مسند أبي يعلى الموصلي
مسند أنس بن مالك— انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ باب: انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، حَدَّثَنَا الزُّهْرِيُّ ، سَمِعَ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ ، يَقُولُ : سَقَطَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ فَرَسٍ فَجُحِشَ شِقُّهُ الْأَيْمَنُ فَدَخَلْنَا نَعُودُهُ ، فَحَضَرَتِ الصَّلَاةُ فَصَلَّى بِنَا قَاعِدًا ، فَصَلَّيْنَا خَلْفَهُ قُعُودًا ، فَلَمَّا قَضَى الصَّلَاةَ ، قَالَ : إِنَّمَا جُعِلَ الْإِمَامُ لِيُؤْتَمَّ بِهِ ، فَإِذَا كَبَّرَ فَكَبِّرُوا ، وَإِذَا رَكَعَ فَارْكَعُوا ، وَإِذَا سَجَدَ فَاسْجُدُوا ، وَإِذَا قَالَ : سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ ، فَقُولُوا : رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ ، وَإِذَا صَلَّى قَاعِدًا فَصَلُّوا قُعُودًا أَجْمَعِينَ .
قَالَ أَبُو يَعْقُوبَ : حَدَّثَنَا بِهِ سُفْيَانُ مَرَّةً أُخْرَى ، قَالَ : رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ .
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ گھوڑے سے گر پڑے جس سے آپ ﷺ کا دایاں پہلو زخمی ہو گیا، چنانچہ ہم آپ ﷺ کی عیادت کے لیے حاضر ہوئے تو نماز کا وقت ہو گیا، پس آپ ﷺ نے ہمیں بیٹھ کر نماز پڑھائی اور ہم نے بھی آپ ﷺ کے پیچھے بیٹھ کر ہی نماز ادا کی، جب آپ ﷺ نماز سے فارغ ہوئے تو ارشاد فرمایا: ”امام مقرر ہی اس لیے کیا جاتا ہے کہ اس کی اقتدا کی جائے؛ لہذا جب وہ تکبیر کہے تو تم بھی تکبیر کہو، جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو، جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو، اور جب وہ «سَمِعَ اللّٰهُ لِمَنْ حَمِدَهُ» ”اللہ اس شخص کی حمد قبول فرمائے جس نے اس کی حمد کی“ کہے تو تم «رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ» ”اے ہمارے رب! تمام تعریف تیرے ہی لیے ہے“ کہو، اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم سب بھی مل کر بیٹھ کر ہی نماز پڑھو“۔ ابویعقوب رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سفیان رحمہ اللہ نے ایک دوسری مرتبہ ہمیں یہ حدیث سنائی تو انہوں نے «رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ» ”اے ہمارے رب! اور تمام تعریفیں تیرے ہی لیے ہیں“ کے الفاظ کہے۔