شعب الایمان — حدیث نمبر 9282

باب: ایمان کی شاخوں میں سے سترویں شاخ: مصیبتوں پر صبر کرنے، اور ان لذتوں اور خواہشات سے صبر کرنے کا باب جن کی طرف نفس کھنچتا ہے۔

السبعون من شعب الإيمان وهو باب في الصبر على المصائب وعما تنزع النفس إليه من لذة وشهوة

حدیث نمبر: 9282
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ إِسْحَاقَ إِمْلَاءً ، أَخْبَرَنَا أَبُو مُسْلِمٍ ، حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مِنْهَالٍ وَسُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ .
وَأَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ إِسْحَاقَ ، أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَيُّوبَ ، أَخْبَرَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ قَالُوا : حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ عَاصِمٍ الْأَحْوَلِ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ : أَنَّ إِحْدَى بَنَاتِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَعَثَتْ إِلَيْهِ تُخْبِرْهُ أَنَّ ابْنَهَا فِي الْمَوْتِ فَأْتِنِي فَقَالَ الرَّسُولُ : "قُلْ لِلَّهِ مَا أَخَذَ وَمَا أَعْطَى ، وَكُلُّ شَيْءٍ عِنْدَهُ بِمِقْدَارٍ ، فَلْتَسْتَعِنْ بِاللَّهِ ، وَلْتَصْبِرْ " قَالَ : فَأَرْسَلَتْ إِلَيْهِ ائْتِنِي ، قَالَ : فَقَامَ ، وَقُمْتُ مَعَهُ ، وَسَعْدُ بْنُ مُعَاذٍ - وَأَحْسِبُهُ قَالَ : - وَأُبَيُّ بْنُ كَعْبٍ ، قَالَ فَأَتَى الصَّبِيَّ فَوُضِعَ فِي حِجْرِهِ ، فَاغْرَوْرَقَتْ عَيْنَاهُ ، فَقَالَ سَعْدٌ : مَا هَذَا يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : "هَذِهِ رَحْمَةٌ جَعَلَهَا اللَّهُ فِي قُلُوبِ عِبَادِهِ ، وَإِنَّمَا يَرْحَمُ اللَّهُ مِنْ عِبَادِهِ الرُّحَمَاءَ " .
رَوَاهُ الْبُخَارِيُّ عَنْ حَجَّاجِ بْنِ مِنْهَالٍ ، وَحَفْصِ بْنِ عُمَرَ .
وَأَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ مِنْ أَوْجُهٍ أُخَرَ عَنْ عَاصِمٍ .
ترجمہ

سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کی صاحبزادیوں میں سے ایک نے آپ ﷺ کو پیغام بھیجا کہ ان کا بیٹا نزع کی حالت میں ہے، لہٰذا آپ ﷺ تشریف لائیں۔ تو آپ ﷺ نے قاصد سے فرمایا: ”جاؤ، اس سے کہو: بے شک اللہ ہی کا ہے جو اس نے لے لیا اور اسی کا ہے جو اس نے عطا کیا، اور ہر چیز اس کے ہاں ایک مقررہ اندازے کے مطابق ہے، لہٰذا وہ اللہ سے مدد مانگے اور صبر کرے۔“ سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: پھر انہوں نے دوبارہ پیغام بھیجا کہ آپ ضرور تشریف لائیں۔ چنانچہ آپ ﷺ اٹھے اور میں بھی آپ ﷺ کے ساتھ اٹھا، اور سیدنا سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ بھی ساتھ تھے، اور میرا گمان ہے کہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ بھی تھے۔ پھر آپ ﷺ بچے کے پاس تشریف لائے تو اسے آپ ﷺ کی گود میں رکھ دیا گیا، (اس کی حالت دیکھ کر) آپ ﷺ کی آنکھیں اشک بار ہو گئیں۔ سیدنا سعد رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! یہ کیا ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ رحمت (دل کی نرمی) ہے جسے اللہ نے اپنے بندوں کے دلوں میں رکھا ہے، اور اللہ اپنے بندوں میں سے انہی پر رحم فرماتا ہے جو دوسروں پر رحم کرنے والے ہوتے ہیں۔“
اس حدیث کو امام بخاری رحمہ اللہ نے حجاج بن منہال اور حفص بن عمر سے روایت کیا ہے۔
اور امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے عاصم سے دیگر کئی سندوں کے ساتھ روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السبعون من شعب الايمان وهو باب في الصبر على المصائب وعما تنزع النفس اليه من لذة وشهوة / حدیث: 9282
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 9737
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 3125) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح بخاري (1284) صحيح مسلم (923) (سنن أبي داود 3125) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 12/ 205) . »
«أخرجه أبو داود فى (سننه) 3/ 492 رقم 3125، وأحمد فى (مسنده) 5/ 204، 5/ 206، 5/ 205، والبخاري النبي الجنائز 2/ 80، والنسائي فى (سننه) 4/ 21، والبيهقي فى (السنن الكبرى) 4/ 65، والبيهقي فى (الآداب) رقم 1079، والبخاري فى (صحيحه) 8/ 186، وابن ماجه فى (سننه) 1/ 506 رقم 1588، ومسلم فى (صحيحه) 1/ 636، وابن حبان فى (صحيحه) 5/ 63، والطيالسي فى (مسنده) ص 88»
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• أبو مسلم هو الكجي إبراهيم بن عبد الله بن مسلم.
• محمد بن أيوب هو البجلي أبو عبد الله الرازي.
• أبو عثمان هو النهدي عبد الرحمن بن مل مخضرم.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7448 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7448. سیدنا اسامہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی ایک صاحبزادی کا بیٹا فوت ہو رہا تھا تو انہوں نے آپ ﷺ کو تشریف کانے کے لیے پیغام بھیجا۔ آپ ﷺ نے جواب بھیجا۔ اللہ ہی کا تھا جو اس نے لے لیا اور اسی کا ہے جو اس نے دیا اور ہر شے ایک مقرر حد تک کے لیے ہے۔ انہیں چاہیے کہ صبر کریں اور ثواب کی امید رکھیں۔ صاحبزادی نے دوبارہ پیغام بھیجا اور آپ کو قسم دی کہ ضرور تشریف لائیں۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ اٹھے اور میں بھی آپ کے ساتھ چلا۔ سیدنا معاذ بن جبل، سیدنا ابی بن کعب اور سیدنا عبادہ بن صامت ؓ بھی ساتھ روانہ ہوئے۔ جب ہم صاحبزادی کے گھر داخل ہوئے تو اہل خانہ نے بچے کا سانس اکھڑ رہا تھا۔ وہ پرانی مشک کی طرح تھا، رسول اللہ ﷺ بچے کی حالت دیکھ کر رو پڑے۔ سیدنا سعد بن عبادہ ؓ نے کہا: آپ رو رہے ہیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "بس اللہ تعالیٰ رحم کرتا ہے اپنے رحم کرنے والے بندوں پر۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7448]
حدیث حاشیہ: دوسری روایت میں ہےکہ یہ رحم اللہ نےاپنے بندوں کےدلوں میں ڈالا ہے۔
ایسے لوگوں کےلیے مصیبت زدہ لوگوں کو دیکھ کر دل میں رنج ہونا ایک فطری بات ہے الراحمون یرحمھم الرحمن صدق رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7448 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7448 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7448. سیدنا اسامہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی ایک صاحبزادی کا بیٹا فوت ہو رہا تھا تو انہوں نے آپ ﷺ کو تشریف کانے کے لیے پیغام بھیجا۔ آپ ﷺ نے جواب بھیجا۔ اللہ ہی کا تھا جو اس نے لے لیا اور اسی کا ہے جو اس نے دیا اور ہر شے ایک مقرر حد تک کے لیے ہے۔ انہیں چاہیے کہ صبر کریں اور ثواب کی امید رکھیں۔ صاحبزادی نے دوبارہ پیغام بھیجا اور آپ کو قسم دی کہ ضرور تشریف لائیں۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ اٹھے اور میں بھی آپ کے ساتھ چلا۔ سیدنا معاذ بن جبل، سیدنا ابی بن کعب اور سیدنا عبادہ بن صامت ؓ بھی ساتھ روانہ ہوئے۔ جب ہم صاحبزادی کے گھر داخل ہوئے تو اہل خانہ نے بچے کا سانس اکھڑ رہا تھا۔ وہ پرانی مشک کی طرح تھا، رسول اللہ ﷺ بچے کی حالت دیکھ کر رو پڑے۔ سیدنا سعد بن عبادہ ؓ نے کہا: آپ رو رہے ہیں؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "بس اللہ تعالیٰ رحم کرتا ہے اپنے رحم کرنے والے بندوں پر۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7448]
