کیا سیدنا معاویہؓ نے صدقہ فطر کی سنت بدل دی؟ گندم کا نصف صاع اور صحابہؓ کا اجتہاد

فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر صدقہ فطر کی سنت کو بدلنے کا اعتراض

مرزا محمد علی انجینئر صاحب اپنی ایک ویڈیو میں کہتے ہیں:

”حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کا جو کریکٹر بخاری اور مسلم میں آیا ہے، آپ کا دل مانتا ہے کہ ان کی حدیثیں لی جائیں؟ کہ جنھوں نے دین کے اندر اتنی اتنی چیزیں بگاڑ دیں۔ صدقہ فطر بدل دیا، عید کا خطبہ پہلے شروع کروا دیا، سیدنا علی پر لعنت منبروں پر شروع کروائی، اور اس قسم کی کئی چیزیں ہیں، حضرت عمر کی توہین کی، صحیح بخاری سے 4108 نمبر حدیث۔ یہ تو پورا ایک ٹاپک ہے، (پھر اپنا ریسرچ پیپر اٹھا کر کہتے ہیں) یہ ایٹم بم پڑھ لیجیے گا بعد میں، میں بار بار پڑھیا اے اینو اللہ دیو بندیو، میں ایڈا وڈا جناب امت تے احسان کیتے، اللہ نے میرے کولواے کم لیے۔“

Saheh BUKHARI main Imam BUKHARI r.a nay SHIAH say AHADITH kewn len ??? (Engineer Muhammad Ali Mirza) 2:40
اب ان اعتراضات کی بنا پر ان کا دل نہیں کرتا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی وہ احادیث جو انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سن کر امت تک پہنچائیں انہیں قبول کیا جائے۔ اب خیر مرزا صاحب کے دل کا علاج تو ہمارے بس میں نہیں، ہاں یہ ضرور بتا سکتے ہیں کہ یہ سب اعتراضات آپ ہی کے گھڑے ہوئے ہیں، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے ایسا کچھ بھی ثابت نہیں۔ اب آیئے اس اعتراض کی حقیقت بھی جان لیتے ہیں جو انہوں نے اپنے ریسرچ پیپر میں لکھ کر امت پر اتنا بڑا احسان کر دیا ہے۔ مرزا صاحب اپنے ریسرچ پیپر ”واقعہ کربلا کا حقیقی پس منظر“ میں حدیث نمبر:29 کے تحت لکھتے ہیں:

”صحیح مسلم کی حدیث میں ہے: سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ میں (رمضان کا) فطرانہ، ہر چھوٹے بڑے، آزاد اور غلام کی طرف سے ایک صاع (تقریباً اڑھائی کلو) اشیائے خوردنی (یعنی اناج مثلاً گندم اور جَو وغیرہ) کا نکالا کرتے، یا ایک صاع پنیر، یا ایک صاع جَو، یا ایک صاع کھجور، یا ایک صاع منقیٰ نکالا کرتے تھے۔ پس یہ سنت عمل اسی طرح جاری رہا یہاں تک کہ ہمارے پاس حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ (شام سے) حج یا عمرے کے لیے آئے اور انہوں نے منبر پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ”میں سمجھتا ہوں کہ شامی گندم کے 2 مد (نصف صاع) ایک صاع کھجور کے برابر ہیں“۔ چنانچہ لوگوں نے بھی اسی (رائے واجتہاد) پر عمل شروع کر دیا تو سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا: ”جہاں تک میرا تعلق ہے، میں تو زندگی بھر اسی طرح (سنت کے مطابق فطرانہ ایک صاع ہی) نکالتا رہوں گا جیسے میں زندگی بھر نکالتا رہا ہوں۔“ (صحیح مسلم:2284)

