33- اللہ تعالیٰ کے اسماء کی تعداد مقرر نہیں
اللہ تعالیٰ کے سارے نام بڑے اعلیٰ و ارفع ہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے حدیث میں ان کی تعداد ننانوے مروی ہے، جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
« إِنَّ لِلّٰهِ تِسْعَةً وَّتِسْعِيْنَ اِسْماً مَنْ أَحْصَاهَا دَخَلَ الْجَنَّةَ » (صحيح البخاري، رقم الحديث [7392]، صحيح مسلم [2677/6])
”اللہ تعالیٰ کے ننانوے نام ایسے ہیں جو انھیں یاد کرے گا وہ جنت میں جائے گا۔“
ان ناموں کو شمار کرنے کا مطلب ان کے معنی و مفہوم کو سمجھنا، ان ناموں پر ایمان لانا اور ان کے تقاضے کے مطابق اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا ہے۔ ان ناموں کی تعیین کے متعلق کوئی صحیح حدیث ثابت نہیں ہے، لہٰذا ان ناموں کو قرآن کریم اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح احادیث سے لیا جائے گا، کیونکہ ان کا تعلق وحی سے ہے، لہٰذا جو نام کتاب و سنت کی صحیح دلیل سے ثابت ہوگا، اسے ہی قبول کیا جائے گا۔ (اللجنة الدائمة: 19110)