حدیث حاشیہ:
1۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد اس امر کو بیان کرنا ہے کہ بعض اوقات رحمت کا اطلاق مخلوق پر ہوتا ہے اور یہ اس رحمت کا نتیجہ ہوتا ہے جو رحمت صفت باری تعالیٰ ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت سعد بن عباد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو جواب دیتے ہوئے فرمایا تھا۔
"یہ اللہ تعالیٰ کی وہ رحمت ہے جسے اپنے بندوں کے دلوں میں پیدا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ بھی اپنے انھی بندوں پر رحم کرتا ہے جو رحم دل ہوتے ہیں۔
"(صحیح البخاری: التوحید حدیث: 7377)
اگرچہ مذکورالفاظ پیش کردہ حدیث میں نہیں تاہم امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حسب عادت اس حدیث کی طرف مذکورہ حدیث سے اشارہ کیا ہے۔
بلا شبہ رحمت الٰہی مخلوق بھی ہے جو اللہ تعالیٰ کی صفت رحمت کا نتیجہ ہوتی ہے جیسا کہ قرآن مجید میں ہے۔
"وہی تو ہے جس نے اپنی رحمت(بارش)
سے پہلے ہواؤں کو خوشخبری دینے والی بنا کر بھیجا۔
"(الفرقان 25۔
48)
نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے۔
"اللہ تعالیٰ نے ایک سورحمت پیدا کی ہے صرف ایک رحمت کو اپنی مخلوق میں رکھا باقی ننانوے (99)
رحمتیں اپنے پاس محفوظ رکھی ہیں۔
"(صحیح مسلم التوبہ حدیث: 6973(2752)
2۔
حدیث میں جنت کو بھی رحمت سے تعبیر کیا گیا ہے جو اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہے وہ جنت اہل ایمان سے بہت قریب ہے۔
جنت اور ان کے درمیان صرف موت حائل ہے۔
جونہی ان کی ارواح اجسام سے پرواز کریں گی ان کا مقام اور ٹھکانا جنت ہوگا۔
اللہ تعالیٰ تمام اہل ایمان کو جنت الفردوس اور جنت عدن نصیب کرے آمین رب العالمین۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7448 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1284 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
1284. حضرت اسامہ بن زید ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: نبی کریم ﷺ کی ایک صاحبزادی نے آپ کو پیغام بھیجا کہ میرا بیٹا فوت ہورہا ہے، آپ ہمارے ہاں تشریف لائیں۔ آپ نے سلام کہتے ہوئے واپس پیغام بھیجا اور فرمایا: ’’(اللہ تعالیٰ ہی کا سارا مال ہے) جواللہ نے لے لیا وہ اس کا تھا اور جو اس نے عطا کیا وہ بھی اسی کا ہے۔ اس کے ہاں ہر چیز کاوقت مقرر ہے، اس لیے اسے چاہیے کہ صبر کرے اور ثواب کی طلب گار رہے۔‘‘ صاحبزادی نے پھر پیغام بھیجا اور آپ کو قسم دی کہ ضرور تشریف لائیں، چنانچہ آپ کھڑے ہوئے اور آپ کے ساتھ حضرت سعد بن عبادہ، معاذ بن جبل، ابی بن کعب، زید بن ثابت اور مزید چندلوگ تھے۔ بچے کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لایا گیا جبکہ اس کا سانس اکھڑا ہوا تھا۔ راوی نے کہا:میرا گمان ہے کہ اس نے کہا:گویا وہ مشکیزہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی دونوں آنکھیں (یہ منظر دیکھ کر) بہنے لگیں توحضرت سعد ؓ نے عرض کیا:اللہ کے رسول۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:1284]
حدیث حاشیہ: اس مسئلہ میں ابن عمر اور عائشہ ؓ کا ایک مشہور اختلاف تھا کہ میت پر اس کے گھر والوں کے نوحہ کی وجہ سے عذاب ہوگا یا نہیں؟ امام بخاری ؒ نے اس باب میں اسی اختلاف پر یہ طویل محاکمہ کیا ہے۔
اس سے متعلق مصنف ؒ متعدد احادیث ذکر کریں گے اور ایک طویل حدیث میں جو اس باب میں آئے گی۔
دونوں کی اس سلسلے میں اختلاف کی تفصیل بھی موجود ہے۔
عائشہ ؓ کا خیال یہ تھا کہ میت پر اس کے گھر والوں کے نوحہ سے عذاب نہیں ہوتا، کیونکہ ہر شخص صرف اپنے عمل کا ذمہ دار ہے۔
قرآن میں خود ہے کہ کسی پر دوسرے کی کوئی ذمہ داری نہیں ﴿لاَ تَزِرُ وَازِرَة وِّزرَ اُخرٰی﴾ (الأنعام: 164)
اس لیے نوحہ کی وجہ سے جس گناہ کے مرتکب مردہ کے گھروالے ہوتے ہیں، اس کی ذمہ داری مردے پر کیسے ڈالی جاسکتی ہے؟ لیکن ابن عمر ؓ کے پیش نظریہ حدیث تھی ’’میت پر اس کے گھر والوں کے نوحہ سے عذاب ہوتا ہے۔
‘‘ حدیث صاف تھی اور خاص میت کے لیے لیکن قرآن میں ایک عام حکم بیان ہوا ہے۔
عائشہ ؓ کا جواب یہ تھا کہ ابن عمر سے غلطی ہوئی، آنحضور ﷺ کا ارشاد ایک خاص واقعہ سے متعلق تھا۔
کسی یہودی عورت کا انتقال ہوگیا تھا۔
اس پر اصل عذاب کفر کی وجہ سے ہورہا تھا، لیکن مزید اضافہ گھر والوں کے نوحہ نے بھی کردیا تھا کہ وہ اس کے استحاق کے خلاف اس کا ماتم کررہے تھے اور خلاف واقعہ نیکیوں کو اس کی طرف منسوب کر رہے تھے۔
اس لیے حضور ﷺ نے اس موقع پر جو کچھ فرمایا وہ مسلمانوں کے بارے میں نہیں تھا۔
لیکن علماء نے حضرت ابن عمر ؓ کے خلاف حضرت عائشہ کے اس استدلال کو تسلیم نہیں کیا ہے۔
دوسری طرف ابن عمر ؓ کی حدیث کو بھی ہر حال میں نافذ نہیں کیا بلکہ اس کی نوک پلک دوسرے شرعی اصول وشواہد کی روشنی میں درست کئے گئے ہیں اور پھر اسے ایک اصول کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا ہے۔
علماء نے اس حدیث کی جو مختلف وجوہ و تفصیلات بیان کی ہیں، انہیں حافظ ابن حجر ؒ نے تفصیل کے ساتھ لکھا ہے۔
اس پر امام بخاری ؒ کے محاکمہ کا حاصل یہ ہے کہ شریعت کا ایک اصول ہے۔
حدیث میں ہے: کلکم راع وکلکم مسؤل عن رعیته۔
ہر شخص نگراں ہے اور اس کے ماتحتوں سے متعلق اس سے سوال ہوگا۔
یہ حدیث متعدد اور مختلف روایتوں سے کتب احادیث اور خود بخاری میں موجود ہے۔
