شعب الایمان — حدیث نمبر 9283
باب: ایمان کی شاخوں میں سے سترویں شاخ: مصیبتوں پر صبر کرنے، اور ان لذتوں اور خواہشات سے صبر کرنے کا باب جن کی طرف نفس کھنچتا ہے۔
السبعون من شعب الإيمان وهو باب في الصبر على المصائب وعما تنزع النفس إليه من لذة وشهوة
أَخْبَرَنَا عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ الصَّفَّارُ ، حَدَّثَنَا تَمْتَامٌ مُحَمَّدُ بْنُ غَالِبٍ ، حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ ، حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ الْمُغِيرَةِ ، عَنْ ثَابِتٍ ، عَنْ أَنَسٍ قَالَ : مَاتَ ابْنٌ لِأَبِي طَلْحَةَ مِنْ أُمِّ سُلَيْمٍ ، فَقَالَتْ لِأَهْلِهَا : لَا تُحَدِّثُوا أَبَا طَلْحَةَ بِمَوْتِ ابْنِهِ حَتَّى أَكُونَ أَنَا أُحَدِّثُهُ قَالَ : فَجَاءَ فَقَرَّبَتْ إِلَيْهِ عَشَاءَهُ ، وَشَرَابَهُ ، ثُمَّ تَصَنَّعَتْ لَهُ أَحْسَنَ مَا كَانَتْ تَصَنَّعُ لَهُ قَبْلَ ذَلِكَ ، فَلَمَّا شَبِعَ وَرَوَى ، وَأَصَابَ مِنْهَا حَاجَتَهُ ، قَالَتْ : يَا أَبَا طَلْحَةَ ، لَوْ أَنَّ أَهْلَ بَيْتٍ أَعَارُوا عَارِيَتَهُمْ أَهْلَ بَيْتٍ آخَرِينَ ، فَطَلَبُوا عَارِيَتَهُمْ أَتَرَى لَهُمْ أَنْ يَمْنَعُوهُمْ ؟ قَالَ : لَا ، قَالَتْ : فَاحْتَسَبِ ابْنَكَ ، قَالَ : تَرَكْتِنِي حَتَّى إِذَا وَقَعْتُ بِمَا وَقَعْتُ تُحَدِّثِنِي بِمَوْتِ ابْنِي ، فَانْطَلَقَ حَتَّى أَتَى رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَخْبَرَهُ مَا كَانَ مِنْ أَمْرِهِ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "بَارَكَ اللَّهُ لَكُمَا فِي غَابِرِ لَيْلَتِكُمَا " فَعَلِقَتْ تِلْكَ اللَّيْلَةِ فَحَمَلَتْ ، وَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي سَفَرٍ وَأَبُو طَلْحَةَ وَأَمُّ سُلَيْمٍ مَعَهُ ، فَلَمَّا دَنَوْا مِنَ الْمَدِينَةِ وَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَا يَطْرُقُ الْمَدِينَةَ طُرُوقًا فِي سَفَرٍ ، قَالَ : فَضَرَبَهَا الْمَخَاضُ ، فَانْطَلَقَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَاحْتَبَسَ عَلَيْهَا أَبُو طَلْحَةَ ، فَقَالَ أَبُو طَلْحَةَ : وَاللَّهِ إِنَّكَ لَتَعْلَمُ يَا رَبِّ أَنَّهُ لَيُعْجِبُنِي أَنْ أَخْرُجَ مَعَ نَبِيِّكَ إِذَا خَرَجَ ، وَأَدْخَلَ مَعَهُ إِذَا دَخَلَ ، وَقَدِ احْتَبَسَتُ كَمَا تَرَى ، قَالَ : تَقُولُ أُمُّ سُلَيْمٍ : يَا أَبَا طَلْحَةَ ، مَا كُنْتُ أَجِدُ الَّذِي كُنْتُ أَجِدُ ، فَانْطَلَقَ فَقَدِمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ تِلْكَ اللَّيْلَةِ ، فَضَرَبَهَا الْمَخَاضُ فَوَلَدَتْ ، فَقَالَتْ لَهُ أُمُّ سُلَيْمٍ : لَا تُطْعِمُهُ شَيْئًا حَتَّى تَغْدُوَ بِهِ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَبَاتَ يُبْكِي حَتَّى أَصْبَحَ ، فَغَدَوْتُ بِهِ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَلَمَّا رَآهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : "لَعَلَّ أُمَّ سُلَيْمٍ وَلَدَتْ ؟ " قُلْتُ : أَجَلْ فَقَعَدَ ، وَجِئْتُ بِهِ حَتَّى وَضَعْتُهُ فِي حِجْرِهِ ، فَدَعَا بِعَجْوَةٍ مِنْ عَجْوِ الْمَدِينَةِ ، فَلَاكَهَا فِي فِيهِ حَتَّى ذَابَتْ ، ثُمَّ لَفَظَهَا فِي فِيهِ فَجَعَلَ الصَّبِيُّ يَتَلَمَّظُ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "انْظُرُوا إِلَى حُبِّ الْأَنْصَارِ التَّمْرَ " ثُمَّ مَسَحَ وَجْهَهُ ، وَسَمَّاهُ عَبْدَ اللَّهِ .سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کا سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا سے ایک بیٹا فوت ہو گیا۔ سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے اپنے گھر والوں سے کہا: ”جب تک میں خود ابو طلحہ کو نہ بتا دوں، تم انہیں ان کے بیٹے کی موت کی خبر نہ دینا۔“ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: پھر ابو طلحہ رضی اللہ عنہ آئے تو سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے ان کے سامنے رات کا کھانا اور پینے کی چیز رکھی، پھر پہلے سے کہیں بڑھ کر ان کے لیے بناؤ سنگھار کیا۔ جب وہ کھا پی کر سیر ہو گئے اور اپنی حاجت بھی ان سے پوری کر چکے تو سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے کہا: ”اے ابو طلحہ! اگر کچھ گھر والے کسی دوسرے گھر والوں کو کوئی چیز عاریت (مانگے پر) دیں، پھر وہ اپنی چیز واپس مانگیں تو کیا آپ کی رائے میں انہیں روک لینے کا حق ہے؟“ انہوں نے کہا: ”نہیں۔“ سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے کہا: ”تو پھر اپنے بیٹے (کی وفات) پر ثواب کی امید رکھیے۔“ ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ”تم نے مجھے بے خبر رکھا، یہاں تک کہ جب میں اس حال میں مبتلا ہو چکا جس میں ہوا، تب مجھے میرے بیٹے کی موت کی خبر دے رہی ہو!“ پھر وہ چلے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچ کر آپ ﷺ کو سارا ماجرا بتایا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تم دونوں کو تمہاری اس رات کے باقی ماندہ حصے میں برکت عطا فرمائے۔“ چنانچہ اسی رات سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا کو حمل ٹھہر گیا۔ رسول اللہ ﷺ ایک سفر میں تھے، اور ابو طلحہ رضی اللہ عنہ اور ام سلیم رضی اللہ عنہا بھی آپ ﷺ کے ساتھ تھے۔ رسول اللہ ﷺ کا معمول تھا کہ سفر سے واپسی پر رات کے وقت اچانک مدینہ میں داخل نہیں ہوتے تھے۔ جب یہ لوگ مدینہ کے قریب پہنچے تو سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا کو دردِ زہ شروع ہو گیا۔ رسول اللہ ﷺ آگے روانہ ہو گئے اور ابو طلحہ رضی اللہ عنہ ان کی وجہ سے پیچھے رک گئے۔ ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نے دعا کی: ”اے میرے رب! اللہ کی قسم! تو خوب جانتا ہے کہ مجھے یہ بات پسند ہے کہ جب تیرے نبی ﷺ نکلیں تو میں ان کے ساتھ نکلوں اور جب وہ داخل ہوں تو ان کے ساتھ داخل ہوں، اور اب میں رک گیا ہوں جیسا کہ تو دیکھ رہا ہے۔