ترجمہ و تفسیر — سورۃ القيامة (75) — آیت 31

فَلَا صَدَّقَ وَ لَا صَلّٰی ﴿ۙ۳۱﴾
سو نہ اس نے سچ مانا اور نہ نماز ادا کی۔ En
تو اس (ناعاقبت) اندیش نے نہ تو (کلام خدا) کی تصدیق کی نہ نماز پڑھی
En
اس نے نہ تو تصدیق کی نہ نماز ادا کی En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 31تا35) ➊ {فَلَا صَدَّقَ وَ لَا صَلّٰى…: يَتَمَطّٰى } م ط و سے {تَمَطّٰي} کا مضارع ہے۔ {مَطَا} کا معنی پیٹھ ہے، یعنی اکڑتا ہوا۔ { اَوْلٰى } و ل ی سے اسم تفضیل ہے، زیادہ لائق، زیادہ حق دار، زیادہ قریب۔
➋ { فَلَا صَدَّقَ } (سو نہ اس نے سچ مانا) میں ضمیر { الْاِنْسَانُ } کی طرف جا رہی ہے جس کا اوپر { اَيَحْسَبُ الْاِنْسَانُ اَلَّنْ نَّجْمَعَ عِظَامَهٗ } میں ذکر ہے۔ یعنی یہ دیکھنے کے بعد کہ موت کے وقت انسان پر کیا گزرتی ہے اور کس طرح بے بس ہو کر اسے اپنے رب کی طرف روانہ ہونا پڑتا ہے، حق تو یہ تھا کہ وہ آخرت کو سچ مانتا اور اس دن کی نجات کے لیے نماز ادا کرتا اور اللہ کی زمین پر عجز و بندگی اختیار کرتا، مگر اس نے نہ عقیدہ کی اصلاح کی اور نہ عمل کی اور نہ لوگوں کے ساتھ اپنی روش درست کی، بلکہ آخرت کو اور پیدا کرنے والے کو جھٹلایا اور ماننے کے بجائے منہ پھیر کر چلا گیا اور عجز و بندگی اختیار کرنے کے بجائے گھر کو گیا تو اکڑتا ہوا گیا۔
➌ { اَوْلٰى لَكَ فَاَوْلٰى:} اس آیت کی سب سے بہتر تفسیر وہ ہے جو حافظ ابن کثیر نے فرمائی ہے کہ اس کافر کو جس نے اپنے خالق سے کفر کیا اور متکبرانہ چال چلا، اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے طنز اور دھمکی کے طور پر کہا جا رہا ہے کہ جب تو نے جھٹلا دیا اور اپنے خالق سے کفر کی جرأت کرچکا تو تیرا حق بنتا ہے کہ یہ چال چلے اور یہی چال تیرے لائق ہے۔ ہم تمھاری چال دیکھ رہے ہیں اور تمھیں اس کا نتیجہ مل جائے گا، جیسا کہ فرمایا: «كُلُوْا وَ تَمَتَّعُوْا قَلِيْلًا اِنَّكُمْ مُّجْرِمُوْنَ» ‏‏‏‏ [المرسلات: ۴۶] کھاؤ اور فائدہ اٹھاؤ، تھوڑا، یقینا تم مجرم ہو۔ اور فرمایا: «‏‏‏‏فَاعْبُدُوْا مَا شِئْتُمْ مِّنْ دُوْنِهٖ» ‏‏‏‏ [الزمر: ۱۵] اس اللہ کے علاوہ جس کی چاہو عبادت کرتے رہو۔ اور فرمایا: «‏‏‏‏اِعْمَلُوْا مَا شِئْتُمْ» ‏‏‏‏ [المؤمن: ۴۰] تم جو چاہو کرو۔ { اَوْلٰى لَكَ فَاَوْلٰى (34) ثُمَّ اَوْلٰى لَكَ فَاَوْلٰى } میں تکرار مزید وعید کے لیے ہے۔ یہ معنی اس لیے بھی بہتر ہے کہ { اَوْلٰى } کا معنی زیادہ لائق، زیادہ حق دار معروف ہے۔
➍ بہت سے مفسرین نے { اَوْلٰى لَكَ } کا معنی خرابی ہے تیرے لیے، افسوس ہے تیرے لیے، ہلاکت ہے تیرے لیے کیا ہے، کیونکہ { اَوْلٰى لَكَ } کلام عرب میں {وَيْلٌ لَّكَ} کے معنی میں بھی آتا ہے۔ مگر یہ معنی { اَوْلٰى لَكَ } کا لفظی معنی نہیں ہے، لفظی معنی زیادہ لائق، زیادہ حق دار ہی ہے،کیونکہ { اَوْلٰى } کے حروف اصلی و ل ی ہیں، و ی ل نہیں، بلکہ یہ معنی مرادی ہے اور اس کی توجیہ یہ ہے کہ موقع و محل کے مطابق { اَوْلٰى لَكَ } کا مبتدا {اَلْهِلَاكُ} یا {اَلنَّارُ} محذوف مانا جائے، یعنی ہلاکت ہی تیرے زیادہ لائق ہے، یا آگ ہی تیرے زیادہ لائق ہے۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

31۔ 1 یعنی اس انسان نے رسول اور قرآن کی تصدیق کی اور نہ نماز پڑھی یعنی اللہ کی عبادت نہیں کی۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

31۔ اس نے نہ تو تصدیق کی اور نہ نماز ادا کی

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔

تفسیر السعدی (تیسیر الکریم الرحمٰن) از شیخ عبدالرحمٰن السعدی

مگر وہ معاند حق جسے آیات کوئی فائدہ نہیں دیتیں، وہ اپنی گمراہی، کفر اور عناد پر جما رہتا ہے۔﴿ فَلَا صَدَّقَ پس نہ اس نے تصدیق کی۔ یعنی اللہ تعالیٰ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، یوم آخرت اور اچھی بری تقدیر پر ایمان نہ لایا ﴿ وَلَا صَلّٰى۰۰ وَلٰكِنْ كَذَّبَ اور نہ اس نے نماز ہی پڑھی بلکہ اس نے حق کی تصدیق کرنے کی بجائے تکذیب کی ﴿ وَتَوَلّٰى اور امر و نہی سے روگردانی کی، یہی وہ شخص ہے جس کا دل مطمئن اور اپنے رب سے بے خوف ہے بلکہ وہ چلا جاتا ہے﴿ اِلٰۤى اَهْلِهٖ٘ یَ٘تَ٘مَطّٰى اپنے گھر والوں کی طرف اکڑتا ہوا یعنی اس کو کوئی پروا نہیں ہوئی۔
عربی متن (تفسیر السعدی) دیکھیں

ولكنَّ المعاند الذي لا تنفع فيه الآياتُ لا يزال مستمرًّا على غيِّه وكفره وعناده، {فلا صدَّقَ}؛ أي لا آمن بالله وملائكته وكتبه ورسله واليوم الآخر والقدر خيره وشرِّه، {ولا صلَّى. ولكن كذَّبَ}: بالحقِّ في مقابلة التصديق، {وتولَّى}: عن الأمر والنَّهي، هذا وهو مطمئنٌّ قلبهُ غير خائفٍ من ربِّه، بل {ذهب إلى أهله يَتَمَطَّى}؛ أي: ليس على بَالِه شيءٌ.