انصار صحابہ رضی اللہ عنہم سے محبت کرنے کی فضیلت
خصوصاً انصار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کرنا بھی ایمان کی علامت اور نشانی ہے، اور ان سے بغض رکھنا علامت نفاق ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
آية المنافق بغض الأنصار، وآية المؤمن حب الأنصار .
”منافق انسان کی علامت ہے کہ وہ انصار (صحابہ) سے بغض رکھتا ہے، اور مؤمن شخص کی علامت ہے کہ وہ انصار (صحابہ) سے محبت کرتا ہے۔“
صحیح مسلم ، کتاب الایمان، رقم: 235 .
بلکہ حب انصار رضی اللہ عنہم عین ایمان ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
لا يبغض الأنصار رجل يؤمن بالله واليوم الآخر .
”جو اللہ تعالیٰ اور روز قیامت پر ایمان رکھتا ہے، وہ شخص کبھی انصار سے بغض نہیں رکھ سکتا۔“
صحیح مسلم، کتاب الایمان، رقم: 238 .
جو شخص انصار صحابہ رضی اللہ عنہم سے محبت رکھتا ہے، اللہ تعالیٰ اس سے محبت فرماتا ہے، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
من أحب الأنصار أحبه الله، ومن أبغض الأنصار أبغضه الله .
”جو شخص انصار سے محبت کرتا ہے، اللہ اس سے محبت کرتا ہے۔ اور جو شخص انصار سے بغض رکھتا ہے، اللہ اس سے بغض رکھتا ہے۔“
مسند احمد : 527/2 ۔ شیخ شعیب نے اسے ”صحیح لغیرہ“ قرار دیا ہے۔