چیونٹی اور جوؤں وغیرہ کو جلانے کی ممانعت
① سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سفر میں تھے پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی کسی حاجت کے لیے تشریف لے گئے تو ہم نے ایک حمرہ (چڑیا کی طرح ایک پرندہ جس کا سر سرخ ہوتا ہے) دیکھا جس کے ساتھ دو چوزے تھے۔ پس ہم نے اس کے دونوں چوزے پکڑ لیے، تو وہ حمرہ آئی اور اپنے پر پھیلانے لگی (یعنی وہ بے چینی سے زمین پر گر رہی تھی)۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو فرمایا:
من فجع هذه بولدها؟ ردوا ولدها إليها
”اسے اس کے بچے کی وجہ سے کس نے پریشان کر رکھا ہے؟ اس کا بچہ اسے واپس کرو“۔
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چیونٹیوں کا بل دیکھا، جسے انہوں نے جلا دیا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا:
من حرق هذه؟
”اسے کس نے جلایا ہے؟“
ہم نے عرض کیا، ہم نے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إنه لا ينبغي أن يعذب بالنار إلا رب النار
”آگ کا عذاب صرف آگ کا رب ہی دے سکتا ہے کسی اور کو یہ لائق نہیں“۔
ابوداؤد، كتاب الجهاد 2675۔
آگ کے ذریعے سزا دینے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں کسی مہم پر روانہ کیا تو فرمایا:
إن وجدتم فلانا وفلانا — لرجلين من قريش سماهما — فأحرقوهما بالنار
”اگر تم فلاں فلاں شخص کو پاؤ (آپ نے قریش کے دو آدمیوں کا نام لیا) تو انہیں آگ سے جلا دو“۔
پھر (روانگی کے وقت) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن وجدتموهما فاقتلوهما
”اگر تم ان دونوں کو پا لو تو انہیں قتل کر دینا (یعنی انہیں آگ سے نہ جلانا)“۔
بخاري، كتاب الجهاد و السير 2954۔ ترمذی 1571 مسند احمد 411/2۔
لوگوں کو عذاب پہنچانے کی ممانعت
① سیدنا ہشام بن حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں ملکِ شام میں کچھ شامی لوگوں کے پاس سے گزرا جنہیں دھوپ میں کھڑا کیا گیا تھا اور ان کے سر پر تیل ڈال دیا گیا تھا۔ میں نے کہا: یہ کیا ہے؟ بتایا گیا کہ انہیں خراج کے سلسلے میں سزا دی جا رہی ہے۔ تو میں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
إن الله يعذب الذين يعذبون فى الدنيا
”اللہ ان لوگوں کو عذاب میں مبتلا کرے گا جو دنیا میں عذاب پہنچاتے ہیں“۔
راوی بیان کرتے ہیں، ان دنوں عمیر بن سعد رضی اللہ عنہ ان کا سردار تھا اور وہ فلسطین میں تھا، میں اس کے پاس گیا اور اسے یہ واقعہ بیان کیا تو اس نے انہیں چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
مسلم، كتاب البر والصلة والآداب 2613/117۔ ابو داؤد، كتاب الخخراج والامارة والفئ 3045۔
جانوروں کو لڑائی پر اکسانے کی ممانعت
① سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جانوروں کو لڑائی پر اکسانے سے منع کیا ہے۔
ابوداؤد، كتاب الجهاد 2562، ترمذی، کتاب الجهاد 1708۔