یعنی اس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک دور میں ”گندم“، جَو، کھجور، پنیر وغیرہ میں سے ایک صاع فطرانہ میں نکالا کرتے تھے۔ جبکہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے گندم کے متعلق یہ فیصلہ کیا کہ اس کا نصف صاع (یعنی دو مد) بھی ادا کرنے سے صدقہ فطر ادا ہو جائے گا۔ اور یہ انہوں نے سنت کی مخالفت کی۔
ہمیشہ کی طرح یہاں بھی مرزا صاحب نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دھوکہ دیا اور صحیح مسلم کی اس حدیث میں تحریف کی ہے۔ صحیح مسلم تو کیا حدیث کی کسی کتاب میں ”صحیح سند“ کے ساتھ یہ موجود نہیں کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے یہ کہا ہو کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں ”گندم“ ایک صاع ادا کیا کرتے تھے۔ یہ گندم کا لفظ انجینئر صاحب نے اپنی طرف سے بریکٹ لگا کر روایت میں داخل کیا ہے۔ بلکہ دوسری روایات میں جو وضاحت آئی ہے وہ مرزا صاحب کی قائم کردہ بریکٹ کے بالکل خلاف ہے۔
عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ، قَالَ: كُنَّا نُخْرِجُ فِي عَهْدِ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَ الْفِطْرِ صَاعًا مِنْ طَعَامٍ. وَقَالَ أَبُو سَعِيدٍ: وَكَانَ طَعَامَنَا الشَّعِيرُ، وَالزَّبِيبُ، وَالْأَقِطُ، وَالتَّمْرُ۔
”سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ نے بیان فرمایا: ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں عیدالفطر کے دن طعام (کھانے) میں سے ایک صاع نکالتے تھے۔ اور حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ (ان دنوں) ہمارا کھانا جَو، کشمش، پنیر اور کھجور تھا۔“
(صحیح بخاری:1510)
اب بالکل واضح ہے کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ اس بات کی وضاحت فرما رہے ہیں کہ اس دور میں ہمارا طعام (غلہ/کھانا) جَو، کشمش، پنیر اور کھجور تھا! کہیں ”گندم“ کا ذکر آیا ہے؟ بلکہ گندم کی تو نفی موجود ہے:
عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ لَمْ تَكُنِ الصَّدَقَةُ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَّا التَّمْرُ وَالزَّبِيبُ وَالشَّعِيرُ، وَلَمْ تَكُنِ الْحِنْطَةُ۔
”سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں صدقہ صرف کھجور، کشمش اور جَو میں سے ادا کیا جاتا تھا اور گندم میں سے نہیں ادا کیا جاتا تھا۔“
(صحیح ابن خزیمہ:2406)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اس پر لکھتے ہیں:
وَهَذِهِ الطُّرُقُ كُلُّهَا تَدُلُّ عَلَى أَنَّ الْمُرَادَ بِالطَّعَامِ فِي حَدِيثِ أَبِي سَعِيدٍ غَيْرُ الْحِنْطَةِ۔
”اور یہ تمام طرق اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ”الطعام“ سے مراد گندم کے علاوہ غلہ ہے۔“ (فتح الباری:373/3)
مزید فرمایا:
وَقَالَ ابن الْمُنْذِرِ أَيْضًا لَا نَعْلَمُ فِي الْقَمْحِ خَبَرًا ثَابِتًا عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُعْتَمَدُ عَلَيْهِ، وَلَمْ يَكُنِ الْبُرُّ بِالْمَدِينَةِ ذَلِكَ الْوَقْتَ إِلَّا الشَّيْءَ الْيَسِيرَ مِنْهُ، فَلَمَّا كَثُرَ فِي زَمَنِ الصَّحَابَةِ رَأَوْا أَنَّ نِصْفَ صَاعٍ مِنْهُ يَقُومُ مَقَامَ صَاعٍ مِنْ شَعِيرٍ۔
