قیامت کی نشانی : دریائے فرات سے سونے کا پہاڑ (خزانہ) نمودار ہو گا

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی : دریائے فرات سے سونے کا پہاڑ (خزانہ) نمودار ہو گا

عن أبى هريرة رضى الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : لا تقوم الساعة حتى يحسر الفرات عن جبل من ذهب يقتل الناس عليه فيقتل من كل مائة تسعة وتسعون ويقول كل رجل منهم لعلى أكون أنا الذى أنجو
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قیامت قائم نہیں ہو گی حتی کہ دریائے فرات سے سونے کا پہاڑ نمودار ہوگا جس پر لوگ جنگ کریں گے اور ہر سو میں سے ننانوے مارے جائیں گے جبکہ ہر بندہ یہ سوچ کر حصہ لے رہا ہوگا کہ شاید وہ ایک نجات پانے والا میں ہی ہوں۔
مسلم (2894)
وعن أبى هريرة رضى الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : يوشك الفرات أن يحسر عن كنز من ذهب فمن حضره فلا يأخذ منه شيئا
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قریب ہے جب فرات سونے کا خزانہ ظاہر کرے گا۔ لہذا تم میں سے جو شخص وہاں موجود ہو وہ اس خزانے میں سے کچھ بھی حاصل نہ کرے۔
بخاری (7119) مسلم (7274) احمد (438/2 – 456) ابو داؤد (4313) ابن ماجہ (3969) عبد الرزاق (382/11)
عن أبى بن كعب رضى الله عنه قال سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول : يوشك الفرات أن يحسر عن جبل من ذهب فإذا سمع به الناس ساروا إليه فيقول من عنده : لئن تركنا الناس يأخذون منه ليذهبن به كله قال : فيقتتلون عليه فيقتل من كل مائة تسعة وتسعون
حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد گرامی سنا عنقریب دریائے فرات سے سونے کا ایک پہاڑ نمودار ہو گا جب لوگ اس کے بارے میں سنیں گے تو اس کی طرف چل پڑیں گے اور جو اس (خزانے) کے پاس ہوں گے وہ کہیں گے کہ اگر ہم نے یہ (سونا) چھوڑ دیا تو لوگ اسے لے کر چلتے بنیں گے۔ فرمایا : پھر اس کے حصول کے لئے لوگ لڑیں گے اور ہر سو میں سے ننانوے مقتول ہوں گے۔
مسلم (2895 – 8272) احمد (4/5 – 183) حلية الأولياء (255/1) مسند شاشی (367/3)
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عنقریب سونے کے ایک پہاڑ کے ظاہر ہونے کا امکان ہے جس کے حصول کے لئے لوگ لڑیں گے پھر ان میں سے ننانوے مقتول ہوں گے۔
احمد (345/2 – 456 – 546) حلية الأولياء (141/7) عبد الرزاق (382/11)

فوائد :

➊ دریائے فرات سے سونے کے پہاڑ یا سونے کے خزانے کا نمودار ہونا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ مذکورہ نشانی تاحال ظاہر نہیں ہوئی۔
➌ سونے کا پہاڑ ظاہر کرنا قدرت الہی سے کچھ بعید نہیں۔
➍ اس سونے کے خزانے کے حصول کے لئے نہایت خطرناک جنگ ہوگی جس میں ہر سو میں سے ننانوے مقتول ہوں گے۔
➎ مسلمانوں کو اس جنگ میں شمولیت سے منع کیا گیا ہے۔
➏ مسلمانوں کو اس خزانے کے حصول سے منع کیا گیا ہے۔
➐ سونے کے پہاڑ (خزانے) کا نمودار ہونا موجب فتنہ ہے اور اللہ کی طرف سے ایک آزمائش ہے۔
➑ ماضی قریب میں ہونے والی ”گلف وار“ قطعاّ وہ جنگ نہیں تھی جو سونے کے خزانے کے حصول کے لئے لڑی جائے گی اگرچہ پیٹرول کو کالا سونا کہا جاتا ہے۔
➓ بہت سے مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کر کے ضرور بالضرور خزانے کے حصول میں میدان جنگ میں اتر پڑیں گے مگر قتل کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا۔