ریاض الصالحین — حدیث نمبر 862

باب: بچوں کو سلام کرنا

باب السلام عَلَى الصبيان

حدیث نمبر: 862
عن أنس - رضي الله عنه: أنَّهُ مَرَّ عَلَى صِبْيَانٍ، فَسَلَّمَ عَلَيْهِمْ، وقال: كَانَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - يَفْعَلُهُ. متفقٌ عَلَيْهِ.
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ کچھ بچوں کے پاس سے گزرے تو انہیں سلام کیا اور کہا: رسول اللہ ﷺ ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
(متفق علیہ)

وضاحت:
یہ حدیث نمبر 603 پر گزر چکی ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب السلام / حدیث: 862
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث انظر الحديث (603). أخرجه: البخاري 8/ 68 (6247)، ومسلم7/ 6 (2168) (15).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2168 | سنن ترمذي: 2696 | سنن ابي داود: 5202 | رياض الصالحين: 603
انظر الحديث (٦٠٣).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2696 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´بچوں کو سلام کرنا۔`
سیار کہتے ہیں کہ میں ثابت بنانی کے ساتھ جا رہا تھا، وہ بچوں کے پاس سے گزرے تو انہیں سلام کیا، ثابت نے (اپنا واقعہ بیان کرتے ہوئے) کہا: میں انس رضی الله عنہ کے ساتھ (جا رہا) تھا وہ بچوں کے پاس سے گزرے تو انہوں نے سلام کیا، پھر انس نے (اپنا واقعہ بیان کرتے ہوئے) کہا: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا، آپ بچوں کے پاس سے گزرے تو انہیں سلام کیا ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الاستئذان والآداب/حدیث: 2696]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
بچوں سے سلام کرنے میں کئی فائدے ہیں: (1)
سلام کرنے والے میں تواضع کا اظہار ہوتا ہے۔

(2)
بچوں کو اسلامی آداب سے آگاہی ہوتی ہے۔

(3)
سلام سے ان کی دلجوئی بھی ہوتی ہے۔

(4) ان کے سامنے سلام کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔

(5) وہ اس سے باخبر ہوتے ہیں کہ یہ سنت رسول ہے جس پر عمل کرنا بہت اہم ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2696 سے ماخوذ ہے۔