«إن الله خلق آدم على صورته» کا مفہوم کیا ہے؟

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

61- «إِنَّ اللّٰهَ خَلَقَ آدَمَ عَلٰى صُوْرَتِهٖ» کا مفہوم کیا ہے؟

یہ حدیث نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحیح سند کے ساتھ ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
« إِذَا ضَرَبَ أَحَدُكُمْ فَلْيَتَّقِ الْوَجْهَ، فَإِنَّ اللّٰهَ خَلَقَ آدَمَ عَلٰى صُوْرَتِهٖ » (صحيح البخاري، رقم الحديث [6227]، صحيح مسلم [2612])
”جب کوئی کسی کو مارے تو چہرے پر نہ مارے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے آدم کو اپنی صورت پر پیدا کیا ہے۔“
ایک حدیث میں یہ الفاظ ہیں:
« عَلٰى صُوْرَةِ الرَّحْمٰنِ » (الطبراني في الكبير [13580]) ”رحمان کی صورت پر پیدا کیا۔“
اس سے مخلوق کی خالق کے ساتھ تشبیہ لازم نہیں آتی۔ اہل علم کے نزدیک اس کا مفہوم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آدم کو سمیع و بصیر پیدا کیا ہے اور اسے صفت کلام سے نوازا ہے۔ وہ جب چاہے کلام کرے اور یہی اوصاف ذات باری تعالیٰ میں موجود ہیں۔ وہ سمیع بھی ہے اور بصیر بھی اور اللہ جل شانہ کا چہرہ بھی ہے، لہٰذا خالق و مخلوق دونوں میں کوئی تشبیہ و تمثیل نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنی صفات: سمع، بصر، ہاتھ اور قدم، اور کلام کرنے میں مخلوق سے بالکل الگ ہے۔ اللہ کی صفات اس کے شایان شان اور بندے کی اس کے مطابق ہیں، جیسے بندہ ختم ہو جائے گا تو اس کی صفات بھی ختم ہونے والی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی صفات ہر لحاظ سے کامل و اکمل ہیں۔ یہ ہمیشہ رہنے والی ہیں کبھی ختم نہیں ہوں گی، اسی لیے تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
اور فرمایا:
وَلَمْ يَكُنْ لَهُ كُفُوًا أَحَدٌ [الاخلاص: 4]
”اور نہ کبھی کوئی ایک اس کے برابر کا ہے۔“
(ابن باز: نور علی الدرب: 66/1)