شعب الایمان — حدیث نمبر 4952

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چھتیسویں شاخ: جانوں کی حرمت کا باب۔

السادس والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في تحريم النفوس

حدیث نمبر: 4952
وَبِهَذَا الْإِسْنَادِ ، عَنْ أَبِي مُوسَى ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " مَنْ حَمَلَ السِّلَاحَ عَلَيْنَا ، فَلَيْسَ مِنَّا " .
أَخْرَجَاهُمَا فِي الصَّحِيحِ ، مِنْ حَدِيثِ أَبِي أُسَامَةَ .
ترجمہ

اسی سند سے سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”جس نے ہمارے خلاف ہتھیار اٹھایا وہ ہم میں سے نہیں۔“
ان دونوں (حدیثوں) کو (امام بخاری و امام مسلم رحمہما اللہ نے) ”الصحیح“ میں ابواسامہ رحمہ اللہ کی حدیث سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السادس والثلاثون من شعب الايمان وهو باب في تحريم النفوس / حدیث: 4952
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 5337
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، ابن ماجة (2575 - 2577) (سنن الترمذي 1459) , شیخ زبیر علی زئی: متفق عليه, (سنن الترمذي 1459)
تخریج حدیث «أخرجه أحمد فى (مسنده) 2/ 256، 505، 4/ 410، 4/ 400، ومسلم فى (البر والصلة) 3/ 2020، و- المؤلف فى (الآداب) رقم 509، وكلما أخرجه فى (سننه) 8/ 23، ومسلم فى (صحيحه) 3/ 2020 رقم 125، 3/ 2019 رقم 124، 3/ 2019 رقم 123، 1/ 98 رقم 163، وأبو نعيم فى (أخبار أصبهان) 1/ 123، والترمذي فى (جامعه) 4/ 463 رقم 2162، وأبو نعيم فى (الحلية) 6/ 134، وأبو داود فى (سننه) 3/ 2019 رقم 124، وابن ماجه فى (سننه) 2/ 1241 رقم 3778، 2/ 860 رقم 2577، وابن أبي شيبة فى (مصنفه) 2/ 436، والطحاوي فى (شرح معاني الآثار) 4/ 280، والبيهقي فى (الآداب) رقم 508، وابن الجعد فى (مسنده) 2/ 1161 رقم 3474، والبغوي فى (شرح السنة) 10/ 296، والبخاري فى (صحيحه) 1/ 116، وابن حبان فى (صحيحه) 3/ 81، وابن منده فى (الإيمان) 2/ 593 رقم 546، والبيهقي فى (السنن الكبرى) 8/ 20»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6874 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6874. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "جس نے ہمارے خلاف ہتھیار اٹھائے وہ ہم سے نہیں ہے۔" حضرت ابو موسیٰ ؓ نے بھی نبی ﷺ سے روایت بیان کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6874]
حدیث حاشیہ: اگر مباح سمجھ کر اٹھاتا ہے تو کافر ہوگا اور جو مباح نہیں سمجھتا تو کافر نہیں ہوا مگر کافروں جیسا کام کیا اس لیے تغليظا فرمایا کہ وہ مسلمان نہیں ہے بلکہ کافر ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6874 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6874 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6874. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "جس نے ہمارے خلاف ہتھیار اٹھائے وہ ہم سے نہیں ہے۔" حضرت ابو موسیٰ ؓ نے بھی نبی ﷺ سے روایت بیان کی ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6874]
حدیث حاشیہ:
(1)
ہتھیار اٹھانے سے مراد جنگ کرنے کے لیے ہتھیار اٹھانا ہے کیونکہ ایسا کرنے سے اہل ایمان کو خوفزدہ کرنا مقصود ہے۔