”امام ابن منذر رحمہ اللہ نے فرمایا: گندم کے معاملے میں ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی کوئی ایسی ثابت روایت نہیں جانتے کہ جس پر اعتماد کیا جا سکے، اور اُس وقت مدینہ میں گندم بالکل تھوڑی مقدار میں تھی، پھر جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دور میں گندم کی پیداوار بڑھ گئی تو انہوں نے یہ سمجھا کہ اس گندم کا نصف صاع (گندم مہنگی ہونے کی وجہ سے) جَو کے ایک صاع کے قائم مقام ہے۔“ (فتح الباری:374/3)
لہٰذا ثابت ہوا کہ جناب انجینئر صاحب نے اپنا الو سدھارنے کے لیے ترجمے میں لفظ ”گندم“ لکھ کر حدیث میں واضح طور پر تحریف کی ہے۔ اور یہی ان کا اس امت پر بہت بڑا احسان ہے۔ مسئلہ صرف اتنا سا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں گندم (عام) میسر نہیں تھی، تو اسے فطرانہ میں بھی نہیں نکالا جاتا تھا، لیکن جب بعد میں گندم میسر آئی تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے سمجھا کہ چونکہ گندم دوسری اشیائے خوردنی سے بہت زیادہ مہنگی ہے لہٰذا اگر گندم کا نصف صاع بھی ادا کر دیا جائے تو جائز ہے۔ اب صحابہ کے اس اجتہاد پر سنت کی مخالفت کا فتوی کس طرح لگایا جا سکتا ہے؟ ہاں! علمی طور پر اختلاف کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر اعتراض ہی کرنا ہے تو صرف سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر ہی کیوں؟ جبکہ مرزا صاحب ہی کی پیش کردہ صحیح مسلم کی روایت میں ہے کہ لوگوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی رائے واجتہاد پر عمل کیا۔ اور ظاہر سی بات ہے لوگوں سے مراد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی تھے۔ اگر یہ معاملہ اسی طرح کا تھا جیسا کہ انجینئر صاحب تاثر دے رہے ہیں تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ان کی رائے پر عمل کرنے کی بجائے ان کی مخالفت کرتے۔ اور رہے سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ، تو انہوں نے بھی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ یا ان کی موافقت کرنے والے حضرات پر طعن نہیں کیا، اور نہ ہی ان پر سنت کی مخالفت کا فتوی لگایا۔ ہم بھی یہی کہتے ہیں کہ اس وقت صحابہ کے مابین یہ مسئلہ اجتہادی تھا، لہٰذا کسی نے دوسرے پر تنقید نہیں کی، تو انجینئر صاحب! آپ کی کیا حیثیت ہے کہ آپ ان حضرات پر اعتراض کریں؟
اور یہ فتوی صرف سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا ہی نہیں بلکہ آپ کے علاوہ بھی کئی کبار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے منقول ہے:
عَنْ أَبِي الْأَشْعَثِ قَالَ: خَطَبَنَا عُثْمَانُ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ فَقَالَ: "أَدُّوا زَكَاةَ الْفِطْرِ مُدَّيْنِ مِنْ حِنْطَةٍ”۔
”ابواشعث بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ہمیں خطبہ دیا اور فرمایا: زکاۃ الفطر میں گندم کے دو مد (نصف صاع) ادا کرو۔“ (شرح مشکل الآثار للطحاوی:39/9)