یہ ایک مفصل حدیث ہے اور اس میں تفصیل کے ساتھ یہ بتایا گیا ہے کہ بادشاہ سے لے کر ایک معمولی سے معمولی خادم تک راعی اور نگراں کی حیثیت رکھتا ہے اور ان سب سے ان کی رعیتوں کے متعلق سوال ہو گا۔
یہاں صاحب تفہیم البخاری نے ایک فاضلانہ بیان لکھا ہے جسے ہم شکریہ کے ساتھ ’’تشریح‘‘ میں نقل کرتے ہیں۔
قرآن مجید میں ہے کہ ﴿قُوا أنفسَکُم وأهلِيکُم ناراً﴾ (التحریم: 6)
خود کو اور اپنے گھر والوں کو دوزخ کی آگ سے بچاؤ۔
امام بخاری ؒ نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ جس طرح اپنی اصلاح کا حکم شریعت نے دیا ہے، اسی طرح اپنی رعیت کی اصلاح کا بھی حکم ہے، اس لیے ان میں سے کسی ایک کی اصلاح سے غفلت تباہ کن ہے۔
اب اگر مردے کے گھر غیر شرعی نوحہ وماتم کا رواج تھا، لیکن اپنی زندگی میں اس نے انہیں اس سے نہیں روکا اور اپنے گھر میں ہونے والے اس منکر پر واقفیت کے باوجود اس نے تساہل سے کام لیا تو شریعت کی نظر میں وہ بھی مجرم ہے۔
شریعت نے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا ایک اصول بنادیا تھا۔
ضروری تھا کہ اس اصول کے تحت اپنی زندگی میں اپنے گھر والوں کو اس سے باز رکھنے کی کوشش کرتا۔
لیکن اگر اس نے ایسا نہیں کیا، تو گویا وہ خود اس عمل کا سبب بنا ہے۔
شریعت کی نظر اس سلسلے میں بہت دور تک ہے۔
اسی محاکمہ میں امام بخاری ؒ نے یہ حدیث نقل کی ہے کہ ’’کوئی شخص اگر ظلماً (ظالمانہ طور پر)
قتل کیا جاتا ہے تو اس قتل کی ایک حد تک ذمہ داری آدم ؑ کے سب سے پہلے بیٹے (قابیل)
پر عائد ہوتی ہے۔
‘‘ قابیل نے اپنے بھائی ہابیل کو قتل کردیا تھا۔
یہ روئے زمین پر سب سے پہلا ظالمانہ قتل تھا۔
اس سے پہلے دنیا اس سے ناواقف تھی۔
اب چونکہ اس طریقہ ظلم کی ایجاد سب سے پہلے آدم ؑ کے بیٹے قابیل نے کی تھی، اس لیے قیامت تک ہونے والے ظالمانہ قتل کے گناہ کا ایک حصہ اس کے نام بھی لکھا جائے گا۔
شریعت کے اس اصول کو اگر سامنے رکھا جائے تو عذاب وثواب کی بہت سی بنیادی گر ہیں کھل جائیں۔
حضرت عائشہ ؓ کے بیان کردہ اصول پر بھی ایک نظر ڈال لیجئے۔
انہوں نے فرمایا تھا کہ قرآن نے خود فیصلہ کردیا ہے کہ ’’کسی انسان پر دوسرے کی کوئی ذمہ داری نہیں۔
‘‘ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا تھا کہ مرنے والے کو کیا اختیار ہے؟ اس کا تعلق اب اس عالم ناسوت سے ختم ہوچکا ہے۔
نہ وہ کسی کو روک سکتا ہے اور نہ اس پر قدرت ہے۔
پھر اس ناکردہ گناہ کی ذمہ داری اس پر عائد کرنا کس طرح صحیح ہوسکتا ہے؟ اس موقع پر اگر غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ شریعت نے ہر چیز کے لیے اگرچہ ضابطے اور قاعدے متعین کردئیے ہیں، لیکن بعض اوقات کسی ایک میں بہت سے اصول بیک وقت جمع ہوجاتے ہیں اور یہیں سے اجتہاد کی حد شروع ہوجاتی ہے۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ جزئی کس ضابطے کے تحت آ سکتی ہے؟ اور ان مختلف اصول میں اپنے مضمرات کے اعتبار سے جزئی کس اصول سے زیادہ قریب ہے؟ اس مسئلہ میں حضرت عائشہ ؓ نے اپنے اجتہاد سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ میت پر نوحہ وماتم کا میت سے تعلق قرآن کے بیان کردہ اس اصول سے متعلق ہے کہ ’’کسی انسان پر دوسرے کی ذمہ داری نہیں۔
‘‘ جیسا کہ ہم نے تفصیل سے بتایا کہ عائشہ ؓ کے اجتہاد کو امت نے اس مسئلہ میں قبول نہیں کیا ہے۔
اس باب پر ہم نے یہ طویل نوٹ اس لیے لکھا کہ اس میں روز مرہ زندگی سے متعلق بعض بنیادی اصول سامنے آئے تھے۔
جہاں تک نوحہ وماتم کا سوال ہے اسے اسلام ان غیر ضروری اور لغو حرکتوں کی وجہ سے رد کرتا ہے جو اس سلسلے میں کی جاتی تھیں۔
ورنہ عزیز وقریب یا کسی بھی متعلق کی موت پر غم قدرتی چیز ہے اور اسلام نہ صرف اس کے اظہار کی اجازت دیتا ہے، بلکہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض افراد کو جن کے دل میں اپنے عزیز وقریب کی موت سے کوئی ٹیس نہیں لگی، آنحضورﷺ نے انہیں سخت دل کہا۔
خود حضور اکرم ﷺ کی زندگی میں کئی ایسے واقعات پیش آئے جب آپ ﷺ کے کسی عزیز وقریب کی وفات پر آپ ﷺ کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا اور آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔
(تفہیم البخاری)
نصوص شرعیہ کی موجودگی میں ان کے خلاف اجتہاد قابل قبول نہیں ہے۔
خواہ اجتہاد کرنے والا کوئی ہو۔
رائے اور قیاس ہی وہ بیماریاں ہیں جنہوں نے امت کا بیڑہ غرق کر دیا اور امت تقسیم درتقسیم ہوکر رہ گئی۔
حضرت امام بخاری ؒ نے حضرت عائشہ ؓ کے قول کی مناسب توجیہ فرمادی ہے، وہی ٹھیک ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1284 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 1284 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
1284. حضرت اسامہ بن زید ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: نبی کریم ﷺ کی ایک صاحبزادی نے آپ کو پیغام بھیجا کہ میرا بیٹا فوت ہورہا ہے، آپ ہمارے ہاں تشریف لائیں۔ آپ نے سلام کہتے ہوئے واپس پیغام بھیجا اور فرمایا: ’’(اللہ تعالیٰ ہی کا سارا مال ہے) جواللہ نے لے لیا وہ اس کا تھا اور جو اس نے عطا کیا وہ بھی اسی کا ہے۔ اس کے ہاں ہر چیز کاوقت مقرر ہے، اس لیے اسے چاہیے کہ صبر کرے اور ثواب کی طلب گار رہے۔‘‘ صاحبزادی نے پھر پیغام بھیجا اور آپ کو قسم دی کہ ضرور تشریف لائیں، چنانچہ آپ کھڑے ہوئے اور آپ کے ساتھ حضرت سعد بن عبادہ، معاذ بن جبل، ابی بن کعب، زید بن ثابت اور مزید چندلوگ تھے۔ بچے کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لایا گیا جبکہ اس کا سانس اکھڑا ہوا تھا۔ راوی نے کہا:میرا گمان ہے کہ اس نے کہا:گویا وہ مشکیزہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی دونوں آنکھیں (یہ منظر دیکھ کر) بہنے لگیں توحضرت سعد ؓ نے عرض کیا:اللہ کے رسول۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:1284]