اگر کوئی ان کی حفاظت کے لیے ہتھیار اٹھاتا ہے تو وہ اس وعید میں شامل نہیں ہے۔
(2)
اگر کوئی اپنے لیے جائز سمجھتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھاتا ہے تو وہ یقیناً دین اسلام سے خارج ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور جو اپنے لیے جائز نہیں سمجھتا وہ کافر تو نہیں ہوگا، البتہ کافروں جیسا کام اس نے ضرور کر ڈالا۔
(فتح الباري: 245/12) (3)
حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ کی روایت خود امام بخاری رحمہ اللہ نے متصل سند سے بیان کی ہے۔
(صحیح البخاري، الفتن، حدیث: 7071)
جب ہتھیار اٹھانا اس قدر سنگین جرم ہے تو مسلمان کو ناحق قتل کرنے کی سنگینی تو اس سے بڑھ کر ہوگی۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6874 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 98 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابنِ عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے ہمارے خلاف ہتھیار اٹھایا، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:280]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل:
مسلمانوں سے جنگ لڑنا اور ان کے خلاف ہتھیار اٹھانا کافروں کا کام ہے، تو جو مسلمان اس کام کو اپنے لیے روا اور جائز خیال کرتا ہے تووہ اپنے آپ کو یا مسلمانوں کو کافرسمجھتا ہے، اس لیے وہ کافر ہوگا۔
لیکن اگر کوئی مسلمان کسی غلط فہمی یا بد فہمی کی بنا پر یا اجتہادی طور پر دین کا تقاضا سمجھتے ہوئے یہ کام کرتا ہے تو پھر وہ کافر نہیں ہوگا، اور اگر غیر شعوری طور پر بلا سوچے سمجھے کسی دنیوی مفاد کی خاطر یہ حرکت کرتا ہے، تو اس نے مسلمانوں والا رویہ اور طرز عمل اختیار نہیں کیا، حالانکہ اس کو مسلمان ہونے کی حیثیت سے مسلمانوں والی سیرت اور کردار اختیار کرنا چاہیے تھا، اس لیے وہ مجرم اور گناہ گار ہوگا، کافر نہیں ہوگا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 280 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4105 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´جو تلوار نکال کر لوگوں پر چلانا شروع کر دے۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے ہم پر ہتھیار اٹھایا تو وہ ہم میں سے نہیں ہے " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 4105]
اردو حاشہ: "وہ ہم میں سے نہیں" یعنی ظاہراً کیونکہ مسلمانوں کو قتل کرنا کافروں کا کام ہے، نیز اگر وہ علانیہ مسلمانوں کو قتل کرتا پھرتا ہے جیسے ڈاکو یا باغی تو وہ محاربین میں داخل ہے۔ البتہ اگر جذبات میں آ کر نادانستہ اس سے اسلحہ کے ساتھ قتل صادر ہو جائے تو وہ کافر نہ بنے گا بلکہ اس پر حالات کے مطابق قصاص یا دیت کا حکم لاگو ہو گا۔ سزا ملنے کے بعد معافی ممکن ہے کیونکہ وہ مسلمان ہے۔ و اللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4105 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7071 کی شرح از حافظ عمران ایوب لاہوری ✍️
´مسلمانوں کے خلاف اسلحہ اٹھانا حرام ہے`
«. . . عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ:" مَنْ حَمَلَ عَلَيْنَا السِّلَاحَ فَلَيْسَ مِنَّا . . .»
". . . نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے ہم مسلمانوں پر ہتھیار اٹھایا وہ ہم سے نہیں ہے . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب الْفِتَنِ: 7071]
� فہم الحدیث:
ان احادیث سے معلوم ہوا کہ مسلمانوں کے خلاف اسلحہ اٹھانا حرام ہے اور جو ایسا کرے گا وہ بغاوت و سرکشی کا مرتکب ہو کر مسلمانوں کی جماعت سے نکل جائے گا، حاکم وقت ایسے لوگوں کو بلا کر ان کے شبہات دور کرنے کی کوشش کرے گا اور انہیں جماعت میں شرکت کی دعوت دے گا۔ اگر وہ تسلیم کر لیں تو درست ورنہ ان کے راہ راست پر آنے تک ان سے قتال کیا جائے گا۔ جیسا کہ قرآن میں ہے کہ «فَقَاتِلُوا الَّتِي تَبْغِي حَتَّى تَفِيءَ إِلَى أَمْرِ اللَّـهِ» [الحجرات: 9] "باغی گروہ سے لڑائی کرو حتیٰ کہ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئیں۔"
درج بالا اقتباس جواہر الایمان شرح الولووالمرجان، حدیث/صفحہ نمبر: 64 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7071 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
7071. حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ سے روایت ہے،وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "جس نے ہم مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7071]
حدیث حاشیہ: بلکہ کافر ہے اگر مسلمان پر ہتھیار اٹھا نا حلال جانتا ہے اگر درست نہیں جانتا تو ہمارے طریق سنت پر نہیں ہے اس لیے کیونکہ ایک امر حرام کا ارتکاب کرنا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7071 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 7071 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
7071. حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ سے روایت ہے،وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "جس نے ہم مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:7071]
حدیث حاشیہ:
1۔
اگر ہتھیاراٹھانے والا مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کو حلال سمجھتا ہے تو ایسی حالت میں وہ مسلمان نہیں بلکہ دین اسلام سے خارج ہے لیکن جو اسے حلال خیال نہیں کرتا تو ایسا انسان ہمارے طریقے پر نہیں اور نہ وہ ہمارا پیروکار ہی ہے کیونکہ مسلمان کا مسلمان پر حق یہ ہے کہ وہ اس کی مدد کرے اور اس کی جان بچانے کے لیے ہتھیار اٹھائے۔
لیکن جو اہل اسلام کو ڈرانے کے لیے ہتھیاراٹھاتا ہے وہ ہمارے راستے پر چلنے والا نہیں ہے کیونکہ اس نے ایک حرام کام کا ارتکاب کیا ہے۔
2۔
اکثر اسلاف اسے ظاہری معنی پر محمول کرتے ہیں اور اس کی کوئی تاویل نہیں کرتے تاکہ وعید اور زجر کے متعلق زیادہ مؤثر ہو۔
(فتح الباري: 31/13)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7071 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 100 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابو موسیٰؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے ہمارے خلاف ہتھیار اٹھائے، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:282]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل:
لَيْسَ مِنَّا: سے مقصود اس کو کافر قرار دینا نہیں ہے، بلکہ مقصود یہ ہے کہ اس کے اخلاق واعمال ہم جیسے نہیں ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے نوح علیہ السلام کو فرمایا تھا: ﴿إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ أَهْلِكَ﴾ ’’وہ تیرے اہل میں سے نہیں ہے۔
‘‘ حالانکہ وہ نسبی طور پر انھی کا بیٹا تھا، مقصود تھا: اس نے تیرے اہل والا طریقہ اور رویہ اختیار نہیں کیا یا اس نے تیری اطاعت وپیروی نہیں کی اور تیرے راستہ پر نہیں چلا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 282 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1459 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مسلمان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے کا بیان۔`
ابوموسیٰ اشعری رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو ہمارے خلاف ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں ہے " ۱؎۔ اس باب میں ابن عمر، ابن زبیر، ابوہریرہ اور سلمہ بن الاکوع رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں۔ [سنن ترمذي/كتاب الحدود/حدیث: 1459]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
مسلمانوں کے خلاف ناحق ہتھیار اٹھانے والا اگر اسے حلال سمجھ کر ان سے صف آرا ہے تو اس کے کافر ہونے میں کسی کو شبہ نہیں اور اگر اس کا یہ عمل کسی دنیاوی طمع و حرص کی بناء پر ہے تو اس کا شمار باغیوں میں سے ہوگا اور اس سے قتال جائز ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1459 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2577 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´مسلمان پر ہتھیار اٹھانے کی برائی کا بیان۔`
ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو ہم پر ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الحدود/حدیث: 2577]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مسلمانوں کوخوف زدہ کرنا بڑا گناہ ہے۔

(2)
کسی مسلمان کے خلاف لڑنا یا اس پر حملہ آور ہونا کبیرہ گناہ ہے۔

(3)
ہم میں سے نہیں ہے۔
کا مطلب وہ مسلمانوں کے طریقے پر نہیں ہے۔
واللہ اعلم
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2577 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 607 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´مسلمان کے خلاف ناحق اسلحہ اٹھانا حرام ہے`
«. . . 217- وبه: أن النبى صلى الله عليه وسلم قال: "من حمل علينا السلاح فليس منا." . . .»
". . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس نے ہم پر اسلحہ اٹھایا تو وہ ہم میں سے نہیں ہے . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 607]
تخریج الحدیث: [وأخرجه البخاري 7070، ومسلم 98، من حديث مالك به]
تفقہ:
➊ اہل ایمان کے خلاف جنگ کرنا کبیرہ گناہ ہے جس کی وجہ سے اہل حق کی جماعت سے حملہ آور خارج ہو جاتا ہے۔
➋ موطأ ابن القاسم والی یہ روایت محمد بن الحسن الشیبانی کی طرف منسوب الموطأ [ص370 ح866] میں بھی موجود ہے۔
➌ مسلمان کے خلاف ناحق اسلحہ اٹھانا حرام ہے۔
➍ لیس منا سے مراد «ليس علٰي طريقتنا» یعنی ہمارے طریقے پر نہیں ہے۔
➎ جو شخص تمام مسلمانوں کا قتل حلال سمجھتا ہو تو وہ کافر ہے۔
➏ بغیر شرعی عذر اور اجتہاد کے اگر کوئی شخص کسی مسلمان یا مسلمانوں کو قتل کرتا ہے تو یہ شخص فاسق، فاجر اور سخت گناہ گار ہے۔
➐ بطورِ مذاق بھی اسلحے کے ساتھ مسلمان کو ڈرانا حرام ہے۔
➑ اجتہادی اختلاف کی وجہ سے اہلِ ایمان کی آپس میں جنگ ہوسکتی ہے۔ دیکھئے: [سورة الحجرات: 9]
➒ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جو شخص کہتا ہے کہ آؤ نماز کی طرف تو میں قبول کرلیتا ہوں اور جو کہتا ہے کہ آؤ فلاح کی طرف تو میں مان لیتا ہوں لیکن جو شخص کہتا ہے: آؤ مسلم بھائی کو قتل کریں اور اس کا مال چھین لیں تو میں نہیں مانتا۔ [طبقات ابن سعد 1/169، 170، حلية الاولياء 1/309 وسنده صحيح]
➓ دین اسلام امن وسلامتی کا علمبردار ہے۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 217 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1022 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´باغی لوگوں سے جنگ و قتال کرنا`
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ جس کسی نے ہمارے خلاف ہتھیار اٹھایا۔ اس کا ہم سے کوئی تعلق نہیں۔ " (بخاری و مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1022»
تخریج:
«أخرجه البخاري، الديات، باب قول الله تعالي: " ومن أحياها"، حديث:6874، ومسلم، الإيمان، باب قول النبي صلي الله عليه وسلم من حمل علينا السلاح فليس منا، حديث:98.»
تشریح: 1. اسلام مسلمانوں کو باہمی اخوت‘ محبت اور بھائی چارے سے رہنے کا درس دیتا ہے، ایک دوسرے سے خیر خواہی اور ہمدردی کی تعلیم دیتا ہے اور ایک دوسرے سے تعاون و تناصر کا سبق پڑھاتا ہے۔
2.اس حدیث کی رو سے مسلمان کا مسلمان کے خلاف اسلحہ استعمال کرنا اسلام کی تعلیم کے سراسر خلاف ہے‘ اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو آدمی ہم پر ہتھیار اٹھائے اس کا ہمارے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
‘‘ 3.مسلمان کا کام تو امداد باہمی ہے نہ کہ لڑائی کرنا۔
یہ معاملہ مسلمانوں کی باغی جماعت سے ہے۔
4. جو لوگ معاشرے کا امن و امان غارت کرنے کی سعی کریں‘ قرآن کی رو سے ان کے ساتھ لڑائی کرنی چاہیے تاوقتیکہ وہ اپنی باغیانہ روش سے باز آجائیں۔
قرآن مجید میں ارشاد ہے: ﴿ فَقَاتِلُوا الَّتِیْ تَبْغِیْ حَتّٰی تفِيٓئَ اِلٰٓی اَمْرِ اللّٰہِ ﴾’’باغی گروہ سے اس وقت تک لڑوجب تک کہ وہ اپنی باغیانہ روش سے امر الٰہی کی طرف پلٹ نہ آئے۔
‘‘ احادیث بھی بکثرت اس کی تائید میں ہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1022 سے ماخوذ ہے۔