ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1130

باب: نوافل گھر میں پڑھنے کا استحباب، خواہ سنن راتبہ ہوں یا دوسرے نوافل، اور نفل کے لیے فرض کی جگہ سے ہٹ جانے یا دونوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے فاصلہ کرنے کا حکم

باب استحباب جعل النوافل في البيت سواء الراتبة وغيرها والأمر بالتحول للنافلة من موضع الفريضة أَو الفصل بينهما بكلام

حدیث نمبر: 1130
وعن جابر - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «إِذَا قَضَى أحَدُكُمْ صَلاَتَهُ في مَسْجِدِهِ فَلْيَجْعَلْ لِبَيْتِهِ نَصِيبًا مِنْ صَلاَتِهِ؛ فَإنَّ اللهَ جَاعِلٌ في بَيْتِهِ مِنْ صَلاَتِهِ خَيْرًا». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی اپنی مسجد میں نماز ادا کر لے تو اپنی نماز میں سے کچھ حصہ اپنے گھر کے لیے بھی رکھے، کیونکہ اللہ تعالیٰ اس کی نماز کی وجہ سے اس کے گھر میں خیر (و برکت) پیدا فرماتا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1130
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 2/ 187 (778) (210).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 778 | سنن ابن ماجه: 1376

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 778 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فر یا: ’’جب تم میں سے کو ئی اپنی مسجد کی نماز پوری کر لے، تو اپنی نماز سے اپنے گھر کے لیے بھی کچھ حصہ رکھے، کیونکہ اس کی اپنے گھر میں نماز پڑھنے سے اللہ ا س کے گھر میں خیروبھلا ئی پیدا کرے گا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1822]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: فرض نماز مسجد کا حصہ ہے اور نفل ونوافل اور سنن گھر کا حصہ ہیں، جو انسان کے گھر میں خیروبرکت اور بھلائی کا باعث بنتے ہیں۔
انسان کے اہل وعیال اس کو دیکھ کر نماز پڑھتے اور سیکھتے ہیں، اللہ کی رحمت اور اس کے فرشتوں کے نزول سے شیطان اور اس کی ذریت وہاں سے بھاگتی ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1822 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1376 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´گھر میں نفل پڑھنے کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب کوئی شخص اپنی نماز ادا کر لے تو اس میں سے اپنے گھر کے لیے بھی کچھ حصہ رکھے، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ اس کی نماز کی وجہ سے اس کے گھر میں خیر پیدا کرنے والا ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1376]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مردوں کے لئے فرض نماز مسجد میں ادا کرنا ضروری ہے۔

(2)
نفل نماز گھر میں پڑھنا افضل ہے۔
فرض نمازوں کی سنتیں بھی نوافل میں شامل ہیں۔

(3)
نفل نماز مسجد میں ادا کرنا بھی جائز ہے۔

(4)
گھر میں نفل نماز ادا کرنا گھر میں خیروبرکت کا باعث ہے۔

(5)
عورتیں مسجد میں نمازیں ادا کرسکتی ہیں۔
تاہم ان کا گھر میں نماز پڑھنا افضل ہے۔
اگر وہ جماعت کا ثواب حاصل کرنا چاہیں تو گھر کی عورتیں مل کر باجماعت نماز ادا کرسکتی ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1376 سے ماخوذ ہے۔