حدیث حاشیہ:
(1)
حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ حدیث میں مذکور ابن سے مراد علی بن ابی العاص ؓ ہو سکتے ہیں جو حضرت زینب ؓ کے بطن سے تھے، لیکن مذکورہ حدیث کے کسی طریق میں ان کا ذکر نہیں ہوا۔
یا اس سے مراد عبداللہ بن عثمان ؓ بھی ہو سکتے ہیں جو حضرت رقیہ کے بطن سے تھے۔
جب وہ فوت ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے انہیں اپنی گود میں اٹھایا اور فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں پر رحم کرتا ہے جنہیں دوسروں پر رحم کرنے کی عادت ہوتی ہے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے مراد حضرت محسن بن علی ؓ ہوں جنہیں حضرت فاطمہ ؓ نے جنم دیا تھا۔
اہل علم کا اتفاق ہے کہ وہ صغر سنی ہی میں فوت ہو گئے تھے جبکہ رسول اللہ ﷺ بھی بقید حیات تھے۔
لیکن یہ اس صورت میں ہو سکتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیغام بھیجنے والی حضرت زینب ؓ کے علاوہ کوئی دوسری لخت جگر ہو۔
صحیح بات یہ ہے کہ وہ حضرت زینب ؓ ہی تھیں اور وہ بچہ لڑکا نہیں بلکہ لڑکی تھی، جیسا کہ مسند امام احمد میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی طرف حضرت امام بنت زینب کو لایا گیا۔
اور یہ بھی ایک روایت میں ہے کہ وہ حضرت ابو العاص ؓ کی دختر تھیں۔
اس وقت ان کا سانس اکھڑا ہوا تھا، جیسا کہ رکھے ہوئے مشکیزے میں کوئی چیز بولتی ہو۔
بعض روایات میں امیمہ کا لفظ آیا ہے۔
وہ بھی امامہ مذکورہ ہی ہیں، کیونکہ علمائے انساب کا اتفاق ہے کہ حضرت زینب ؓ کے بطن سے حضرت ابو العاص کے دو ہی بچے تھے۔
ایک علی اور دوسری حضرت امامہ۔
لیکن اس میں اشکال یہ ہے کہ علمائے تاریخ کا اس امر پر بھی اتفاق ہے کہ حضرت امامہ ؓ رسول اللہ ﷺ کے بعد تک زندہ رہیں یہاں تک کہ حضرت فاطمہ ؓ کے بعد حضرت علی ؓ سے ان کا نکاح بھی ہوا اور حضرت على کی شہادت تک وہ ان کے ساتھ رہیں۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی کافی عمر تھی۔
اس اشکال کا جواب یہ ہے کہ حضرت زینب نے جو رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں یہ پیغام بھیجا تھا کہ بچہ حالت نزع میں ہے اور اس کی روح قبض ہو رہی ہے، اس کا مطلب یہ تھا کہ وہ قریب الموت ہے، کیونکہ روایت حماد میں ہے کہ بچہ موت کی حالت میں ہے۔
روایت شعبہ کے الفاظ یہ ہیں کہ میری بیٹی کا وقت مرگ آ پہنچا ہے۔
سنن ابی داود میں بیٹا یا بیٹی تردد کے ساتھ ہے، لیکن صحیح بات یہ ہے کہ وہ لڑکی تھی، لڑکا نہ تھا۔
اس کی تائید طبرانی کی روایت سے بھی ہوتی ہے کہ حضرت امامہ بنت ابی العاص ؓ کا مرض شدید ہوا اور وہ قریب المرگ ہو گئیں تو حضرت زینب نے اپنے والد گرامی رسول اللہ ﷺ کو بلوایا اور آپ بھی اسے حالت نزع میں دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے جس پر حضرت سعد ؓ نے سوال کیا، جیسا کہ حدیث میں ہے۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس واقعے میں رسول اللہ ﷺ سے انتہائی اکرام کا معاملہ کیا ہے کہ اس وقت آپ کی تسلیم و رضا کی شان اور انتہائی رحمت و شفقت سے مجبور ہو کر آبدیدہ ہونے اور صاجزادی کے صبر و استقلال پر نظر فرما کر آپ کی نواسی کو کامل صحت و شفا عطا فرمائی اور بعد ازاں وہ طویل عرصے تک زندہ رہیں۔
آخر میں حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ اس عجیب و غریب معجزانہ واقعے کو رسول اللہ ﷺ کے معجزات میں بیان کرنا چاہیے تھا۔
(فتح الباري: 200/3) (2)
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے ثابت کیا ہے کہ نوحے کے بغیر رونے کی اجازت ہے، جیسا کہ اس میں رسول اللہ ﷺ کے آبدیدہ ہونے کا ذکر ہے۔
بے ساختہ رونے پر نہ تو میت کو عذاب ہو گا اور نہ رونے والے ہی سے مؤاخذہ کیا جائے گا بلکہ اسے رسول اللہ ﷺ نے اللہ کی رحمت قرار دیا ہے۔
والله أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1284 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3125 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´میت پر رونا۔`
اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک بیٹی (زینب رضی اللہ عنہا) نے آپ کو یہ پیغام دے کر بلا بھیجا کہ میرے بیٹے یا بیٹی کے موت کا وقت قریب ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے آئے، اس وقت میں اور سعد اور میرا خیال ہے کہ ابی بھی آپ کے ساتھ تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (جواباً) سلام کہلا بھیجا، اور فرمایا: " ان سے (جا کر) کہو کہ اللہ ہی کے لیے ہے جو چیز کہ وہ لے، اور اسی کی ہے جو چیز کہ وہ دے، ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہے۔‏‏‏‏" پھر زینب رضی اللہ عنہا نے دوبارہ بلا بھیجا اور قسم دے کر کہلایا کہ آپ ضرور تشریف لائیں، چنانچہ آپ صلی ال۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3125]
فوائد ومسائل:
1۔
میت پر فرط غم سے آنکھوں سے آنسووں کا نکل آنا۔
ایک فطری امر ہے۔
اس لئے یہ کوئی معیوب بات نہیں۔
بلکہ یہ دل کی نرمی اور رحم دلی کی علامت ہے۔

