کیا ”ملل“ (اکتاہٹ) اللہ تعالیٰ کی صفت ہو سکتی ہے؟

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

71- کیا ”مَلَلٌ“ (اکتاہٹ) اللہ تعالیٰ کی صفت ہو سکتی ہے؟

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان میں یہ الفاظ موجود ہیں:
« إِنَّ اللّٰهَ لَا يَمَلُّ حَتّٰى تَمَلُّوْا »
”اللہ تعالیٰ تو (اجر دیتے ہوئے) نہیں اکتاتا یہاں تک کہ تم اکتا جاؤ گے۔“
بعض علماء کا خیال ہے کہ یہ حدیث اللہ تعالیٰ کے لیے ”مَلَل“ کے ثابت ہونے پر دلالت کرتی ہے، مگر یہ مخلوق کے مشابہ نہیں۔ بندوں میں اس چیز کا ہونا نقص ہے، کیونکہ یہ اکتا جانے اور سست ہو جانے کے معنی میں آتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی دوسری صفات کی طرح اسے بھی صفت کمال پر محمول کیا جائے گا، لیکن جب اس کی نسبت مخلوق کی طرف ہو تو اس میں کوئی کمال نہیں۔
جبکہ دوسرے علماء کا موقف ہے کہ اس سے مراد اس بات کی وضاحت کرنا ہے کہ بندہ جتنا بھی عمل کرتا چلا جائے تو اللہ تعالیٰ اسے اتنا ہی ثواب دیتا چلا جاتا ہے۔ بندہ تو عمل کرتے ہوئے اکتاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کے اجر دینے میں کوئی کمی واقع نہیں ہوتی، لہٰذا یہاں ”مَلَلٌ“ بندے کے ”مَلَلٌ“ کے لازم کے طور پر استعمال ہوا ہے۔
علماء کا ایک تیسرا گروہ ہے جس کا یہ خیال ہے کہ یہ لفظ اللہ کے صفت ہونے پر سرے سے دلالت ہی نہیں کرتا، کیونکہ اگر کوئی کہے کہ ”میں اس وقت تک کھڑا نہیں ہوں گا جب تک تو کھڑا نہ ہو“ تو اس سے دوسرے آدمی کا کھڑا ہونا لازم نہیں آتا۔ یہی معاملہ مذکورہ حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ کے لیے ”مَلَلٌ“ (اکتاہٹ) ثابت نہیں ہوتا۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ ہمارا اس بات پر پختہ یقین ہونا ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر اس وصف سے پاک ہے جس میں کسی قسم کا نقص ہو اور اگر اس حدیث سے صفت ”مَلَلٌ“ ثابت ہو جائے تو پھر یہ مخلوق کے مشابہ نہیں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 85)