ریاض الصالحین — حدیث نمبر 745
باب: ٹیک لگا کر کھانے کی کراہت
باب كراهية الأكل متكئًا
عن أَبي جُحَيْفَةَ وَهْبِ بن عبد الله - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «لاَ آكُلُ مُتَّكِئًا». رواه البخاري.
قَالَ الخَطَّابِيُّ: المُتَّكئُ هاهُنَا: هُوَ الجالِسُ مُعْتَمِدًا عَلَى وِطَاءٍ تحته، قَالَ: وأرادَ أنَّهُ لا يَقْعُدُ عَلَى الوِطَاءِ وَالوَسَائِدِ كَفِعْل مَنْ يُريدُ الإكْثَارَ مِنَ الطَّعَام، بل يَقْعُدُ مُسْتَوفِزًا لاَ مُسْتَوطِئًا، وَيَأكُلُ بُلْغَةً. هَذَا كلامُ الخَطَّابيِّ، وأشارَ غَيْرُهُ إِلَى أنَّ الْمُتَّكِئَ هُوَ المائِلُ عَلَى جَنْبِه، والله أعلم.سیدنا ابوجحیفہ وہب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
خطابی نے کہا ہے: یہاں ٹیک لگانے والے سے مراد وہ شخص ہے جو اپنے نیچے کسی بچھونے پر سہارا لے کر بیٹھا ہو۔ انہوں نے کہا: آپ ﷺ کی مراد یہ ہے کہ آپ بچھونوں اور تکیوں پر اس شخص کی طرح نہیں بیٹھتے جو زیادہ کھانا چاہتا ہو، بلکہ آپ (اٹھنے کے لیے) مستعد ہو کر بیٹھتے ہیں، جم کر نہیں، اور گزارے کے بقدر کھاتے ہیں۔ یہ خطابی کا کلام ہے۔ اور دوسرے (علماء) نے اس طرف اشارہ کیا ہے کہ ٹیک لگانے والا وہ ہے جو اپنے پہلو پر جھکا ہوا ہو۔ واللہ اعلم۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
بعض حضرات کا خیال ہے کہ ٹیک لگا کر نہ کھانا صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خاصہ تھا، امت کے لیے منع نہیں ہے۔
امام بیہقی رحمہ اللہ نے اس کی تردید کی ہے کہ دوسرے لوگوں کے لیے بھی ایسا کرنا مکروہ ہے کیونکہ یہ متکبرین کا فعل ہے، تاہم کسی عذر کی وجہ سے ٹیک لگا کر کھایا جا سکتا ہے، لیکن حضرت ابن عباس، حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہم، حضرت عبیدہ سلمانی، محمد بن سیرین، عطاء بن یسار اور امام زہری رحمہم اللہ مطلق طور پر ٹیک لگا کر کھانے کے قائل ہیں۔
(فتح الباري: 670/9)
ہمارے رجحان کے مطابق ٹیک لگا کر کھانا کراہت کے ساتھ جائز ہے۔
جائز اس لیے ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع نہیں فرمایا اور کراہت اس لیے ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طرز عمل کے خلاف ہے۔
(2)
کھانے والے کے لیے مستحب یہ ہے کہ کھاتے وقت درج ذیل صورتوں میں سے کوئی صورت اختیار کرے: ٭ اپنے گھٹنوں کے بل بیٹھے جیسا کہ تشہد میں بیٹھا جاتا ہے۔
٭ دایاں گھٹنا کھڑا کر کے بایاں پاؤں زمین پر بچھا دے۔
(فتح الباري: 671/9) (3)
ٹیک لگا کر کھانے کی کراہت اس لیے ہے کہ اس سے پیٹ بڑھنے کا اندیشہ ہے جیسا کہ ابراہیم نخعی رحمہ اللہ نے اسلاف سے نقل کیا ہے۔
(المصنف لابن أبي شیبة: 140/5)
ابوجحیفہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں ٹیک لگا کر نہیں کھاتا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1830]
وضاحت:
1؎:
ٹیک لگا نے کا کیا مطلب ہے؟ اس سلسلہ میں کئی باتیں کہی جاتی ہیں: (1)
کسی ایک جانب جھک کر کھانا جیسے دائیں یا بائیں ہاتھ یا کمنی پر ٹیک لگانا، (2)
زمین پر بچھے ہوئے گدے پر اطمینان و سہولت کی خاطر آلتی پالتی مار کر بیٹھنا تاکہ کھانا زیادہ کھایا جائے، بعض لوگ کہتے ہیں کہ اس طرح کے بیٹھنے کو ٹیک لگا کر بیٹھنا قرار دینا صحیح نہیں ہے، حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ مستحب انداز بیٹھنے کا یہ ہے کہ پیروں کے تلوؤں پر گھٹنوں کے بل بیٹھے، یا دایاں پاؤں کھڑا رکھے اور بائیں پربیٹھے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ تکیہ لگا کر کھانا نہیں کھانا چا ہیے، کیونکہ اس میں تکبر ہے، بلکہ کھانا عاجزی سے کھانا چاہیے۔