2۔
جس شخص کا دل سخت ہو۔
ایسے موقعوں پر فطری طور پر جو غم ہوتا ہے۔
اس کا جائز بھی جائز طور پر اظہار نہ ہو تو یہ سنگ دلی ہے۔
جو ممدوح نہیں ہے۔
یہ کیفیت قابل علاج ہے۔
اور اس کا علاج ہے موت کو کثرت سے یاد کرنا۔
قبرستان کی زیارت اور یتیم کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرنا۔
ان اعمال کو بجالانے سے دل کی سختی نرمی سے بدل سکتی ہے۔

3۔
کہیں قریب میں بھی کوئی پیغام لینا دینا ہو تو حسن ادب یہ ہے کہ پہلے سلام کہلایا جائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3125 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1588 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´میت پر رونے کا بیان۔`
اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی بیٹی کا ایک لڑکا مرنے کے قریب تھا، انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بلا بھیجا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں جواب میں کہلا بھیجا: " جو لے لیا وہ اللہ ہی کا ہے، اور جو دے دیا وہ بھی اللہ ہی کا ہے، اور اس کے پاس ہر چیز کا ایک مقرر وقت ہے، انہیں چاہیئے کہ صبر کریں اور ثواب کی امید رکھیں " لڑکی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دوبارہ بلا بھیجا، اور قسم دلائی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ضرور تشریف لائیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھے، آپ کے ساتھ میں بھی اٹھا، آپ کے ساتھ معاذ بن جبل، ابی ب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1588]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مصیبت کے وقت صبر اسلام کی اہم تعلیمات میں سے ہے۔

