شعب الایمان — حدیث نمبر 29
باب: ایمان کے بڑھنے اور گھٹنے، اور اہلِ ایمان کے اپنے ایمان میں ایک دوسرے سے فضیلت رکھنے کا بیان۔
باب القول في زيادة الإيمان ونقصانه ، وتفاضل أهل الإيمان في إيمانهم
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ إِسْحَاقَ الْفَقِيهُ ، أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ بْنِ مِلْحَانَ ، حَدَّثَنَا ابْنُ بُكَيْرٍ ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ ، عَنِ ابْنِ الْهَادِ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ دِينَارٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " يَا مَعْشَرَ النِّسَاءِ تَصَدَّقْنَ ، وَأَكْثِرْنَ الِاسْتِغْفَارَ ، فَإِنِّي رَأَيْتُكُنَّ أَكْثَرَ أَهْلِ النَّارِ " . قَالَتِ امْرَأَةٌ مِنْهُنَّ : وَمَا لَنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : " تُكْثِرْنَ اللَّعْنَ ، وَتَكْفُرْنَ الْعَشِيرَ ، وَمَا رَأَيْتُ مِنْ نَاقِصَاتِ عَقْلٍ وَدِينٍ أَغْلَبَ لِذِي اللُّبِّ مِنْكُنَّ " . قَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ! وَمَا نُقْصَانُ الْعَقْلِ وَالدِّينِ ؟ قَالَ : " أَمَّا نُقْصَانُ الْعَقْلِ فَشَهَادَةُ امْرَأَتَيْنِ تَعْدِلُ شَهَادَةَ رَجُلٍ فَهَذَا نُقْصَانُ الْعَقْلِ ، وَتَمْكُثُ اللَّيَالِيَ مَا تُصَلِّي ، وَتُفْطِرُ فِي رَمَضَانَ فَهَذَا نُقْصَانُ الدِّينِ " رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ رُمْحٍ ، عَنِ اللَّيْثِ وَأَخْرَجَاهُ مِنْ حَدِيثِ أَبِي سَعِيدٍ .سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اے عورتوں کی جماعت! صدقہ کرو اور کثرت سے استغفار کیا کرو، کیونکہ میں نے تمہیں اکثر اہلِ جہنم میں دیکھا ہے۔“ ان میں سے ایک عورت نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! ہمارا کیا قصور ہے (کہ ہم اکثر جہنمی ہیں)؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تم لعنت بہت کرتی ہو اور شوہر کی ناشکری کرتی ہو، اور میں نے عقل اور دین میں ناقص ہونے کے باوجود کسی کو تم سے بڑھ کر عقلمند آدمی کی عقل پر غالب آنے والا نہیں دیکھا۔“ اس نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! عقل اور دین کا نقصان کیا ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”عقل کا نقصان تو یہ ہے کہ دو عورتوں کی گواہی ایک مرد کی گواہی کے برابر ہے، یہ ہے عقل کا نقصان؛ اور (دین کا نقصان یہ ہے کہ) عورت کئی راتیں ایسی گزارتی ہے کہ نماز نہیں پڑھتی اور رمضان میں روزہ چھوڑ دیتی ہے، یہ ہے دین کا نقصان۔“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے ”الصحیح“ میں محمد بن رمح رحمہ اللہ سے، انہوں نے لیث رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے، اور (امام بخاری و امام مسلم) دونوں نے اسے سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ کی حدیث سے بھی روایت کیا ہے۔
• أحمد بن إبراهيم بن ملحان، أبو عبد الله البلخي ثم البغدادي (م ٢٩٠ هـ)، صاحب يحيى بن بكير، وثقه الدارقطني، راجع "السير" (١٣/ ٥٣٣) "تاريخ بغداد" (٤/ ١١).
• ابن بكير يحيي بن عبد الله بن بكير المخزومي مولاهم، المصري (م ٢٣١ هـ)، وقد ينسب إلي جده، ثقة في الليث وقد تكلموا في سماعه من مالك. من كبار العاشرة (خ م هـ).
• الليث بن سعد بن عبد الرحمن الفهمي، أبو الحارث المصري (م ١٧٠ هـ)، ثقة، ثبت، فقيه، إمام مشهور. من السابعة (ع).
• ابن الهاد يزيد بن عبد الله بن أسامة بن الهاد الليثي، أبو عبد الله المدني (م ١٣٩ هـ)، ثقة، مكثر. من الخامسة (ع).
