قیامت کی نشانی : ایک جہجاہ نامی بادشاہ ہوگا

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی : ایک جہجاہ نامی بادشاہ ہوگا

عن أبى هريرة رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وسلم قال : لا تذهب الأيام والليالي حتى يملك رجل من الموالي يقال له الجهجاه
مسلم : کتاب الفتن : باب لا تقوم الساعة حتى يمر الرجل بقبر الرجل (2911) احمد (2/435) ترمذی (2228)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : دن رات ختم نہیں ہوں گے یہاں تک کہ (غلاموں میں سے) ایک آدمی جسے جہجاہ کہا جائے گا وہ بادشاہ بن جائے گا۔

فوائد :

➊ جہجاہ نامی بادشاہ کا ظہور قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ یہ آدمی قحطانی نہیں ہوگا بلکہ کوئی اور ہوگا اس لئے کہ یہ غلاموں میں سے ہوگا اور قحطانی شخص آزاد ہوگا، چونکہ قحطانی یمن کے حمیر، ہمدان اور کندہ وغیرہ قبائل کی طرف منسوب ہیں جن کا آزاد ہونا مسلم ہے۔
فتح البارى (6/545)
➌ اس نشانی کا ظہور تاحال وقوع میں نہیں آیا۔
➍ جہجاہ نامی بادشاہ اہل حل و عقد اور شوریٰ کا منتخب نہیں ہوگا بلکہ از خود مسلط ہو کر حکمران بن بیٹھے گا۔
تحفة الاحوذی (482/6)
➎ اس حدیث کا یہ مفہوم نہیں کہ وہ سارے مسلمانوں یا ساری زمین کا بادشاہ بن جائے گا بلکہ کسی مخصوص علاقے میں مخصوص افراد، اغلب گمان ہے کہ اہل عرب کا بادشاہ بن جائے گا۔
➏ مقصود یہ ہے کہ قریش کا رعب و دبدبہ اور احترام و مرتبہ جاتا رہے گا اور دوسرے لوگ حتی کہ غلام قسم کے لوگ حکومتیں سنبھالنا شروع کر دیں گے۔