(آیت 3) ➊ {وَكَذَّبُوْاوَاتَّبَعُوْۤااَهْوَآءَهُمْ:”اَهْوَآءَ“”هَوًي“} کی جمع ہے، خواہشات۔ یعنی کفار کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اور آپ کے معجزات کو جھٹلانے کا باعث کوئی معقول بات نہ تھی، بلکہ صرف اپنی خواہشات کی پیروی تھی۔ لفظ {”هَوًي“} (خواہش) اسمِ جنس ہے جو واحد پر صادق آتا ہے اور جمع پر بھی، مگر یہاں {”اَهْوَآءَ“} (جمع) اس لیے ذکر فرمایا ہے کہ کفار کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جھٹلانے کا باعث ان کی ایک خواہش نہ تھی بلکہ بہت سی خواہشیں تھیں جو انھیں آپ کے تابع فرمان ہونے سے روکتی تھیں۔ مثلاً سرداری کی خواہش، حسد، آباء کی پیروی کی خواہش، اپنے داتاؤں پر جمے رہنے کی خواہش، شتر بے مہار رہنے اور کسی کے تابع فرمان نہ ہونے کی خواہش وغیرہ۔ ➋ { وَكُلُّاَمْرٍمُّسْتَقِرٌّ: ”قَرَّيَقِرُّ“} (ض) قرار پکڑنا۔ {”اِسْتَقَرَّ“} میں مبالغہ ہے، یعنی جس طرح ہر چلنے والا آخر کار کہیں نہ کہیں جا کر ٹھہر جاتا ہے اور ہر کام کا، خواہ وہ اچھا ہو یا برا، کوئی نہ کوئی انجام ہوتا ہے، اسی طرح یہ مت سمجھو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمھیں حق کی طرف بلاتے رہیں گے اور تم انھیں جھٹلاتے رہو گے اور آپ کا حق پر ہونا اور تمھارا باطل پر ہونا کبھی ثابت نہیں ہو گا، بلکہ ایک وقت آئے گا جب ہر چیز کی حقیقت کھل کر سامنے آ جائے گی اور ثابت ہو جائے گا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے سچے رسول تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جھٹلانا اور جادوگر قرار دینا غلط تھا۔ مزید دیکھیے سورۂ انعام کی آیت (۶۷): «لِكُلِّنَبَاٍمُّسْتَقَرٌّوَّسَوْفَتَعْلَمُوْنَ» کی تفسیر۔
تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف
قیامت قریب آگئی (1) اور چاند پھٹ گیا (2)۔
تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی
3۔ انہوں نے اسے جھٹلا دیا اور اپنی خواہشات ہی کی پیروی [3] کی جبکہ ہر کام کا ایک وقت مقرر [4] ہے۔
[3] یعنی نبیوں اور ان کے معجزات سے انکار کی اصل وجہ یہ ہوتی ہے کہ وہ نبی کی لائی ہوئی شریعت کی پابندیوں سے آزاد رہنا چاہتے ہیں۔ [4] یعنی ہر عمل کا کوئی نہ کوئی انجام یا نتیجہ ضرور نکلتا ہے اور اس وقت تمہارے اور اللہ کے رسول کے درمیان جو کشمکش جاری ہے۔ اس کا بھی نتیجہ نکل کے رہے گا اور ایسا وقت لازماً آنے والا ہے جب تم پر واضح ہو جائے گا کہ یہ نبی حق پر تھا اور جس بات پر تم اڑے ہوئے تھے وہ غلط تھی۔
تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم
اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