محدثین عظام کی تصریحات کے تناظر میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل
❶ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے پاس ایک شخص آیا اور کہنے لگا کہ میرا ماموں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی تنقیص کرتا ہے تو کیا میں اس کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا لوں؟ تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فوراً جواب دیا کہ اس کے ساتھ کھانا مت کھانا۔ [كتاب السنة للخلال 693 واسنادهُ صحيح]
❷ امام ابو حارث رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ہم نے ابو عبداللہ ( احمد بن حنبل رحمہ اللہ ) کی طرف ایک رقعہ ( چٹھی ) بھیجی اور پوچھا آپ اس شخص کے بارے کیا فرماتے ہیں جو یہ کہتا ہو کہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو خال المؤمنین نہیں مانتا ( اور یہ بھی کہ ) انہوں نے تلوار کے زور پر خلافت کو غصب کیا تھا۔ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ یہ بہت ہی گندی سوچ ہے ایسی قوم سے بچا جائے اور ان کے ساتھ نہ بیٹھا جائے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے معاملے کو لوگوں کے سامنے واضح کریں۔ [كتاب السنة للخلال 659 واسنادهُ صحيح]
❸ امام ابو عبداللہ ( احمد بن حنبل رحمہ اللہ ) کے پاس رقہ ( شام کا علاقہ ) سے خط آیا کہ بے شک ایک قوم نے کہا ہے کہ ہم سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو خال المؤمنین نہیں کہیں گے۔ تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کو غصہ آ گیا اور کہا ان کا اس جگہ اعتراض کیا ہے؟ ان کے ساتھ سختی کی جائے یہاں تک کہ توبہ کریں۔ [كتاب السنة للخلال 658 واسنادهُ صحيح]
❹ امام ابو طالب رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے امام ابو عبداللہ سے سوال کیا میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو خال المؤمنین کہہ سکتا ہوں؟ تو امام احمد رحمہ اللہ نے فرمایا کہ جی ہاں! کیوں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ ام حبیبہ بنت ابی سفیان رضی اللہ عنہا کے بھائی ہیں اور سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اہلیہ ام المؤمنین سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا کے بھائی ہیں۔ میں نے کہا کہ میں کہہ سکتا ہوں معاویہ رضی اللہ عنہ خال المومنین؟ آپ نے فرمایا جی ہاں۔ [كتاب السنة للخلال 657 واسنادهُ صحيح]
❺ امام عبدالملک بن عبد الحمید المیمونی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے سوال کیا کہ کیا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ میری رشتہ داری اور نسب کے علاوہ ہر نسب اور رشتے داری ( قیامت کے دن ) منقطع ہو جائے گی؟ تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ جی ہاں یہ حدیث پاک ہے۔ راوی کہتے ہیں کہ پھر میں نے سوال کیا کہ کیا یہ فضیلت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو بھی حاصل ہے؟ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ بے شک یہ فضیلت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو حاصل ہے کہ ان کا نسب اور ان کی رشتہ داری نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ لوگوں کو کیا ہو گیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں نامناسب باتیں کرتے ہیں ( نامناسب باتوں اور ایسے لوگوں سے ) اللہ عافیت میں رکھے۔ [كتاب السنة للخلال 654 واسنادهُ صحيح]
❻ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے بیٹے امام عبداللہ بن احمد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے اپنے والد صاحب سے پوچھا کہ کون افضل ہے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ یا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ…..؟ تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہم وہ لوگ ہیں کہ جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے برابر کسی ( تابعی وغیرہ ) کو نہیں کہتے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تو وہ عظیم شخصیت ہیں جن کے بارے میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بہترین لوگ وہ ہیں کہ جن میں مجھے مبعوث کیا گیا۔ [كتاب الجامع لعلوم الامام احمد العقيدة 465/4 واسنادهُ صحيح]
❼ ایک خط آیا لوگوں نے پوچھا کہ آپ کیا فرماتے ہیں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ مومنوں کے ماموں ہیں یا نہیں تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ غضبناک ہو گئے اور فرمایا یہ ( یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) بھی کوئی اعتراض کی جگہ ہیں؟ ایسے لوگوں سے بے رخی اور سختی سے پیش آیا جائے گا ( بائیکاٹ کیا جائے گا ) یہاں تک کہ وہ توبہ کریں۔ [كتاب الجامع لعلوم الامام احمد العقيدة 464/4 واسنادهُ صحيح]
