قیامت کی نشانی : مرد قلیل اور عورتیں کثیر ہو جائیں گی

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی : مرد قلیل اور عورتیں کثیر ہو جائیں گی

عن أنس رضى الله عنه أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال : إن من أشراط الساعة أن يرفع العلم ويكثر الجهل ويكثر الزنا ويكثر شرب الحمر ويقل الرجال ويكثر النساء حتى يكون لخمسين امرأة القيم الواحد
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا ، جہالت بڑھ جائے گی ، زنا کاری عام ہوگی ،شراب بکثرت پی جائے گی ، آدمی تھوڑے اور عورتیں زیادہ ہو جائیں گی حتی کہ پچاس عورتوں کے لئے ایک آدمی ہی نگران ہو گا۔
بخاری (231) احمد (222/3 – 255 – 366) مسلم (2671) عبد الرزاق (381/11) دلائل النبوه (543/6) شرح السنه ( 4126) ابن ابی شیبه (664/8)
وعن أبى موسى رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وسلم قال : لياتين على الناس زمان يطوف الرجل فيه بالصدقة من الذهب ثم لا يجد أحدا يأخذها منه وبرى الرجل الواحد يتبعه أربعون امرأة يلذن به من قلة الرجال وكثرة النساء
حضرت ابو موسی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کہ ضرور لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ ایک شخص سونا لے کر صدقہ کرنے نکلے گا لیکن کوئی اسے لینے والا نہیں ملے گا اور یہ بھی ہوگا کہ ایک مرد کی پناہ میں چالیس چالیس عورتیں ہو جائیں گی کیونکہ مردوں کی قلت اور عورتوں کی کثرت ہو جائے گی۔
بخاری (1414)

فوائد :

➊ مردوں کی انتہائی قلت اور عورتوں کی کثرت قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ مذکورہ نشانی تا حال ظاہر نہیں ہوئی۔
➌ مذکورہ نشانی کے ظہور کی دو صورتیں نمایاں طور پر سمجھ آتے ہیں ایک تو یہ کہ قیامت سے پہلے خونریز جنگوں کا سلسلہ شروع ہوگا جسکے نتیجے میں مردوں کی ایک بڑی تعداد جنگوں میں شرکت کی وجہ سے مقتول ہو جائے گی اور بچنے والے مردوں کے مقابلے میں عورتیں زیادہ ہوں گی۔ دوسری صورت یہ بھی ہو سکتی ہے کہ عورتوں کی شرح پیدائش بڑھ جائے اور مردوں کی گھٹ جائے اور مذکورہ پیش گوئی سے دو چار ہونا پڑے۔
➍ چالیس عورتوں پر ایک نگران سے کثرت نساء مراد ہے کیونکہ بعض روایتوں میں چالیس سے زیادہ تعداد بھی مذکور ہے۔