“ راوی کہتے ہیں: سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے کہا: ”اے ابو طلحہ! مجھے اب وہ تکلیف محسوس نہیں ہو رہی جو پہلے ہو رہی تھی، چلیے۔“ چنانچہ وہ چل پڑے اور رسول اللہ ﷺ اسی رات مدینہ پہنچے، اور ام سلیم رضی اللہ عنہا کو دردِ زہ ہوا اور انہوں نے بچے کو جنم دیا۔ سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا نے ابو طلحہ رضی اللہ عنہ سے کہا: ”اسے کوئی چیز نہ کھلانا، یہاں تک کہ صبح اسے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے جاؤ۔“ بچہ رات بھر روتا رہا یہاں تک کہ صبح ہو گئی۔ (سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:) پھر میں اسے لے کر صبح سویرے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ جب رسول اللہ ﷺ نے اسے دیکھا تو فرمایا: ”شاید ام سلیم کے ہاں ولادت ہوئی ہے؟“ میں نے عرض کیا: ”جی ہاں۔“ آپ ﷺ بیٹھ گئے اور میں بچے کو لا کر آپ ﷺ کی گود میں رکھ دیا۔ آپ ﷺ نے مدینہ کی عجوہ کھجوروں میں سے ایک کھجور منگوائی، اسے اپنے منہ میں چبایا یہاں تک کہ وہ گھل گئی، پھر اسے بچے کے منہ میں ڈال دیا تو بچہ زبان پھیر پھیر کر چاٹنے لگا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”دیکھو! انصار کو کھجور سے کتنی محبت ہے۔“ پھر آپ ﷺ نے اس کے چہرے پر ہاتھ پھیرا اور اس کا نام عبداللہ رکھا۔
• ثابت هو ابن أسلم البناني.
تشریح، فوائد و مسائل
نیز صبر و شکر کا بہترین ثمرہ بھی ثابت ہوا۔
تحنیک کے معنی پیچھے گزر چکے ہیں۔
حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کا یہ مرنے والا بچہ ابو عمیر نامی تھا جس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مزاحا ً فرمایا کرتے تھے ''یا أبا عُمیر مَا فَعَلَ النُغیرُ'' اے ابو عمیر! تو نے جو چڑیا پال رکھی ہے وہ کس حال میں ہے۔
اس حدیث سے یہ نکلتا ہے کہ ابو طلحہ نے بچہ کے عقیقہ نہیں کیا اور بچے کا اسی دن نام رکھ لیا۔
معلوم ہوا کہ عقیقہ کرنا مستحب ہے، کچھ واجب نہیں۔
(مترجم وحیدی)
(1)
حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہا کے حق میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا قبول ہوئی۔
اس کے بعد آپ حضرت عبداللہ بن ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ امید سے ہوئیں۔
جب بچے کو جنم دیا تو حضرت انس رضی اللہ عنہ سے فرمایا: اس بچے کو حفاظت کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے جاؤ۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں جب اسے لے کر آپ کے پاس آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک حویلی میں تھے۔
آپ نے سیاہ رنگ کی چادر اوڑھ رکھی تھی اور غنیمت کے اونٹوں کو نشان لگا رہے تھے۔
(صحیح البخاري، اللباس، حدیث: 5824، و فتح الباري: 730/9) (2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا شرف قبولیت سے نوازی گئی اور نومولود عبداللہ کی نسل سے دس نیک علماء پیدا ہوئے۔
(عمدة القاري: 466/14) (3)
امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نے اس نومولود کا عقیقہ نہیں کیا تھا۔
ایسے حالات میں بچے کا نام ولادت کے دن ہی عبداللہ رکھ دیا گیا، ساتویں دن کا انتظار نہیں کیا گیا۔
(4)
اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ عقیقہ واجب نہیں بلکہ مستحب ہے۔
واللہ أعلم۔
(5)
امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ عقیقے کے متعلق لوگ افراط و تفریط کا شکار ہیں۔
کچھ لوگوں نے اسے واجب کہا جبکہ کچھ حضرات اسے بدعت کہتے ہیں۔
امام ابن منذر نے کہا ہے کہ اصحاب الرائے نے عقیقے کے سنت ہونے کا انکار کیا ہے اور اس سلسلے میں ثابت شدہ احادیث و آثار کی انہوں نے مخالفت کی ہے۔
(فتح الباري: 728/9)
لیکن حضرت ابوطلحہ ؓ نے یہ سمجھا کہ بچے کو افاقہ ہوگیا ہے اور اب وہ آرام سے سورہا ہے۔
اس لیے وہ خود بھی آرام سے سوئے‘ ضروریات سے فارغ ہوئے اور بیوی کے ساتھ ہم بستر بھی ہوئے اور اس پر آنحضور ﷺ نے برکت کی بشارت دی۔
یہ کہ ان کے غیر معمولی صبروضبط اور خدا وند تعالیٰ کی حکمت پر کامل یقین کا ثمرہ تھا۔
بیوی کی اس ادا شناسی پر قربان جائیے کہ کس طرح انہوں نے اپنے شوہر کو ایک ذہنی کوفت سے بچالیا۔
محدث علی بن مدینی نے حضرت ابوطلحہ ؓ کے ان نولڑکوں کے نام نقل کئے ہیں جو سب عالم قرآن ہوئے اور اللہ نے ان کو بڑی ترقی بخشی۔
وہ نو بچے یہ تھے۔
اسحاق‘ اسماعیل‘ یعقوب‘ عمیر‘ عمر‘ محمد ‘ عبداللہ‘ زید اور قاسم۔
انتقال کرنے والے بچے کو ابوعمیر کہتے تھے۔
آنحضرت ﷺ اس کو پیار سے فرمایا کرتے تھے ابوعمیر تمہاری نغیر یعنی چڑیا کیسی ہے؟ یہ بچہ بڑا خوبصورت اور وجیہ تھا۔
ابو طلحہ ؓ اس سے بڑی محبت کیا کرتے تھے۔
بچے کی ماں ام سلیم کے استقلال کو دیکھئے کہ منہ پر تیوری نہ آنے دی اور رنج کو ایسا چھپایا کہ ابو طلحہ ؓ سمجھے واقعی بچہ اچھا ہوگیا ہے۔
پھر یہ دیکھئے کہ ام سلیم نے بات بھی ایسی کہی کہ جھوٹ نہ ہو کیونکہ موت درحقیقت راحت ہے۔
وہ معصوم جان تھی اس کے لیے تو مرنا آرام ہی آرام تھا۔
ادھر بیماری کی تکلیف گئی۔
ادھر دنیا کے فکروں سے جو مستقبل میں ہوتے نجات پائی۔
ترجمہ باب یہیں سے نکلتا ہے کہ ام سلیم نے رنج اور صدمہ کو پی لیا بالکل ظاہر نہ ہونے دیا۔
دوسری روایت میں یوں ہے کہ ام سلیم نے اپنے خاوند سے کہا کہ اگر کچھ لوگ عاریت کی چیزلیں، پھر واپس دینے سے انکار کریں تو کیسا ہے؟ اس پو ابوطلحہ ؓ بولے کہ ہرگز انکار نہ کرنا چاہیے۔
بلکہ عاریت کی چیز واپس کردینا چاہیے، تب ام سلیم نے کہا کہ یہ بچہ بھی اللہ کا تھا۔
آپ کو عاریتہ ملا ہوا تھا‘ اللہ نے اسے لے لیا تو آپ کو رنج نہ کرنا چاہیے۔
اللہ نے ان کو صبرو استقلال کے بدلے نولڑکے عطا کئے جو سب عالم قرآن ہوئے۔
سچ ہے کہ صبر کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔
(1)
یہ حضرت ام سلیم ؓ کے صبر و استقلال اور ان کی کامل تسلیم و رضا کا نتیجہ تھا کہ اس رات حمل ٹھہرنے سے جو بچہ پیدا ہوا اس کی پشت سے نو بچے حافظ قرآن پیدا ہوئے۔
