اللہ تعالیٰ اور مخلوق کے مشترک نام رکھنا کیسا ہے؟

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

34- مشترک نام رکھنا کیسا ہے؟

اللہ تعالیٰ کے بہت سے نام ایسے ہیں جو مخلوق کے لیے بھی بولے جاتے ہیں۔ ایسے نام رکھنا درست ہے، کیونکہ جب اس نام کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف ہوگی تو اس کا معنی اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ خاص ہوگا، جیسا اس کے شایان شان ہے۔ مخلوق اس میں شامل نہیں ہوگی اور جب یہ نام کسی مخلوق پر بولا جائے گا تو اس کا معنی مخلوق کے لحاظ سے ہوگا، اللہ تعالیٰ کی ذات اس میں شامل نہیں ہوگی۔ مثال کے طور پر حلیم اللہ تعالیٰ کا نام ہے اور ابراہیم علیہ السلام کو بھی حلیم کہا گیا ہے، حالانکہ ابراہیم کا حلیم ہونا اللہ تعالیٰ کے حلیم ہونے کے مانند نہیں ہے۔ اسی طرح رؤف اللہ تعالیٰ کا نام ہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی رؤف کہا گیا ہے، حالانکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رافت و رحمت اللہ تعالیٰ کی طرح نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ مطلق طور پر بڑا جلیل، کریم اور بڑا ہی بزرگی والا ہے اور ہر نبی بھی جلیل و کریم ہے۔ اس عظمت و بزرگی میں انبیاء بھی ایک دوسرے کے مشابہ نہیں ہیں اور نہ ان کی بزرگی و عظمت اللہ تعالیٰ کی بزرگی کے مانند ہے۔ ہر ایک کی اپنی اپنی خاص عظمت و بزرگی ہے۔ ایک کی بزرگی دوسرے کے مانند نہیں ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ کی خاص عظمت و بزرگی ہے۔
اللہ تعالیٰ کی صفت ”حی“ (ہمیشہ زندہ) ہے اور بہت سی مخلوقات میں بھی یہ صفت پائی جاتی ہے، حالانکہ ان کی زندگی اللہ تعالیٰ کے مشابہ نہیں۔ اللہ تعالیٰ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مولیٰ (مددگار) ہے، جبریل اور نیک مومن لوگ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معاون و مددگار ہیں، لیکن جبریل اور نیک مومنوں کی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی معاونت اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کی طرح نہیں ہے۔ کتاب و سنت میں ایسی بہت سی مثالیں ثابت ہیں، لہٰذا اس سے خالق کی مخلوق کے ساتھ تشبیہ لازم نہیں آتی۔ بہت سے دلائل ایسے ہیں جن سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات کو جو کمال حاصل ہے وہ مخلوق کو حاصل نہیں، لہٰذا اس کا دائرہ ان کی حیثیت کے لحاظ سے محدود ہے۔
کتاب و سنت کا گہرائی سے مطالعہ کرنے کے ساتھ یہ بات بالکل واضح طور پر سمجھ آ جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی توفیق سے سارے اشکال بھی ختم ہو جاتے ہیں۔ مزید تفصیل کے لیے شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کا رسالہ ”تدمریہ“ دیکھیں۔ (اللجنة الدائمة: 8911)