(آیت 112) ➊ { وَمَنْيَّعْمَلْمِنَالصّٰلِحٰتِوَهُوَمُؤْمِنٌ: ”مِنَالصّٰلِحٰتِ“} میں {”مِنْ“} تبعیض کے لیے ہے، اس لیے ترجمہ ”کچھ نیک اعمال“ کیا ہے۔ انسان اپنی کمزوری کی وجہ سے تمام اعمال صالحہ تو کر ہی نہیں سکتا، جیسا کہ فرمایا: «{ كَلَّالَمَّايَقْضِمَاۤاَمَرَهٗ }»[عبس: ۲۳]”ہر گز نہیں، ابھی تک اس نے وہ کام پورا نہیں کیا جس کا اس نے اسے حکم دیا۔“ اس لیے وہ اتنے عمل ہی کا مکلف ہے جتنی اس میں طاقت ہے، فرمایا: «{لَايُكَلِّفُاللّٰهُنَفْسًااِلَّاوُسْعَهَا}»[البقرۃ: ۲۸۶]”اللہ کسی جان کو تکلیف نہیں دیتا مگر اس کی طاقت کے مطابق۔“ اور فرمایا: «{ فَاتَّقُوااللّٰهَمَااسْتَطَعْتُمْ }»[التغابن: ۱۶]”سو اللہ سے ڈرو جتنی طاقت رکھو۔“ مفسرین نے اس سے مراد فرائض لیے ہیں۔ ➋ عمل کی قبولیت کے لیے دو شرطیں بیان فرمائیں۔ عمل کا صالح ہونا یعنی کتاب و سنت کے مطابق ہونا اور عمل کرنے والے کا صاحب ایمان ہونا۔ نہ کافر کا کوئی عمل قبول ہے اور نہ وہ عمل جو کتاب و سنت سے ثابت نہ ہو۔ دیکھیے سورۂ کہف کی آخری آیت۔ ➌ {فَلَايَخٰفُظُلْمًاوَّلَاهَضْمًا:} بے انصافی یہ ہے کہ کسی کو ان گناہوں پر سزا دی جائے جو اس نے نہیں کیے اور حق تلفی یہ ہے کہ کی ہوئی نیکیوں پر پانی پھیر دیا جائے۔ اسی کو سورۂ جن (۱۳) میں {”بَخْسًا“} اور {”رَهَقًا“} سے تعبیر کیا گیا ہے۔ قرآن نے متعدد آیات میں جزا و سزا میں عدل و انصاف کا اعلان کیا ہے، مگر گناہ گار مومنوں کو معاف کر دینا فضل ہے جو عدل کے منافی نہیں۔
تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف
112۔ 1 بےانصافی یہ ہے کہ اس پر دوسروں کے گناہوں کا بوجھ بھی ڈال دیا جائے اور حق تلفی یہ ہے کہ نیکیوں کا اجر کم دیا جائے۔ یہ دونوں باتیں وہاں نہیں ہونگی۔
تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی
112۔ اور جو شخص نیک اعمال کرے اور وہ مومن ہو تو اسے [80] بے انصافی یا حق تلفی کا ڈر نہ ہو
[80] اعمال کا بدلہ ملنے کے لیے شرائط:۔
یعنی اعمال کی جزا کے لئے دو شرائط کا ہونا ضروری ہے۔ ایک ایمان بالغیب کے تمام اجزاء پر ایمان لانا، دوسرے ایسے اعمال صالحہ جو شریعت کی پابندیوں کو ملحوظ رکھ کر بجا لائے گئے ہوں۔ مثلاً ان میں ریاکاری نہ ہو، سنت کے مطابق ہوں اور بعد میں احسان جتلا کر یا شرک کر کے ان اعمال کو برباد نہ کر دیا گیا ہو۔ ایسے اعمال کا بدلہ ضرور ملے گا اور پورا پورا ملے گا، ان میں ہرگز کسی طرح کمی نہیں کی جائے گی۔
تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم
اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