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " عقل اور دین میں ناقص ہوتے ہوئے عقل والے پر غلبہ پانے والا میں نے تم عورتوں سے زیادہ کسی کو نہیں دیکھا " (ایک عورت) نے کہا: عقل اور دین میں کیا نقص ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " عقل کا نقص تو یہ ہے کہ دو عورتوں کی گواہی ایک مرد کی گواہی کے برابر ہوتی ہے، اور دین کا نقص یہ ہے کہ (حیض و نفاس میں) تم میں کوئی نہ روزے رکھتی ہے اور نہ نماز پڑھتی ہے ۱؎۔" [سنن ابي داود/كتاب السنة /حدیث: 4679]
1: عورت کا نمازاورروزے چھوڑدینا اگرچہ شرعی،معقول ومقبول عذرہے مگر مجموعی لحاظ سے اس کے اعمال بندگی پر اس کا اثر بھی ضرورمرتب ہوتا ہے کہ کجا ایک مردبلا توقف مسلسل عمل کرتا رہتا ہے جب عورت کے اعمال میں تسلسل نہیں رہتا اور یہی اس کے نقصان دین اور مرد کے کمال دین کی علامت ہے۔
2: نبی ؐ نے عورت کی گواہی کو آدھی گواہی اس لیے قراردیا ہے کہ ان کی یادداشت اور حافظہ کمزورہوتا ہے، جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے فرمایا: (أَنْ تَضِلَّ إِحْدَاهُمَا فَتُذَكِّرَ إِحْدَاهُمَا الْأُخْرَى) ایک عورت اگر بھول جائے تو ان میں سے دوسری اسے یاد دلائے بھول جانا ہی ان کا نقصان عقل ہے اور یہ ایسی حقیقت ہے جس کا تجدد پسند چاہے، انکار کرتے رہیں، لیکن ان کے آقایان مغرب کے بہت سے مفکرین نے بھی اس کو تسلیم کیا اور اس کا برملا اظہار کیا ہے۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہا کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " عورتوں کی جماعت! تم صدقہ و خیرات کرو، کثرت سے استغفار کیا کرو، کیونکہ میں نے جہنم میں تم عورتوں کو زیادہ دیکھا ہے "، ان میں سے ایک سمجھ دار عورت نے سوال کیا: اللہ کے رسول ہمارے جہنم میں زیادہ ہونے کی کیا وجہ ہے؟، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم لعنت و ملامت زیادہ کرتی ہو، اور شوہر کی ناشکری کرتی ہو، میں نے باوجود اس کے کہ تم ناقص العقل اور ناقص الدین ہو، تم سے زیادہ مرد کی عقل کو مغلوب اور پسپا کر دینے والا کسی کو نہیں دیکھا "، اس عورت نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہماری۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الفتن/حدیث: 4003]
فوائد و مسائل:
(1)
استغفار اور صدقے سے گناہ معاف ہوتے ہیں۔
(2)
نبی اکرم ﷺ کو جنت اور جہنم میں مشاہدہ کرایا گیا اس لیے آپ نے اس بارے میں جو فرمایا چشم دید فرمایا۔
ہمارا فرض ہے کہ اس پر ایمان رکھیں۔
(3)
عقل میں ناقص ہونے سے مراد یہ ہے کہ عورتوں پر فطرتاً جذبات کا غلبہ ہوتا ہے۔
اللہ تعالی نے عورت کو جو بچے کی پرورش کا فریضہ سونپا ہے اس کے لیے جذبات کا یہ غلبہ ضروری ہےتاہم اجتماعی معاملات کی ذمہ داری ان پر نہیں ڈالی جاسکتی کیونکہ وہاں جذباتی فیصلے مفید نہیں ہوتے۔
(4)
دو عورتوں کی گواہی ایک مرد کی گوہی کے برابر ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اسلام نے عورت کو گھر سے باہر کی ذمہ داریوں سے آزاد رکھا ہے، گواہی وغیرہ کے معاملات اس کے دائرہ کار سے باہر ہیں۔
عورت کی گواہی کی ضرورت صرف خاص حالات میں پڑتی ہے یعنی جب موقع پر دو مرد موجود نہ ہوں جو گواہ بن سکیں۔
اسلامی نظام و معاشرے کے مجموعی خدوخال کو سامنے رکھتے ہوئے یہی قانون بہتر ہے۔
(5)
۔
عورت ایام حیض میں نماز نہیں پڑھ سکتی ہے اور نہ روزہ رکھ سکتی ہے۔
