ریاض الصالحین — حدیث نمبر 752
باب: تین انگلیوں سے کھانے کا استحباب، انگلیاں چاٹنے کا استحباب اور انہیں چاٹنے سے پہلے پونچھنے کی کراہت نیز پیالہ چاٹنے کا استحباب، اور جو لقمہ گر جائے اسے اٹھا کر کھا لینے کا استحباب، اور چاٹنے کے بعد انہیں (انگلیوں کو) کلائی، پاؤں وغیرہ سے پونچھنا۔
باب استحباب الأكل بثلاث أصابع، واستحباب لعق الأصابع، وكراهة مسحها قبل لعقها واستحباب لعق القصعة وأخذ اللقمة الَّتي تسقط منه وأكلها، ومسحها بعد اللعق بالساعد والقدم وغيرها
وعن أنسٍ - رضي الله عنه - قَالَ: كَانَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - إِذَا أكَلَ طَعَامًا، لَعِقَ أصَابِعَهُ الثَّلاَثَ، وقال: «إِذَا سقَطَتْ لُقْمَةُ أحَدِكُمْ فَلْيَأخُذْهَا، ولْيُمِطْ عنها الأذى، وَليَأكُلْهَا، وَلاَ يَدَعْها لِلْشَّيْطَان» وأمَرَنا أن نَسْلُتَ القَصْعَةَ، وقال: «إنَّكُمْ لا تَدْرُونَ في أيِّ طَعَامِكُمُ البَرَكَةُ». رواه مسلم.سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب کھانا کھاتے تو اپنی تینوں انگلیاں چاٹتے، اور آپ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کسی کا لقمہ گر جائے تو وہ اسے اٹھا لے، اس سے گندگی دور کر دے اور اسے کھا لے، اور اسے شیطان کے لیے نہ چھوڑے۔“ اور آپ ﷺ نے ہمیں پیالہ (انگلی سے) صاف کرنے کا حکم دیا اور فرمایا: ”تم نہیں جانتے کہ تمہارے کھانے کے کس حصے میں برکت ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب کھانا کھاتے تو اپنی تینوں انگلیوں کو چاٹتے تھے ۱؎، آپ نے فرمایا: " جب تم میں سے کسی کا نوالہ گر جائے تو اس سے گرد و غبار دور کرے اور اسے کھا لے، اسے شیطان کے لیے نہ چھوڑے "، آپ نے ہمیں پلیٹ چاٹنے کا حکم دیا اور فرمایا: " تم لوگ نہیں جانتے کہ تمہارے کھانے کے کس حصے میں برکت رکھی ہوئی ہے۔" [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1803]
وضاحت:
1؎:
نبی اکرمﷺ نے کھانے کے لیے جن تین انگلیوں کا استعمال کیا وہ یہ ہیں: انگوٹھا، شہادت کی انگلی اور بیچ کی انگلی۔
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب کھانا کھاتے تو اپنی تینوں انگلیاں چاٹتے اور فرماتے: " جب تم میں سے کسی کا لقمہ گر جائے تو اسے چاہیئے کہ لقمہ صاف کر کے کھا لے اسے شیطان کے لیے نہ چھوڑے " نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں پلیٹ صاف کرنے کا حکم دیا اور فرمایا: " تم میں سے کسی کو یہ معلوم نہیں کہ اس کے کھانے کے کس حصہ میں اس کے لیے برکت ہے۔" [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3845]
1۔
اس حدیث اور اگلی دونوں احادیث کی رو سے کھانے کے بعد انگلیاں چاٹ لینا یا چٹوا لینا سنت ہے۔
2۔
گرا ہوا لقمہ اٹھا کر صاف کرکے کھا لینا چاہیے۔
3۔
قابل استعمال کھانے کو ضائع کرنا شیطان کو دینا ہے۔
4۔
اپنی پلیٹ میں کھانا اتنا ہی لینا چاہیے جتنی ضرورت ہو اور پھر آخر میں برتن کو خوب صاف کرنا چاہیے۔
یہ کوئی معیوب کام نہیں بلکہ عین سنت ہے۔
اور اس میں غرور اور تکبرکا علاج بھی ہے۔
اس طرح روٹی کے ٹکڑے بھی ضائع کرنا جائز نہیں۔
نامعلوم کس میں برکت ہو۔