ریاض الصالحین — حدیث نمبر 732

باب: (کھانے کے) شروع میں بسم اللہ پڑھنے اور آخر میں الحمد للہ کہنے کا بیان

باب التسمية في أوله والحمد في آخره

حدیث نمبر: 732
وعن عائشة رضي الله عنها، قالت: كَانَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - يَأكُلُ طَعَامًا في سِتَّةٍ مِنْ أَصْحَابِهِ، فَجَاءَ أعْرَابِيٌّ، فَأكَلَهُ بلُقْمَتَيْنِ. فَقَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «أما إنَّهُ لَوْ سَمَّى لَكَفَاكُمْ». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن صحيح».
ترجمہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنے چھ صحابہ کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے کہ ایک دیہاتی آیا اور اس نے وہ (سارا کھانا) دو لقموں میں کھا لیا، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”سنو! اگر یہ (اللہ کا) نام لے لیتا تو یہ (کھانا) تم سب کو کافی ہو جاتا۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب أدب الطعام / حدیث: 732
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، ابن ماجة (3694) (الترمذي 1855) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح
تخریج حدیث أخرجه: ابن ماجه (3264)، والترمذي (1858 م).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1855 | سنن ترمذي: 1858 | سنن ابن ماجه: 3264 | سنن ابن ماجه: 3694 | بلوغ المرام: 1325 | رياض الصالحين: 728

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3264 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´کھانے کے وقت بسم اللہ کہنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے چھ صحابہ کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے کہ ایک اعرابی (دیہاتی) آیا، اور اس نے اسے دو لقموں میں کھا لیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " سنو، اگر یہ شخص «بسم الله» کہہ لیتا، تو یہی کھانا تم سب کے لیے کافی ہوتا، لہٰذا تم میں سے جب کوئی کھانا کھائے تو چاہیئے کہ وہ («بسم الله» ) کہے، اگر وہ شروع میں («بسم الله» ) کہنا بھول جائے تو یوں کہے: «بسم الله في أوله وآخره» " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأطعمة/حدیث: 3264]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
بسم اللہ پڑھنے سے کھانے میں برکت ہوتی ہے اور تھوڑا کھانا زیادہ لوگوں کو کافی ہو جاتا ہے۔

(2)
اگر چند افراد مل کر ایک برتن میں کھانا کھا رہے ہوں تو سب کو بسم اللہ پڑھنی چاہیے۔
اگر ایک آدمی بھی بغیر بسم اللہ کے کھانے لگے تو برکت ختم ہو جاتی ہے۔

(3)
کھانا شروع کرتے وقت بسم اللہ پڑھنی چاہیے یاد نہ رہے تو یاد آنے پر (بسم الله اوله وآخره)
يا (بسم الله فى أوله وآخره)
پڑھ لے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3264 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1855 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´کھانا کھلانے کی فضیلت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " رحمن کی عبادت کرو، کھانا کھلاؤ اور سلام کو عام کرو اور اسے پھیلاؤ، جنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہو گے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1855]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی جب تم یہ سب کام اخلاص کے ساتھ انجام دیتے رہوگے یہاں تک کہ اسی حالت میں تمہاری موت ہوتو تم جنت میں امن وامان کے ساتھ جاؤ گے، تمہیں کوئی خوف اور غم نہیں لاحق ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1855 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3694 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´سلام کو عام کرنے اور پھیلانے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " رحمن کی عبادت کرو، اور سلام کو عام کرو " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3694]
اردو حاشہ: (1)
اسلام اللہ سے اور بندوں سے صحیح تعلق قائم کرنے کا نام ہے۔
اللہ سے صحیح تعلق کی بنیاد عقیدہ توحید اور عبادات کے ذریعے اس کا اظہار ہے۔
بندوں سے صحیح تعلق قائم کرنے اور اسے بر قرار رکھنے کے لیے ایک آسان کام سب کو سلام کرنا ہے۔

(2)
سلام عام کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہر مسلمان کو سلام کیا جائے۔
اور جب بھی ملاقات ہو یا ملاقات کے بعد رخصت ہونا ہو تو سلام کیا جائے۔
اس میں دوست، رشتے دار اور اجنبی کے درمیان فرق نہ رکھا جائے۔

(3)
غیرمسلم کو سلام کرنے میں پہل نہ کی جائے لیکن اگر وہ سلام کریں تو انہیں جواب دیا جائے، جیسے باب نمبر 13 میں آرہا ہے۔

(4)
سلام اتنی بلند آواز سے کرنا چاہیے کہ کم از کم وہ شخص سن لے جسے سلام کیا گیا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3694 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1325 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´مکارم اخلاق (اچھے عمدہ اخلاق) کی ترغیب کا بیان`
سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ لوگو! سلام کو عام کرو اور صلہ رحمی کرو اور کھانا کھلاؤ۔ رات کو قیام کرو جب دوسرے لوگ سوتے ہوں، جنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہو جاؤ گے۔ " اسے ترمذی نے نکالا ہے اور صحیح کہا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1325»
تخریج:
«أخرجه الترمذي، الأطعمة، باب ما جاء في فضل إطعام الطعام، حديث:1855.»
تشریح: اس حدیث میں جن امور کو موجبات جنت قرار دیا گیا ہے ان میں تین کا تعلق انسانوں کے باہمی پیار اور محبت سے ہے اور ایک کا اللہ تعالیٰ کی عبادت سے‘ گویا اشارہ ہے کہ جس کا تعلق اللہ اور اللہ کے بندوں سے درست ہوا وہ جنت میں جائے گا اور جو ان امور خیر کی پابندی کرے گا اس کے لیے حصول جنت کا راستہ آسان ہو جائے گا‘ وہ نیکی کی شاہراہ پر چل نکلے گا اور برائیوں سے اجتناب کرے گا۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1325 سے ماخوذ ہے۔