(2)
انسان کو مصیبت کے وقت یہ سوچنا چاہیے۔
کہ جو کچھ اللہ نے ہم سے لیا ہے۔
وہ ہمارا نہیں تھا بلکہ اللہ ہی کا تھا لہٰذا ہم نے اللہ کی امانت واپس کی ہے۔

(3)
یہ اللہ کا احسان ہے کہ وہ اپنی امانت ایک مدت تک ہمارے پاس رہنے دیتا ہے۔
اور ہم اس سے فائدہ اُٹھاتے اور دل خوش کرتے ہیں۔
اور جب وہ اپنی امانت واپس لیتا ہے۔
تو پھر صبر کرنے پر بھی ہمیں اجر وثواب عطا فرماتا ہے۔
یہ بھی اس کا ایک احسان ہے۔

(4)
دل کا غم اور آنکھوں سے آنسو بہنا صبر کے منافی نہیں۔

(5)
کسی کو قسم دے کر کوئی مطالبہ کرنا جائز ہے۔

(6)
جس کام کے لئے قسم دی جائے اگر وہ شرعا ممنوع نہ ہو تو اسے پورا کرنا ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حق ہے۔

(7)
غم کا موقع ہو یا خوشی کا اگر مسئلہ پوچھا جائے تو وضاحت کردینی چاہیے۔

(8)
اپنى یا کسی کی مصیبت پر غمگین ہونا نرم دلی کی علامت ہے۔
جو اللہ تعالیٰ کو پسند ہے۔

(9)
اللہ کی مخلوق پر رحمت وشفقت کرنے سے بندے کواللہ کی رحمت حاصل ہوتی ہے۔

(10)
وفات کے وقت تمام رشتے داروں کا حاضر ہونا ضروری نہیں تاہم گھر والوں کی یہ خواہش جائز ہے کہ ایسے وقت میں نیک لوگ قریب ہوں تاکہ ان کی دعا اور برکت سے جان کنی کا مرحلہ آسانی سے طے ہوجائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1588 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7377 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7377. سیدنا اسامہ بن زید ؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا: ہم نبی ﷺ کے پاس تھے کہ اس دوران میں آپ کی ایک صاحبزادی کا قاصد حاضر خدمت ہوا کہ ان کا بیٹا نزع کی حالت میں ہے اور وہ آپ کو بلا رہی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: "واپس جا کر اسے کہو: اللہ ہی سب کچھ ہے جو چاہے لے لے اور جو چاہے دے دے اور اس کی بارگاہ میں ہر چیز کے لیے ایک وقت مقرر ہے اسے کہو کہ صبر کرے اور اللہ کے ہاں ثواب کی امید رکھے۔" صاحبزادی نے دوبارہ قاصد بھیجا کہ وہ آپ کو قسم دیتی ہے آپ ضرور تشریف لائیں۔ تب نبی ﷺ اٹھے اور آپ کے ہمراہ سیدنا سعد بن عبادہ اور سیدنا معاذ بن جبل ؓم بھی کھڑے ہوئے۔ (پھر جب صاحبزادی کے گھر پہنچے تو) بچہ آپ کو دے دیا گیا۔ اس کا سانس اکھڑ رہا تھا۔ گویا وہ پرانے مشکیزے میں ہے۔ یہ منطر دیکھ کر آپﷺ نےکہا: اللہ کے رسول! یہ کیا ہے؟ آپﷺ نےفرمایا: "یہ رحمت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:7377]
حدیث حاشیہ: ترجمہ باب یہیں سے نکلا کہ اللہ کے لیے صفت رحم کا اثبات ہوا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7377 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7377 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7377. سیدنا اسامہ بن زید ؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا: ہم نبی ﷺ کے پاس تھے کہ اس دوران میں آپ کی ایک صاحبزادی کا قاصد حاضر خدمت ہوا کہ ان کا بیٹا نزع کی حالت میں ہے اور وہ آپ کو بلا رہی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: "واپس جا کر اسے کہو: اللہ ہی سب کچھ ہے جو چاہے لے لے اور جو چاہے دے دے اور اس کی بارگاہ میں ہر چیز کے لیے ایک وقت مقرر ہے اسے کہو کہ صبر کرے اور اللہ کے ہاں ثواب کی امید رکھے۔" صاحبزادی نے دوبارہ قاصد بھیجا کہ وہ آپ کو قسم دیتی ہے آپ ضرور تشریف لائیں۔ تب نبی ﷺ اٹھے اور آپ کے ہمراہ سیدنا سعد بن عبادہ اور سیدنا معاذ بن جبل ؓم بھی کھڑے ہوئے۔ (پھر جب صاحبزادی کے گھر پہنچے تو) بچہ آپ کو دے دیا گیا۔ اس کا سانس اکھڑ رہا تھا۔ گویا وہ پرانے مشکیزے میں ہے۔ یہ منطر دیکھ کر آپﷺ نےکہا: اللہ کے رسول! یہ کیا ہے؟ آپﷺ نےفرمایا: "یہ رحمت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:7377]
حدیث حاشیہ:
1۔
بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ جس بچے پر حالت نزع طاری تھی وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نواسی تھی۔
ممکن ہے کہ دوالگ الگ واقعات ہوں۔
(عمدة القاري: 580/16)
2۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا ان دونوں احادیث کو کتاب التوحید میں لانے کا مقصد یہ معلوم ہوتا ہے کہ بعض صفات ایسی ہیں جو اللہ تعالیٰ اور بندوں میں مشترک ہیں۔
ان میں صرف لفظی اشتراک ہے۔
حقیقت کے اعتبار سے ان میں بہت فرق ہے۔
ان میں سے ایک صفتِ رحم ہے۔
اللہ تعالیٰ رحیم ہے اور بندے کے لیے بھی اس صفت کا اطلاق ہوا ہے جیسا کہ ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے۔
اس لفظی اشتراک کی وجہ سے ایسی صفات کا انکار نہیں کرنا چاہیے کہ اس سے تشبیہ لازم آتی ہے بلکہ ایسی صفات کے متعلق ضابطہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی شان کے لائق ان صفات کو ثابت کیا جائے اور بندوں کی حالت کے مطابق بندوں کے لیے انھیں برقرار رکھا جائے۔
اللہ تعالیٰ کے نام اور اس کی صفات "حسنیٰ" ہیں اور ہر اعتبار سے کامل ہیں جبکہ بندے کی صفات حسنیٰ نہیں ہیں اور نہ کامل ہی ہیں بلکہ ان میں نقص اور عجز پایا جاتا ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اللہ تعالیٰ کے نام اور صفات کے ساتھ حسنیٰ کی صفت ہے جوقرآن مجید میں متعدد مقام پر بیان ہوئی ہے، اس لیے اللہ تعالیٰ کی صفات میں کوئی عیب یا نقص نہیں ہے انھیں اللہ تعالیٰ کے شایانِ شان ثابت کیا جائے۔
(شرح کتاب التوحید للغنیمان: 75/1)
3۔
دراصل اللہ تعالیٰ کی صفاتِ ثبوتیہ دوقسموں پر مشتمل ہیں:۔
صفات ذاتیہ:۔
اس سے اللہ تعالیٰ کی وہ صفات مراد ہیں جن سے وہ ہمیشہ سے اور ہمیشہ کے لیے متصف ہے، جیسے صفت سمع اور بصر وغیرہ۔

