علی بن زید بن جدعان: محدثین کے نزدیک ضعیف راوی

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

علی بن زید محدثین کے نزدیک ضعیف راوی ہے:

امام یحییٰ بن معین رحمہ اللہ اس کے متعلق فرماتے ہیں: ”علي بن زيد ليس بشيء في الحديث“ علی بن زید حدیث کے معاملے میں کچھ بھی نہیں۔ (تاریخ ابن معین روایۃ الدوری:353)
یعنی روایتِ حدیث میں اس کی کوئی حیثیت نہیں۔ اور ایک جگہ فرمایا: ”ضعیف“ (الضعفاء الکبیر للعقیلی:229/3)۔
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا ”لیس بالقوی“ یہ قوی نہیں۔ (الجرح والتعدیل لابن ابی حاتم:186/6)
اور فرمایا: ”لیس بشیء“ یہ کچھ بھی نہیں۔ (الکامل لابن عدی:335/6)
امام سفیان بن عیینہ رحمہ اللہ بھی اسے ضعیف قرار دیتے۔ (الضعفاء للعقیلی:229/3)
امام ابوحاتم الرازی رحمہ اللہ نے اس کے متعلق فرمایا: ”ليس بقوي“ یہ قوی نہیں، اور کہا: ”يكتب حديثه ولا يحتج به“ یعنی اس کی حدیث لکھی جاتی ہے لیکن یہ قابل حجت نہیں۔ (الجرح والتعدیل:187/6)
امام ابوزرعہ الرازی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”ليس بقوي“۔ (الجرح والتعدیل:187/6)
امام ابوالحسن الدارقطنی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”ضعیف“ (سنن دارقطنی:248)
امام ابن سعد رحمہ اللہ نے بھی اسے ضعیف کہا اور فرمایا: ”لا يحتج به“۔ (الطبقات الکبری:252/7)
امام یعقوب بن سفیان الفسوی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”اختلط في كبره“ یہ بڑھاپے میں اختلاط کا شکار ہو گیا تھا۔ (المعرفۃ والتاریخ:741/2)
امام ابراہیم بن یعقوب الجوزجانی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”واهي الحديث، ضعيف“۔ (احوال الرجال:185)
امام ابو احمد ابن عدی رحمہ اللہ نے اسے ضعیف قرار دیا، اور فرمایا: ”وكان يغالي في التشيع“ یعنی یہ غالی شیعہ تھا۔ (الکامل فی ضعفاء الرجال:344/6)
امام نسائی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”علی بن زید ضعیف ہے۔“ (سنن نسائی:3881)
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے اپنی کتاب میں اس سے حجت نہیں پکڑی اور اس کے متعلق کہا:
”فَإِنَّ فِي الْقَلْبِ مِنْ عَلِيِّ بْنِ زَيْدِ بْنِ جُدْعَانَ“ کیونکہ میرے دل میں علی بن زید بن جدعان کے متعلق کچھ (اشکال) ہے۔ (صحیح ابن خزیمۃ:70/3)
نیز امام ذہبی رحمہ اللہ نے میزان میں (بلا سند) امام ابن خزیمہ کا یہ قول نقل کیا: ”لا أحتج به لسوء حفظه“ میں اس راوی کے برے حافظے کی وجہ سے اس سے حجت نہیں پکڑتا۔ (میزان الاعتدال:128/3)۔
امام ابن حبان رحمہ اللہ نے علی بن زید کو اپنی ضعیف راویوں پر مشتمل کتاب میں ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ روایت بیان کرنے میں بہت زیادہ وہم اور خطا کا شکار ہوتا، لہٰذا اس سے حجت نہ پکڑی جائے۔ (المجروحین:103/2)
امام ابوجعفر العقیلی رحمہ اللہ نے ضعیف قرار دیا۔ (الضعفاء الکبیر للعقیلی:229/3)
امام ابو بکر البیہقی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”لیس بالقوی“ اور فرمایا: ”لا يحتج بحديثه“۔ (السنن الکبری للبیہقی:659/1،253/1)
امام ابواحمد الحاکم رحمہ اللہ نے فرمایا: ”ليس بالمتين عندهم“ یہ محدثین کے نزدیک مضبوط نہیں۔ (الأسامی والکنی:1549)
امام ابن الجارود رحمہ اللہ نے کہا: ”ليس بشيء، ليس بحجة“۔ (إکمال تہذیب الکمال:323/9)
