باب: نوافل گھر میں پڑھنے کا استحباب، خواہ سنن راتبہ ہوں یا دوسرے نوافل، اور نفل کے لیے فرض کی جگہ سے ہٹ جانے یا دونوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے فاصلہ کرنے کا حکم
باب استحباب جعل النوافل في البيت سواء الراتبة وغيرها والأمر بالتحول للنافلة من موضع الفريضة أَو الفصل بينهما بكلام
عن زيد بن ثابت - رضي الله عنه: أنَّ النَّبيَّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «صَلُّوا أَيُّهَا النَّاسُ فِي بُيُوتِكُمْ، فَإنَّ أفْضَلَ الصَّلاَةِ صَلاَةُ المَرْءِ في بَيْتِهِ إِلاَّ المَكْتُوبَةَ». متفقٌ عَلَيْهِ.
ترجمہ
سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اے لوگو! اپنے گھروں میں نماز پڑھا کرو، کیونکہ فرض نماز کے سوا آدمی کی سب سے افضل نماز وہ ہے جو اس کے گھر میں ہو۔“
(متفق علیہ)
(متفق علیہ)
وعن ابن عمر رضي الله عنهم، عن النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «اجْعَلُوا مِنْ صَلاَتِكُمْ فِي بُيُوتِكُمْ، وَلاَ تَتَّخِذُوهَا قُبُورًا». متفقٌ عَلَيْهِ.
ترجمہ
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اپنی نمازوں کا کچھ حصہ اپنے گھروں میں رکھا کرو، اور انہیں قبریں نہ بناؤ۔“
(متفق علیہ)
(متفق علیہ)
وضاحت:
«مِنْ صَلَاتِكُمْ فِي بُيُوتِكُمْ» : اس سے مراد نفل نماز ہے۔ (شرح صحیح مسلم للنووی 3/260)
وعن جابر - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «إِذَا قَضَى أحَدُكُمْ صَلاَتَهُ في مَسْجِدِهِ فَلْيَجْعَلْ لِبَيْتِهِ نَصِيبًا مِنْ صَلاَتِهِ؛ فَإنَّ اللهَ جَاعِلٌ في بَيْتِهِ مِنْ صَلاَتِهِ خَيْرًا». رواه مسلم.
ترجمہ
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی اپنی مسجد میں نماز ادا کر لے تو اپنی نماز میں سے کچھ حصہ اپنے گھر کے لیے بھی رکھے، کیونکہ اللہ تعالیٰ اس کی نماز کی وجہ سے اس کے گھر میں خیر (و برکت) پیدا فرماتا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
وعن عمر بن عطاءٍ: أنَّ نَافِعَ بْنَ جُبَيْرٍ أرْسَلَهُ إِلَى السَّائِبِ ابن أُخْتِ نَمِرٍ يَسأَلُهُ عَنْ شَيْءٍ رَآهُ مِنْهُ مُعَاوِيَةُ في الصَّلاَةِ، فَقَالَ: نَعَمْ، صَلَّيْتُ مَعَهُ الجُمُعَةَ في المَقْصُورَةِ، فَلَمَّا سَلَّمَ الإمَامُ، قُمْتُ في مَقَامِي، فَصَلَّيْتُ، فَلَمَّا دَخَلَ أَرْسَلَ إلَيَّ، فَقَالَ: لاَ تَعُدْ لِمَا فَعَلْتَ. إِذَا صَلَّيْتَ الجُمُعَةَ فَلاَ تَصِلْهَا بِصَلاةٍ حَتَّى تَتَكَلَّمَ أَوْ تَخْرُجَ؛ فَإنَّ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - أمَرَنَا بِذلِكَ، أن لاَ نُوصِلَ صَلاَةً بِصَلاَةٍ حَتَّى نَتَكَلَّمَ أَوْ نَخْرُجَ. رواه مسلم.
ترجمہ
عمر بن عطاء رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ نافع بن جبیر رحمہ اللہ نے انہیں سیدنا سائب بن اخت نمر رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا تاکہ ان سے اس چیز کے بارے میں پوچھیں جو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے نماز میں ان سے (ہوتے) دیکھی تھی۔ انہوں نے کہا: ہاں، میں نے ان کے ساتھ مقصورہ میں جمعہ پڑھا، جب امام نے سلام پھیرا تو میں اپنی جگہ کھڑا ہو گیا اور نماز پڑھنے لگا۔ جب وہ (گھر) داخل ہوئے تو مجھے بلا بھیجا اور فرمایا: جو تم نے کیا ہے دوبارہ نہ کرنا۔ جب تم جمعہ پڑھو تو اسے کسی (دوسری) نماز کے ساتھ نہ ملاؤ یہاں تک کہ بات کر لو یا (وہاں سے) نکل جاؤ، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں اسی بات کا حکم دیا ہے کہ ہم کسی نماز کو دوسری نماز کے ساتھ نہ ملائیں یہاں تک کہ بات کر لیں یا (وہاں سے) نکل جائیں۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)