❽ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے مشاجرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے پوچھا گیا تو انہوں نے فرمایا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ و سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے مابین جو کچھ ہوا میں اس کے بارے صرف اچھی بات ہی کہہ سکتا ہوں۔ [كتاب السنة للخلال 713، مناقب امام ابن الجوزی صفحه 67 واسنادهُ صحيح]
❾ امام ابو عبداللہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ آپ اس ( جمل و صفین ) معاملے میں کیا کہتے ہیں؟ سیدنا طلحہ، سیدنا زبیر، سیدنا علی اور ام المؤمنین سیدہ عائشہ اور ( راوی کہتا کہ سائل نے ) میرے خیال میں سیدنا معاویہ ( رضی اللہ عنہم ) کا بھی ذکر کیا۔ امام احمد رحمہ اللہ نے کہا کہ میں کون ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم کے بارے میں کہوں کہ ان کے درمیان کوئی بات ہوئی تھی اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ [كتاب السنة للخلال 714 واسنادهُ صحيح]
❿ امام ابنِ ہانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے پوچھا کہ کیا میں ایسے شخص کے پیچھے نماز پڑھ لوں جو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو گالی دے ( یا تنقید کرے )؟ تو امام اہلسنت احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے کہا کہ اس کے پیچھے نماز پڑھو نہ اس کی عزت کرو۔ [مسائل الامام احمد بن حنبل برواية اسحاق بن ابراهيم بن هانی 296]
⓫ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے اپنی شہرہ آفاق کتاب ”فضائل الصحابہ“ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل لکھنے سے قبل باب قائم کیا۔ ”فضائل معاويه بن ابى سفيان رضى الله عنهما“
⓬ امام عبد الملک المیمونی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے پوچھا کہ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ بروز محشر میری قرابت داری اور میرے نسب کے سوا ہر ایک کا حسب و نسب سے تعلق منقطع ہو جائے گا۔ تو انہوں نے فرمایا ہاں! یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے۔ میں نے پوچھا کیا یہ تعلق داری کا شرف سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو حاصل ہے؟ تو انہوں نے فرمایا جی ہاں۔ [كتاب السنة للخلال 654 واسنادهُ صحيح]
⓭ امام حکم بن ہشام رحمہ اللہ سے سوال ہوا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے آپ کی کیا رائے ہے؟ انہوں نے فرمایا وہ ہر مؤمن کے ماموں ہیں۔ [كتاب الثقات للعجلی 342]
⓮ امام نسائی رحمہ اللہ سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے سوال کیا گیا تو انہوں نے فرمایا: ”اسلام ایک گھر کی مانند ہے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس گھر کا دروازہ ہیں۔ پس جو شخص صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو اذیت پہنچاتا ہے درحقیقت وہ اسلام ہی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، جس طرح کوئی شخص دروازے پر ضرب لگاتا ہے تو اس کا مقصود گھر میں داخل ہونا ہوتا ہے۔ لہٰذا جو شخص سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو نشانہ بناتا ہے دراصل وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی کو نشانہ بنانا چاہتا ہے“۔ [تهذيب الكمال فی اسماء الرجال للمزی 1/339، تاريخ دمشق لابن عساكر 71/175]
⓯ امام عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ”ہمارے نزدیک سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ایک معیارِ امتحان ہیں۔ چنانچہ جس شخص کو ہم سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف حقارت، نفرت یا ٹیڑھی نگاہ سے دیکھتے پائیں تو ہم اسے اس جماعت کے بارے میں مشتبہ سمجھتے ہیں، یعنی اصحابِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں“۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/209]
⓰ امام ابن حزم رحمہ اللہ اور امام ابن القیم رحمہ اللہ نے انہیں ان صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی فہرست میں شامل کیا جو عہد صحابہ میں فتویٰ دیا کرتے تھے۔ امام ابن حزم رحمہ اللہ نے باب قائم کیا ”یہ باب اُن صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کے ذکر میں ہے جن سے فتوے منقول ہیں اور صرف فتووں کی کثرت کے اعتبار سے ان کے درجات و مراتب بیان کرنے کے بارے میں ہے۔“ [إعلام الموقعين لابن القيم 1/10، جوامع السيرة لابن حزم صفحه 319]
