10- کامیاب گروہ اور اس کی پہچان
اہل سنت وہ جماعت ہے جسے طائفہ منصورہ کہا جاتا ہے اور یہی وہ گروہ ہے جو نجات پانے والا ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جو عمل اور عقیدہ دونوں میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کے طریقے پر کاربند ہیں۔
اہل سنت کا عقیدہ یہ ہے کہ وہ اللہ، فرشتوں، کتابوں، رسولوں، آخرت کے دن (قیامت) اور تقدیر کی بھلائی اور برائی پر ایمان رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کو ہر چیز کا خالق و مالک مانتے ہیں۔ ان کا یہ ایمان ہے کہ عبادت کے لائق صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ذات ہے، باقی سب باطل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے جو پیارے نام اور صفات ذکر کیے ہیں اور جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ذکر کیے ہیں ان سب پر ایمان رکھتے ہیں۔ وہ اس معاملے میں کسی قسم کی تحریف، تعطیل، تکییف اور تمثیل کے قائل نہیں۔ فرشتوں کے جو اوصاف قرآن و سنت میں مذکور ہیں، ان کے مطابق انھیں مانتے ہیں۔ شریعت کے ثابت شدہ اصولوں کے مطابق اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں اور دین میں اپنی طرف سے بدعت ایجاد کرنے سے بچتے ہیں۔ ہر بدعت کو گمراہی خیال کرتے ہوئے اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں، کیونکہ انھیں ایسی بات ہی کا حکم ملا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ [البينة: 5]
”اور انھیں اس کے سوا حکم نہیں دیا گیا کہ وہ اللہ کی عبادت کریں، اس حال میں کہ اس کے لیے دین کو خالص کرنے والے۔“
اپنے عمل اور عقیدے میں وہ کوئی نئی بات داخل نہیں کرتے جو دین میں ثابت نہ ہو، بلکہ یہ اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت میں انتہائی مخلص لوگ ہیں، لہٰذا یہی وہ گروہ ہے جو کامیاب ہونے والا ہے۔ طائفہ منصورہ بھی یہی ہے اور اہل سنت کہلانے کے صحیح حقدار بھی یہی ہیں۔ (ابن عثیمین: نور علی الدرب: 1/2)