ بَنِي قَيْنُقَاعَ ، قَالَ عَلِيٌّ : أَسْتَعِينُ بِهِ عَلَى وَلِيمَةِ فَاطِمَةَ ، وَحَمْزَةُ بْنُ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ فِي الْبَيْتِ يَشْرَبُ وَمَعَهُ قَيْنَةٌ تُغَنِّيهِ ، تَقُولُ :
أَلَا يَا حَمْزَ لِلشُّرُفِ النِّوَاءِ ، فَثَارَ إِلَيْهِمَا بِالسَّيْفِ فَجَبَّ أَسْنِمَتَهُمَا ، وَبَقَرَ خَوَاصِرَهُمَا ، وَأَخَذَ مِنْ أَكْبَادِهِمَا ، قَالَ : قُلْتُ لِابْنِ شِهَابٍ : وَمِنَ السَّنَامِ ؟ قَالَ : قَدْ جَبَّ أَسْنِمَتَهُمَا ، قَالَ : فَنَظَرْتُ إِلَى أَمْرٍ أَفْظَعَنِي ، فَأَتَيْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَمَعَهُ زَيْدُ بْنُ حَارِثَةَ ، فَخَرَجَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَمَعَهُ زَيْدُ بْنُ حَارِثَةَ ، وَخَرَجْتُ مَعَهُ ، حَتَّى قَامَ عَلَى حَمْزَةَ ، قَالَ : فَتَغَيَّظَ عَلَيْهِ ، قَالَ : فَرَفَعَ حَمْزَةُ بَصَرَهُ ، فَقَالَ : وَهَلْ أَنْتُمْ إِلَّا عَبِيدُ آبَائِي ؟ قَالَ : فَرَجَعَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُقَهْقِرُ عَنْهُ .
سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے فرمایا: ”مجھے غزوہ بدر کے مالِ غنیمت میں سے ایک معمر اونٹنی ملی تھی اور رسول اللہ ﷺ نے بھی مجھے (اپنے خاص حصے سے) ایک معمر اونٹنی عطا فرمائی تھی، میں نے ان دونوں کو ایک انصاری شخص کے دروازے پر بٹھایا تاکہ ان پر اذخر گھاس لاد کر لاؤں اور اسے فروخت کروں، میرے ساتھ بنو قینقاع کا ایک سنار بھی تھا، میرا ارادہ یہ تھا کہ اس کے ذریعے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ولیمے کے اخراجات میں مدد حاصل کروں، اس وقت سیدنا حمزہ بن عبد المطلب رضی اللہ عنہ اس گھر کے اندر (شراب کی حرمت سے قبل) پی رہے تھے اور ان کے ساتھ ایک گانے والی لونڈی تھی جو یہ گا رہی تھی: «أَلَا يَا حَمْزُ لِلشُّرُفِ النِّوَاءِ» ”اے حمزہ! اٹھو اور ان موٹی تازی اونٹنیوں کی خبر لو“، یہ سن کر سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ تلوار سونت کر ان کی طرف لپکے اور ان کے کوہان کاٹ ڈالے، ان کی کوکھیں چاک کر دیں اور ان کے جگر نکال لیے۔“ ابن جریج رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے ابن شہاب زہری رحمہ اللہ سے پوچھا: کیا انہوں نے کوہان بھی کاٹ دیے تھے؟ تو انہوں نے جواب دیا: ”ہاں! انہوں نے ان کے کوہان کاٹ دیے تھے۔“ سیدنا علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ”پھر میں نے ایسا منظر دیکھا جس نے مجھے دہلا کر رکھ دیا، چنانچہ میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اس وقت آپ ﷺ کے پاس سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ موجود تھے، رسول اللہ ﷺ تشریف لائے اور آپ کے ہمراہ سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ اور میں بھی تھا، یہاں تک کہ آپ ﷺ سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچے اور ان پر سخت غصے کا اظہار کیا، سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ نے اپنی نظریں اٹھائیں اور (نشے کی حالت میں) کہنے لگے: «وَهَلْ أَنْتُمْ إِلَّا عَبِيدُ آبَائِي؟» ”کیا تم سب میرے باپ دادا کے غلام نہیں ہو؟“ جب رسول اللہ ﷺ نے دیکھ لیا کہ وہ نشے میں ہیں تو آپ ﷺ پیچھے کی جانب قدم ہٹاتے ہوئے وہاں سے واپس تشریف لے آئے۔“