⓱ امام ابن ابی الدنیا رحمہ اللہ نے ”حلم معاویہ“ پر پورا ایک رسالہ لکھا ہوا جس میں انہوں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حلم پر مروی روایات کو جمع کیا۔
⓲ امام نووی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ عادل، فاضل اور ممتاز صحابہ میں سے ہیں۔ [شرح مسلم للنووی 15/149]
⓳ امام مازری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ عادل اور فاضل صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے ہیں۔ [المعلم بفوائد مسلم للمازری 3/242]
⓴ امام ابو الحسن عبد الرحمٰن الجوبری رحمہ اللہ ( اپنے تلامذہ کو فرماتے تھے کہ ) میں تمہیں اس وقت تک حدیث بیان نہیں کروں گا جب تک مجھے تمہارا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں عقیدہ معلوم نہ ہو جائے۔ اگر کوئی انہیں صحابیِ رسول تسلیم کرتا اور ان کے لیے دعائے رحمت کرتا تو اسے حدیث سناتے۔ [سير اعلام النبلاء للذهبی 17/415 رقم 272]
㉑ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ افضل ہیں یا سیدنا عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ ؟ تو انہوں نے جواب دیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ افضل ہیں، ہم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے کسی ایک کے ساتھ بھی ( غیر صحابی کا ) تقابل نہیں کرتے۔ [كتاب السنة للخلال 661، البداية والنهاية لابن كثير 8/139 واسنادهُ صحيح]
㉒ امام معافی بن عمران رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ افضل ہیں یا سیدنا عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ ؟ تو وہ شدید غضبناک ہوئے اور فرمایا ”محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ پر کسی کو قیاس نہیں کیا جاسکتا۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کاتب، آپ کے ساتھی، آپ کے سسرالی رشتہ دار اور اللہ تعالیٰ کی وحی پر آپ کے امین تھے۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے صحابہ اور میرے سسرالی رشتہ داروں کو میرے لیے چھوڑ دو ( ان کے بارے میں زبان درازی نہ کرو ) پس جو انہیں برا بھلا کہے یا تنقید کرے، اس پر اللہ، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہو“۔ [الشريعة للآجری 1956، تاريخ بغداد للخطيب البغدادی 1/209 واسنادهُ صحيح]
㉓ امام معافی بن عمران رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی، سسرالی رشتہ دار، کاتب وحی اور اللہ کی وحی کے امین ہیں۔ [تاريخ بغداد للخطيب البغدادی 1/577 وسندهُ صحيح]
㉔ امام ابو اسامہ حماد بن اسامہ رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ افضل ہیں یا سیدنا عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ ؟ تو انہوں نے فرمایا کہ ہم اصحاب رسول کا کسی ( غیر صحابی ) سے موازنہ نہیں کرتے۔ [الشريعة للآجری 1954 واسنادهُ صحيح]
㉕ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت کے لیے یہی بات کافی ہے کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور پھر سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے انہیں ایک ایسے صوبے کا گورنر مقرر کیا جو سرحدی اور نہایت حساس علاقہ تھا۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اس کی بہترین انداز میں نگرانی اور انتظام کیا، اپنی سخاوت اور حلم کے ذریعے لوگوں کو راضی رکھا۔ [سير اعلام النبلاء للذهبی 3/132]
㉖ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا یزید بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں وفات پاگئے تو ان کی وفات کے بعد سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ان کے بھائی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ان کی جگہ ( امیر شام ) مقرر فرمایا۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ لوگوں کے حالات اور صلاحیتوں کو سب سے زیادہ جاننے والوں میں سے تھے، سیاست و تدبیر میں نہایت ماہر تھے اور خواہشِ نفس سے سب سے زیادہ دور تھے۔ انہوں نے اپنے پورے دورِ خلافت میں اپنے کسی رشتہ دار کو عہدہ نہیں دیا بلکہ ہمیشہ ولایت و حکومت کے لیے اسی شخص کا انتخاب کرتے تھے جسے وہ اس منصب کے لیے زیادہ موزوں اور بہتر سمجھتے تھے۔ لہٰذا انہوں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو اسی وقت مقرر کیا جب ان کے نزدیک وہ امارت و حکمرانی کے لیے اہل اور موزوں افراد میں شمار ہوتے تھے۔ [منهاج السنة لابن تيمية 8/142]