ان کے علاوہ چار صابرہ شاکرہ بیٹیاں بھی اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائیں۔
حضرت ابو طلحہ ؓ کے ہاں عبداللہ پیدا ہوئے جنہیں رسول اللہ ﷺ نے اپنے دست مبارک سے گھٹی دی تھی۔
اور جو بیٹا فوت ہوا اس کا نام ابو عمیر تھا جس نے اپنے گھر میں ایک سرخ بلبل رکھی ہوئی تھی، جب وہ مر گئی تو رسول اللہ ﷺ اسے مذاق کرتے ہوئے کہتے تھے: ’’اے ابو عمیر! تیری چڑیا کو کیا ہوا؟‘‘ (صحیح البخاري، الأدب، حدیث: 6129) (2)
حضرت ام سلیم ؓ نے اپنے بچے کے متعلق لفظ سکون استعمال فرمایا۔
اس سے مراد سکون نفس، یعنی موت تھی، جبکہ حضرت ابو طلحہ ؓ نے اس سے نفس سکون مراد لیا کہ بچہ بیماری سے نجات پا کر آرام کر رہا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں بچے کی صورت میں جو انعام دیا وہ صبر کی بدولت تھا۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مصیبت کے وقت رنج و غم کا اظہار نہ کرتے ہوئے اپنے تمام تر معاملات کو اللہ کے حوالے کر دینا عزیمت ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔
(فتح الباري: 218/3) (3)
قرآن کریم کی ہدایت کے مطابق ہمیں اپنا رنج و صدمہ اللہ تعالیٰ کے حضور ہی پیش کرنا چاہیے۔
حضرات انبیائے ؑ کا یہی طریقہ رہا ہے۔
اسے قرآن مجید میں "صبر جمیل" سے تعبیر کیا گیا ہے، جیسا کہ حضرت یعقوب ؑ کے متعلق اللہ تعالیٰ نے بیان کیا ہے۔
(سورة یوسف: 18/12، 83)
(1)
حتي تلطخت: حتیٰ کہ میں آلودہ ہو گیا، یعنی تعلقات زن و شو قائم کر لیے۔
(2)
لايطرقها طروقا: اس میں رات کو داخل نہیں ہوتے تھے، گھر میں بلا اطلاع نہیں آتے تھے۔
(3)
ضربها المخاض: اسے دردزہ شروع ہو گیا، بچے کی پیدائش کے اثرات پیدا ہو گئے، ولادت کا درد شروع ہو گیا۔
(4)
مااجد الذي كنت اجد: وہ درد جو میں محسوس کر رہی تھی، وہ نہیں ہو رہا۔
(5)
يتلمظها: وہ اسے چوسنے لگا۔
فوائد ومسائل: حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کا بچہ ابو عمیر، جس سے حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ بہت پیار کرتے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے دل لگی اور خوش طبعی کرتے ہوئے فرماتے تھے، اے ابو عمیر، تیری بلبل کا کیا بنا، وہ بیمار ہو گیا اور ایک دن حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کی عدم موجودگی میں فوت ہو گیا۔
تو حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہا نے خاوند کی گھر آمد پر انہیں موت سے فوری طور پر آگاہ کرنا مناسب نہ سمجھا اور دوسروں کو بھی اطلاع دینے سے روک دیا اور انہیں نہلا دھلا کر ایک طرف رکھ دیا اور انتہائی صبر و شکیب سے کام لیتے ہوئے، انہیں محسوس نہ ہونے دیا، بلکہ پہلے سے زیادہ بن ٹھن کر انہیں بچے کی بیماری کے زائل ہونے کا قولی اور فعلی طور پر تاثر دیا اور پھر آخر میں انتہائی حکیمانہ انداز میں موت سے آگاہ کیا، اللہ تعالیٰ نے حضرت ام سلیم کے صبر و تحمل اور خاوند کی دلداری کرنے پر اس کی جگہ اور بچہ دیا، جس کا آپ نے پہلے ہی دن نام عبداللہ رکھ دیا۔