45- تعطیل کی اقسام
تعطیل کی دو قسمیں ہیں:
① تعطیل کی پہلی قسم جھٹلانا اور انکار کرنا ہے اور ایسا کرنا کفر ہے۔ مثال کے طور پر ایک آدمی اللہ تعالیٰ کے عرش پر مستوی ہونے کو نہیں مانتا تو یہ تکذیب اور انکار ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
الرَّحْمَنُ عَلَى الْعَرْشِ اسْتَوَى [طٰهٰ: 5]
”وہ بے حد رحم والا عرش پر بلند ہوا۔“
جو کوئی اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی کسی خبر کا انکار کرے وہ کافر ہوتا ہے۔
② تعطیل کی دوسری قسم تاویل ہے اور یہ اہل علم کے درمیان محل اختلاف ہے کہ ایسا کرنے والے کو کافر کہیں گے یا نہیں۔ مثال کے طور پر ایک آدمی اللہ تعالیٰ کے عرش پر مستوی ہونے کو تسلیم کرتا ہے، لیکن ”استوی“ کا معنی غالب آنا کرتا ہے تو اسے تاویل کہیں گے اور ایسا کرنے والے کو کافر نہیں کہیں گے۔
تعطیل کی یہ قسم تفصیل کی محتاج ہے کہ ایسا کرنے والا انسان بدعتی تو ہوتا ہے کافر نہیں، لیکن کبھی شرعی دلائل کی روشنی میں کافر بھی ہوتا ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 86)