㉗ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ خلیفہ، صحابی رسول ہیں، فتح مکہ سے قبل اسلام قبول کیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وحی کے کاتب رہے۔ [تقريب التهذيب لابن حجر العسقلانی 6758]
㉘ امام ابن سعد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیس برس تک والی شام رہے پھر ان کی خلافت کی بیعت ہوئی۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد ان کی خلافت پر مسلمانوں کا اجماع ہوا اور آپ رضی اللہ عنہ بیس برس خلیفہ رہے۔ [طبقات الكبریٰ لابن سعد 9/410 رقم 4547]
㉙ امام ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ تمام رعایا 41 ہجری میں ان کی بیعت پر جمع ہوئی جیسا کہ ہم بیان کر چکے ہیں۔ پھر وہ اپنی وفات والے سال تک اس پورے عرصے میں امورِ حکومت کے مستقل نگران اور منتظم رہے۔ اس مدت میں دشمن کے علاقوں میں جہاد جاری تھا، اللہ کا کلمہ بلند تھا، غنائمِ جنگ زمین کے اطراف سے ان کے پاس آتے تھے اور مسلمان ان کے ساتھ راحت، عدل، درگزر اور عفو کے ماحول میں زندگی گزار رہے تھے۔ [البداية والنهاية لابن كثير 11/400]
㉚ امام شہاب الدین الزہری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سالہا سال سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی سیرت پر عمل کیا اور اس میں رتی برابر بھی کوتاہی نہ کی۔ [كتاب السنة للخلال 683 واسنادهُ صحيح]
㉛ امام شمس الآئمۃ السرخسی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اکابرین صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے ہیں، کاتب وحی ہیں اور امیر المؤمنین ہیں۔ [المبسوط للسرخسی 24/47]
㉜ امام قسطلانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وحی کے کاتب اور بے شمار فضائل و مراتب کے مالک ہیں۔ [ارشاد الساری للقسطلانی 1/251]
㉝ امام عمر الجعدی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ مؤمنین کے ماموں، کاتب وحی اور خلیفہ ہیں۔ [طبقات فقهاء اليمن للجعدی 1/47]
㉞ امام عامر شعبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اس امت کے چار بڑے صاحبِ تدبیر و ذہانت ( سیاسی حکمت اور معاملہ فہمی والے ) ہیں: سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ، سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ، سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا زیاد بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ۔ [طبقات الكبریٰ لابن سعد 2/351، كتاب العلل ومعرفة الرجال لاحمد برواية عبدالله 1772، تاريخ دمشق لابن عساكر 32/65 واسنادهُ صحيح]
㉟ امام ربیع بن نافع حلبی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے لیے ایک پردہ ہیں، پس جب کوئی شخص اس پردے کو چاک کر دیتا ہے تو وہ اس کے پیچھے موجود ( دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) پر بھی جرات کرنے لگتا ہے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/209، البداية والنهاية لابن كثير 8/139، تاريخ بغداد للخطيب البغدادی 1/577 وسندهُ صحيح]
㊱ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فقہ اور دینداری پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی گواہی موجود ہے۔ ان کے فقہ ( علم و فہمِ دین ) کے گواہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما ہیں، ان کی عمدہ نماز کے گواہ سیدنا ابو الدرداء رضی اللہ عنہ ہیں اور یہ دونوں اپنے مقام و مرتبہ میں معروف و مسلم ہیں۔ اس مضمون کی تائید کرنے والی روایات بہت زیادہ ہیں۔ [منهاج السنة لابن تيمية 6/235]
㊲ امام ابن عبد البر رحمہ اللہ صحیح البخاری 2924 کی شرح فرماتے ہوئے بیان کرتے ہیں کہ اس حدیث میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے فضیلت ہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے جھنڈے تلے جہاد کرنے والوں کو اولین ( بہترین لوگوں ) میں شمار فرمایا اور انبیاء کرام علیہم السلام کے خواب وحی ہوتے ہیں۔ [التمهيد لابن عبد البر 1/235]
㊳ عباسی حاکم بامر اللہ ہاشمی رحمہ اللہ نے ”الاعتقاد القادری“ کے نام سے مسلمانوں کا اجماعی عقیدہ مرتب کیا جس کا مخالف تمام اہل علم کے اتفاق سے فاسق اور کافر قرار دیا گیا۔ اس میں یہ عقیدہ بھی موجود ہے کہ ”مسلمان سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں صرف کلمہ خیر ہی کہتا ہے اور وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے باہمی مشاجرات میں دخل نہیں دیتا اور تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لیے دعائے رحمت کرتا ہے“۔ [الاعتقاد القادری 1/7، المنتظم فی تاريخ الملوك والأمم لابن الجوزی 15/281 واسنادهُ صحيح]