اس کی یہ فطری کمزوری اس کا قصور نہیں یہ ایسے ہی ہے جس طرح ایک کمزور بدن والا مسلمان بہت سی وہ نیکیاں انجام نہیں دے سکتا جو طاقتور جسم والا مسلمان انجام دے سکتا ہے اس لحاظ سے طاقتور بہتر اور افضل ہے لیکن اس میں کمزور مسلمان قصوروار نہیں۔
(6)
مرد عورت کی محبت کی وجہ سے بعض اوقات ایسا مطالبہ تسلیم کرلیتا ہے جو وہ سمجھ رہا ہوتا ہے کہ یہ بہتر نہیں۔
اگر اس میں کوئی بڑا دنیاوی نقصان یا کوئی دینی نقصان نہ ہو تو تسلیم کرلینا جائز ہےتاکہ گھر آباد رہے۔
: (1)
مَعْشَرٌ: گروہ یا جماعت۔
(2)
جَزْلَةٌ: صاحب عقل و فکر، جزالت عقل و وقار کو کہتے ہیں۔
لعنت، دور کرنا، نکال دینا، مقصد رحمت الٰہی سے دور قرار دینا۔
(3)
لُبٌّ: کمال عقل، خالص عقل۔
فوائد ومسائل:
(1)
صدقہ وخیرات کرنا اور کثرت استغفار کرنا، ایک انتہائی پسندیدہ فعل ہے جو گناہوں کا کفارہ بنتا ہے۔
کسی پر بلاوجہ لعنت بھیجنا اور شوہر کی احسان فراموشی بہت بڑا جرم ہے جو دوزخ میں جانے کا باعث بن سکتا ہے۔
(2)
قرآن مجید نے عورت کی شہادت کو مرد کے مقابلہ میں کم درجہ دیا ہے، کیونکہ اسلام عمومی طور پر عورتوں کو خانگی اور گھریلو امور تک محدود رکھنا چاہتا ہے، وہ انہیں چراغ خانہ بناتا ہے، شمع محفل نہیں، اس لیے اگر مرد دستیاب نہ ہوں تو پھر ان کو گواہ بنانے کی اجازت دی گئی ہے اور پھر ایک مرد کو ساتھ رکھا گا ہے، کیونکہ عام طور پر عورتوں میں حفظ وضبط کم ہوتا ہے، جس کی طرف قرآن نے ﴿أَن تَضِلَّ إِحْدَاهُمَا فَتُذَكِّرَ إِحْدَاهُمَا الْأُخْرَىٰ﴾ ’’کہ ایک کے بھول جانے پر دوسری یاد دلا سکے‘‘ میں اشارہ کیا ہے۔
نیز شہادت کا تعلق عدالت سے ہے، اور مدعی علیہ کے خلاف، عدالت میں دوسروں کے سامنے گواہی دینا بڑی جرأت اور استقلال وپامردی نہیں ہے، جس کی ایسے موقع پر ضرورت ہے۔
اس لیے شریعت بامر مجبوری اس کو گواہ بنانے کی اجازت دیتی ہے اور اس کے حوصلہ وہمت کو بلند رکھنے کی خاطر اس کے ساتھ ایک دوسری عورت اور مرد کو بھی کھڑا کرتی ہے، اس لیے ﴿وَاسْتَشْهِدُوا شَهِيدَيْنِ مِن رِّجَالِكُمْ﴾ کا حکم دیا اور ضرورت و مجبوری کی صورت میں فرمایا: ﴿فَإِن لَّمْ يَكُونَا رَجُلَيْنِ فَرَجُلٌ وَامْرَأَتَانِ﴾ ’’اگر دو مرد میسر نہ ہوں، تو پھر ایک مرد اور دو عورتیں ہوں۔
‘‘ اور یہ مسئلہ اختیاری شہادت کا ہے، ہنگامی، ناگہانی یا اضطراری واقعات میں جہاں صرف عورتیں ہی ہوں یا صرف کافر لوگ موجود ہوں، اس سے اس کا تعلق نہیں ہے۔
عورتوں میں عقل کی کمی واقعات وشواہد کی رو سے ایک مسلمہ امر ہے، اس کے باوجود وہ اپنی چکنی چپڑی باتوں اور آنسوؤں کے زور پر مرد کو عموما اپنے پیچھے لگا لیتی ہیں اور وہ ان کی بات تسلیم کرتے ہیں اور نقصان اٹھاتے ہیں۔
(3)
عورتوں کے دین میں کمی کا مطلب: ان کا اطاعت وبندگی میں پیچھے رہ جانا ہے، کیونکہ دین، اطاعت وفرمانبرداری کا نام ہے۔
عورت طبعی طور پر بعض عبادات کو ادا نہیں کر سکتی اور عبادات ہی طاعت کی روح اورجان ہیں۔
اگر وہ ان عبادات کی نیت بھی کر لیں کہ اگر ہمیں اجازت ہوتی تو ہم یہ عبادات ادا کرتیں، تو نیت اورعمل میں بہت بڑا فرق ہے اور ماہواری میں کمزوری اورمزاج کی تبدیلی کی وجہ سے عملا یہ ممکن بھی نہیں ہے۔
(4)
شرعًا کفر کا اطلاق کفرانِ نعمت وحقوق، یعنی احسان فراموشی اور ناشکری پر بھی ہوجاتا ہے جو اعتقادی کفرنہیں ہے جو انسان کو دین سے خارج کر دیتا ہے، بلکہ عملی واخلاقی کفرہے جس سے انسان دین سے نہیں نکلتا۔