حدیث نمبر: 3714
عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ قَالَ : خَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - فَتَوَجَّهَ نَحْوَ مَشْرَبَتِهِ فَدَخَلَ فَاسْتَقْبَلَ الْقِبْلَةَ فَخَرَّ سَاجِدًا فَأَطَالَ السُّجُودَ حَتَّى ظَنَنْتُ أَنَّ اللَّهَ قَبَضَ نَفْسَهُ فِيهَا ، فَدَنَوْتُ مِنْهُ فَرَفَعَ رَأْسَهُ قَالَ : " مَنْ هَذَا ؟ " قُلْتُ : عَبْدُ الرَّحْمَنِ قَالَ : " مَا شَأْنُكَ ؟ " قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ سَجَدْتَ سَجْدَةً خَشِيتُ أَنْ يَكُونَ اللَّهُ قَدْ قَبَضَ نَفْسَكَ فِيهَا قَالَ : " إِنَّ جِبْرِيلَ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - أَتَانِي فَبَشَّرَنِي فَقَالَ : إِنَّ اللَّهَ - عَزَّ وَجَلَّ - يَقُولُ : مَنْ صَلَّى عَلَيْكَ صَلَّيْتُ عَلَيْهِ وَمَنْ سَلَّمَ عَلَيْكَ سَلَّمْتُ عَلَيْهِ فَسَجَدْتُ لِلَّهِ شُكْرًا " . ¤ رَوَاهُ أَحْمَدُ ، وَرِجَالُهُ ثِقَاتٌ . ¤
محمد محی الدین

سیدنا عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں : نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم باہر نکلے آپ کا رخ اپنے بالا خانے کی طرف تھا آپ اس میں گئے آپ نے قبلہ کی طرف رخ کیا ، اور سجدے میں چلے گئے آپ نے طویل سجدہ کیا یہاں تک کہ میں نے یہ گمان کیا کہ اللہ تعالی نے سجدے کے دوران آپ کی جان کو قبض کر لیا ہے میں آپ کے قریب آیا تو آپ نے اپنا سر اٹھایا آپ نے دریافت کیا : کون ہے ؟ میں نے عرض کی : عبدالرحمن آپ نے دریافت کیا : تمہیں کیا کام ہے ؟ میں نے عرض کی : یا رسول اللہ ! آپ نے ایسا سجدہ کیا ہے کہ میں اس اندیشے کا شکار ہو گیا کہ کہیں اللہ تعالیٰ نے اس سجدے کے دوران آپ کی جان کو قبض نہ کر لیا ہو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جبرائیل میرے پاس آئے اور انہوں نے مجھے یہ خوشخبری دی اور بتایا : اللہ تعالیٰ یہ فرماتا ہے : جو شخص آپ پر درود بھیجے گا میں اس پر رحمت نازل کروں گا ، اور جو شخص آپ پر سلام بھیجے گا میں اس پر سلامتی نازل کروں گا ، تو میں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لئے یہ سجدہ کیا “ ۔
یہ روایت امام أحمد نے نقل کی ہے ، اور اس کے رجال ثقہ ہیں ۔

حوالہ حدیث مجمع الزوائد ومنبع الفوائد / أبواب العيدين / حدیث: 3714
درجۂ حدیث محدثین: إسنادہ صحیح
تخریج حدیث «المستدرك على الصحيحين للحاكم، ومن كتاب الإمامة ، وأما حديث عبد الوباب 756 السنن الكبرى للبيهقى ، كتاب الصلاة ، جماع أبواب سجود السهو وسجود الشكر ، باب سجود الشكر ، 3669 مسند أحمد بن حنبل، مسند العشرة المبشرين بالجنة ، مسند باقى العشرة المبشرين بالجنة ، مسند عبد الرحمن بن عوف الزبرى رضى الله عنه، 1617 مسند أبى يعلى الموصلى ، من مسند عبد الرحمن بن عوف، 813»