㊴ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ”امیر المؤمنین اور شاہ اسلام“ [سير اعلام النبلاء للذهبی 3/120]
㊵ امام حسن بصری رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ کچھ لوگ ( روافض ) سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو گالیاں دیتے ہیں اور ان پر لعنت کرتے ہیں۔ جس پر امام حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ”ان لعنت کرنے والوں پر اللہ کی لعنت ہو“۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/206 واسنادهُ صحيح]
㊶ امام ابراہیم بن میسرہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ”میں نے امام عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کو کبھی کسی انسان کو مارتے ہوئے نہیں دیکھا، انہوں نے صرف اس شخص کو کوڑے مارے جس نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو برا بھلا کہا“۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/211، شرح أصول اعتقاد اهل السنة والجماعة للالكائی 2385، الصارم المسلول على شاتم الرسول لابن تيمية 1/569، البداية والنهاية لابن كثير 8/139 واسنادهُ صحيح]
㊷ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ جو شخص سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ یا ان جیسے دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر لعنت کرے تو وہ تمام آئمہ کے اتفاق سے سخت سزا کا مستحق ہے۔ [مجموع الفتاوٰی لابن تيمية 35/58]
㊸ امام ابو القاسم اسماعیل التیمی الاصبہانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ہم شہادت دیتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ قطعی جنتی ہیں۔ [الحجة في بيان المحجة للاصبهانی 2/282]
㊹ امام اعمش رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر تم لوگ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا دور دیکھ لیتے تو کہہ اٹھتے یہی امام مہدی ہیں۔ [معجم الكبير للطبرانی 19/308 رقم 691]
㊺ امام مجاہد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ اگر تم لوگ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا دور دیکھ لیتے تو کہہ اٹھتے یہی امام مہدی ہیں۔ [كتاب السنة للخلال 669، معجم الصحابة للبغوی 2191، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/172، البداية والنهاية لابن كثير 8/135 واسنادهُ صحيح]
㊻ امام زہری رحمہ اللہ بیان فرماتے ہیں کہ میں نے سیدنا سعید بن مسیب رحمہ اللہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے فرمایا کہ زہری میری بات توجہ سے سنیں۔ جو شخص خلفاء راشدین سے محبت کرتے ہوئے عشرہ مبشرہ کے لیے جنت کی گواہی دیتے ہوئے اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے رحمت کی دعائیں کرتے کرتے مر گیا تو اللہ تعالیٰ کے ذمہ یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ وہ اس سے حساب نہ لے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/207، البداية والنهاية لابن كثير 11/449 واسنادهُ صحيح]
㊼ امام عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی ناک میں پڑنے والا غبار سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ سے بہتر اور افضل ہے۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نمازیں پڑھیں آپ نے سمع الله لمن حمده فرمایا تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے ربنا لك الحمد کہا اس کے بعد اور بڑا فضل و شرف کیا ہو گا؟ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/208، الشريعة للآجری 1955، البداية والنهاية لابن كثير 8/139 واسنادهُ صحيح]
㊽ امام قاضی ابن العربی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے خصال حمیدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ انہوں نے سرحدوں کو محفوظ بنایا، فوج کی اصلاح کی، دشمن پر غالب رہے اور مخلوق کی منفعت کے لیے کوشاں رہے۔ دوسری جگہ فرماتے ہیں کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے انہیں منصب ولایت پر فائز کیا اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے انہیں اس منصب پر برقرار رکھا۔ بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ انہیں سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ نے والی مقرر کیا تھا۔ اس لیے کہ انہوں نے ان کے بھائی سیدنا یزید بن ابو سفیان رضی اللہ عنہ کو والی مقرر فرمایا اور سیدنا یزید بن ابو سفیان رضی اللہ عنہ نے انہیں اپنا جانشین مقرر کیا۔ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے انہیں اس عہدہ پر برقرار رکھا اور پھر سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے بھی یہی کچھ کیا۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ سلسلہ کس قدر ٹھوس اور پائیدار ہے۔ [العواصم من القواصم لابن العربی صفحه 87]
