ریاض الصالحین — حدیث نمبر 344
باب: والد اور والدہ کے دوستوں، رشتہ داروں، بیوی اور ان تمام لوگوں سے حسنِ سلوک کی فضیلت جن کی عزت کرنا مستحب ہے
باب فضل بر أصدقاء الأب والأم والأقارب والزوجة وسائر من يندب إكرامه
وعن عائشة رضي الله عنها، قَالَتْ: مَا غِرْتُ عَلَى أحَدٍ مِنْ نِسَاءِ النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - مَا غِرْتُ عَلَى خَدِيجَة رضي الله عنها، وَمَا رَأيْتُهَا قَطُّ، وَلَكِنْ كَانَ يُكْثِرُ ذِكْرَهَا، وَرُبَّمَا ذَبَحَ الشَّاةَ، ثُمَّ يقَطِّعُهَا أعْضَاء، ثُمَّ يَبْعثُهَا في صَدَائِقِ خَديجَةَ، فَرُبَّمَا قُلْتُ لَهُ: كَأَنْ لَمْ يَكُنْ في الدُّنْيَا إلاَّ خَديجَةَ! فَيَقُولُ: «إنَّهَا كَانَتْ وَكَانَتْ وَكَانَ لي مِنْهَا وَلَدٌ». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
وفي رواية: وإنْ كَانَ لَيَذْبَحُ الشَّاءَ، فَيُهْدِي في خَلاَئِلِهَا مِنْهَا مَا يَسَعُهُنَّ.
وفي رواية: كَانَ إِذَا ذبح الشاة، يقولُ: «أَرْسِلُوا بِهَا إِلَى أَصْدِقَاءِ خَديجَةَ».
وفي رواية: قَالَت: اسْتَأذَنَتْ هَالَةُ بِنْتُ خُوَيْلِد أُخْتُ خَدِيجَةَ عَلَى رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - فَعرَفَ اسْتِئذَانَ خَديجَةَ، فَارتَاحَ لِذَلِكَ، فَقَالَ: «اللَّهُمَّ هَالةُ بِنْتُ خُوَيْلِدٍ».
قولُهَا: «فَارتَاحَ» هُوَ بالحاء، وفي الجمعِ بَيْنَ الصحيحين للحُميدِي: «فارتاع» بالعينِ ومعناه: اهتم بهِ.سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے کہا: مجھے نبی کریم ﷺ کی بیویوں میں سے کسی پر اتنی غیرت (رشک) نہیں آئی جتنی سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا پر آئی، حالانکہ میں نے انہیں کبھی دیکھا نہیں تھا، لیکن آپ ﷺ ان کا بہت ذکر کیا کرتے تھے، اور بسا اوقات آپ بکری ذبح کرتے، پھر اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرتے، پھر انہیں سیدہ خدیجہ کی سہیلیوں میں بھیجتے۔ تو کبھی میں آپ سے کہہ دیتی: گویا دنیا میں خدیجہ کے سوا کوئی (عورت) ہے ہی نہیں! تو آپ ﷺ فرماتے: ”وہ ایسی تھیں اور ایسی تھیں، اور ان سے میری اولاد ہوئی۔“
(متفق علیہ)
اور ایک روایت میں ہے: اور آپ ﷺ بکری ذبح کرتے تو اس میں سے ان کی سہیلیوں کو اتنا ہدیہ بھیجتے جو انہیں کافی ہو جاتا۔
اور ایک روایت میں ہے: آپ ﷺ جب بکری ذبح کرتے تو فرماتے: ”اسے خدیجہ کی سہیلیوں کی طرف بھیج دو۔“
اور ایک روایت میں ہے، انہوں نے کہا: سیدہ خدیجہ کی بہن ہالہ بنت خویلد نے رسول اللہ ﷺ سے (اندر آنے کی) اجازت مانگی، تو آپ ﷺ کو سیدہ خدیجہ کا اجازت مانگنا یاد آ گیا اور آپ اس سے خوش ہو گئے اور فرمایا: ”اے اللہ! (یہ تو) ہالہ بنت خویلد ہیں۔“
ان کا قول «فَارْتَاحَ» حاء کے ساتھ ہے، اور حمیدی کی ”الجمع بین الصحیحین“ میں «فَارْتَاعَ» عین کے ساتھ ہے، اور اس کا معنی ہے: آپ اس (کی آمد) سے متوجہ ہوئے (اور اہتمام فرمایا)۔
«الجمع بين الصحيحين للحميدي» : حدیث نمبر 3223۔
الحديث (٣٢٢٣).
