(1) سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب مسجد میں داخل ہوتے تو یہ دعا پڑھتے : أَعُوذُ بِاللَّهِ الْعَظِيمِ وَبِوَجْهِهِ الْكَرِيمِ وَسُلْطَانِهِ الْقَدِيمِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ ’’ میں شیطان مردود کے شر سے بہت عظیم اللہ، اس کے معزز چہرے اور اس کی قدیم بادشاہت کی پناہ میں آتا ہوں۔ “ (سنن ابي داود : 466، وسنده صحيح)
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ جب کوئی یہ دعا پڑھ لے تو شیطان کہتا ہے : حفظ مني سائر اليوم ’’ یہ سارا دن مجھ سے محفوظ کر لیا گیا ہے۔ “
(2) سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ جو کوئی مسجد میں داخل ہو، وہ نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) پر سلام بھیجے اور یہ دعا پڑھے : اللَّهُمَّ افْتَحْ لِي أبْوَابَ رَحْمَتِكَ ’’ اے اللہ ! میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔ “
اور جو کوئی مسجد سے نکلے، وہ نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر سلام بھیجے اور یہ دعا پڑھے : اللَّهُمَّ اعْصِمْنِي مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيم ’’ اے اللہ ! مجھے شیطان مردود سے محفوظ رکھنا۔ “ (سنن ابن ماجه : 773، وسنده صحيح)
نوٹ: یہ دعائیں پڑھنے سے پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ان الفاظ سے پڑھنا چاہیے: السَّلَامُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ ۔