۔
صفات فعلیہ:۔
اس سے مراد وہ صفات ہیں جن کا صدور اللہ تعالیٰ کی مشیت پر موقوف ہے۔
وہ چاہے تو اسے انجام دے اور چاہے تو نہ دے جیسا کہ صفت استواء علی العرش وغیرہ۔
بعض اوقات اللہ تعالیٰ کی کوئی صفت ذاتی اور فعلی دونوں طرح سے ہوتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ سے صفت کلام کے ساتھ متصف ہے اور ہمیشہ رہے گا، اگر کلام کرنے کے اعتبار سے دیکھا جائے تو صفت فعلی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا کلام فرمانا اس کی مشیت پر موقوف ہے، چنانچہ وہ جب چاہے اور جو چاہے کلام فرماتا ہے۔
اس کی صفات فعلیہ دو طرح سے ہیں: ایک وہ جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص ہیں اور دوسری وہ جوبندوں میں بھی پائی جاتی ہیں، مگر ان کی حقیقت وکیفیت میں بڑا فرق ہے جیسا کہ صفت رحم ہے۔
بندے کی یہ صفت ناقص ہے وہ اپنی تکمیل میں اللہ تعالیٰ کی محتاج ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کی صفت رحم میں کوئی نقص نہیں بلکہ وہ کامل واکمل ہے۔
اور نہ کسی کی محتاج ہی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ’’اس جیسی کوئی چیز نہیں اور وہ سمیع وبصیر ہے۔
‘‘ (الشوریٰ 11/42)
مماثلت کی نفی کے ساتھ صفت سمع اور بصر کو اپنے لیے ثابت کیا ہے، حالانکہ سمیع اور بصیر بندے کے لیے بھی بولا گیا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ہم نے انسان کو سمیع اوربصیر بنایا ہے۔
‘‘ (الدھر 2/76)
لیکن انسان کا سمیع اور بصیر ہونا ذرائع اور وسائل کا محتاج ہے جبکہ اللہ تعالیٰ سمیع وبصیر ہے جوکسی ذریعے اور وسیلے کا محتاج نہیں، یہ اشتراک محض لفظی ہے حقیقی نہیں۔
واللہ أعلم۔
4۔
واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفات کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے علامہ محمد بن صالح العثمین رحمۃ اللہ علیہ کی تالیف"القواعد المثلی فی الاسماء والصفات" کا مطالعہ مفید رہے گا جس کا اردوترجمہ ’’توحید اسماء وصفات‘‘ کے نام سے بازار میں دستیاب ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7377 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6602 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6602. حضرت اسامہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کی خدمت میں موجود تھا کہ اچانک آپ کے پاس آپ کی کسی صاحبزادی کا قاصد آیا۔ اس وقت آپ کے پاس حضرت سعد، ابی بن کعب اور حضرت معاذ ؓم بھی تھے۔ قاصد نے کہا: کہ ان کا بچہ نزع کی حالت میں ہے۔ آپ ﷺ نے انہیں پیغام بھیجا: "اللہ ہی کا ہے جو وہ لے لیتا ہے اور اسی کا ہے جو وہ دے دے۔ ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہے اس لیے وہ صبر کریں اور اللہ سے اجر کی امید رکھیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6602]
حدیث حاشیہ: یہاں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کو اس لیے لائے ہیں کہ اس سے ہر چیز کی مدت مقرر ہونا اور ہر کام کا اپنے وقت پر ضرور ظاہر ہونا نکلتا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6602 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6602 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6602. حضرت اسامہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کی خدمت میں موجود تھا کہ اچانک آپ کے پاس آپ کی کسی صاحبزادی کا قاصد آیا۔ اس وقت آپ کے پاس حضرت سعد، ابی بن کعب اور حضرت معاذ ؓم بھی تھے۔ قاصد نے کہا: کہ ان کا بچہ نزع کی حالت میں ہے۔ آپ ﷺ نے انہیں پیغام بھیجا: "اللہ ہی کا ہے جو وہ لے لیتا ہے اور اسی کا ہے جو وہ دے دے۔ ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہے اس لیے وہ صبر کریں اور اللہ سے اجر کی امید رکھیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6602]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ دنیا کی ہر چیز ایک معین وقت سے وابستہ ہے اور اس کے یہاں رہنے کا ایک وقت مقرر ہے۔
وقتِ مقرر آنے پر ہر کام ضرور ہو جاتا ہے۔
انسانوں کا بھی یہی معاملہ ہے کہ جب ان کے دنیا سے جانے کا وقت آ جاتا ہے تو ایک لمحے کا آگا پیچھا نہیں ہوتا جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ہر گروہ کے لیے ایک مدت مقرر ہے۔
وہ مدت پوری ہو جاتی ہے تو پھر لمحہ بھر کی تقدیم و تاخیر نہیں ہوتی۔
‘‘ (الأعراف: 34/7)
حضرت یعقوب علیہ السلام نے جب اپنے بیٹوں کو مصر روانہ کیا تو نظربد سے تحفظ کے لیے فرمایا: ’’بیٹو! ایک ہی دروازے سے داخل نہ ہونا بلکہ الگ الگ دروازوں سے اندر جانا۔
‘‘ (یوسف 67/12) (2)
ایک طرف انہوں نے نطربد سے بچنے کے لیے تدبیر بتائی تو دوسری طرف تقدیر کے مؤثر ہونے سے آگاہ فرمایا: ’’میری یہ تدبیر عالم اسباب کی ایک تسلی ہے لیکن جو مقدر ہو چکا ہے میں اسے نہیں ٹال سکتا ہوں، وہ بہرصورت ہو کر رہے گا۔
‘‘ کہتے ہیں: تدبیر کند بندہ تقدیر کند خندہ، یعنی انسان کی کوشش سے تقدیر نہیں بدلتی۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6602 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6655 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6655. حضرت اسامہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی ایک صاحبزادی نے آپ کو پیغام بھیجا۔ اس وقت آپ کے پاس حضرت اسامہ بن زید، حضرت سعد بن عبادہ اور حضرت ابی بن کعب ؓ بھی تھے۔ (پیغام یہ تھا) کہ میرا بیٹا قریب الوفات ہے، آپ تشریف لائیں۔ آپ نے جواب میں پیغام بھیجا کہ میرا سلام کہو اور کہو: "بے شک سب اللہ کے مال ہے جو اس نے لے لیا اور جو عنایت فرمایا۔ اس کے ہاں ہر چیز کا ایک مقرر ہے، لہذا اسے چاہیئے کہ صبر کرے اور اللہ تعالٰی سے ثواب کی امید رکھے۔" صاحبزادی نے دوبارہ پیغام بھیجا اور آپ کو قسم دی کہ ضرور تشریف لائیں، چنانچہ آپ اسی وقت اٹھے ہم لوگ بھی آپ کے ساتھ تیار ہوئے، جب آپ وہاں جا کر بیٹھے تو بچہ اٹھا کر آپ کے پاس لایا گیا۔ آپ نے اسےاپنی آغوش میں بٹھایا جبکہ وہ دم توڑ رہا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر آپ کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے تو حضرت سعد بن عبادہ ؓ نے پوچھا: اللہ کے رسول! یہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:6655]
حدیث حاشیہ: اس حدیث میں قسم دینے کا ذکر ہے یہی باب سے مطابقت ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6655 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6655 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6655. حضرت اسامہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی ایک صاحبزادی نے آپ کو پیغام بھیجا۔ اس وقت آپ کے پاس حضرت اسامہ بن زید، حضرت سعد بن عبادہ اور حضرت ابی بن کعب ؓ بھی تھے۔ (پیغام یہ تھا) کہ میرا بیٹا قریب الوفات ہے، آپ تشریف لائیں۔ آپ نے جواب میں پیغام بھیجا کہ میرا سلام کہو اور کہو: "بے شک سب اللہ کے مال ہے جو اس نے لے لیا اور جو عنایت فرمایا۔ اس کے ہاں ہر چیز کا ایک مقرر ہے، لہذا اسے چاہیئے کہ صبر کرے اور اللہ تعالٰی سے ثواب کی امید رکھے۔" صاحبزادی نے دوبارہ پیغام بھیجا اور آپ کو قسم دی کہ ضرور تشریف لائیں، چنانچہ آپ اسی وقت اٹھے ہم لوگ بھی آپ کے ساتھ تیار ہوئے، جب آپ وہاں جا کر بیٹھے تو بچہ اٹھا کر آپ کے پاس لایا گیا۔ آپ نے اسےاپنی آغوش میں بٹھایا جبکہ وہ دم توڑ رہا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر آپ کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے تو حضرت سعد بن عبادہ ؓ نے پوچھا: اللہ کے رسول! یہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:6655]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث میں حلف یا یمین کے بجائے لفظ قسم آیا ہے بلکہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ وہ صاجزادی آپ کو قسم دیتی تھیں کہ آپ ضرور تشریف لائیں۔
(صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1284) (2)
اس امر میں اختلاف ہے کہ أقسمت بالله یا صرف أقسمت کہنے سے قسم ہوتی ہے یا نہیں؟ کچھ حضرات کا خیال ہے کہ اس طرح قسم ہو جاتی ہے اگرچہ اس کی نیت نہ ہو جبکہ اکثریت کا موقف ہے کہ جب قسم کی نیت ہو تو اس طرح قسم منعقد ہو جاتی ہے۔
اس حدیث سے اسی موقف کی تائید ہوتی ہے کہ جب صاجزادی نے قسم کے الفاظ سے آپ کو گزارش کی تو آپ اسے پورا کرنے کے لیے فوراً چل پڑے کیونکہ قسم کو پورا کرنا ایک مستحسن اور پسندیدہ عمل ہے۔
واللہ أعلم (فتح الباري: 660/11)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6655 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1869 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´مصیبت آنے پر صبر کرنے اور اللہ سے ثواب چاہنے کے حکم کا بیان۔`
اسامہ بن زید رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی نے آپ کو صلی اللہ علیہ وسلم کہلا بھیجا کہ میرا بیٹا ۱؎ مرنے کو ہے آپ آ جائیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہلا بھیجا کہ آپ سلام کہتے ہیں، اور کہتے ہیں: اللہ تعالیٰ ہی کے لیے ہے جو (کچھ) لے، اور اسی کے لیے ہے جو (کچھ) دے، اور اللہ کے نزدیک ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہے، تو چاہیئے کہ تم صبر کرو، اور اللہ سے اجر طلب کرو، بیٹی نے (دوبارہ) قسم دے کے کہلا بھیجا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ضرور آ جائیں، چنانچہ آپ اٹھے، آپ کے ساتھ سعد بن عبادہ، معاذ بن جبل، ابی بن کعب، زید بن ثابت رضی اللہ عنہم اور کچھ اور لوگ تھے، (بچہ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اٹھا کر اس حال میں لایا گیا کہ اس کی سانس ٹوٹ رہی تھی، تو آپ کی آنکھوں (سے) آنسو بہ پڑے، اس پر سعد رضی اللہ عنہ نے کہا: اللہ کے رسول! یہ کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " یہ رحمت ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے دلوں میں رکھ رکھا ہے، اور اللہ تعالیٰ اپنے انہیں بندوں پر رحم کرتا ہے جو رحم دل ہوتے ہیں۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1869]
1869۔ اردو حاشیہ: ➊ ’’صبر" سے مراد شریعت کے حکم کا پابند رہنا ہے، نہ یہ کہ افسوس نہ کرے یا آنسو نہ بہائے، یہ تو فطری چیزیں ہیں جو ممنوع یا ناپسندیدہ نہیں۔
➋ بات کو پختہ کرنے کے لیے یا کسی سے مطالبہ منوانے کے لیے قسم ڈال دینا درست ہے۔
➌ اگر کوئی اس طرح قسم ڈال دے تو اس کی قسم کو پورا کرنا چاہیے۔
➍ پہلے سلام پھر کلام ہونا چاہیے۔
➎ مریض کی عیادت کرنی چاہیے، خواہ وہ اپنے سے کم تر ہی ہو یا چھوٹا بچہ ہی کیوں نہ ہو، اس سے اس کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
➏ اہل فضل و صلاح کو مریض یا قریب الوفات شخص کے پاس دعا کے لیے دعوت دی جا سکتی ہے۔
➐ آدمی اپنے امام سے کوئی نئی چیز دیکھے تو وضاحت پوچھ سکتا ہے۔
➑ سوال میں حسن ادب ملحوظ خاطر رہنا چاہیے۔
➒ اللہ کی مخلوق کے ساتھ نرمی اور شفقت سے پیش آنا چاہیے۔
➓ آہ و بکا کے بغیر رونا جائز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1869 سے ماخوذ ہے۔