جمعہ کے روز سورۃ الکہف پڑھنے کی فضیلت
سوال : جمعہ مبارک کے دن سورۃ الکہف پڑھنے کی کیا فضیلت ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیں۔
جواب : ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
”جس آدمی نے جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی قرأت کی اس کے لیے دو جمعوں کے درمیان نور روشن ہو جاتا ہے۔“ [المستدرك للحاكم، كتاب التفسير : تفسير سورة الكهف 368/2 ]
انہی سے دوسری حدیث میں ہے :
”جس نے جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کی اس کے لیے اس کے اور بیت اللہ کے درمیان نور روشن ہو جاتا ہے۔“ [
بيهقي 249/3 ]
امام حاکم رحمہ اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کو صحیح الاسناد قرار دیا ہے جبکہ امام ذہبی رحمۃ اللہ علیہ نے نعیم بن حماد کو ”ذومناکیر“ (منکر روایات بیان کرنے والا) قرار دیا ہے۔ امام ذہبی کی جرح درست نہیں ہے۔ کیونکہ نعیم اس روایت میں منفرد نہیں ہے۔ یزید بن مخلذ اور سعید بن منصور نے اس کی متابعت کی ہے۔ اس کی مزید تفصیل کے لیے ارواء الغلیل 626، 95/3، 96 ملاحظہ ہو۔ اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کرنے سے دو جمعوں کے درمیان تک نور روشن کر دیا جاتا ہے یا اس آدمی سے لے کر بیت اللہ تک نور روشن کر دیا جاتا ہے۔
لہٰذا اسے جمعۃ المبارک والے دن پڑھنا بالکل صحیح ہے۔