سر منڈانے کا ثواب
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! سر منڈانے والوں کو بخش دے۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! بال کٹوانے والوں کے لیے بھی دعا فرمائیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اے اللہ! سر منڈانے والوں کو بخش دے۔ صحابہ کرام نے عرض کیا: یا رسول اللہ! سر کٹوانے والوں کے لیے بھی بخشش (دعا فرمائیں) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: بال کٹوانے والوں کو بھی (بخش دے)۔“
صحیح بخاری، کتاب الحج، رقم: 1728.
قربانی کرنے کا ثواب
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿وَمَن يُعَظِّمْ شَعَائِرَ اللَّهِ فَإِنَّهَا مِن تَقْوَى الْقُلُوبِ﴾
”اور جو شخص ادب کی چیزوں کی جو اللہ تعالیٰ نے مقرر کی ہیں عظمت رکھے تو یہ (عمل) دلوں کی پرہیزگاری میں سے ہے۔“
(22-الحج:32)
عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: ”اس سے مراد قربانی کا احترام کرنا اور اسے موٹا کرنا ہے۔“
آب زم زم پینے کا ثواب
سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
ماء زم زم لما شرب له.
آب زم زم جس مقصد کے لیے بھی پیا جائے (اسے پورا کرتا ہے)۔“
سنن ابن ماجه، رقم: 3062 – الارواء، رقم: 1123 – البانی رحمہ اللہ نے اسے ”صحیح“ کہا ہے۔