ریاض الصالحین — حدیث نمبر 730

باب: (کھانے کے) شروع میں بسم اللہ پڑھنے اور آخر میں الحمد للہ کہنے کا بیان

باب التسمية في أوله والحمد في آخره

حدیث نمبر: 730
وعن حُذَيْفَةَ - رضي الله عنه - قَالَ: كُنَّا إِذَا حَضَرْنَا مَعَ رَسُولِ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - طَعَامًا، لَمْ نَضَعْ أيدِينَا حَتَّى يَبْدَأَ رَسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم - فَيَضَعَ يَدَهُ، وَإنَّا حَضَرْنَا مَعَهُ مَرَّةً طَعَامًا، فَجَاءَتْ جَارِيَةٌ كَأنَّهَا تُدْفَعُ، فَذَهَبَتْ لِتَضَعَ يَدَهَا في الطَّعَامِ، فَأَخَذَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - بِيَدِهَا، ثُمَّ جَاءَ أَعْرَابِيّ كأنَّمَا يُدْفَعُ، فَأخَذَ بِيَدهِ، فَقَالَ رَسُولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم: «إنَّ الشَّيْطَانَ يَسْتَحِلُّ الطَّعَامَ أَنْ لا يُذْكَرَ اسمُ اللهِ تَعَالَى عَلَيْهِ، وَإنَّهُ جَاءَ بهذِهِ الجارية لِيَسْتَحِلَّ بِهَا، فأَخَذْتُ بِيَدِهَا، فَجَاءَ بهذا الأعرَابيّ لِيَسْتَحِلَّ بِهِ، فَأخذْتُ بِيَدِهِ، والَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ، إنَّ يَدَهُ في يَدِي مَعَ يَدَيْهِمَا» ثُمَّ ذَكَرَ اسْمَ اللهِ تَعَالَى وَأكَلَ. رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جب ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ کسی کھانے پر حاضر ہوتے تو ہم اپنے ہاتھ (کھانے میں) نہ ڈالتے یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ شروع فرماتے اور اپنا ہاتھ ڈالتے۔ ایک مرتبہ ہم آپ ﷺ کے ساتھ ایک کھانے پر حاضر ہوئے تو ایک لڑکی آئی گویا اسے دھکیلا جا رہا ہو، وہ کھانے میں اپنا ہاتھ ڈالنے لگی تو رسول اللہ ﷺ نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ پھر ایک دیہاتی آیا گویا اسے دھکیلا جا رہا ہو، تو آپ ﷺ نے اس کا ہاتھ (بھی) پکڑ لیا، پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک شیطان اس کھانے کو (اپنے لیے) حلال کر لیتا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا نام نہ لیا جائے، وہ اس لڑکی کو لایا تاکہ اس کے ذریعے (کھانے کو اپنے لیے) حلال کر لے تو میں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا، پھر وہ اس دیہاتی کو لایا تاکہ اس کے ذریعے حلال کر لے تو میں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! بے شک اس (شیطان) کا ہاتھ ان دونوں کے ہاتھوں کے ساتھ میرے ہاتھ میں ہے۔“ پھر آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کا نام لیا اور کھانا کھایا۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب أدب الطعام / حدیث: 730
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 6/ 107 - 108 (2017) (102).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2017 | سنن ابي داود: 3766

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3766 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´کھانے سے پہلے "بسم اللہ" کہنے کا بیان۔`
حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھانے میں موجود ہوتے تو آپ کے شروع کرنے سے پہلے کوئی ہاتھ نہیں لگاتا، ایک مرتبہ ہم لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھانے میں موجود تھے کہ اتنے میں ایک اعرابی (دیہاتی) آیا گویا کہ وہ دھکیل کر لایا جا رہا ہو، تو وہ کھانے میں ہاتھ ڈالنے چلا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا پھر ایک لڑکی آئی گویا وہ دھکیل کر لائی جا رہی ہو، تو وہ بھی اپنا ہاتھ کھانے میں ڈالنے چلی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا بھی ہاتھ پکڑ لیا، اور فرمایا: " شیطان اس کھانے میں۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3766]
فوائد ومسائل:
فائدہ: شیطان جب نبی کریمﷺکی مجلس طعام میں حملہ آوار ہونے سے باز نہیں آیا تو عام مسلمانوں کا کیا حال ہوگا؟ مگر رسول اللہ ﷺنے اس سے تحفظ کا معتمد طریقہ ارشاد فرمایا ہے اور وہ ہے کھانا شروع کرتے وقت (بسم اللہ) کا پڑھنا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3766 سے ماخوذ ہے۔