امام ابن حزم رحمہ اللہ نے کہا: ”ضعیف“ (المحلی:260/5)
امام الجورقانی رحمہ اللہ نے اس کی وجہ سے ایک روایت کو ضعیف بلکہ باطل قرار دیا اور پھر امام ابن معین رحمہ اللہ سے اس کی تضعیف نقل کی۔ (الأباطیل والمناکیر والصحاح والمشاہیر:188/2)
امام ابو الفضل ابن القیسرانی رحمہ اللہ نے کہا: ”ضعیف“ اور اسے ”لَيْسَ بِشَيْءٍ فِي الْحَدِيثِ“ قرار دیا (ذخیرۃ الحفاظ:560/1،235/1)
امام عبد الحق الاشبیلی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”لَا يُحْتَجُّ بِحَدِيثِهِ“ یعنی اس کی حدیث سے حجت نہیں پکڑی جاتی۔ (الاحکام الوسطی:328/2)
امام ابن الجوزی رحمہ اللہ نے اسے ضعیف قرار دیا۔ (الضعفاء والمتروکون:2373)
امام ابن القطان الفاسی رحمہ اللہ نے اس کی روایت پر جرح کرتے ہوئے فرمایا کہ علی بن زید ضعیف ہے۔ (بیان الوہم:410/5)
امام ابن ملقن رحمہ اللہ نے بھی ضعیف کہا۔ (البدر المنیر:100/2،227/8)
امام عبد العظیم المنذری رحمہ اللہ نے فرمایا: ”لَا يُحْتَجُّ بِحَدِيثِهِ“۔ (مختصر سنن ابی داود:24/3)
امام ابن القیم رحمہ اللہ نے فرمایا: ”ضَعِيفُ الْحَدِيثِ لَا يُحْتَجُّ بِحَدِيثِهِ“۔ (زاد المعاد:239/3)
امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے ضعیف قرار دیا اور ایک مقام پر فرمایا: ”لَهُ مُنْكَرَاتٌ كَثِيرَةٌ“۔ (تفسیر ابن کثیر:218/5،733/1)
امام ابوالعباس البوصیری رحمہ اللہ نے اسے ضعیف کہا۔ (اتحاف الخیرۃ المہرۃ:488/1)
اور فرمایا: ”والجمهور على تضعيفه“ اور جمہور محدثین نے اسے ضعیف قرار دیا ہے۔ (زوائد ابن ماجہ:31/1)
امام نور الدین الہیثمی رحمہ اللہ نے کئی مقامات پر اسے ضعیف لکھا ہے لیکن ایک جگہ جرح مفسر کرتے ہوئے فرمایا: ”وَفِيهِ ضَعْفٌ لِسُوءِ حِفْظِهِ“ اس کے برے حافظے کی وجہ سے اس میں ضعف ہے۔ (مجمع الزوائد:74/5)
اور ہماری زیرِ بحث روایت کو نقل کر کے فرماتے ہیں: ”وَفِيهِ عَلِيُّ بْنُ زَيْدٍ وَهُوَ ضَعِيفٌ“ اس میں علی بن زید ہے جو کہ ضعیف ہے۔ (مجمع الزوائد:96/1)
علامہ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی اسے ضعیف لکھا ہے۔ (التقریب:4734)
علامہ البانی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ”سلسلة الاحاديث الضعيفة“ میں جگہ جگہ اس راوی کو ضعیف قرار دیا ہے، چنانچہ ایک مقام پر فرمایا: ”وهذا إسناد ضعيف، رجاله ثقات؛ غير علي بن زيد، وهو ابن جدعان، وهو ضعيف كما تقدم مرارا“، یہ سند ضعیف ہے، اس کے راوی ثقہ ہیں سوائے علی بن زید کے، اور وہ ابن جدعان ہے، اور یہ ضعیف ہے جیسا کہ پہلے کئی مرتبہ بیان کیا جا چکا ہے۔ (سلسلۃ الضعیفۃ:379/13)
اور مولانا زبیر علی زئی رحمہ اللہ نے بھی کئی مرتبہ اس راوی کو ضعیف قرار دیا ہے۔ (مقالات-1 ص:320، مقالات-3 ص:398)
تو انجینئر صاحب ایسی ضعیف روایت کی بنا پر عوام کو غلط تاثر دے رہے ہیں، اور اس ضعیف روایت کی آڑ میں ایک صحیح روایت کو من گھڑت اور تاریخی روایت قرار دے کر اس کا مذاق بنا رہے ہیں۔ آپ کی معلومات کے لیے بتا دیں کہ یہ کوئی تاریخ کی بے سند روایت نہیں کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے سیدنا جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کے لیے خواہش فرمائی کہ اللہ میری عمر بھی معاویہ رضی اللہ عنہ کو لگا دے، بلکہ صحیح سند کے ساتھ منقول ہے۔