㊾ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ ذکر کرتے ہیں کہ جب امام سلیمان بن مہران اعمش رحمہ اللہ کے سامنے امیر المومنین سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کا ذکر کیا گیا تو انہوں نے فرمایا کہ تم کیا شان عمل دیکھتے اگر سیدنا معاویہ بن ابو سفیان رضی اللہ عنہ کا دور پاتے؟ لوگوں نے کہا کہ آپ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حلم کے بارے میں فرما رہے؟ فرمایا نہیں بردباری تو ہے اللہ کی قسم! ان کے عدل کے بارے میں بتا رہا ہوں کہ اس کی بھی ایک عجیب شان تھی۔ [منهاج السنة لابن تيمية 3/185، المنتقیٰ للذهبی صفحه 388]
㊿ امام ابن خلدون رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ مناسب یہی ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی حکومت اور اس کے اخبار و واقعات کے ساتھ ملحق کیا جائے اس لیے کہ وہ عدل و انصاف، فضل و شرف اور حجت میں ان کے ہم پلہ ہیں اور حق تو یہ ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا شمار خلفائے راشدین میں ہی ہوتا ہے۔ [تاريخ المفترى عليه صفحه 62، مقدمه تاريخ ابن خلدون]
(51) امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ کے بھتیجے امام ابو القاسم رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بغض رکھتا ہوں۔ امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ نے پوچھا کیوں؟ اس نے کہا کہ اس لیے کہ انہوں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ بن ابی طالب سے جنگ کی تھی۔ اس پر امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ نے فرمایا مجھے بتاؤ، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا رب رحیم ہے اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فریقِ مخالف کا رب بھی کریم ہے تو پھر ان دونوں کے درمیان تمہارا کیا دخل ہے؟ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/141]
(52) امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے بیماری کے دوران اہلِ خانہ کو تقویٰ کی نصیحت کی۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/142، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/228، تاريخ الطبری 5/323]
(53) امام ابن کثیر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنی بعض جائیداد بیت المال میں جمع کروانے کا حکم دیا۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/142]
(54) امام ابن القیم رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی مذمت میں جتنی بھی روایات ہیں سب کی سب جھوٹی ہیں۔ [المنار المنيف فی الصحيح والضعيف لابن القيم 1/110]
(55) امام ملا علی قاری الحنفی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ انہی روایات میں سے جو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ، بنو امیہ، سیدنا یزید رحمہ اللہ، سیدنا ولید رحمہ اللہ اور سیدنا مروان بن الحکم رضی اللہ عنہ کی مذمت میں مروی ہیں سب کی سب جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ [الأسرار المرفوعة في الأخبار الموضوعة للملا على قاری 1/477]
(56) امام خطیب البغدادی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ امام ابو عمر رحمہ اللہ نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل پر ایک رسالہ مرتب کیا ہوا تھا اور وہ کسی شخص کو کوئی کتاب یا علمی متن پڑھانا شروع نہیں کرتے تھے جب تک وہ پہلے اس رسالے کی قرأت نہ کر لیتا۔ [تاريخ بغداد للخطيب البغدادی 3/160، سير اعلام النبلاء للذهبی 15/510]
(57) امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ، سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ، اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے ہیں، اور ان کے فضائل و خصائص ثابت ہیں۔ [مجموع الفتاوٰی لابن تيمية 4/431]
(58) امام احمد بن محمد الخفاجی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر طعن کرنے والا شخص جہنم کے کتوں میں سے ایک کتا ہے۔ [نسيم الرياض فی شرح شفاء للخفاجی 4/525]
(59) امام قتادہ رحمہ اللہ نے امام حسن بصری رحمہ اللہ سے کہا کہ ایک قوم سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے جہنمی ہونے کی گواہی دیتی ہے۔ اس پر امام حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ان پر اللہ کی لعنت ہو۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/206]