تشریح، فوائد و مسائل
رضي اللہ عنها وأرضاها۔
(آمین)
1۔
غیر ت کے معنی یہ ہیں کہ بیوی اپنے خاوند کے متعلق یہ گمان کرے کہ اس کا خاوند اپنی کسی دوسری بیوی سے زیادہ محبت کرتا ہے۔
2۔
حضرت عائشہ ؓ سیدہ خدیجہ ؓ کی بابت غیرت کیا کرتی تھیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ انھیں بکثرت یاد کرتے رہتے تھے۔
حدیث میں وکانت وکانت کے تکرار سے حقیقتاً تثنیہ مراد نہیں بلکہ اس کے ہرتکرار سے حضرت خدیجہ ؓ کے خصائل وفضائل مراد ہیں، یعنی وہ فاضلہ تھیں، عاقلہ تھیں، خدمت گزارتھیں اور فرض شناس تھیں وغیرہ نیز رسول اللہ ﷺ ان کی مدح وتعریف کرتے رہتے اور ان کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعائے مغفرت کرتے رہتے یہ وہ اسباب تھے جن کی وجہ سے سید ہ عائشہ ؓ غیرت کیا کرتی تھیں۔
3۔
بعض کے پوچھنے پررسول اللہ ﷺ نے جواب دیاکہ حضرت خدیجہ ؓ مجھ پر ایمان لائیں جبکہ لوگوں نے میرے ساتھ کفر کیا۔
انھوں نے میری تصدیق کی جبکہ لوگوں نے مجھے جھٹلایا۔
انھوں نے مال کے ذریعے سے میری مدد کی جبکہ لوگوں نے مجھے محروم کردیا اور اللہ تعالیٰ نے ان سے مجھے اولاد دی جبکہ دوسری بیویوں سے میری کوئی اولاد نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ حضرت زینب ؓ، رقیہ ؓ، ام کلثوم ؓ، فاطمہ ؓ، عبداللہ ؓ اور قاسم ؓ۔
حضرت خدیجہ ؓ ہی کے بطن اطہر سے تھے، صرف آپ کے لخت جگرابراہیم ؓ آپ کی لونڈی ماریہ قبطیہ ؓ سے پیدا ہوئے تھے۔
حضرت خدیجہ ؓ واحد عورت ہیں کہ جب وہ ایمان لائیں تو اس وقت ساری زمین میں ان کے گھر کے علاوہ کوئی بیت اسلام نہ تھا۔
حدیث میں ہے: ’’انھیں جنت میں موتیوں کا گھر دیا جائےگا۔
‘‘ یہ بھی باب مشاکلت سے ہے، یعنی فعل کی جزا اسی قسم کے فعل سے دی جائے اگرچہ وہ کتنی ہی اشرف واعلیٰ ہو۔
بہرحال رسول اللہ ﷺ کے ہاں خاتون اول کابہت احترام تھا،یہی وجہ ہے کہ آپ نے ان کی موجودگی میں کسی دوسری عورت سے شادی نہیں کی۔
(فتح الباري: 172/7)
شدقين: باچھیں، جبڑے، مقصد یہ تھا انتہائی بوڑھی ہو چکی تھی، حتی کہ منہ میں دانت بھی نہ رہے تھے۔
خلائل: خليلة کی جمع ہے اور اصدقاء، صديقة کی جمع ہے، دونوں کا معنی سہیلیاں ہے۔
فوائد ومسائل: حضرت خدیجہ بلا کسی حیل و حجت اور لیت و لعل کے سب سے پہلے اسلام لائیں اور اپنے مال اور اپنی رفاقت سے آپ کی نصرت و حمایت کی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں سے اولاد بخشی اور وہ انتہائی باکمال تجربہ کار اور سردوگرم چشیدہ بیوی تھیں اور ایک طویل عرصہ تک ہر طرح سے آپ کی غمگسار رہی تھیں، اس لیے آپ اس کو یاد رکھتے تھے۔