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
صَدَقَةُ الْفِطْرِ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ صَغِيرٍ وَكَبِيرٍ عَبْدٍ أَوْ حُرٍّ مُدَّانِ مِنْ قَمْحٍ أَوْ صَاعٌ مِنْ تَمْرٍ أَوْ شَعِيرٍ۔
”صدقہ فطر ہر مسلمان، چھوٹے اور بڑے، غلام یا آزاد پر گندم میں سے دو مد (نصف صاع) ہے، یا کھجور اور جَو میں سے ایک صاع ہے۔“ (سنن دارقطنی:2125)
صحیح مسلم کی جو روایت مرزا صاحب نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر اعتراض کرتے ہوئے پیش کی ہے، وہی روایت امام ترمذی رحمہ اللہ نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں:
هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ. وَالْعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ بَعْضِ أَهْلِ الْعِلْمِ يَرَوْنَ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ صَاعًا، وَهُوَ قَوْلُ الشَّافِعِيِّ، وَأَحْمَدَ، وَإِسْحَاقَ. وَقَالَ بَعْضُ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَغَيْرِهِمْ: مِنْ كُلِّ شَيْءٍ صَاعٌ إِلَّا مِنَ الْبُرِّ، فَإِنَّهُ يُجْزِئُ نِصْفُ صَاعٍ، وَهُوَ قَوْلُ سُفْيَانَ الثَّوْرِيِّ، وَابْنِ الْمُبَارَكِ، وَأَهْلِ الْكُوفَةِ يَرَوْنَ نِصْفَ صَاعٍ مِنْ بُرٍّ۔
”یہ حدیث حسن صحیح ہے، اور بعض اہل علم کا اسی پر عمل ہے، ان کے نزدیک ہر چیز میں ایک صاع ہی واجب ہے، اور یہی امام شافعی، احمد بن حنبل اور اسحاق بن راہویہ رحمہم اللہ کا قول ہے۔ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض ”اہل علم صحابہ“ کا فرمان ہے کہ ہر چیز میں ایک صاع ہے ماسوائے گندم کے، اس کا نصف صاع بھی کافی ہے۔ یہی امام سفیان ثوری رحمہ اللہ، عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ اور اہل کوفہ کا قول ہے۔“
بہت سے کبار تابعین سے بھی منقول ہے کہ صدقہ فطر میں گندم کا نصف صاع ہے:
عَنْ إِبْرَاهِيمَ، قَالَ: صَدَقَةُ الْفِطْرِ عَنِ الصَّغِيرِ وَالْكَبِيرِ، وَالْحُرِّ وَالْعَبْدِ، عَنْ كُلِّ إِنْسَانٍ، نِصْفُ صَاعٍ مِنْ قَمْحٍ۔
”امام ابراہیم النخعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: صدقہ فطر ہر چھوٹے اور بڑے، آزاد اور غلام ہر انسان کی طرف سے گندم کا نصف صاع ہے۔“ (مصنف ابن ابی شیبہ:10338)
عَنْ مُجَاهِدٍ، قَالَ: عَنْ كُلِّ إِنْسَانٍ نِصْفُ صَاعٍ مِنْ قَمْحٍ۔
”امام مجاہد رحمہ اللہ نے فرمایا: (صدقہ فطر) ہر انسان کی طرف سے گندم کا نصف صاع ہے۔“ (مصنف ابن ابی شیبہ:10339)
عَنْ شُعْبَةَ، أَنَّهُ سَأَلَ الْحَكَمَ، وَحَمَّادًا، فَقَالَا: نِصْفُ صَاعٍ مِنْ حِنْطَةٍ. قَالَ: وَسَأَلْتُ عَبْدَ الرَّحْمَنِ بْنَ الْقَاسِمِ، وَسَعْدَ بْنَ إِبْرَاهِيمَ، فَقَالَا: مِثْلَ ذَلِكَ۔
”امام شعبہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے حکم بن عتیبہ اور حماد بن ابی سلیمان سے (صدقہ فطر کے متعلق) سوال کیا، تو دونوں حضرات نے فرمایا: گندم میں سے نصف صاع ہے۔ پھر امام شعبہ فرماتے ہیں کہ میں نے عبد الرحمٰن بن قاسم اور سعد بن ابراہیم سے پوچھا تو انہوں نے بھی اسی طرح فرمایا (رحمہم اللہ)۔“ (مصنف ابن ابی شیبہ:10348)
