مسند أبي يعلى الموصلي
مسند أنس بن مالك— انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ باب: انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا جَعْفَرٌ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ ، عَنْ عَبْدِ الْعَزِيزِ ، عَنْ أَنَسٍ ، قَالَ : بَنَى رَسُولُ اللهِ - صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - بِزَيْنَبَ بِنْتِ جَحْشٍ ، وَجَعَلَ عَلَيْهَا طَعَامًا ، وَأَوْلَمَ عَلَيْهَا خُبْزًا وَلَحْمًا ، قَالَ : فَأُرْسِلْتُ ، وَأُغْطِيَ عَلَى الطَّعَامِ ، فَدَعَوْتُ ، فَيَجِيءُ قَوْمٌ فَيَأْكُلُونَ ، ثُمَّ يَخْرُجُونَ ، فَدَعَوْتُ حَتَّى مَا أَجِدُ أَحَدًا أَدْعُوهُ ، قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللهِ ، وَاللهِ مَا أَجِدُ أَحَدًا أَدْعُوهُ ، قَالَ : فَارْفَعُوا طَعَامَكُمْ ، وَإِنَّ زَيْنَبَ لَجَالِسَةٌ فِي جَانِبِ الْبَيْتِ ، قَالَ : وَكَانَتِ امْرَأَةً قَدْ أَعْطِيَتْ جَمَالًا ، وَبَقِيَ فِي الْبَيْتِ ثَلَاثَةُ رَهْطٍ يَتَحَدَّثُونَ فِي الْبَيْتِ ، وَخَرَجَ نَبِيُّ اللهِ - صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - فَانْطَلَقَ نَحْوَ حُجْرَةِ عَائِشَةَ ، فَقَالَ : السَّلَامُ عَلَيْكُمْ أَهْلَ الْبَيْتِ وَرَحْمَةُ اللهِ ، كَيْفَ أَصْبَحْتُمْ ؟ قَالَتْ : وَعَلَيْكَ وَرَحْمَةُ اللهِ ، كَيْفَ وَجَدْتَ أَهْلَكَ بَارَكَ اللهُ لَكَ فِيهِنَّ ؟ قَالَ : فَاسْتَقْرَأَ حُجَرَ نِسَائِهِ كُلِّهِنَّ ، يَقُولُ لَهُنَّ كَمَا قَالَ لِعَائِشَةَ ، وَيَقُلْنَ لَهُ كَمَا قَالَتْ عَائِشَةُ ، ثُمَّ رَجَعَ نَبِيُّ اللهِ فَإِذَا الرَّهْطُ الثَّلَاثَةُ يَتَحَدَّثُونَ فِي الْبَيْتِ ، وَكَانَ نَبِيُّ اللهِ - صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - شَدِيدُ الْحَيَاءِ ، فَانْطَلَقَ نَحْوَ حُجْرَةِ عَائِشَةَ ، فَمَا أَدْرِي أَنَا أَخْبَرْتُهُ ، أَوْ أُخْبِرَ ، أَنَّ الْقَوْمَ قَدْ خَرَجُوا ، فَرَجَعَ ، فَلَمَّا وَضَعَ إِحْدَى رِجْلَيْهِ فِي أُسْكُفَّةِ الْبَابِ وَالْأُخْرَى خَارِجَهُ أَرْخَى سِتْرًا بَيْنِي وَبَيْنَهُ ، فَأُنْزِلَتْ آيَةُ الْحِجَابِ .
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے سیدہ زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کے ساتھ خلوت فرمائی اور ولیمہ میں روٹی اور گوشت کا اہتمام کیا، مجھے لوگوں کو دعوت دینے کے لیے بھیجا گیا، کھانے کو ڈھانپ دیا گیا تھا، میں لوگوں کو بلاتا رہا، لوگ آتے، کھانا کھاتے اور چلے جاتے، یہاں تک کہ میں نے عرض کی: ”یا رسول اللہ! اللہ کی قسم! اب مجھے کوئی ایسا شخص نہیں مل رہا جسے میں دعوت دوں“، آپ ﷺ نے فرمایا: ”پھر اپنا کھانا اٹھا لو“، اس وقت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا گھر کے ایک گوشے میں بیٹھی ہوئی تھیں اور وہ نہایت صاحبِ جمال خاتون تھیں، ادھر گھر میں تین اشخاص کی ایک جماعت رہ گئی تھی جو باتوں میں مصروف تھی، اللہ کے نبی ﷺ گھر سے باہر تشریف لائے اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے کی طرف گئے اور فرمایا: «السَّلَامُ عَلَيْكُمْ أَهْلَ الْبَيْتِ وَرَحْمَةُ اللَّهِ، كَيْفَ أَصْبَحْتُمْ؟» ”اے اہل بیت! تم پر سلامتی اور اللہ کی رحمت ہو، تم نے صبح کیسے کی؟“، انہوں نے جواب دیا: ”اور آپ پر بھی سلامتی اور اللہ کی رحمت ہو، آپ نے اپنے اہل خانہ کو کیسا پایا؟ اللہ تعالیٰ آپ کے لیے ان میں برکت عطا فرمائے“، پھر آپ ﷺ اپنی تمام ازواجِ مطہرات کے حجروں پر یکے بعد دیگرے تشریف لے گئے اور ان سے وہی بات کہی جو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہی تھی اور انہوں نے بھی وہی جواب دیا جو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے دیا تھا، پھر اللہ کے نبی ﷺ واپس تشریف لائے تو وہ تینوں اشخاص ابھی تک گھر میں بیٹھے باتیں کر رہے تھے، چونکہ اللہ کے نبی ﷺ نہایت باحیا تھے (اس لیے انہیں کچھ نہ کہا اور دوبارہ) سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے کی طرف چلے گئے، مجھے یاد نہیں کہ میں نے آپ ﷺ کو خبر دی یا آپ ﷺ کو خود خبر ہو گئی کہ وہ لوگ چلے گئے ہیں، چنانچہ آپ ﷺ واپس تشریف لائے اور جب اپنا ایک قدم چوکھٹ کے اندر اور دوسرا باہر رکھا تو میرے اور اپنے درمیان پردہ لٹکا دیا اور اسی موقع پر پردے کی آیت ﴿آیۃ الحجاب﴾ نازل ہوئی۔