اللہ تعالیٰ کی صفت استوا کا بیان: اللہ عرش پر مستوی ہے

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

54- اللہ تعالیٰ کی صفتِ استوا کا بیان

اہل سنت والجماعت کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مخلوق سے بلند ہے اور وہ اپنی شان کے مطابق اپنے عرش پر مستوی ہے۔ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
الرَّحْمَنُ عَلَى الْعَرْشِ اسْتَوَى [طٰهٰ: 5]
”وہ بے حد رحم والا عرش پر بلند ہوا۔“
نیز فرمایا:
وَهُوَ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ [الشوریٰ: 4]
”اور وہی بے حد بلند، بڑی عظمت والا ہے۔“
ایک اور جگہ یوں فرمایا:
وَهُوَ الْقَاهِرُ فَوْقَ عِبَادِهِ [الأنعام: 18]
”اور وہی اپنے بندوں پر غالب ہے۔“
عیسیٰ علیہ السلام کے متعلق فرمان ربانی ہے:
بَلْ رَفَعَهُ اللَّهُ إِلَيْهِ [النساء: 158]
”بلکہ اللہ نے اسے اپنی طرف اٹھا لیا۔“
اللہ تعالیٰ آسمانوں میں بھی الٰہ ہے اور زمین میں بھی، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَهُوَ الَّذِي فِي السَّمَاءِ إِلَهٌ وَفِي الْأَرْضِ إِلَهٌ [الزخرف: 84]
”اور وہی ہے جو آسمانوں میں معبود ہے اور زمین میں بھی معبود ہے۔“
علم کے لحاظ سے اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق کے ساتھ ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَهُوَ مَعَكُمْ أَيْنَ مَا كُنْتُمْ [الحديد: 4]
”اور وہ تمھارے ساتھ ہے، جہاں بھی تم ہو۔“
جو اللہ تعالیٰ کو ذات کے اعتبار سے زمین میں مانتا ہے تو اس کا یہ عقیدہ کتاب و سنت اور اجماع کے خلاف ہے۔ یہ عقیدہ صوفیوں کا ہے جن کے نزدیک اللہ تعالیٰ ہر چیز میں داخل ہے۔ جو جہالت و لاعلمی کی بنا پر ایسا کہے، اس کو بتایا جائے گا کہ اس کا حکم کیا ہے، لیکن اس کے باوجود اگر وہ اصرار کرے یا جان بوجھ کر ایسا عقیدہ رکھتا ہے تو وہ کافر ہے اور اس کے پیچھے نماز پڑھنا درست نہیں۔ (اللجنة الدائمة: 3535)