عَنِ ابْنِ عَوْنٍ، قَالَ: سَمِعْتُ كِتَابَ عُمَرَ بْنِ عَبْدِ الْعَزِيزِ إِلَى عَدِيٍّ يُقْرَأُ بِالْبَصْرَةِ فِي صَدَقَةِ رَمَضَانَ عَلَى كُلِّ صَغِيرٍ وَكَبِيرٍ، حُرٍّ أَوْ عَبْدٍ، ذَكَرٍ أَوْ أُنْثَى نِصْفُ صَاعٍ مِنْ بُرٍّ، أَوْ صَاعٌ مِنْ تَمْرٍ۔
”امام ابن عون بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کا عدی کے نام رمضان کے صدقے کے متعلق لکھا گیا خط سنا جو کہ بصرہ میں پڑھا گیا کہ: ہر چھوٹے بڑے، آزاد یا غلام، مرد یا عورت پر گندم میں سے نصف صاع ہے، یا کھجور میں سے ایک صاع۔“
(مصنف ابن ابی شیبہ:10352)
یہاں تک کہ امام ابن المنذر اور علامہ طحاوی نے اس بات پر اجماع کا دعویٰ کیا ہے کہ صدقہ فطر کی ادائیگی میں گندم کا نصف صاع کافی ہے۔ (الإجماع لابن المنذر:48/1، الإقناع لابن المنذر:183/1، شرح معانی الآثار للطحاوی:3143)۔ اگر چہ یہ اجماع کا دعوی صحیح نہیں ہے، لیکن اس سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ اسلاف میں ایک بہت بڑی جماعت کا یہ مؤقف رہا ہے۔ تو کیا انجینئر صاحب ان تمام صحابہ وتابعین اور ان سے بعد کے ائمہ کے متعلق وہی کچھ کہیں گے جو آپ نے بغضِ معاویہ رضی اللہ عنہ میں آپ رضی اللہ عنہ کے متعلق کہا ہے؟ اور کیا ان سب کے متعلق آپ کا دل مانتا ہے کہ ان کی احادیث لی جائیں؟ آپ نے امت پر احسان کرنے کی بجائے امت کے ساتھ بہت بڑا فراڈ کیا ہے۔ آپ نے اس ریسرچ پیپر میں ضعیف روایات بیان کر کے، صحیح روایات میں بریکٹ کے نام پر تحریفات کر کے، احادیث کے معنی ومفہوم بگاڑ کر، مثبت پہلو کو چھپا کر دھوکے پر دھوکہ دیا ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے صدقہ فطر کی سنت کو تبدیل ہرگز نہیں کیا، بلکہ یہ ایک اجتہادی مسئلہ تھا، اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں دونوں قسم کی آراء پائی جاتی تھیں، اور کسی صحابی نے دوسرے صحابی پر سنت کی مخالفت کا فتویٰ نہیں لگایا۔ اگر کسی کو یہ مؤقف راجح معلوم ہوتا ہے کہ جَو، کشمش، پنیر اور کھجور وغیرہ کی طرح گندم میں بھی ایک صاع ہی ہے تو آپ ضرور اسے اختیار کیجیے، لیکن اس سے دوسرے صحابہ کرام پر تنقید کرنا بالکل جائز نہیں ہے۔ بلکہ سیدنا عثمان، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہما اور سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ نے اپنے اپنے دورِ خلافت میں اجتہادی طور پر یہ فتویٰ جاری کیا تھا، لہٰذا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کے مطابق آپ اجر کے مستحق ہیں! جیسا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ اگر حاکم اجتہاد کرتے ہوئے کوئی فیصلہ کرے اور درستگی کو پہنچے تو اس کے لیے دو اجر ہیں، اور اگر کوئی حاکم اجتہاد کرتے ہوئے فیصلہ کرے اور غلطی کر جائے تو اسے ایک اجر ملتا ہے۔ (صحیح البخاری:7352)

❀❀❀